Tag: کراچی ایئر پورٹ

  • ایرانی ایئرلائن کی پرواز 16روز بعد مشہد سے کراچی پہنچ گئی

    ایرانی ایئرلائن کی پرواز 16روز بعد مشہد سے کراچی پہنچ گئی

    ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد ایرانی ایئرلائن کی پہلی پرواز کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ پہلی پرواز ایران کے شہر مشہد سے کراچی پہنچی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پہلی پرواز 16 روز بعد مشہد سے کراچی پہنچی ہے، ایرانی ایئرلائن کی پرواز آئی آر 816 نے رات گئے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پرواز آئی آر 817 کراچی ایئر پورٹ سے مشہد کیلئے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی۔

    واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد جمعرات کو اپنی فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    ایکس پوسٹ میں وزارت مواصلات کے ترجمان مجید اخوان کا کہنا تھا کہ ملک کے مشرقی نصف حصے کی فضائی حدود کو ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے اور ایران کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو دارالحکومت سے 40 کلومیٹر واقع ہیں، فی الحال پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ان کے بارے میں بعد میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔

    مملکت ایران کی جانب سے یہ اعلان امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    کراچی ایئرپورٹ پر 3 طیاروں کے حادثات سے متعلق بڑی پیشرفت

    اس جنگ بندی کے ساتھ ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی کا خاتمہ ہوا، جو 13 جون کو اسرائیلی حملوں کے باعث شروع ہوئی تھی، جن میں ایران کے جوہری اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا،جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر میزائیلوں کی برسات کردی تھی۔

  • کراچی ایئر پورٹ : بارش کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی ایئر پورٹ : بارش کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    موسم کی خرابی اور تیز بارش کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن زیادہ متاثر ہوا جس کے سبب 15 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں شام کے وقت موسلادھار بارش سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا کراچی ایئرپورٹ سے جانے والی 15 پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ ایک پرواز منسوخ ہوئی۔

    کراچی سے شام7بجےلاہور جانے والی قومی ایئرلائن کی ایک پرواز منسوخ کی گئی اور کراچی سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز15 منٹ تاخیرسے شام 4بج کرمنٹ پر روانہ ہوئی۔

    کراچی سے اسلام آباد کی نجی ایئرلائن کی پرواز 20 منٹ تاخیرسے شام 6 بجے روانہ ہوئی جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے دبئی کی پرواز 10 منٹ تاخیرشام پونےبجے روانہ ہوئی۔

    اس کے علاوہ نجی ایئرلائن کی کراچی سے شارجہ کی پرواز آدھا گھنٹہ تاخیر سے شام 6 بجے روانہ ہوئی اور نجی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز 15 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک متاثر

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد جل تھل ہوگیا، شہر کی بیشتر سڑکوں پر برسات کا پانی جمع ہوگیا۔

    شہر میں ہفتے کو ہونے والے بارش کے بعد کراچی کے لیے پھر سے وہی پرانی کہانی سامنے آئی ہے، بارش کے بعد ہر طرف سڑکوں پر پانی ہی پانی نظر آرہا ہے، مرکزی اور دیگر شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کئی سڑکوں پر ٹریفک بھی متاثر ہورہی ہے۔

  • بیرون ملک  جانے والوں کے لیے اہم خبر

    بیرون ملک جانے والوں کے لیے اہم خبر

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانیوالی پروازوں کے غیر معمولی رش کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور امیگریشن پر قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ائیر ٹرانسپورٹ کی مبینہ بدانتظامی کے باعث ایک ساتھ 10 سے زائد فلائٹس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانیوالی پروازوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ، صبح رش کے باعث پروازوں کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    کراچی سے مدینہ جانیوالی پی آئی اے کی پرواز 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ سعودی عرب بینکاک اور دیگر بیرون ملک جانیوالی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر یوا۔

    کراچی ایئرپورٹ امیگریشن پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں اور ایک ساتھ 10 پروازیں لگنے سے امیگریشن کے عملے کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    دوسری جانب پنجاب میں موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا جبکہ 8 پروازیں متبادل ایئر پورٹ پر اتاری گئیں۔

    شدید دھند کے باعث 3 پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 96 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور گزشتہ رات 3 سے صبح 6 بجے تک لاہور ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر سینیگال سے آنیوالے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا گیا

    کراچی ایئرپورٹ پر سینیگال سے آنیوالے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا گیا

    کراچی : کراچی ایئر پورٹ پر سینیگال سے آنیوالے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا گیا، مسافروں کی مذکورہ ایجنٹ سےفی کس 40 لاکھ روپے کی ڈیل ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے آنے والے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر سینیگال سے فلائٹ نمبر ET- 694 کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے، مسافروں میں قاسم، حماد فیاض، چوہدری بدر منیر ، عدنان علی اور ابو منان شامل ہیں۔

    ابتدائی تفتیش میں کہا گیا کہ مسافروں کے لئے رضوان جٹ عرف جانی جٹ نامی ایجنٹ نے سفری دستاویزات اور دیگر سفری سہولیات فراہم کیں، مذکورہ ایجنٹ کو فی کس 40 لاکھ روپے ادا کرنے کی ڈیل کی گئی۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے فی کس 5 لاکھ روپے سفر شروع کرنے سے پہلے ادا کئے جبکہ 35 لاکھ فی کس اسپین پہنچنے پر ادا کرنے تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ مسافر وزٹ ویزے پر سینیگال پہنچے ایجنٹ نے سینیگال سے یورپ بھجوانے کے لیے ویزہ مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم سینیگال میں طویل انتظار کے بعد بھی مسافروں کو ویزے مہیا نہیں کیے گئے۔

    بعد ازاں ایجنٹ نے حماد فیاض نامی مسافر کو وٹس ایپ کے ذریعے پرتگال کا ریزیڈنٹ کارڈ بھیجا جو جعلی نکلا، ایجنٹ کے مشکوک ثابت ہونے پر مسافروں نے پاکستان واپسی اختیار کی، مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی اور مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر چینی شہریوں پر حملے میں ملوث ملزمان سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی قائم

    کراچی ایئر پورٹ پر چینی شہریوں پر حملے میں ملوث ملزمان سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی قائم

    کراچی : ایئر پورٹ کے قریب خودکش حملے کے ملزمان سے تفتیش کیلئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر چینی شہریوں کے حملے میں ملوث ملزمان سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی قائم کردی گئی ، گرفتار ملزم محمد جاوید ولد لال محمد اور گل نساء دختر کریم جان سے 8 رکنی جے آئی ٹی تفتیش کرے گی۔

    ڈپٹی انسپیکٹر جنرل سی ٹی ڈی کو جے آئی ٹی کا چیئرمین بنادیا گیا ہے، تینوں حساس اداروں ، رینجرز ، اسپیشل برانچ ، کراچی پولیس اور ایف آئی اے افسران جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جار ی کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو 15 روز میں دونوں ملزمان سے تفتیش کرکے رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کرے گی ، جے آئی ٹی کسی بھی تحقیقاتی ادارے سے مدد لے سکتی ہے۔

    یاد رہے دہشت گردی کا واقعہ چھ اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں تین دو چینی باشندوں سمیت تین ہلاک جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2خودکش حملہ آوروں سمیت 6 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    گرفتار ہونے والوں میں کراچی ایئرپورٹ سگنل پرچینی انجینئرزپرخود کش حملےکا ماسٹرمائنڈ بھی شامل ہیں ، جسے وندر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگر گرفتار

    عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگر گرفتار

    کراچی : کراچی ایئر پورٹ پر عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے جانے والے 10 گداگروں کو گرفتار کرلیا۔

    حکام نے بتایا گرفتارملزمان میں 7خواتین بھی شامل ہیں ، ٹریول ایجنٹ نے گداگروں کے سفری دستاویزات کا بندوبست کیا۔

    ایف آئی اے حکام نے ملزمان سے عمرہ ادائیگی کا بنیادی طریقہ کار پوچھا تو وہ ناواقف نکلے جبکہ مسافروں کے پاس ہوٹل بکنگ کے علاوہ اخراجات کیلئے کوئی رقم بھی موجود نہ تھی۔

    دوسری جانب غلط پتہ دے کر سعودی عرب جانیوالی 2 خواتین بھی ایف آئی اے کے نرغے میں آگئیں، ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ زرینہ اور شہناز نور نے خود کو سرگودھا کا ظاہر کیا لیکن پاسپورٹ پر جائے پیدائش رحیم یارخان لکھی تھی۔

    خواتین نے دوران تفتیش سب سچ بتادیا خواتین پہلے بھی کئی مرتبہ عمرے کے ویزے پر سعودیہ جاچکی ہیں، خواتین کا تعلق بھیک مانگنے والے گروہ سے ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ آنے والے شہریوں پر نئی پابندی لگانے کا فیصلہ

    کراچی ایئر پورٹ آنے والے شہریوں پر نئی پابندی لگانے کا فیصلہ

    کراچی ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آنے والے شہری مذکورہ شرط پوری کیے بغیر داخل نہیں ہو سکیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپوٹ پر مسافروں کو لینے یا رخصت کرنے کیلئے آنے والے شہریوں کو بھی اب ٹکٹس کی کاپی لازمی ساتھ رکھنا ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ آنے والے شہریوں کو سیکورٹی اہلکاروں کے چیک کرنے پر ٹکٹس دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اب ایک مسافر کے ساتھ 4 شہری ایئرپورٹ میں داخل ہوسکیں گے، جن شہریوں کے پاس ٹکٹ کی کاپی نہیں ہوگی انہیں ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سیکورٹی کیلئے اقدامات کرلیے، اس کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے شہریوں کو ٹکٹ کے ساتھ شناختی کارڈ بھی لازمی رکھنا ہوگا۔

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب حالیہ دہشت گرد حملے کے پیش نظر مسافروں کے حوالے سے نئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ اقدام سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    ذرائع کا خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ ویجلنس نے پلان ترتیب دے دیا، نئے فیصلے پر عمل درآمد جلد شروع کیا جائے گا۔

  • کراچی: دبئی جانے والے مسافر سے 17 ملین روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی: دبئی جانے والے مسافر سے 17 ملین روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی ایئرپورٹ پر پر اے ایس ایف نے کارروائی میں دبئی جانے والے مسافر سے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کے دوران ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

      اے ایس ایف کے مطابق مسافر محمد احمد الیاس غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جانا چاہ رہا تھا اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی سرچ کرنے کے دوران بیگ کی تلاشی لی۔

    اے ایس ایف ترجمان کے مطابق بیگ میں سے17ملین روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی، مسافر سے برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد اماراتی درہم اور سعودی ریال شامل ہیں۔

    اے ایس ایف ترجمان کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کے ساتھ کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔

  • عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لئے سعودی عرب جانے  والی 2 خواتین گرفتار

    عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لئے سعودی عرب جانے والی 2 خواتین گرفتار

    کراچی : عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جانے والی 2 مسافر خواتین کو گرفتار کرلیا گیا، ایک خاتون کا بیٹا بھی گداگری میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 2 مسافر خواتین کوگرفتارکرلیا۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ مسافر خواتین کی شناخت پتل خاتون اور سبحانہ کے نام سے ہوئی، گرفتار خواتین کسی قسم کی ہوٹل بکنگ کے حوالے سے دستاویزات دینے میں ناکام رہی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ خواتین کے پاس کسی قسم کی سفری اخراجات کے حوالے سے رقم موجود نہ تھی ، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر خاتون سبحانہ کا بیٹا غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم ہے، گرفتار خاتون کا بیٹا عمرہ ویزا پر سال 2022 میں سعودی عرب گیا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ خاتون کا بیٹا بھی گداگری میں ملوث ہے، جس کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر خواتین کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے جانیوالے 11 مسافرون کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ 8 خواتین سمیت 11 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، ملزمان عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ بھی جعلی نکلے۔

  • کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج ، ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی

    کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج ، ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی

    کراچی : ایئر پورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ 2 روز بعد درج کرلیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمے میں دہشت گردی، قتل،اقدام قتل سمیت دیگردفعات شامل کی گئیں ہیں اور کہا گیا کہ حملہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے کیا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہنا تھا کہ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی، دھماکے میں چینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یاد رہے اتوار کو کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں تین غیر ملکی افراد جان سے گئے تھے جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے قریب خودکش دہشتگرد ٹریفک سگنل پر چینی باشندوں کے قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا، جیسے ہی قافلہ قریب پہنچا اس نے گاڑی ٹکرادی۔

    ذرائع نے کہا کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ بم پروف گاڑی بھی شدید متاثر ہوئی، دھماکے میں دو چینی انجینئرز ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی ہوا، زخمی ہونےوالے سولہ افراد میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ دھماکے میں پندر ہ سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔