Tag: کراچی ایئر پورٹ

  • تیز بارش نے کراچی ایئر پورٹ کی چھتیں بھی ٹپکا دیں، انتظامیہ نے بالٹی رکھ دی

    تیز بارش نے کراچی ایئر پورٹ کی چھتیں بھی ٹپکا دیں، انتظامیہ نے بالٹی رکھ دی

    کراچی : بارش کا پانی کراچی ایئر پورٹ کی عمارت میں داخل ہوگیا، چھت سے ٹپکنے والے پانی کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اتتظامیہ نے لاؤنج میں بالٹی رکھ دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کے بعد بارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ کی بھی چھتیں ٹپکنے لگیں، کراچی میں ہونے والی بارش کے دوران جناح ٹرمینل کی بین الاقوامی لاؤنج کی چھت ٹپک گئی۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے بارش کے پانی کیلئے لاؤنج میں بالٹی رکھ دی، واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بارشوں سے متعلق الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

    رین الرٹ کے انتظامات پر سی اے اے خود بھی عمل نہ کرسکی، اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل کی چھت سے آج بارش کے دوران معمولی ٹرپنگ ہوئی، پانی کی ڈریننگ روکنے کیلئے مرمت کا کام کچھ دیر میں مکمل ہوجائے گا۔

  • اسمگلنگ کی کوشش ناکام : کراچی ایئر پورٹ کے باہر کار سے ممنوعہ ادویات برآمد

    اسمگلنگ کی کوشش ناکام : کراچی ایئر پورٹ کے باہر کار سے ممنوعہ ادویات برآمد

    کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی ایئر پورٹ کی پارکنگ میں موجود گاڑی سے مننوعہ ادویات کی کھیپ پکڑلی، جسے اسمگل کرنے لیے کراچی سے لے دبئی لے جایا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی میں سے بھاری مقدار میں 34 کلو گرام سے زائد ممنوعہ ادویات برآمد کرلیں۔

    اے این ایف نے موقع پر ہی ملزم کو گرفتار کرلیا، اینٹی نارکوٹکس فورس کے ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پارکنگ ایریا میں گاڑی نمبر بی ایچ کے 242 میں ممنوعہ ادویات چھپائی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات کو پی آئی اے کی پرواز پی کے603 کے ذریعے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، ان ادویات کو دبئی کے ذریعہ کوالالمپور پہنچایا جانا تھا۔

  • کراچی ایئر پورٹ سے براؤن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    کراچی ایئر پورٹ سے براؤن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    کراچی : اے ایس ایف نے کراچی ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کرنے کو شش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے بیگ سے براؤن ہیروئن برآمد کرلی، ملزم کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرو ن ملک ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا، مسافر کے بیگ سے ساڑھے اٹھارہ کلو گرام براؤن ہیروئن برآمد کرلی گئی۔


    محمد زروف نامی مسافر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے601کے ذریعے دبئی براستہ برمنگھم جارہا تھا۔ اے ایس ایف نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے بیگ سے ساڑھے اٹھارہ کلو براؤن ہیروئن برآمد ہوئی۔

    مسافر نے بیگ کے خفیہ خانوں میں ہیروئن چھپا رکھی تھی۔ بیرون ملک اسمگل کی جانے والی ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، اے ایس ایف نے مزید تفتیش کیلئے مسافر کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

  • سابقہ دور حکومت میں ناقص پلاننگ سے پی آئی اے کے کروڑوں کے جہاز ناکارہ

    سابقہ دور حکومت میں ناقص پلاننگ سے پی آئی اے کے کروڑوں کے جہاز ناکارہ

    کراچی: سابقہ دورِ حکومت میں ناقص پلاننگ کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے کروڑوں روپے کے جہاز نا کارہ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے 8 طیارے 2 سال سے ایئر پورٹ کے مخصوص ایریا میں نا کارہ حالت میں کھڑے ہیں، ان نا کارہ طیاروں میں پی آئی اے کے ایئر بس 310 کے 4 طیارے بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق ناکارہ طیاروں میں جمبو 747 ایک، اے ٹی آر کے 2 اور ایک 777 طیارہ بھی شامل ہے۔

    ناکارہ کھڑے طیاروں میں سے کسی کا انجن غائب تو کسی کے پر کٹے ہوئے ہیں، کراچی ایئر پورٹ کے مخصوص حصوں میں کھڑے طیارے پرندوں کی آماج گاہ بن گئے ہیں، گھونسلے بھی بنا ڈالے۔ پی آئی اے کے کروڑوں روپے مالیت کے ناکارہ جہاز اب کوئی اسکریپ میں بھی خریدنے کو تیار نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سیاحت میں سرمایہ کاری سے بہت منافع حاصل ہوسکتا ہے: وزیر اعظم

    پرندوں کی آمد کی وجہ سے دوسرے طیاروں کے لیے بھی خطرات لا حق ہو گئے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو نا کارہ جہاز ہٹانے کے لیے خط لکھ دیا۔

    خیال رہے کہ ان طیاروں کی بڑی تعداد سابق مشیر ہوا بازی کی سفارش پر بھرتی کیے گئے جرمن سی ای او کے دوران ملازمت میں نا کارہ ہوئی، ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ایئر بس 310 طیاروں کی 2 بار نیلامی بھی کی گئی لیکن صحیح بولی نہ لگ سکی۔

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق بوئنگ 777 طیارے پر مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے، آئندہ 2 ہفتوں میں اسے اڑان کے قابل بنا دیا جائے گا۔

  • کراچی: اٹلی کے لیے بھیجے جانے والے پارسل سے 600 گرام ہیروئن بر آمد

    کراچی: اٹلی کے لیے بھیجے جانے والے پارسل سے 600 گرام ہیروئن بر آمد

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دو الگ الگ کارروائیوں میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اٹلی کے لیے بھیجے جانے والے پارسل سے 600 گرام ہیروئن بر آمد کر لی۔

    ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن پشاور سے بک کرائی گئی تھی، کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

    دریں اثنا جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک اور کارروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سے جدہ اور دبئی جانے والے مسافر سے نشہ آور ادویات بر آمد کر لیں۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد ادویات کا وزن 2.4 کلو گرام ہے، جس کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: اے این ایف کی کارروائی، 3 کلو آئس منشیات برآمد، ملزم گرفتار

    یاد رہے 8 فروری کو اے این ایف نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں آئس منشیات فروخت کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا تھا، کارروائی میں ساڑھے تین کلو آئس برآمد کی گئی تھی۔

    ملتان ایئر پورٹ پر بھی اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کر کے 720 گرام آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

  • کراچی ایئر پورٹ کے لاؤنج میں بائیک سمیت گھسنے والا فرانس کا شہری نکلا

    کراچی ایئر پورٹ کے لاؤنج میں بائیک سمیت گھسنے والا فرانس کا شہری نکلا

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار گھس گیا، تاہم اے ایس ایف نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو قابو کر کے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے ارائیول لاؤنج میں حیرت انگیز طور پر ایک مشکوک شخص موٹر سائیکل سمیت گھس آیا، اے ایس ایف اہل کاروں نے اسے بر وقت قابو کر لیا۔

    [bs-quote quote=”تلاشی کے دوران موٹر سائیکل سوار سے فرانس کا ویزہ لگا پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”ایئر پورٹ ذرائع”][/bs-quote]

    موٹر سائیکل سوار کے گھسنے سے ائیر پورٹ میں ہر طرف بھگدڑ مچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ مشکوک شخص فرانس کا شہری ہے، نشے کا عادی ہے، فرانس میں بھی مار پیٹ کر چکا ہے۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی ہے، مشتبہ شخص موٹر سائیکل پر مخالف سمت سے ائیر پورٹ کے ڈراپ لائن پر گھسنے کی کوشش کر رہا تھا، اے ایس ایف کے اہل کار نے مشتبہ شخص کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا۔

    ذرایع نے بتایا کہ اے ایس ایف اہل کار نے فوری طور پر کوئیک ریسپانس فورس کو اطلاع کر دی، کوئیک ریسپانس فورس نے مشتبہ شخص کو ڈراپ لائن کے برآمدے ہی سے حراست میں لے لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبے میں مالی بد عنوانیاں: پی اے سی میں رپورٹ پیش

    ذرایع نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، مشتبہ شخص کی موٹر سائیکل اور اس کا ریکارڈ سی پی ایل سی سے طلب کر لیا گیا ہے۔

    ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ جناح ٹرمینل کے بین الاقوامی آمد لاؤنج میں بائیک سمیت داخل ہونے والا شخص فرانس کا شہری ہے، تلاشی کے دوران بائیک سوار سے فرانس کا ویزہ لگا پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔

    کہا جا رہا ہے کہ زیرِ حراست شخص ذہنی مریض ہے، 2018 میں فرانس سے پاکستان پہنچا، ملزم فرانس میں بھی کئی مرتبہ مار پیٹ کر چکا ہے، اور نشے کا عادی ہے۔

  • قومی ویمن کرکٹرز کی وطن واپسی، تاریخی کارنامہ لیکن حیران کن استقبال

    قومی ویمن کرکٹرز کی وطن واپسی، تاریخی کارنامہ لیکن حیران کن استقبال

    کراچی : ون ڈے سیریز میں سولہ سال بعد ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا آغاز ہوگیا، کراچی ایئر پورٹ پر کوئی آفیشل ان کے استقبال کو نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی دبئی سے وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، جویریہ ودود، ناہیدہ بی بی، کائنات امتیاز، اومامہ سہیل اور ایمن انور ٹیم مینجر عبدالرقیب کے ساتھ دبئی سے واپس کراچی پہنچ گئیں۔

    ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام یا کوئی نامور شخصیات میں سے کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے موجود نہیں تھا، کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کھلاڑی جویریہ ودود خان نے کہا کہ ٹیم کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخ ساز کامیابی سمیٹی، پہلے میچ میں پلان پر صحیح سے عمل نہ کرسکے جس کی وجہ سے شکست ہوئی، اگلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کی ان فارم بیٹرز کو ٹارگٹ بنایا اور کامیاب رہے۔

    جویریہ ودود کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں وکٹ اسپنرز کیلئے نہیں بلکہ سیمرز کے لیے ساز گار تھی، ایسی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ جنوبی افریقہ میں کام آئے گا، دورہ جنوبی افریقہ میں ایک ماہ کا عرصہ باقی رہ گیا ہے اور ایک ماہ کے دوران ہم جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کی تیاری مکمل کرلیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کی سپر اسٹار نہیں ہوں میرا کام صرف ٹیم کے لیے اچھے نتائج دینا ہے، گزارش ہے کہ مینز ٹیم کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں1-2 سے زیر کیا، پاکستان وومن ٹیم نے سولہ سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔

  • طیاروں کو لیزر لائٹ مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، تحفظ کو خطرات لاحق

    طیاروں کو لیزر لائٹ مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، تحفظ کو خطرات لاحق

    کراچی : فضا میں موجود طیاروں کو لیزر لائٹیں مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظ کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    ؎تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر جہازوں کے اترنے سے قبل ان پر لیزر لائٹیں مارنے کا سلسلہ ایک بار شروع ہوگیا ہے، سمندر کے قریب واقع ریسٹورنٹ میں لگی بڑی بڑی لائٹیں پروازوں کو شدید متاثر کرتی ہیں۔

    اس حوالے سے ائیرپورٹ مینجر کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کو لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا پڑرہا ہے، گزشتہ15دنوں کے دوران طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ لیزر لائٹوں کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس کو خطوط لکھ کر آگاہ کیا جاچکا ہے اس  کے باوجود  ہیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تاحال کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

    ائیرپورٹ مینجر  نے بتایا کہ طیاروں پر زیادہ تر لیزر لائٹ پڑنے کے واقعات کلفٹن اور ڈیفنس میں واقع ہوئے ہیں، بیرون ملک سے آنے والے طیارے جن کی سمت سمندر کے اوپر سے ہوتی ہے۔

    کلفٹن اور ڈیفنس میں بنے ریسٹورنٹ میں لگی بڑی لائٹیں جہازوں کو متاثر کررہی ہیں، ذرائع کے مطابق غیر ملکی ائیرلائنوں نے بھی لیزر لائٹ پڑنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سے غیر ملکی شراب برآمد، ملزم پیپلز یونٹی کا عہدیدار ہے

    کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سے غیر ملکی شراب برآمد، ملزم پیپلز یونٹی کا عہدیدار ہے

    کراچی : کسٹمز نے کراچی ایئر پورٹ پر تلاشی کے دوران مسافر کے سامان سے نو بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی ہے، ملزم منصور احمد پی آئی اے پیپلز یونٹی کے صدر کا مشیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ سے کسٹم حکام نے پی آئی اے پیپلز یونٹی صدر کے مشیر سے نو بوتل غیر ملکی شراب بر آمد کرلی، منصور احمد نامی مسافر سے مذکورہ غیر ملکی شراب کی نو بوتلیں بنکاک سے کراچی کی پی آئی اے پرواز سے آمد پر برآمد کی گئیں۔

    اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ائر پورٹ پر کسٹمز نے شراب ضبط کئے جانے پر مبنی رسید بھی جاری کی ہے، اس کے علاوہ منصور احمد کے ساتھ موجود پی آئی اے عملے کی جانب سے کسٹم حکام پر دباؤ ڈالنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شراب لانے والا شخص ائر لائن کا ریٹائر ملازم اور پیپلز یونٹی کا سرگرم کارکن ہے، دوسری جانب سی بی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ منصور احمد ذاتی حیثیت میں شراب لانے میں ملوث ہے، یونٹی کا اس کے اس فعل سے کوئی تعلق نہیں۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر جھگڑا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی ایئر پورٹ پر جھگڑا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برِائے ہوابازی مہتاب عباسی نے کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے جھگڑے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی بنادی، کمیٹی میں ڈی جی اے ایس ایف اور سی او او پی آئی اے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر ہوابازی مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن کے اداروں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ پر خاتون اور اے ایس ایف اہلکاروں کے درمیان جھگڑاہوا تھا پی آئی اے کی خاتون اسسٹنٹ منیجر نے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس اہلکاروں کی تھپڑوں اور مکوں سے تواضع کی تھی۔

    خاتون اسسٹنٹ منیجر نے اہل کار پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا واقعہ کے حوالے سے اے ایس ایف کی جانب سے مؤقف سامنے آیا ہے کہ خاتون اسسٹنٹ منیجر کا کارڈ زائد المیعاد تھا اس لیے انہیں اندر جانے سے روکا گیا تھا جس پر وہ مشتعل ہوگئیں۔