Tag: کرائے دار

  • سعودی عرب: کرائے پر دکان یا مکان لینے کے لیے ضابطہ کار جاری

    سعودی عرب: کرائے پر دکان یا مکان لینے کے لیے ضابطہ کار جاری

    ریاض: سعودی عرب میں کرائے پر مکان یا دکان لینے اور دینے کے حوالے سے ضابطہ کار جاری کردیا گیا ہے جس کی پابندی لازمی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایجار سسٹم میں غیر رجسٹرڈ کرایہ معاہدوں کے حوالے سے قانونی مؤقف کے سلسلے میں وزیر انصاف ولید الصمعانی نے وزارت کے تمام متعلقہ اداروں کے نام عدالتی ہدایت جاری کر دی۔

    سعودی حکومت مکانات اور تجارتی مراکز و دکانوں کو کرائے پر اٹھانے اور کرائے پر لینے والوں پر یہ پابندی عائد کیے ہوئے ہے کہ وہ ایجار نیٹ ورک کے ذریعے کرائے کے معاہدوں کا اندراج کروائیں۔

    وزیر انصاف نے ہدایت دی ہے کہ ایجار سسٹم میں غیر رجسٹرڈ کرائے کے معاہدوں سے متعلق مقدمات کی سماعت نہ کی جائے، ایگزیکٹو قانون کی دفعہ 9 کے مطابق کرائے کے معاہدے کے مندرجات پر عمل درآمد کے حوالے سے ایگزیکٹو کورٹ کا لائحہ عمل اس پر لاگو نہیں ہوگا۔

    وزیر انصاف نے ایجار نیٹ پر غیر رجسٹرڈ کرائے کے معاہدوں کو معتبر بنانے کے لیے ضروری شرائط و ضوابط جاری کردی ہیں۔

    اس حوالے سے یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ کرائے کے معاہدے کا نیٹ ورک پر اندراج ہو، معاہدے پر کرایہ دار اور مالک کے دستخط ہوں یا معاہدے پر کسی ایک کے دستخط ہوں یا نیٹ ورک سے مہیا وسائل کے ذریعے تیار فارم پر دونوں یا دونوں میں سے کسی ایک کے دستخط ہوں۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ کرائے نامے میں ضروری معلومات تحریر ہوں مثلاً کرائے پر دینے والے مکان یا دکان کے مالک اور کرایہ دار کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر یا کرایہ دار اور کرائے پر دینے والے کے نمائندے کا قومی شناختی کارڈ نمبر اور نام تحریر ہو۔

    کرائے کی مدت متعین ہو، کرایہ کتنا ہے یہ واضح ہو، ادائیگی ماہانہ ہوگی یا سہ ماہی یا ششماہی یا سالانہ اس حوالے سے وضاحت ہو۔ کرائے والی دکان یا مکان کی تفصیلات ہوں۔ علاوہ ازیں کرائے کے معاہدوں کے اندراج کے لیے نیٹ ورک کی شرائط و ضوابط پوری ہوں۔

  • انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرائے دار نے کرایہ ادا کرنے کے لیے انوکھی واردات کر ڈالی، تاہم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر اس کی ترکیب الٹی گلے پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے جناح روڈ میں ملزم عثمان نے مکان کے کرائے کے پیسے نہ ہونے پر مالک مکان ہی کو نشانہ بنا کر لوٹ لیا، ملزم نے مالک مکان کو لوٹنے کے لیے برقع پہن کر واردات کی تاکہ پہچان نہ لیا جائے۔

    گوجرانوالہ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان نے مالک مکان کو لوٹنے کی واردات برقع پہن کر کی، ملزم نے تیز دھار آلہ دکھا کر مالک مکان سے 39 ہزار روپے چھینے۔

    گوجرانوالہ پولیس کے دردمند اہل کاروں نے واردات کرنے والے کرائے دار کی بیوی کو امدادی رقم دی

    ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ ملزم عثمان کو ڈکیتی کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم دوسری طرف پولیس اہل کاروں نے انسانیت کا بھی ایک اعلا ثبوت پیش کرتے ہوئے ملزم پر کرائے کی مد میں جمع ہونے والے بقایا جات اپنی جیب سے ادا کر دیے۔

    ملزم عثمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث اس کے پاس کرایے کے پیسے نہیں تھے، اس لیے واردات کا خیال ذہن میں آیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ غربت اور بے روزگاری اور بچوں کو بھوکا دیکھ کر ذہنی مریض بن گیا تھا۔

    پولیس اہل کاروں کو ملزم عثمان کے گھریلو حالات جان کر ترس آیا، اور اپنی جیب سے مالک مکان کو بقایا جات ادا کر دیے۔