Tag: کراچی ایکسپریس

  • کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی

    کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی

    کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، تکنیکی خرابی کے باعث کوچ نمبر 16 سے دھواں نکلنے لگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی ایس ریلوے ناصر خلیلی نے بتایا کہ دھواں نکلنے کے سبب مسافر پریشان ہوکر نیچے اتر گئے۔ تکنیکی خرابی کے سبب ایکسل گرم ہوگیا تھا، ٹرین کوکوٹری کے مقام پرروک لیا گیا ہے جبکہ بوگی کے مسافروں کو دوسری بوگی میں شفٹ کیا جا رہا ہے۔

    متاثرہ مسافر کے مطابق ہارڈ ایکسل والی بوگی کے وہیل گرم ہوکر لال ہونے سے دھواں نکل رہا تھا، کراچی ایکسپریس پہلے ہی کراچی سے 2 گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی سے فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی تھی تاہم حادثے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹری اسٹیشن پر کراچی سے فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، بریک نہ لگنے کے باعث ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹرین کا انجن فیل ہونے کے باعث لاڑکانہ جنکشن کی طرف موڑ لیا گیا۔

    انتظامیہ نے بتایا کہ ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ٹریک پر ریل کی آمدورفت معطل ہوگئی، جس کے باعث کراچی ایکسپریس، گرین لائن اور سکھر ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روکا گیا۔

    کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس حادثے کا شکار

    حادثے کے فوراً بعد ہیوی مشینری موقع پر پہنچ گئی اور ٹریک کو ٹریفک کے لیے کلیئر کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔

  • کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس میں آگ لگ گئی

    کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس میں آگ لگ گئی

    کراچی: کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس کے پاور وین میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلویز کا بتانا ہے کہ کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس کے پاوروین میں آگ لگ گئی، آگ کاہنہ کے قریب لگی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ترجمان ریلویز کے مطابق ٹرین کے عملے نے پاور وین کو الگ کر کے ٹرین کی باقی بوگیوں کو بچالیا جبکہ لاہور ریلوے کی امدادی ٹیم کاہنہ روانہ کر دی گئی ہے۔

     ترجمان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، ٹرین کراچی سے لاہورجارہی تھی، واقعہ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

  • وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس کی بوگی میں‌ آتش زدگی کا نوٹس لے لیا، لاپتا افراد کی تلاش جاری

    وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس کی بوگی میں‌ آتش زدگی کا نوٹس لے لیا، لاپتا افراد کی تلاش جاری

    کراچی: وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس کی بوگی میں‌ آتش زدگی کا نوٹس لے لیا، لاپتا افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعے پر وزارت ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، واقعے میں 2 مسافر جاں بحق ہوئے جب کہ 4 مسافر کوچ سے لا پتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

    وزارت ریلوے کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سی بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، اور گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا تھا۔

    وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی، جس پر فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر پچاس منٹ تک موقع پر پہنچی، اور تقریباً چالیس منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

    وزارت ریلوے کے مطابق 70 سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا سکیں، جاں بحق ہونے والے دوسرے مسافر کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

    واقعے کے بعد ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے، اور صورت حال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے، کراچی ایکسپریس کو متاثرہ کوچ سے علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے 7 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔

    کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق

    وزارت ریلوے کے مطابق واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، اور اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

  • کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوفناک آتشزدگی، 7 افراد جاں بحق

    کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوفناک آتشزدگی، 7 افراد جاں بحق

    خیرپور: کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں سکھر کے قریب آگ لگ گئی، حادثے میں خاتون سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    ایک ہی خاندان کے 4 بچے حادثے میں لا پتا ہو گئے تھے، جن کی لاشیں بھی سرچنگ کے دوران بوگی سے برآمد ہو گئی ہیں۔ ڈی سی او ریلوے محسن سیال نے بتایا کہ ٹرین سے جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے والی 70 سالہ خاتون نے زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑا، بوگی سے ملنے والی ایک جلی ہوئی لاش کی شناخت بھی کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی بوگی میں آگ ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان لگی تھی، جس کے باعث مسافروں نے چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگائی تھیں۔

    آتشزدگی کے واقعے کے بعد اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، تاہم اس وقت ٹرین کے اپ ٹریک اور ڈاؤن ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، اور تمام ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہو چکی ہیں۔

    دوسری طرف ٹرین حادثے میں لاپتا ہونے والے بچوں کے والد اکرام نے بتایا تھا کہ ان کے 4 بچے لاپتا ہوئے ہیں، جن میں ان کی ایک بیٹی اور 3 بیٹے شامل ہیں۔

    ڈی سی او سکھر محسن سیال کے مطابق آتش زدگی کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے بوگی میں لگنے والی آگ پر قابو پایا، متاثرہ بوگی کے مسافروں کو دوسری بوگی میں منتقل کیا گیا۔

  • ڈرائیورز کی حاضر دماغی ،  لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس خطرناک حادثے سے بچ گئی

    ڈرائیورز کی حاضر دماغی ، لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس خطرناک حادثے سے بچ گئی

    کراچی : ٹرین ڈرائیورز کی حاضر دماغی سے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی ، ٹریک پر رکاوٹ حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی، ریلوےذرائع نے بتایا کہ دوڑ اور باندھی ریلوے اسٹیشن کے درمیان ٹریک پر موجود رکاوٹ حادثے کا سبب بن سکتی تھی تاہم ٹرین ڈرائیور نے حاضر دماغی سے بریک لگا کر ٹرین کوروک لیا۔
    .
    ریلوےذرائع کا کہنا تھا کہ لوہے سے بنی بڑی چادر نما رکاوٹ ٹرین کو روک کر الٹا سکتی تھی، جس کے باعث جانی نقصان کا خدشہ تھا۔

    یاد رہے رواں سال جون میں پشاور سے کراچی جانے والے خیبر میل کی ایک بوگی گدو اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی ، تاہم مسافر ٹرین کی رفتار کم ہونے کے باعث کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا تھا۔

    واضح رہے کہ گھوٹکی کے قریب کراچی سے فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈی ریل ہوکر ڈاؤن ٹریک پر جا گری تھی جس کے فوری بعد ڈاؤن ٹریک پر آنے والی سرسید ایکسپریس ان بوگیوں سے جا ٹکرائی۔

    دلخراش حادثے میں کسمن بچوں اور خواتین سمیت 62 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

  • کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی

    کراچی ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی

    نوابشاہ : کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی ، نوابشاہ میں بوگی سے بریک کا ٹکڑا گرکر پٹری میں پھنس گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب رات گئے کراچی سےلاہورجانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی سے بریک کا ٹکڑا گر کر پٹڑی میں پھنس گیا تاہم عملہ پٹڑی میں پھنسابریک کا ٹکڑا نکالنے میں مصروف ہیں۔

    دوسری جانب علاقہ مکینوں نے شاہ حسین ایکسپریس کو کچھ دور ہی روک دیا ، شاہ حسین ایکسپریس کواسی ٹریک سےگزرنا تھا ، علاقہ مکینوں کی کوشش سےشاہ حسین ایکسپریس ممکنہ حادثے سے بچ گئی

    ریلوےپولیس کے مطابق ٹریک کلیئر کرکے شاہ حسین ایکسپریس کو روانہ کر دیا جائے گا۔

    گذشتہ روز لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا ، جہاں روہڑی کے قریب ٹرین کی دس بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تھیں۔

    حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اورتیس سے چالیس مسافرزخمی ہوئے تھے ۔ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا جبکہ تین رکنی ٹیم نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیر ریلوے نے حادثے کی ابتدائی رپورٹ 24گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاتھا کہ حادثے میں ملوث افرادکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

  • ساہیوال: ٹرین کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    ساہیوال: ٹرین کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    ساہیوال : صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال کے قریب کراچی ایکسپریس ٹرین کی زد میں آکرموٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی علاقہ گیمبر میں موٹر سائیکل سوار لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس کی زد میں آکرموقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔ افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے کی شناخت لیاقت کے نام سے ہوئی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باوجود پھاٹک پھلانگ کر ریلوے لائن کراس کررہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آگیا۔

    حادثے کے بعد ٹرین کو معمول کی کارروائی کے بعد کراچی روانہ کردیا گیا ہے، مذکورہ پھاٹک پر آئے روز ایسے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔

    ملتان: ٹرین کی زد میں آکر 4 افراد جاں بحق ہوگئے

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 21 نومبر2018 کو صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں انصاری چوک پھاٹک پر ٹرین کی زد میں آکر چار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    واضح رہے کہ فروری 2017 میں پنجاب میں رکشہ لاہور سے کراچی آنے والی فرید ایکسپریس کی زد میں آگیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔