Tag: کراچی آمد

  • ایرانی صدر کی کراچی آمد، سکیورٹی کے پیش نظر اہم شاہراہیں بند

    ایرانی صدر کی کراچی آمد، سکیورٹی کے پیش نظر اہم شاہراہیں بند

    کراچی: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وفد کی شہر قائد آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، جبکہ ایرانی صدر کی مزار قائد آمد کے حوالے سے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہراہ قائدین خدادا دکالونی سے نمائش جانیوالی روڈ پر کنٹیبرز لگا دیئے گئے ہیں، ڈی آئی جی ایسٹ بھی سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے شاہراہ قائدین پہنچ گئے ہیں۔

    ایم اے جناح روڈ سے صدر جانیوالی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پیپلز سیکریٹریٹ سے صدر کی جانے والی سڑک کوبھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    شہر میں اعلیٰ سطحی وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلیے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے مطابق سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی، کلب روڈ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول تک مکمل بند رہے گا۔

    پلان کے مطابق ڈاکٹر ضیا الدین روڈ اور سگنل سے پی آئی ڈی سی چوک تک مکمل بند ہوگا، ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے پی آئی ڈی سی تک بند ہوگا، سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ جائے گی۔

    شارع فیصل سے سلطان آباد آنے والے کلب چوک سے بائیں جانب ٹرن لیں، شہری کلب چوک سے بائیں جانب سے کلفٹن برج اور بورڈ بیسن جا سکیں گے، خلیق الزمان روڈ اور گزری سے آنے والے ضیا الدین لائٹ سگنل سے سیدھی جانب ٹرن لیں۔

    پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

    شہری میٹروپول سے فوارہ چوک اور ایوان صدر کی طرف جا سکیں گے، شاہین کمپلیکس سے آنے والے کھجور چوک سے دائیں جانب ٹرن لیں گے، شہری ایوان صدر روڈ، میٹروپول، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی جانب جا سکیں گے۔

  • کراچی میں لاکھوں غیرمقامی بھکاری سیزن لگانے آتے ہیں، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی میں لاکھوں غیرمقامی بھکاری سیزن لگانے آتے ہیں، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب نے کہا ہے کہ شہر قائد کراچی میں 3سے 4 لاکھ بھکاری ہر سال سیزن لگانے آتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر بھی عید کے سیزن میں وارداتوں کیلئے دوسرے شہروں سے یہاں آتے ہیں، وارداتیں اور بھیک مانگنے والوں کا زیادہ تر کا تعلق کراچی کے باہر سے ہوتا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ شہر قائد میں کوئی شخص بلوچستان تو کوئی اندرون سندھ یا دیگر علاقوں سے یہاں پہنچتا ہے۔

    عمران یعقوب کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے کیمرہ کوریج ضروری ہے، زیادہ سے زیادہ کیمرے لگیں تاکہ بھکاریوں کی شناخت ہو سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ اب کراچی میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے، دستاویزی آبادیاں اب بہت کم ہیں، اس لیے تھانے کا انٹیلی جنس اسٹاف اب تمام لوگوں پر نظر نہیں رکھ سکتا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مزید کہا کہ کراچی ڈھائی سے 3کروڑ کی آبادی والا شہر ہے، چاند رات اور عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔

  • سلطنت عثمانیہ کے بانی’’عثمان بے‘‘ نے کراچی میں پڑاؤ ڈال لیا

    سلطنت عثمانیہ کے بانی’’عثمان بے‘‘ نے کراچی میں پڑاؤ ڈال لیا

    سلطنت عثمانیہ کے بانی’’عثمان بے‘‘ پاکستان پہنچ گئے، ترک ڈرامہ کورلوش عثمان کے اداکار براق کراچی پہنچ گئے۔

    ترکیہ میں بنائی جانے والی تاریخی سیریز دنیا بھر میں مشہور و معروف ہے، سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والی ’کورولوس عثمان‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار براق اپنے مداحوں سے ملنے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    اپنی پاکسان آمد کے موقع پر ترک اداکار براق اوزچیویت نے کہا کہ ہمیشہ سے پاکستان آنے کی خواہش تھی، خواہش ہے پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ بنوں۔

    اس سے قبل ترک اداکار نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے پاکستان روانگی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ اب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ سے ان کے کراچی آنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    ’کورلوس عثمان‘ کے مرکزی کردار سے پہلے ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ارطغرل غازی، ترگت الپ اور بامسی بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔

    براق اوزچیوت کو سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی پر مبنی تاریخی سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولس عثمان‘ کے مرکزی کردار سے دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔ سیریز کا پانچواں سیزن 4 اکتوبر سے ناظرین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

  • نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کل کراچی پہنچیں گے

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کل کراچی پہنچیں گے

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کل کراچی کے دورے پر آئیں گے، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقات کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کل کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں ان کی نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات طے ہے، ملاقات میں صوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ مزار قائد پر حاضری دیں گے جب کہ وہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    کراچی کے دورے کے دوران وزیراعظم کی تاجروں سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    اس سے قبل نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آج جڑانوالہ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

    انوارالحق کاکڑ کےدورہ جڑانوالہ کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، وزیراعظم نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سےملاقات کی اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا جائزہ بھی لیا۔

  • وزیراعظم عمران خان  کی کل کراچی آمد ، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کااعلان کریں گے

    وزیراعظم عمران خان کی کل کراچی آمد ، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کااعلان کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کل کراچی کے دورے پر پہنچ رہے ہیں ، دورے کے دوران عمران خان کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کااعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل دوپہرمیں کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ گورنرہاؤس میں پریس کانفرنس کریں گے اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کااعلان کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کادورہ بھی کریں گے اور صنعتکاروں،تاجروں سےملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعظم کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    یاد رہے اے آر وائی نیوزکے پروگرام الیونتھ آور میں‌ گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران‌ خان ہفتے کو کراچی آرہے ہیں ، کراچی سے متعلق جو پلان ہے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا ہے، دل بہت کررہا ہے پلان شیئر کروں‌ لیکن وزیراعظم خود ہی اعلان کریں‌ گے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے  کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں کہا تھا کہ حالیہ بارشوں نےانتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے ، انتظامی ڈھانچے نے کراچی کےعوام کو بےتحاشامسائل سے دوچار کیاہے، کراچی کےعوام کے مسائل کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔

    عمران خان  کا کہنا تھا کہ بااختیار اور موثر نظام کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے ضروری ہے، کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم ہونا رہا ہے، اس امر کی بارہا وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے نشاندہی کی جاتی رہی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں، سیوریج ،سالڈویسٹ ،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اختیارات ایڈمنسٹریٹرکے پاس ہونے چاہئیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے، ائیرپورٹ سے بغیر پروٹوکول گورنر ہاؤس روانہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان سندھ کے دورے پر کراچی پہنچ گئے، قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا استقبال پی ٹی آئی سندھ کے اعلیٰ عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان ائیرپورٹ سے بغیر پروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے، ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیر اعظم عمران خان کےاعزازمیں عشائیہ دیں گے۔

    وزیر اعظم گورنر ہاوس میں صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سمیت دیگر وفود سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم کو گورنر ہاوس میں شہر قائد کے ترقیاتی کاموں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    وزیراعظم30مارچ کو گھوٹکی کے لئے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔

    گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس موقع پر وزیراعظم سندھ کی اہم شخصیات سے صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

  • نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ: انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی کراچی آمد

    نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ: انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی کراچی آمد

    کراچی: ہاکی کے انٹرنیشنل گول کیپرز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، گیارہ انٹرنیشنل کھلاڑی دو مرحلوں میں پاکستان پہنچ کر نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ٹورنامنٹ آج سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے انٹر نیشنل ہاکی کے گول کیپرز کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، پہلے مرحلے میں ارجنٹائن کے چار کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔

    دوسرے مرحلے میں سات آسٹریلین کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جلد کراچی پہنچیں گے، مذکورہ انٹرنیشنل کھلاڑی نشانِ حیدر ہاکی نائن سائیڈ اے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

    کراچی پہنچنے پر ارجنٹائن گول کیپر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر کافی خوشی محسوس ہورہی ہے، پاکستان ہاکی کے بارے میں کافی کچھ سنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے مل کراچھا کھیلےکی کوشش کرینگے۔

    واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے مقابلے آج بروز بدھ  سے عبد الستار ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوں گے جس میں مقامی اور عالمی کھلاڑی مدِ مقابل ہوں گے، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔

  • آزادی ٹرین کی کراچی آمد، سخت سیکیورٹی انتطامات

    آزادی ٹرین کی کراچی آمد، سخت سیکیورٹی انتطامات

    کراچی: پاکستان ریلویز کی طرف سے 70 ویں یوم آزادی پر چلائی جانے والی آزادی ٹرین مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد سے چل پڑی، کراچی آمد سے قبل ریلوے انتظامیہ نے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر چلائی جانے والی آزادی ٹرین اپنے سفر پر رواں دواں ہے، عوام کی جانب سے ٹرین کا خیر مقدم کیا جارہا ہے، مذکورہ ٹرین کی کراچی آمد کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ریلوے پولیس نے تمام ڈویژنز میں ریلوے اسٹیشنوں اور اہم تنصیبات پر سخت حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے، ڈی آئی جی آپریشنز ریلوے پولیس شارق جمال خان نے تمام ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ہیڈ کواٹرز میں رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔

    شارق جمال خان کا کہنا ہے کہ آزادی ٹرین جو پشاور اور کراچی سے ہوتے ہوئے کوئٹہ جائے گی اس کی حفاظت کے لیے ایس پی ریلوے کی زیرنگرانی ریلوے پولیس کی نفری لگائی گئی ہے۔


    مزید پڑھیں: آزادی ٹرین، آئی ایس پی آر کی بوگی دلچسپی کامرکز


    علاوہ ازیں کمانڈوز، بم ڈسپوزل اسٹاف کاعملہ اور لیڈی کانسٹیبلز بھی آزادی ٹرین کے ساتھ تعینات کی گئی ہیں، ریلوے پولیس کے افسران تمام ریلوے اسٹیشن کی نگرانی کریں گے۔

    یاد رہے کہ آزادی ٹرین کا افتتاح گزشتہ روز وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کیا تھا۔ ٹرین میں آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کی گئی بوگی دلچسپی کا مرکز ہے جس پر بلند محاذ جنگ سیاچن سمیت قدرتی آفات میں کردار کی بھی منظر کشی کی گئی ہے۔

    پاکستان آرڈینس فیکٹریز میں تیار کردہ اسلحہ اور جنگی سازو سامان بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

  • آصف زرداری کی کراچی آمد پر متبادل ٹریفک پلان

    آصف زرداری کی کراچی آمد پر متبادل ٹریفک پلان

    کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کراچی پہنچ رہے ہیں اور ریلی کی صورت میں بلاول ہاوس جائیں گے،عوام کی تکلیف کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان ترتیب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری دبئی سے کراچی پہنچ رہے ہیں ، وہ ٹرمینل 1 پر جلسہ عام سے خطاب کرنے کے بعد ریلی کی صورت میں بلاول ہاوس جائیں گے، ان کے استقبال کے لیے سندھ بھر سے قافلے کراچی پہنچیں گے۔

    traffic-plan

    کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت ، ٹریفک جام کی زحمت سے بچانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان مرتب کرلیا ہے جس کے تحت کلفٹن ڈیفنس کے رہائشیوں کو ائیرپورٹ جانے کے لیے ہینو چورنگی اور کورنگی انڈسٹریل روڈ کو استعمال کرتے ہوئے ملیر ہالٹ سے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جب کہ گلشن اقبال اور لیاقت آباد کے رہائشی سے ایئرپورٹ جانے کے لیے یونیورسٹی روڈ، صفورہ، ملیر کینٹ اور ماڈل کالونی کا روٹ استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام نےعوام سے اپیل کی ہے کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پلان کی پابندی کریں اور متبادل روٹ پر سفر کرکے تکلیف سے بچیں۔