Tag: کراچی

  • کراچی بلدیاتی انتخابات: 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات

    کراچی بلدیاتی انتخابات: 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر 40 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں، شہر کے 4 ہزار سے زائد تمام پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق پلان جاری کردیا گیا ہے، 40 ہزار سے زائد فورسز اہلکار کو ڈیوٹی پر تعینات کر رہے ہیں۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ دوسرے اضلاع سے بھی نفری بلائی گئی ہے، پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں 4 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس ہوں گے۔

    جاوید عالم کا کہنا تھا کہ 24 ہزار 968 اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، کیو آر ایف کے 5 ہزار سے زائد اہلکار بھی الرٹ ہوں گے۔

  • بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں اور بلوچستان کے کچھ شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین اور میرپور خاص میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سہراب گوٹھ میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال

    سہراب گوٹھ میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ہنگامہ آرائی کے بعد آج معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری سہراب گوٹھ پر تعینات ہے اور حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز بھی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کئی روز تک ہنگامہ آرائی اور حالات کی کشیدگی کے بعد آج کاروبار زندگی مکمل طور پر بحال ہوگیا، علاقے کے تمام تجارتی مراکز کھلے ہیں اور ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔

    پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری سہراب گوٹھ پر تعینات ہے اور حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز بھی موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بھی دو روز قبل ہنگامہ آرائی کی گئی، شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے جن میں سے 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹے، ایک سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا گیا۔ ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

    پولیس نے 2 روز کے اندر ہنگامہ آرائی میں ملوث 40 سے زائد افراد کو پکڑا ہے جبکہ 4 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

  • سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار لوٹنے اور اسی سے فائرنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپر ہائی وے پر ہونے والے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، شرپسند عناصر نے سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران مسلح ملزمان نے ایس ایم جی کی 750 گولیاں اور نائن ایم ایم کی 600 گولیاں لوٹیں، ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

    پولیس کے مطابق سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کار سواروں اور پیدل افراد سے لوٹ مار بھی کی گئی، شرپسند عناصر نے سرکاری دفاتر اور پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچایا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے، 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی میں ملوث 190 سے زائد افراد کو پکڑا گیا ہے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ تھانے میں 2 اور مبینہ ٹاؤن تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ تھانے میں درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • طوفانی بارشوں سے کراچی کی درجنوں اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ

    طوفانی بارشوں سے کراچی کی درجنوں اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ

    کراچی: صوبہ سندھ کا دارالحکومت اور ملک کا معاشی حب کراچی مون سون بارشوں کے بعد تباہ حال ہوچکا ہے، شہر کی 97 اہم سڑکیں اور شاہراہیں ٹوٹ چکی ہیں جس کے باعث شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ شدید ہوتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران 97 اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

    ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک احمد نواز چیمہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بارش میں تباہ سڑکوں کو فوری مرمت کی ضرورت ہے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال ضروری ہے، عوامی مفاد میں سڑکوں کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔ مرمت اور دیکھ بھال سے ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگی اور ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

    خط کے ساتھ تباہ حال سڑکوں کی فہرست بھی منسلک کردی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 145 مقامات پر بارش کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹیں، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی 10 سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    ڈسٹرکٹ سٹی کی 10، ڈسٹرکٹ سینٹرل کی 29، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی 14، کورنگی کی 12، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی 10 اور ڈسٹرکٹ ملیر کی 12 سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی کمشنر کراچی کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت دیگر شہروں میں ایک سے 2 روز میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، آج سے 18 جولائی تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں 15 یا 16 جولائی کو تیز آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹنڈو الہٰ یار، سانگھڑ، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ اور جام شورو میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، میر پور خاص، عمر کوٹ، جامشورو، نواب شاہ، سکھر اور جیکب آباد میں شدید بارش کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم دباؤ کے باعث سمندر کی موجیں ماہی گیروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

  • کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی ابتر حالت مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بارش نے پھر سندھ میں زرداری اور اس کے خاندان کی کرپٹ حکمرانی کو بے نقاب کردیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی رقم جعلی اکاؤنٹس میں گئی اور دبئی میں جائیدادوں کے لیے سرمایہ کاری میں لگی، برائی کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔

  • ملیر میں پانی کے تیز بہاؤ میں کے الیکٹرک کا نیٹ ورک بھی بہہ گیا

    ملیر میں پانی کے تیز بہاؤ میں کے الیکٹرک کا نیٹ ورک بھی بہہ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد حسب معمول بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا سسٹم بھی ٹھپ ہوگیا، ملیر میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کے الیکٹرک کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچا، متعدد علاقوں میں گزشتہ 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، عید کے دنوں میں شہری دہری اذیت کا شکار ہیں، سڑکیں اور گلیاں زیر آب ہیں جبکہ گھروں میں بجلی غائب ہے۔

    لیاری اورڈی ایچ اے میں بارش سے متاثرہ فیڈرز تاحال بحال نہ ہوسکے، ملیر اور گڈاپ ٹاؤن کے درجن بھر سے زائد گوٹھوں، گلشن معمار، کوئٹہ ٹاؤن اور احسن آباد میں بجلی غائب ہے۔

    گزری، اعظم بستی، رزاق آباد، گلشن حدید، پی ای سی ایچ ایس، بلوچ کالونی، اولڈ سٹی ایریا، ڈینسو ہال، پی آئی اے رہائشی کالونی، پہلوان گوٹھ، گلستان جوہر، رام سوامی، نشتر روڈ اور گارڈن سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

    دوسری جانب شہر کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ملیر میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کے الیکٹرک کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچا، نقصان کے باعث متعلقہ گوٹھوں کی بجلی منقطع ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کے باعث عملے کو کام میں دشواری کا سامنا ہے، کے الیکٹرک کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔

  • شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے قرنطینہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ کل سے کرونا وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی ہیں، خود کو قرنطینہ کرنے اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ دو روز سے بارش کے بعد نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے شہر بھر کا دورہ کیا ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگوں سے بھی ملے ہیں۔

  • ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    اسلام آباد / کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، کراچی میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ اسپیل میں توسیع کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، ہفتے کے آخر تک اس میں مزید شدت آسکتی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 جولائی تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، 9 جولائی تک یہ سسٹم فعال ہے۔ اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلق اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔