Tag: کراچی

  • چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی

    چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی


    نادرا نے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کردی ہے، قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے چھبیس سالہ حملہ آور کا نام نعیم اللہ ولد رفیع اللہ بتایا جاتا ہے، جو بنارس کالونی کراچی کا رہائشی تھا۔جس کی تصویر اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔


     ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کو خود کش قرار دیدیا گیاہے اور تفتیشی افسر نیاز احمد کھوسو کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا ہاتھ شناخت کیلئے نادرا بھجوایا گیا، نشانات کی مدد سے حملہ آور کے کوائف سامنے آگئے۔

     کوائف کےمطابق مبینہ حملہ آورکا نام نعیم اللہ ہے، نیاز کھوسو نے دوران تفتیش کسی گرفتاری کی تردید کیہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبہ کالونی میں نعیم اللہ کے گھر سےغلام اللہ اور قاری صدیق کو گرفتار کیا گیا، یہ کارروائی دھماکے کے بعد گرفتار زخمی ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔

    سی آئی ڈی پولیس نے کراچی کی ایک نجی اسپتال سے بھی ایک مبینہ حملہ آور کو گرفتار کیا تھا تفتیشی ذرائع کے مطابق چوہدری اسلم پر حملے کے بعدمسلح حملہ آوروں اور سی آئی ڈی اسکواڈ میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

     چوہدری اسلم کیس کی تفتیش کرنےوالی تحقیقاتی ٹیموں کےموقف میں تضاد برقرار ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق نصب شدہ بم یونی ڈائریکشن تھا جبکہ پولیس اسے سوزوکی پک اپ میں رکھے دھماکا خیز موادکا نتیجہ بتا رہی ہے۔

     ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی تصدیق کرچکے ہیں کہ چوہدری اسلم کے قتل میں ملوث شخص اور اس کے خاندانی پس منظر تک پہنچ چکے ہیں، تمام کوائف سندھ حکومت کو منتقل کئے جا رہے ہیں۔
        
       

  • کراچی: لیاری میں 2مختلف گروپوں میں تصادم، 2افراد جاں بحق

    کراچی: لیاری میں 2مختلف گروپوں میں تصادم، 2افراد جاں بحق

    کراچی کے علاقے لیاری میں دو مختلف گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

    کراچی کے علاقہ لیاری آج پھر میدان جنگ بن گیا، علاقے میں گولیوں تڑتڑاہٹ اور بم دھماکوں کی گونج نے علاقے میں خوف کی فضا طاری کر دی۔

    آج صبح سویرے لیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد لیاری کے مختلف علاقے فائرنگ سے گونج اٹھے، علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

    لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں بھی نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کینگ وار کا اہم ملزم ملا نثار کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں، کلا کوٹ اور لیاری جنرل اسپتال کے اطراف میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ابھی تک ان علاقوں میں داخل نہیں ہوسکے۔

    لیاری کے علاقے میوہ شاہ سے ایک شخص کے تشدد زدہ لاش ملی ہے، دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔

  • کراچی:سی این جی اسٹیشنز کہیں کھلے کہیں بند، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال

    کراچی:سی این جی اسٹیشنز کہیں کھلے کہیں بند، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال

    کراچی میں دو دن کے بعد سی این جی اسٹیشن کہیں کھلے تو کہیں بند ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث لوگوں کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رکشہ ٹیکسی ڈرائیور نے من مانے کرایوں کی وصولی شروع کر دی۔

    کراچی میں سی این جی اسٹیشن مالکان اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی بندش شیڈول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے، شہری دفاتر جانے کے لئے گھروں سے نکلے تو ایک عجیب الجھن نے ان کا استقبال کیا۔

    سی این جی ایسوسی ایشن دو حصوں میں تقسیم ہوتی نظر آئی جس کی وجہ سے دو دن بندش کے بعد کہیں اسٹیشن کھلے تو کہیں بند ہے، گاڑیاں سڑکوں پر کم اور سی این جی اسٹیشن پر زیادہ نظر آئیں، شہری پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث سخت سردی میں گھنٹوں اسٹاپ پر کھڑے سواری کا انتطار کرتے رہے۔

    اس موقع پر ٹیکسی اور رکشہ ڈرائیوروں نے من مانے کرائے وصول کئے، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جب تک گیس بندش کا پرانا شیڈول بحال نہیں کیا جائے گا تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔

  • ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم گزشتہ روز دھماکے میں شہید ہوگئے تھے، شہید چوہدری اسلم کی 3 پولیس اہلکار سمیت نمازجنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی۔

    جس پر سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی  پیش کی۔

    وزیر اعلی سندھ  قائم علی شاہ ، اویس مظفر ،آجی سندھ ، ڈی جی رینجرز ، سیاستدان ، اور علمئدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

    آرمی چیف کی جانب سے بھی پھول چڑھائے گئے، ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی تدفین گزری قبرستان میں ہوگی ۔

  • کراچی سمیت سندھ کے 5شہروں میں آج رات سے ڈبل سواری پر پابندی

    کراچی سمیت سندھ کے 5شہروں میں آج رات سے ڈبل سواری پر پابندی

    بارہ ربیع الاول کے پیش نظر سندھ کے پانچ شہروں میں آج رات بارہ بجے سے ڈبل سواری پرپابندی عائد کر دی جائے گی، ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق پندرہ جنوری تک ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے پانچ شہروں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ اور سکھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا جو کہ پندرہ جنوری تک رہے گا، اسلحے کی نمائش کے خصوصی اجازت نامے بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق بارہ ربیع الاول کو موبائل سروس بند رکھنے کے لئے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا گیا ہے، خط میں موبائل فون سروس چودہ جنوری کی صبح سے رات تک بند کرنیکی تجویز دی گئی ہے، اس پابندی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے۔
           

  • کراچی:مشرف کالونی میں پولیس مقابلہ ،3مبینہ دہشت گرد ہلاک

    کراچی:مشرف کالونی میں پولیس مقابلہ ،3مبینہ دہشت گرد ہلاک

    کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس مقابلے میں تحریک طالبان کے تین مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے، مقابلے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، مقابلے دوران دہشتگردوں کی جانب سے پھینکے گئے گرنیڈ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، مقابلے میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

    پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ادھر سکھن پولیس نے کارروائی کے دوران ڈکیتی میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لے کر چھینے گئے موبائل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    دوسری جانب شہر میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کراچی کے علاقے ملیر ملت ٹاون میں جامعہ مسجد الجنت سے متصل مدرسہ میں پارسل پیکٹ دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال لایا گیا۔

    پولیس کے مطابق اس بات پر تحقیقات کی جارہی ہے کہ پارسل کہاں سے آیا تھا دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

  • کراچی کے خراب حالات کیخلاف ایم کیو ایم کا سینیٹ سے واک آئوٹ

    کراچی کے خراب حالات کیخلاف ایم کیو ایم کا سینیٹ سے واک آئوٹ

    متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال پر سینیٹ سے واک آؤٹ کیا، سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر رہنے کے قابل نہیں رہا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے کراچی کے خراب حالات کے خلاف سینیٹ سے واک آؤٹ کیا, کراچی کے حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ کراچی میں حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں، ایم کیو ایم کے 150 ڈیڑھ سو سے زائد کارکن جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا ہے، بدامنی اور لاقانونیت کے باعث کراچی شہر رہنے کے قابل ہی نہیں رہا، طاہر حسین مشہدی کے خطاب کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔
           

  • کراچی:چپ تعزیے کا پہلا جلوس حسینیہ ایرنیاں پہنچ کر اختتام پزیر

    کراچی:چپ تعزیے کا پہلا جلوس حسینیہ ایرنیاں پہنچ کر اختتام پزیر

    کراچی میں چپ تعزیے کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ 

    امام حسن العسکری کے یوم شہادت کی مناسبت سے چپ تعزیے کا پہلا مرکزی جلوس نماز فجر کے بعد نشتر پارک سے شروع ہوا، جلوس کے شرکاء روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے حسینیان ایرانیاں کھارادر پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔

    اس دوران نمائش چورنگی سے کھارادر تک جلوس کے راستے سے متصل سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں،  چپ تعزے کا دوسرا جلوس بعد نماز ظہرین رضویہ سوسائٹی میں مو جو د قصر مسیب سے برآمد ہوگا۔

    جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    کراچی میں دہشتگردی سے بنردآزما ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم شہید کی خدمات کے اعتراف میں سینیٹ میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم کی خدمات کے اعتراف کی قرارداد سینیٹر سعید غنی نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایس پی چوہدری اسلم نے دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے قوم کیلئے قربانی دی، وہ ایک ایک بہادر افسر تھے۔

    یہ ایوان دہشتگردی کے خلاف چودھری اسلم کی خدمات کو خراج تحسین اور شہید چودھری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، قرارداد میں چوہدری اسلم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم اور قانون نافذ اداروں کے شہدا اور خیبر پختون خوا میں اسکول کے بچوں کو خودکش حملے سے بچانے والے اعتزاز کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔
           

  • کراچی: پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا

    کراچی: پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا

    کراچی میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا، پاک کالونی اور سٹی اسٹیشن سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، اورنگی ٹاؤن نمبر چار سے نوزائیدہ بچے کی لاش بھی ملی۔

    کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشتگرد آزاد پھر رہے ہیں، پر تشدد کارروائیوں میں آج سٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔

    تھانہ پاک کالونی کے علاقے بسم اللہ ہوٹل کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی، گلستان جوہر بلاک سترہ سے لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی، پولیس ابتدائی تفتیش میں اسے خود کشی قرار دے رہی ہے۔

    اورنگی ٹاؤن نمبر چار میں بھی نوزائیدہ بچے کی لاش ملی ہے، ادھر لانڈھی میں اے این پی کے مقامی عہدیدار کے گھر پر نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

    دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، رینجرز نے لانڈھی میں کارروائی کے دوران دو ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کرلیا۔