Tag: کراٹے

  • الفجیرہ تائی کوانڈو، پہلا دن مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

    الفجیرہ تائی کوانڈو، پہلا دن مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

    اسلام آباد: مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں نے الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائی کوانڈر چیمپئن شپ میں 6 میڈل جیت کر پہلا دن اپنے نام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا پہلا روز پاکستان کے نام ہو گیا، پاکستانی شاہینوں نے 4 سلور اور 2 برونز میڈل جیت لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹس نے مارشل آرٹ کے 4 سلور اور 2 برونز میڈلز اپنے نام کیے، 29 کے جی میں عائشہ انور نے سلور میڈل جیتا، 46 کے جی میں ملائیکہ نایاب برانز میڈل کی حق دار قرار پائیں، 49 کے جی میں فاطمہ خاور نے سلور میڈل اپنے نام کیا، جب کہ 55 کے جی میں انوشہ علیم برونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

    78 کے جی کے مقابلے میں سینان اشفاق، 78 کے جی پلس مقابلے میں محمد دانش نے سلور میڈل جیت لیا۔ خیال رہے کہ 3 روزہ مقابلوں میں 32 ممالک کے کھلاڑی مختلف ویٹ کیٹگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔

    سیف گیمز : بلوچستان کے دو نوجوانوں نے تائیکوا نڈو میں سونے کے تمغے جیت لیے

    یاد رہے کہ دسمبر 2019 میں کھٹنمنڈو، نیپال میں منعقدہ تیرہویں سیف گیمز کے دوران تائی کوانڈو میں پاکستانی ایتھلیٹس نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیے تھے، بلوچستان کے 20 سالہ شاہ زیب خان شاہوانی اور ہارون خان ترین نے 3 گولڈ، 7 سلور اور 4 برونز میڈلز جیت کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیے تھے۔

  • اسلام آباد اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد: اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دوسری اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ (کل) 5 جنوری سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حمیدی ہال میں کھیلی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اپنے اپنے ناموں کا اندراج 4 جنوری تک کروا سکتے ہیں۔

    5 جنوری کو صبح کھلاڑیوں کے وزن اور ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔

    بوائز انفرادی کو متے اور انڈر-16 کے مقابلوں میں منفی 35 کلوگرام، منفی 40 کلوگرام، 45 کلوگرام، 50 کلوگرام ویٹ کیٹگریز شامل ہیں بوائز انڈر- 18 کے مقابلوں میں منفی 55 کلوگرام، 60 کلوگرام، 67 کلوگرام، 70 کلوگرام اورانفرادی کومتے شامل ہیں۔

    اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ مزید معلومات کے لیے اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے اسیکرٹری اویس رشید مغل سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

  • ایشیئن کراٹے چیمپئن شپ میں ثابت ہوگیا پاکستان کسی سے پیچھے نہیں: علی زیدی

    ایشیئن کراٹے چیمپئن شپ میں ثابت ہوگیا پاکستان کسی سے پیچھے نہیں: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کراٹے کاز ٹیم نے ثابت کردیا پاکستان ہر شعبے بالخصوص کھیل وتفریح میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے یورو ایشیا چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی کراٹے کاز ٹیم سے کے پی ٹی آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر اور مولوی محمود بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہا علی زیدی کی جانب سے کھلاڑیوں میں تحفے و انعامات بھی دیے گئے۔

    ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    علی زیدی نے کہا کہ کھلاڑی راجہ عامر، شفقت، عمر فاروق اور کوچ راجہ آصف قوم کا فخر ہیں، 22 ممالک سے مقابلہ کرکے پاکستانی کراٹے کاز ٹیم نے ثابت کیا کہ پاکستان ہر شعبہ و تفریحی کھیل میں کسی سے پیچھے نہیں، نوجوانوں کی کوششوں و کاوشوں کی حوصلہ افزائی کرنا بے حد ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان ہی پاکستان کی مضبوط بنیاد ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ورلڈ چمپئن شپ میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی کا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے غیر ملکی سرزرمین پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا ملک کو قوم کی دعاؤں کے نتیجے میں کھلاڑیوں نے وطن کا پرچم سر بلند کیا، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔

  • ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    کراچی: نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں منعقدہ 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی کے حامل کراٹے کاز کی وطن واپسی ہو گئی ہے، 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پر شان دار استقبال کیا گیا، اور ان پر پتیاں نچھاور کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ایئر پورٹ پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے محفوظ الحق نے گولڈ میڈلسٹس کا شان دار استقبال کیا۔ اس موقع پر کراٹے ایسوسی ایشن کے عبدالحمید اور دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔

    تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جب کہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔ گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

    گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس

    گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس نے کہا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔ گولڈ میڈلسٹ شہباز خان نے کہا کہ پہلے بھی ساؤتھ ایشن گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکا ہوں، لیاری سے صرف باکسر یا فٹ بالر ہی نہیں بلکہ کراٹے ماہر بھی مل رہے ہیں۔

    گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ کا کہنا تھا کہ میں زخمی ہونے کے باوجود گولڈ میڈل فائٹ تک پہنچی، فائنل مقابلوں میں 2 مرتبہ نیپالی حریف نے ناک زخمی کر دی تھی، میرا خواب پاکستان کے لیے اولمپکس کھیلنا ہے، بد قسمتی سے اسپانسر نہ ملنے سے خواتین کراٹے کا کھیل آگے نہیں بڑھ سکا۔

  • 64 گولڈ میڈلز جیتنے والی 15 سالہ پاکستانی کراٹے چیمپئن

    64 گولڈ میڈلز جیتنے والی 15 سالہ پاکستانی کراٹے چیمپئن

    برطانیہ میں پیدا ہونے اور پلنے بڑھنے والی مائرہ نسیم عالمی کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جارہی ہیں، صرف 15 سال کی عمر میں مائرہ نے بے شمار ٹائٹلز اور 64 گولڈ میڈلز اپنے نام کرلیے ہیں۔

    مائرہ نسیم کا کراٹے کا سفر 5 سال کی عمر میں شروع ہوا جب وہ اپنے کراٹے کے کھلاڑی بھائی نعمان کے ساتھ اس کی ٹریننگ کو شوق سے دیکھنے جاتیں۔

    ننھی سی مائرہ اپنے بھائی کی نقل کرتی اور اسی کی طرح داؤ چلاتی۔ ایک کوچ نے مائرہ کے داؤ پیچ دیکھ کر جان لیا کہ مسقبل میں مائرہ کراٹے کا روشن ستارہ ثابت ہوسکتی ہے۔

    کوچ نے مائرہ کے والد کو اس کا مشورہ دیا اور یہیں سے مائرہ کی کراٹے کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہوا۔ اب 15 سال کی عمر میں مائرہ بے شمار قومی اور بین الاقوامی مقابلے اپنے نام کرچکی ہیں جبکہ ان کے حاصل کردہ گولڈ میڈلز کی تعداد 64 ہے۔

    مائرہ انگلش نیشنل چیمپئن، برٹش انٹرنیشل چیمپئن اور برٹش 4 نیشن چیمپئن رہنے کے ساتھ ایک سال میں 4 قومی ٹائٹلز اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہے۔

    مائرہ کی تربیت میں ان کے بھائی نعمان کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔ نعمان کہتے ہیں کہ وہ اپنی بہن کے لیے بے حد خوش ہیں اور اسے بہت آگے جاتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ’ میں چاہتا ہوں کہ میری بہن عام پاکستانی لڑکیوں کی طرح اپنی زندگی کچن میں گزارنے کے بجائے کچھ الگ کرے اور اپنا نام بنائے‘۔

    اگلے ماہ چلی میں کراٹے ورلڈ چیمپئن شپ منعقد ہونے جارہی ہے اور مائرہ نے اس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اسے ہائی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اجازت نامہ بھی موصول ہوچکا ہے۔

    مائرہ چاہتی ہیں کہ وہ پاکستان کے لیے بھی ایسے ہی عالمی اعزازات حاصل کریں جیسے وہ برطانیہ کے لیے حاصل کرچکی ہیں۔ مائرہ کا عزم اور حوصلہ بلند ہے اور اسے یقین ہے کہ کامیابی ضرور اس کے قدم چومے گی۔