Tag: کراچی

  • کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری

    کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک دہائی بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری دے دی گئی، جامعہ کا مرکزی کیمپس ضلع وسطی میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک دہائی کے بعد سرکاری جامعہ کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ضلع وسطی میں قائم کی جائے گی۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے گزشتہ روز میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے ایکٹ کی منظوری دی تھی، منتخب میئر میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے زیر کنٹرول ہوگا، عباسی شہید اسپتال میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا ٹیچنگ اسپتال ہوگا، میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس ضلع وسطی میں ہوگا۔

    مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا قانون بنایا اور سندھ کابینہ سے منظور کروایا ہے۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے پرواز کو اڑان کے تھوڑی دیر بعد جناح ٹرمینل پر لینڈ کروا دیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں ٹیک آف کے بعد معمولی خرابی کا پتہ چلا، طیارے کو انجینئرز کی جانب سے چیک کیا جارہا ہے۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

  • کراچی: کفن لینے آنے والا شخص سرد خانے کے باہر لٹ گیا

    کراچی: کفن لینے آنے والا شخص سرد خانے کے باہر لٹ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام نہ کی جاسکی، کفن لینے کے لیے آنے والا شخص سرد خانے کے باہر لٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں کفن لینے کے لیے آنے والے شخص کو سرد خانے پر لوٹ لیا گیا، مسلح ملزمان جنید نامی شہری کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

    متاثرہ شہری جنید کا کہنا ہے کہ بھتیجے کا انتقال ہو گیا تھا اس کے لیے کفن لینے آیا تھا، موٹر سائیکل کھڑی کرتے ہی 2 ملزمان آئے اور پستول نکال لی۔

    جنید کے مطابق ملزمان نے مجھ سے چابی مانگی اور پستول کا چیمبر زور سے کھینچا، میں نے ڈر کے مارے چابی دے دی اور سرد خانے کے اندر بھاگ گیا۔

    شہری کا کہنا ہے کہ وہ مرحوم کی نماز جنازہ کے بعد پولیس کے پاس جائیں گے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد ایک بار پھر لٹیروں اور ڈکیتوں کے ہتھے چڑھ چکا ہے، ستمبر کے وسط میں جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق جنوری سے اگست کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 60 شہریوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔

    اس عرصے میں اسٹریٹ کرائم کی یومیہ ڈھائی سو وارداتیں ہوتی رہیں۔ 8 ماہ میں 36 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں، 1500 کاریں اور 19 ہزار سے زائد موبائل فون چھیننے کی رپورٹس درج کی گئیں۔

  • کراچی میں تیزاب گردی، ٹریفک اہلکار مدد کو پہنچ گیا

    کراچی میں تیزاب گردی، ٹریفک اہلکار مدد کو پہنچ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم شخص ایک راہگیر پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم ملزم ایک شہری پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، تیزاب گردی کا واقعہ صدر رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا۔

    تیزاب گردی سے شہری کی حالت تشویش ناک ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکل پر متاثرہ شہری کو اسپتال لے
    گیا۔

    پولیس کے مطابق اسکول کے 2 بچے اور ان کا والد بھی تیزاب کی زد میں آئے، تیزاب نے بچوں اور والد کو نقصان نہیں پہنچایا، صرف چھینٹے گرنے سے کپڑوں کو نقصان پہنچا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کے مطابق وہ تیزاب پھینکنے والے شخص کو نہیں جانتا۔

  • مون سون کا نیا سسٹم انٹری کیلئے تیار: کراچی میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

    مون سون کا نیا سسٹم انٹری کیلئے تیار: کراچی میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : بارش برسانے والا سسٹم 23 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا ، جس کے باعث شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا راج ہے ، جس سے موسم خوشگوار ہے، شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے ، دن میں درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش برسانے والاسسٹم 23 اگست سےسندھ میں داخل ہوگا۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بھی 23 اگست سے جنوبی پنجاب میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں شدیدبارشیں ہو سکتی ہیں، موسلادھار بارشوں سے ڈی جی خان ڈویژن میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے۔

    کوہ سلیمان سے آنے والے ریلوں سے دریائےسندھ میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے اور 20 سے 22 اگست تک دریائے سندھ کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

  • کراچی کے ساحلی مقامات پر دفعہ 144 نافذ

    کراچی کے ساحلی مقامات پر دفعہ 144 نافذ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ساحلی مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی، پولیس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے ساحلی مقامات پر دفعہ 144 نافذ کر دی، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ کراچی کے تمام ساحلی مقامات سمیت حب نہر پر بھی ہوگا۔

    کمشنر کا کہنا ہے کہ سمندر میں بلند لہروں اور بارشوں کے باعث پابندی لگائی گئی ہے، سمندر میں نہانے، غوطہ خوری، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی ہوگی۔

    پولیس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے، پابندی کا اطلاق کراچی کی حدود میں 17 اگست تک ہوگا۔

  • کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی مطلع ابر آلود رہے گا، شہر میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

  • متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار

    متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی، متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سے شاہ حسین ایکسپریس 7:30 کے بجائے 9:30 بجے لاہور روانہ ہوگی، گرین لائن رات کو 10 بجے کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

    خیبر میل رات کو 10:15 بجے کراچی سے پشاور، سکھر ایکسپرسکراچی سے جیکب آباد کے لیے رات 11 بجے کے بجائے 12 بجے روانہ ہوگی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمد و رفت بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے، چند روز میں ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلنا شروع ہوجائیں گی۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مسافر اسٹیشن آنے سے پہلے ٹرین روانگی کے حوالے سے ریلوے انکوائری سے معلوم کرلیں۔

  • موسلا دھار بارشیں: شہر کے 60 سے زائد فیڈر بند

    موسلا دھار بارشیں: شہر کے 60 سے زائد فیڈر بند

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہے، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے 60 فیڈر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے 60 فیڈر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد نمبر 3، گلشن اقبال، ویسٹ وارف لیاری، پی ای سی ایچ ایس بلاک 6، گلشن کنیز فاطمہ اور شانتی نگر سمیت متعدد علاقوں کی بجلی بحال کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث پورے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    متعدد سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے۔

    بارش کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے اور اکثر علاقوں میں کئی گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

  • بارش میں سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ مکمل طور پر زیر آب آگیا، سینکڑوں خاندان پھنس گئے

    بارش میں سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ مکمل طور پر زیر آب آگیا، سینکڑوں خاندان پھنس گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد شہر کا بڑا حصہ زیر آب آچکا ہے، یوسف گوٹھ کا علاقہ مکمل طور پر زیر آب آگیا جس کے بعد وہاں موجود 300 کے قریب خاندان پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا علاقہ سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ بارش کے پانی میں ڈوب گیا جس کے بعد ایدھی کی خصوصی ٹیمیں شہریوں کی مدد کے لیے پہنچ گئیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 250 سے 300 خاندان پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ علاقے میں 4 سے 5 فٹ پانی جمع ہے، سینکڑوں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوچکا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کی وجہ سے علاقہ مکمل طور پر زیر آب آچکا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث پورے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    متعدد سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے۔