Tag: کراچی ایئرپورٹ

  • ایئرپورٹ: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قائم ڈیسک کا عملہ حاضری لگا کر غائب

    ایئرپورٹ: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قائم ڈیسک کا عملہ حاضری لگا کر غائب

    کراچی ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو ڈیسک پر عملے کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا، عملہ حاضری لگا کر غائب ہوجاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوزکی خبر پر کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو ڈیسک پر عملے کی عدم موجودگی کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے، عملہ باہر کے ملکوں سے آئے پاکستانیوں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کررہا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے عملے کی عدم موجودگی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کے لیے قائم کی گئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ون ونڈو ڈسیک پر مامورعملہ حاضری لگا کر غائب ہو جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ باہر کے ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی اس ڈیسک کے عملے نے اپنی پرفارمنس سے عوام کو مایوس کیا ہے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے وفاقی محتسب کی ہدایت پر ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کی گئی تھی، جو عدم توجہی کا شکار ہے۔

    مذکورہ ڈیسک میں ایف آئی اے، اے ایس ایف، سی اے اے اور محکمہ پروٹیکٹر کے عملے کو ڈیسک پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ڈیسک پر عملہ موجود نہیں رہتا، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پروٹیکٹر کی معمولات اور رہنمائی کرنے والا عملہ بھی موجود نہیں ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پرسفر کرنے کے لیے چوہا اور کتا بھی پہنچ گئے

    کراچی ایئرپورٹ پرسفر کرنے کے لیے چوہا اور کتا بھی پہنچ گئے

    کراچی ایئرپورٹ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے انتظامیہ کی نااہلی کی پول کھول دی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرسفر کرنے کے لیے چوہا اور کتا بھی پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر انتظامیہ کی جانب سے صفائی کی ناقص صورتحال آشکار ہوگئی ہے، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرسفر کرنے کے لیے چوہا اور کتا بھی پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے لفٹ ایریا میں چوہا گھس گیا، چوہے نے اپنی کارستانی دکھاتے ہوئے لفٹ ایریا میں تاریں کترنا شروع کردیں۔

    اس کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ کے کنکورس ایریا میں کتا گھس آیا جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی اور عجیب صورتحال کا سامنا رہا، ترجمان سی اے اے نے کہا ہے کہ غفلت اور لاپروائی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی میں  موسلادھاربارش کی پیش گوئی،  ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    کراچی میں موسلادھاربارش کی پیش گوئی، ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    کراچی : گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کراچی ایئرپورٹ پر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کے متوقع سسٹم کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیش گوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ائرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔

    کراچی میں دوران بارش تندوتیز ہوائیں(60 کلومیٹراور اس سیزائد) ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، سی اے اے کے شعبہ ائرسائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے اور رن ویز اور ٹارمک ایریامیں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے حتی الامکان دور جائے۔

    سی اے اے نے ہداہت کی کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواوں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے اسپرے کویقینی بنایا جائے اور جہازوں سے پرندوں کو دوررکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرزتعینات کیے جائیں۔

    ائرفیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اوراطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کاکردگی کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ/بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔

    بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاوممکن بنایا جائے اور رن ویز کے اطراف میں ہرقسم کے گڑھوں کوبھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے جبکہ فالومی وین کو کسی بھی ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھاجائے۔

  • سمندری طوفان  بائپرجوائے :‌ کراچی  ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    سمندری طوفان بائپرجوائے :‌ کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سمندری طوفان کے باعث کراچی میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے سبب کراچی میں موسلادھاربارش اور آندھی کی پیشگوئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔

    کراچی میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر سی اے اے کے شعبہ ایئرسائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے اور آلات کو بھی حساس مقامات سے ہٹادیا جائے۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جہازوں سے پرندوں کو دوررکھنے کیلئےاضافی برڈ شوٹرزتعینات کیے جائیں، رن ویزکےاطراف ہرقسم کےگڑھوں کوبھرنےکاکام فوری مکمل کیا جائے۔

  • منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی اسکیننگ کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں منکی پاکس کے 2 مصدقہ کیسز اور اس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر طبی عملہ بیرون ملک سے آنے والوں کے ہاتھ اور بازو چیک کر رہا ہے، مشتبہ علامت کی تصدیق پر طبی عملے اور مسافروں کو اسکینر سے گزرا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ بیرون ملک سے آئے 2 مسافروں میں منکی پاکس کی تصدیق کے بعد قومی وزارت صحت نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    قومی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے دیگر کیسز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملک میں منکی پاکس کے مقامی پھیلاؤ کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق پاکستان سے منکی پاکس کا عالمی سطح پر زیادہ پھیلاؤ نہیں ہوا، متعلقہ صحت حکام کو ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے۔

  • بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی : بھارتی ایئرلائن کے طیارے نے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی لیکن طیارے کے لینڈ کرنے سے قبل ہی  مسافر انتقال کر چکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرلائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی، دوران پرواز ایک مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

    سی اے اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بھارتی ایئرلائن کی پرواز نئی دلی سے قطر کے شہر دوحہ جارہی تھی کہ دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی۔

    بھارتی ایئرلائن کے طیارے کے کپتان نے میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی اور کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی تاہم مسافرلینڈنگ سے قبل ہی دوران پرواز انتقال کرگیا۔

    سول ایوی ایشن اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کو چیک کیا، نائیجیریا کا شہری عبداللہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کرچکا تھا۔

    مسافر کی عمرساٹھ سال ہے، مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا، جس کے بعد بھارتی طیارہ مسافرکی میت اپنےہمراہ دوحہ لے کرروانہ ہوگیا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ اس سے قبل ایک ایئر ایمبولینس نے کولکتہ سے آذربائیجان کے لیے اڑان بھرنے کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تکنیکی لینڈنگ کی تھی۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر دھند، جدہ سے آنے والی فلائٹ لینڈ نہ ہو سکی

    کراچی: دھند کے باعث جدہ سے آنے والی فلائٹ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کو کراچی ایئر پورٹ پر حد نگاہ کم ہونے سے لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز 171 کا رخ ملتان کی طرف موڑا گیا، جہاں طیارہ لینڈ کر گیا ہے، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے سمیت 2 نجی ایئر لائنوں کی پروازیں بھی متاثر ہو گئی ہیں۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے ارد گرد حد نگاہ بہت کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے شیڈول پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہو گئی ہے۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسم ٹھیک ہوتے ہی فلائٹ آپریشن معمول پر آ گیا ہے۔

  • دبئی سے کراچی اسمگل کیے جانے والی موبائل فون کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

    دبئی سے کراچی اسمگل کیے جانے والی موبائل فون کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے کراچی اسمگل کیے جانے والی موبائل فون کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کسٹم حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    ترجمان کسٹم نے بتایا کہ دبئی سے کراچی آنے والے مسافر ایم راشد خان سے 50 سے زائد موبائل فون برآمد کئے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے موبائل فون انتہائی مہارت سے اپنے سامان میں چھپائے ہوئے تھے۔

    کسٹمز حکام نے کہا ہے کہ اسمگل کیے گے موبائل فونز کی مالیت 2 کروڑ 23 لاکھ روپے ہے جبکہ موبائلز پر 66 لاکھ روپے سے زائد کی ڈیوٹی ،ٹیکس چوری کی گئی۔

    محکمہ کسٹمزنے موبائل فونز قبضے میں لے کرملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • کراچی سے بنکاک جانیوالے مسافر سے غیر ملکی کرنسی اور سونا برآمد

    کراچی : کسٹم کلکٹریٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر بنکاک جانیوالے مسافر سے غیرملکی کرنسی اور سونا برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم کلکٹریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ مسافر سے ایک لاکھ پندرہ ہزار امریکی ڈالر، اکتیس ہزار کینیڈین ڈالر اور پچاس گرام سونا برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر راحیل نے نقدی اور سونا بیگ کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپا رکھا تھا تاہم ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد کسٹمز کے حوالے کر دیا۔

    اے ایس ایف نے کہا ہے کہ غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی کسٹمز حکام نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

    حکام نے دوحہ جانے والی خاتون مسافر کے سامان سے 65,000 امریکی ڈالر برآمد کئے تھے۔