Tag: کراچی ایئر پورٹ

  • کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکا ناقابل برداشت ہے،  ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکا ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایئر پورٹ کے قریب دھماکا ناقابل برداشت، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پراجلاس ہوا، وزیر داخلہ ، آئی جی سندھ ، ڈی جی رینجرز، کمشنر کراچی و دیگر حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سندھ خصوصاً کراچی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دھماکے پر بریفنگ دی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے، مشترکہ کمیٹی ایئرپورٹ کےقریب دھماکے کی ملکر تحقیقات کرے گی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کےقریب دھماکا ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، پولیس اوردیگرادارےانٹیلی جنس کاکام تیز کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کوآرڈی نیشن مزید مستحکم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ چینی قونصل خانے پہنچے اور قونصل جنرل سے دھماکے میں چینی شہریوں کےجاں بحق ہونے پر تعزیت کی۔

    مراد علی شاہ نے کہا انہیں بے حد افسوس ہے اور وہ چینی حکومت اورمتاثرہ خاندان سےتعزیت کرتے ہیں۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر ڈالر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی ایئر پورٹ پر ڈالر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈالر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چین جانے والے غیرملکی سے38  ہزار سے زائد ڈالرز برآمد کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے نے کارروائی کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈالر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور چین جانے والے غیر ملکی مسافر سے 38 ہزار سے زائد امریکی ڈالرز برآمد کرلئے۔

    حکام نے بتایا کہ ایک کروڑ 68 لاکھ دو ہزار 455 روپے کے مساوی رقم امادو الفا نامی سری لنکن شہری سے برآمد کئے گئے۔

    غیر ملکی ایئر لائن سے سفر کے خواہشمند مسافر سے امریکی کرنسی دوران تلاشی برآمد کی گئی، کرنسی ضبط کرکے مسافر کو سفر کی اجازت دے دی گئی۔

    قوانین کے تحت پاکستان سے ہر مسافر کو پانچ ہزار ڈالرز کے مساوی کرنسی بیرون ملک جانے کی اجازت ہے۔

  • شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق شارجہ سے بھارت جانے والی ایک پرواز کو گزشتہ رات سوا 2 بجے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی جس کے باعث اسے کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، پرواز نے پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے بھارت کے لیے اڑان بھری تھی۔

    ذرائع کے مطابق پرواز 6E-1406 کو 2 بجے رات کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، ایئر بس اے 320 میں 125 مسافر سوار ہیں۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا

    کراچی: ممکنہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کی پیش گوئی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایئر سائیڈ کے منیجر کی جانب سے ہنگامی اقدامات کے لیے سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس میں فوری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ فکس ونگ طیاروں اور روٹری ونگ ہیلی کاپٹرز کے ساتھ اضافی وزن لگایا جائے، جب کہ کچھ طیاروں کو ہواؤں کی شدت سے بچانے کے لیے ہینگر میں منتقل کیا جائے۔

    سرکلر میں ہلکے آلات کو بھی موسم کی خرابی کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ حکام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سی اے اے نے کہا ہے کہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے بارشوں کے دوران ایم یو میٹر پارٹی تیار ہوگی، محفوظ سفر کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے دوران مختلف اقسام کے پرندوں کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے، اس لیے ایئر پورٹس کی حدود میں برڈ شوٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے اور فیومیگیشن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

  • وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    کراچی: کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر اقدامات سخت کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن کی ہدایت پر اب ایئرپورٹس پر اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    کراچی ایئر پورٹ کے منیجر محمد عمران خان نے بتایا کہ ڈی جی سی اے اے نے تمام ایئر پورٹس منیجرز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

    سی اے اے کی ہدایت کے مطابق ماسک نہ لگانے والے مسافروں اور عملے کے خلاف اب کارروائی ہوگی، اور ایئر پورٹ کے چیک اِن ایریاز میں سماجی فاصلہ لازمی قرار دے دیا گیا۔

    دہشتگردی کیخلاف جنگ سے سیاحت تک کا سفر،17سال بعد سیدو شریف ایئرپورٹ دوبارہ بحال

    سی اے اے کی جانب سے تمام ایئر لائنز کو یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ بورڈنگ کے لیے لمبی قطاریں اب نہیں لگیں گی، ایئر لائنز اندرون و بیرون ملک جانے والے 10 سے زائد مسافروں کو پہلے مرحلے پر بورڈنگ کارڈ جاری کریں گے، دوسرے مرحلے میں باقی مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری ہوں گے، تاکہ رش نہ لگے۔

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے این سی او سی کی ہدایات پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کرایا جا رہا ہے۔

    کراچی ایئر پورٹ پر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، اور بغیر ماسک کے ایئر پورٹ آنے والے مسافروں کا داخلہ بند ہوگا۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس کی مد میں پرانی رسیدیں تھمانے کا انکشاف

    کراچی ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس کی مد میں پرانی رسیدیں تھمانے کا انکشاف

    کراچی: جناح ٹرمینل جانے والے شہری ہوشیار ہو جائیں، کراچی ایئر پورٹ پر وزیٹرز کو پارکنگ فیس کی وصولی کے بعد پرانی رسیدیں تھمانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس کی رسیدوں میں گڑبڑ کی جا رہی ہے، یہ انکشاف کراچی ایئر پورٹ کے ایک ملازم نے کیا۔

    ایئر پورٹ ملازم نے کہا کہ جناح ٹرمینل سے نکلتے ہوئے پارکنگ فیس کی رسید ضرور حاصل کریں، اور رسید پر دی گئی رقم، تاریخ اور وقت کی بھی ضرور جانچ کر لیں۔

    ملازم نے بتایا کہ میں نے 90 روپے فیس دی جس کی رسید تو دی گئی مگر جب میں نے دیکھا تو وہ پرانی تھی، مجھے ایک دن پہلے کی رسید تھما دی گئی تھی۔

    ایئرپورٹ ملازم نے خدشہ ظاہر کیا کہ پرانی رسیدیں دینے کا مقصد ہے کہ یہ سارا پیسہ ان کے اپنے اکاؤنٹس میں جا رہا ہے۔

  • طیارہ حادثہ: ماڈل کالونی کی بھی سُنیے!

    طیارہ حادثہ: ماڈل کالونی کی بھی سُنیے!

    کراچی میں مسافر طیارے کے حادثے کے بعد فضا سوگوار ہے اور جائے حادثہ سے لاشیں اکٹھی کرنے، متاثرین کی مدد کے ساتھ ساتھ تحقیقاتی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    قومی ایئر لائن کا طیارہ قائد اعظم انٹرنیشل ایئر پورٹ کے نزدیک گنجان آباد علاقے کی رہائشی عمارتوں پر گر کر تباہ ہوا جسے ماڈل کالونی کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ ملیر چھاؤنی سے ملحق بڑی آبادی ہے۔

    ماڈل کالونی میں مختلف شعبوں سے وابستہ متعدد اہم اور مشہور شخصیات بھی آباد ہیں یا ماضی میں رہائش پزیر رہی ہیں۔ ان میں معین اختر، ابراہیم نفیس، زیبا شہناز، روبی نیازی اور کئی اہم اور قابلِ ذکر شخصیات شامل ہیں جو مختلف سرکاری اور نجی ادارو‌ں میں اہم عہدوں پر فائز رہی ہیں۔

    طیارہ جناح گارڈن نامی آبادی کی رہائشی عمارتوں پر گرا جس کی کسی کثیر منزلہ عمارت سے ایئر پورٹ کا رَن وے اور اس پر جہازوں کی آمدورفت کا آسانی سے نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

    ماڈل کالونی کا وہ مرکزی روڈ جس سے ملحق آبادی میں یہ حادثہ پیش آیا ہے، اس لحاظ سے نہایت اہمیت رکھتا ہے کہ یہ ایک جانب سپر ہائی وے کو نکلتا ہے اور دوسری طرف سفر کرنے والوں کو شارع فیصل تک پہنچا دیتا ہے۔ اسی روڈ پر سفر کرتے ہوئے آپ گلستان جوہر بھی جاسکتے ہیں۔

    ماڈل کالونی کے اکثر رہائشی مکانات کا رقبہ 120 سے 400 گز ہے جب کہ ملیر کھوکھرا پار، ملیر سٹی، شمی سوسائٹی، رفاہِ عام، جامعہ ملیہ، شاہ فیصل کالونی اور قائد آباد سے یہاں کئی لوگ کاروبار کی غرض سے بھی آتے ہیں۔ اس علاقے میں مختلف تجارتی عمارتیں، سپر اسٹورز اور عام دکانوں میں رات گئے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔

    جناح گارڈن میں‌ داخل ہونے کے بجائے اگر ماڈل کالونی کے اس مرکزی روڈ پر محض چند منٹ کی مسافت طے کی جائے تو یہاں کئی شادی ہالز اور مشہور ریستوراں یا فاسٹ فوڈ کے مراکز بھی موجود ہیں۔

    جائے حادثہ اور ایئرپورٹ سے ملحق آبادی پر نظر ڈالیں تو ایک بڑا مسئلہ اور انسانی جانوں اور املاک کے لیے سنگین خطرہ یہاں کی مسلسل اور بے قاعدہ تعمیرات ہیں۔ اس علاقے میں‌ فلیٹوں کے علاوہ کئی منزلہ رہائشی مکانات موجود ہیں جن کی متعلقہ اداروں سے اجازت نہیں لی گئی۔ اسی طرح تجاوزات کی بھرمار ہے جس سے سڑکیں اور گلیاں تنگ ہوچکی ہیں۔ عام خیال ہے کہ ایئر پورٹ کے نزدیک بلند عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت نہیں‌ ہے، تاہم یہاں اس بات کا خیال نہیں‌ رکھا گیا جو مستقبل میں کسی اور بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی: طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ائیر پورٹ کے اطراف موجود کچرا کنڈیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایئر پورٹ منیجر نے خط میں لکھا کہ فضائی سفر اور جہازوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کچرا ایئرپورٹ کے اطراف نہ پھینکا جائے، گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو جہازوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو خطوط لکھے جا چکے ہیں۔ سی اے اے نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے لیے ضلعی انتظامیہ کو قصور وار قرار دیا تھا۔

    11 دسمبر کو پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تھا، طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم بہ حفاظت طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

    اگلے دن پی آئی اے کا ایک اور طیارہ اس وقت حادثے سے بال بال بچا جب لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف

    کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف کرادی، بیرون ممالک کے مسافروں کی سفری دستاویزات اور سامان کی جانچ پڑتال کم وقت میں کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام کیا ہے۔

    اس سلسلے میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر بین الاقوامی روانگی کے لاؤنج میں مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف کرادی گئی ہے۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فاسٹ ٹریک سروس سے بزنس اور فرسٹ کلاس اور ترجیحی مسافروں کو سہولت میسر ہوگی۔

    بزنس کلاس کے مسافروں کا فاسٹ ٹریک کے ذریعے ان کی سفری دستاویزات اور سامان کی جانچ پڑتال کا عمومی اور مطلوبہ وقت سے کم وقت میں ہوگا۔

    سی اے اے کے مطابق فاسٹ ٹریک پر بین الااقوامی مسافروں کو کسٹم، اے ایس ایف، اے این ایف اور ایف آئی اے کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

  • کراچی ایئر پورٹ : ایف آئی اے امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی رشوت کے الزام میں معطل

    کراچی ایئر پورٹ : ایف آئی اے امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی رشوت کے الزام میں معطل

    کراچی : ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن نے مسافر کی شکایت پر امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی کو رشوت لینے پر معطل کردیا، ملزم کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی کو مسافر سے رشوت لینے پر معطل کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن زین شیخ نے بتایا ہے کہ ہمیں شکایت ملی تھی کہ اے ایس آئی اے رانا اکبر نے عبدالشکور نامی مسافر سے460 یو اے درہم رشوت وصول کی۔

    متاثرہ مسافر نے اے ایس آئی رانا اکبر کے خلاف رشوت وصولی کی تحریری شکایت کی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد الشکور جنوبی افریقہ میں سایسی پناہ کی درخواست مسترد ہونے پر کراچی پہنچا تھا۔

    اے ایس آئی رانا اکبر کو اس سے قبل سال2017 میں بھی رشوت وصولی پر امیگریشن تعیناتی کے لئے بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کا مزید کہنا ہے کہ مسافر کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر رقم وصول کی گئی، اے ایس آئی رانا اکبر کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔