Tag: کراچی بارش

  • کراچی بارش: رین ایمرجنسی کا دعویٰ بارش کے پانی میں ڈوب گیا

    کراچی بارش: رین ایمرجنسی کا دعویٰ بارش کے پانی میں ڈوب گیا

    کراچی: شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بارش میں رین ایمرجنسی کا دعویٰ بھی ڈوب گیا، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پھر کچھ دیر کی بارش کے بعد نارتھ ناظم آباد میں اربن فلڈنگ کی صورت حال دیکھی گئی ہے، شادمان، نیو کراچی، سخی حسن اور کے ڈی اے پانی میں ڈوب گئے، گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا، شادمان نالہ بھی چوک ہونے کے باعث اوور فلو ہونے پر اطراف کی شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، نکاسی کے لیے کوئی مشینری اور عملہ نہیں پہنچا۔

    سخی حسن قبرستان جانے والا روڈ، شادمان دو نمبر، کے ڈی اے فلیٹس کے اطراف کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کی آمد و رفت منقطع ہو گئی، کئی شہریوں کی گاڑیاں پانی میں خراب ہو گئیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر نوائے وقت کے دفتر سے لے کر گرومندر تک ٹریفک کی روانی میں خلل آ گیا ہے، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ سے ناتھا خان، سہراب گوٹھ سے ایدھی سینٹر جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی میں خلل ہے، ایم ٹی خان روڈ سے جناح برج تک ٹریفک جام ہو گیا، کورنگی میں بروکس چورنگی اور گیٹس چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    بارش میں گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا ہے، نالے میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے اطراف کی گلیوں اور سڑکوں میں نالے کا پانی جمع ہونے لگا ہے۔

    ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث کئی شاہراہوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو چکا ہے، ناظم آباد میں گھروں کے باہر پانی موجود ہے، شہریوں کی گاڑیاں بھی بند ہو گئیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث بچوں نے گندے پانی کو سوئمنگ پول بنا لیا۔

    خیال رہے کہ پی ڈی ایم اے نے دو دن قبل الرٹ جاری کیا تھا، تاہم اس سلسلے میں محکمہ بلدیات اور سندھ حکومت کے دعوے دھرے رہ گئے، مشینری اور عملہ سڑکوں سے غائب ہے، اور بارش ایک بار پھر شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے۔

    اس وقت کراچی کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، ناگن چورنگی ایک بار پھر جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی، فٹ پاتھ اور سڑک ایک لیول پر آ گئے ہیں، پانی جمع ہونے سے ناگن چورنگی نالے کا پانی بھی اوور فلو ہو گیا۔

  • کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے مزید چار شہری جاں بحق

    کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے مزید چار شہری جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والی بارشوں میں ایک بار پھر کرنٹ لگنے سے  اب تک چار شہری جاں بحق ہوگئے، صوبائی وزیر توانائی نے پیش کش کی ہے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے والے لواحقین کو سندھ حکومت معاونت فراہم کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں کے دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے جس میں اب تک چار شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

    سٹی کورٹ میں واقع سول اسپتال کے قریب کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے پانی میں پھیلنے والے کرنٹ سے دونوں شہری جاں بحق ہوئے، مرنے والوں کی شناخت 8 سالہ انس اور جواد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کے کھمبے میں کرنٹ سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوا جبکہ سول اسپتال کے قریب بارش کے پانی میں‌ پھیلنے والے کرنٹ‌ سے جوان نامی شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کا نوٹس

    علاوہ ازیں لانڈھی اور ماڈل کالونی میں بھی کرنٹ لگنے سے دو شہریوں کی ہلاکت ہوئی، ایک روز قبل کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

    دوسری جانب وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کرنٹ سے ہونے والی ہلاکتوں اور فیڈرز ٹرپ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سربراہان سے رابطہ کیا۔

    امتیاز شیخ نے بارشوں میں کرنٹ سےہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ادارے سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیرتوانائی سندھ نے ہدایت کی کہ ذمہ داران کا تعین کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی بارش : پانی سڑکوں پر موجود، بجلی بھی بحال نہ ہوسکی

    اُن کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی نا اہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتناپڑ رہا ہے، کرنٹ لگنے کے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اگر کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کراناچاہتے ہیں تو صوبائی حکومت انہیں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ماہ جولائی کے آخری دنوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 12 شہری کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے جس پر نیپرا نے نوٹس لے کر کے الیکٹرک سے جواب طلب کیا تھا۔

  • آج بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی، کل کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    آج بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی، کل کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    کراچی: شہر قائد میں مون سون کے چوتھے اسپیل کا دوسرا روز ہے، محکمہ موسمیات نے آج بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج شہر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، آج پورا دن وقفے وقفے سے تیز بارش ہوگی، بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا، آج اور کل 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں بھی تیز بارش کا امکان ہے، کراچی اور حیدرآباد میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بلوچستان میں بارش کے باعث کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، سندھ، مکران کے ساحل پر سمندری لہریں تلاطم خیز رہیں گی، ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں‌ تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک کی روانی متاثر

    گزشتہ روز کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران کہاں کتنی بارش ہوئی ، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق پی اے ایف بیس فیصل میں سب سے زیادہ 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    سرجانی ٹاؤن میں 72 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، صدر کے علاقے میں 70 ملی میٹر، ایئر پورٹ اور اطراف 67 اعشاریہ 9 ملی میٹر بارش، یونی ورسٹی روڈ پر 54.4، گلشن حدید میں 52.5 ملی میٹر، لانڈھی میں 43.6 جب کہ ناظم آباد میں 39.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    نارتھ کراچی میں 33.3، کیماڑی میں 22، جناح ٹرمینل پر 11 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی کا ایک علاقہ تالاب بنا تو شہری کو چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی کا ایک علاقہ تالاب بنا تو شہری کو چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کا ایک علاقہ گزشتہ روز کی تیز بارش میں جب تالاب بنا تو ایک شہری کو نقل و حمل کے لیے چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو ایک ایسی ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک شہری چھوٹی سی کشتی بنا کر علاقے میں بارش کے پانی سے بنی سیلابی صورت حال میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہا ہے۔

    کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کا مسئلہ ہمیشہ شہریوں کے لیے پریشان کن ہوتا ہے اور شہری انتظامیہ دعوے تو کرتی ہے لیکن جیسے ہی بارش برستی ہے، سارے دعوؤں کی قلعی کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔

    قائد اعظم کی جائے پیدائش برساتی پانی میں ڈوب گئی

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح اورنگی ٹاؤن کا یہ علاقہ بارش کے بعد سیلاب کی سی صورت حال سے دوچار ہے، اسی دوران ایک شہری نے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کا یہ طریقہ ڈھونڈ نکالا کہ چھوٹی کشتی بنا لی۔

    مون سون کے تیسرے اسپیل کی تیز بارش کے باعث اورنگی کی گلیوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہو گیا تھا، مذکورہ شہری نے اپنی اور دوسروں کی مدد کے لیے فائبر سے بنی پانی کی ٹینکی کے آدھے حصے کو کشتی کے طور پر استعمال کیا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی ناقص رین ایمرجنسی پالیسی کے باعث گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے پانی میں کھارادار میں بنی قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن بھی ڈوب گئی تھی۔

  • کراچی: موٹر سائیکل سوار بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر لاپتا

    کراچی: موٹر سائیکل سوار بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر لاپتا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 مخدوم شاہ کالونی میں ایک موٹر سائیکل سوار تیز بارش کے پانی کے بہاؤ میں بہہ کر لا پتا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک موٹر سائیکل سوار نالے میں گر گیا، پانی کے تیز بہاؤ کے باعث موٹر سائیکل سوار لاپتا ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

    اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت شہری کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    ادھر کراچی میں ناگن چورنگی پاور ہاؤس، یو پی موڑ پر نالہ ابل پڑا ہے اور سڑک زیر آب آ گئی ہے، ناگن چورنگی سے پاور ہاؤس تک سڑک زیر آب آنے سے ٹریفک بھی معطل ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد سرجانی ٹاؤن بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    سرجانی نالہ اوور فلو ہونے سے سڑکیں اور نالہ ایک لیول پر آ گیا، پانی بھر جانے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، برساتی پانی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جگہ جگہ گاڑیاں بند ہو گئی ہیں۔

    بارش سے سبزی منڈی میں بھی تباہ کاری ہوئی ہے، بارش کے پانی سے سبزی منڈی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، پانی سے سبزی منڈی کچرے اور کیچڑ کا مرکز بن کر تعفن زدہ ہو گئی سے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ سر اٹھا چکا ہے، ہول سیل فروٹ، سبزی منڈی میں لاکھوں روپے کا مال بارش کی نذر ہو چکا ہے، منڈی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچا۔

    دوسری طرف صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی مختلف علاقوں کے دورے پر نکل چکے ہیں، صوبائی وزرا نے بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، ناصر شاہ نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل کمشنرز اور افسران نکاسی آب کے لیے سڑکوں پر رہیں۔

    خیال رہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلستاں جوہر یونی ورسٹی روڈ پر 78.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، سرجانی ٹاؤن میں 68.4 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 57.6 ملی میٹر، صدر میں 51، کیماڑی میں 48.5، نارتھ کراچی میں 47.3 ملی میٹر، فیصل بیس پر 43 ملی میٹر، ناظم آباد میں 27.5 ملی میٹر، کلفٹن میں 21.4، پی اے ایف مسرور 18، جب کہ لانڈھی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ گیا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ گیا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے، مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے، بارش کا سسٹم شہر کے شمال مغرب میں موجود ہے، کراچی کے شمال مغربی علاقوں میں رات کو بوندا بانی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور مربوط ہے، کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے آدھا شہر پانی میں ڈوب گیا تھا۔

    یہ پڑھیں: مون سون کا دوسرا اسپیل، کراچی ڈوب گیا

    بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوا، کراچی کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل، ڈینسول ہال، زینب مارکیٹ اور میٹروپول پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی تھی۔

    کراچی کے علاقے کلفٹن نیلم کالونی میں بارش کے دوران گھر میں کرنٹ لگنے سے حسین نامی شخص جبکہ کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس اہلکار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کرنٹ سے انتقال کر جانے والے اہلکار کا نام ارشد علی تھا، وہ چائے لینے کے لیے ہوٹل پر رکا کہ اسی دوران بجلی کا تار اُس پر گر گیا، اہلکار ارشد ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) میں تعینات تھا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صبح بھی کراچی میں ہلکی بارش ہوئی، شہر قائد کے علاقں صدر، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، کورنگی اور نارتھ کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

    نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاؤن میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فی صد، اور رفتار 16 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں کل بھی بارش کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے، کل بھی صدر، ایم جناح روڈ کے اطراف کے علاقوں، گلشن اقبال، حسن اسکوائر کے اطراف، سپر ہائی وے، عائشہ منزل اور واٹر پمپ کے اطراف بھی بارش ہوئی تھی۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کریں، غیر قانونی ذرایع سے بجلی کا حصول جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کا موسم خوش گوار

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کا موسم خوش گوار

    کراچی: شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث شہر کا موسم نہایت خوش گوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے آج موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    آج صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، کراچی کے علاقوں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 20 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 فی صد ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آیندہ چوبیس گھںٹوں میں بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ اسکردو میں آج پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

    ادھر لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، قومی شاہراہ پر لاہور، چوہنگ، موہلنوال، مراکہ کے علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، مانگا منڈی، دینہ ناتھ، پھول نگر، جمبر، پتوکی اور حبیب آباد میں بھی دھند کا راج ہے، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر تک ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

    لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    بارش سے موسم پھر سہانا ہوگیا، تاہم کراچی میں نکاس آب کے بہتر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کو خدشہ ہے کہ سڑکیں تالاب نہ بن جائیں۔

    کراچی بارش، نشیبی علاقوں کی بجلی 36 گھنٹوں سے غائب

    دوسری جانب حیدرآباد میں جمعرات کو شام میں بارش ہوئی جس کے بعد زیادہ تر علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے، واسا کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

    حیدرآباد میں جمعرات کو شام سوا چار بجے کے قریب کالی گھٹاں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ درمیانی بارش ہوئی، بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں بجلی بند ہوگئی اور رات تک بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔

    بارش کی وجہ سے حیدرآباد شہر لطیف آباد اور قاسم آباد میں کچی آبادیاں اور نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جس سے کچرے کے ڈھیروں اور گٹر ابلنے کے نتیجے میں بنے ہوئے جوہڑوں کی وجہ سے تعفن میں اضافہ ہوگیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اس دوران کرنٹ لگنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ہجرت کالونی میں کرنٹ لگنے سے 8 سالہ ارمان جاں بحق ہوگیا، ناظم آباد موسیٰ کالونی کے قریب کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق سائٹ ایریا میں ہوٹل میں بیٹھے 2 افراد پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گرگئے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی شناخت 45 سالہ عبدالمنان اور 35 سالہ عبدالرؤف کے ناموں سے ہوئی ہے، اورنگی ٹاؤن میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے کس علاقے میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی؟

    دوسری جانب بارش کے باعث کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، پی آئی بی، گلستان جوہر سمیر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    یاد رہے کراچی میں جولائی سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ نیپرا نے کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کا نوٹس لیا تھا اور 19 جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیا تھا۔