Tag: کراچی بارش

  • کراچی کے کس علاقے میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی؟

    کراچی کے کس علاقے میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ ناظم آباد میں 57.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 57.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صدر، سرجانی ٹاؤن میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کلفٹن میں 42.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    اسی طرح مسرور بیس پر 33 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لانڈھی میں 20 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس پر 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر 3 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا ،چیف میٹرولوجسٹ

    واضح رہے کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے کئی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا جبکہ سائٹ ایریا میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ادھر ناظم آباد ایک نمبر پر 2 درخت اور ایک پول گر گئے، پول گرنے کے باعث بجلی اور کیبل کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں، ناگن چورنگی یوپی موڑ پاور ہاؤس پر نالہ ابل گیا۔

    ناگن چورنگی یوپی موڑ پر نالہ ابلنے سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، ناگن چورنگی پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

    خیال رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں حالیہ سسٹم سے بارش کا آج آخری روز ہے، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور شہر میں دو روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، گلشن معمار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، صفورا چورنگی میں تیز بارش ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی، حسن اسکوائر، ناظم آباد میں بھی تیز بارش ہوئی ہے، موٹر پولیس کے مطابق ایم نائن کراچی تا نوری آباد تک تیز کے ہوا ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، روڈ پر پھسلن ہے گاڑی احتیاط سے چلائیں۔

    بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم میں وکٹوں پر کوور رکھنا مشکل ہوگیا، وکٹوں کو بچانے کے لیے گراؤنڈ مین نے اقدامات شروع کردئیے، پاکستان اور سری لنکا سیریز کے لیے 5 وکٹیں بنائی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں 25 اور 26 ستمبر کو ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم خوشگوار ہے، درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مختلف سمت سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، بیکا طوفان بحریہ عرب میں موجود ہے جو عمان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 24 اور 25 ستمبر تک سمندری طوفان اومان کے ساحل پر اثرانداز ہوسکتا ہے جبکہ 25 ستمبر سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 25 اور 26 ستمبر کو کراچی میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے لیکن اب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں ہلکی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

  • کراچی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق 2 بچے سپرد خاک

    کراچی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق 2 بچے سپرد خاک

    کراچی: نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک کے ظلم کا شکار دونوں بچوں احمد اور عابد کر آہوں و سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو دن کی بارش نے 15 افراد کی جان لے لی، نارتھ ناظم آباد کے دو دوست بھی بارش کے بعد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئے، دس سالہ احمد اپنے 12 سالہ دوست عابر کو بچاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، دونوں دوستوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    بچوں کی نماز جنازہ میں اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دونوں بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، بچوں کی دادی اپنے پوتے کو یاد کرکے رو رہی ہیں۔

    بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، اگر ہم نے خاموشی اختیار کی تو کل خدانخواستہ کسی اور کا لخت جگر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

    مزید پڑھیں: 2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ بچوں کو دیکھا وہ سائیکل چلا رہے تھے کہ اچانک ایک بچہ بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے سبب جاں بحق ہوا اس کا دوست اسے بچانے لگا تو وہ بھی کرنٹ لگ کر جاں بحق ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کی لاشیں کئی گھنٹے تک جائے وقوعہ پر پڑی رہیں، پھر میں نے کے الیکٹرک کو کال کی لیکن کوئی نہیں آٰیا، اس کے بعد 15 پر کال کرکے پولیس کو بلایا گیا پولیس کی موبائل آئی اور انہوں نے ایدھی کو فون کیا ایدھی کے رضاکاروں نے بچوں کو پول سے الگ کیا۔

    سندھ گورنمنٹ نے ہر بار کی طرح بارش سے ہلاکتوں کے الزامات کے الیکٹرک پر ڈالتے ہوئے اپنی جان چھڑا لی ہے۔

  • کراچی : بارش کے بعد ایم نائن موٹروے پرسیلاب، پولیس اور فوجی جوانوں کی امدادی کارروائیاں

    کراچی : بارش کے بعد ایم نائن موٹروے پرسیلاب، پولیس اور فوجی جوانوں کی امدادی کارروائیاں

    کراچی : اندرون سندھ اور کراچی میں مسلسل تیز بارش کے بعد بارش کا پانی سیلاب کی صورت اختیار کرگیا، ایم نائن موٹر وے پر پانی آنے سے حیدرآباد سے کراچی کی ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، پاک فوج اور پولیس کے جوانوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش کے بعد اب سیلابی صورتحال کا سامنا ہے ،کراچی میں سیلابی ریلہ ایم نائن موٹر وے پر آگیا، ناردرن بائی پاس سے داخل ہونے والے سیلاب نے موٹروے کو دریا بنا دیا۔

    فوج کے جوانوں کے ساتھ رینجرز اور موٹروے پولیس کے اہلکار مصیبت میں گھرے شہریوں کی مدد کو پہنچ گئے۔ کراچی میں بارش سے سنگین صورتحال سپرہائی وے ایم نائن سیلابی ریلوں کی زدمیں پانی کا تیز ریلہ ناردرن بائی پاس کی طرف سے ہائی وے کی حدود میں داخل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے کراچی سے حیدرآباد جانےوالے ٹریک کو دریا میں تبدیل کردیا۔

    دومیٹر ٹریک پرسیلاب کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔ موٹروے پولیس رینجرز اور فوجی جوانوں نے موقع پر پہنچ کر شہریوں کو مدد فراہم کی۔ سیلابی ریلوں نے حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریک کو بھی ٹریفک متاثر کیے رکھا۔

    سیلابی ریلے موٹروے سے مضافاتی علاقوں میں داخل ہوا، جس کے باعث تیسرٹاؤن، شہبازگوٹھ، محمد  خان گوٹھ سمیت کئی علاقے زیرآب آگئے، موٹروے پولیس نے موٹروے ایم نائن پر سفر کرنے والے مسافروں کو احیتاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

    واضح رہے کہ شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی، حالات کو بہتر کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی۔

    آج میئر کراچی وسیم اختر نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کو خط لکھ کر وفاق سے شہر کی حالت بہتر کرنے کے لیے مدد طلب کی تھی، جس پر وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم اے سے رابطے کیے اور کراچی کی صورت حال پر تعاون مانگا۔

  • کراچی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 افسران معطل

    کراچی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 افسران معطل

    کراچی: شہر قائد میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے اور رین ایمرجنسی میں غفلت برتنے پر 6 افسران کو معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈیفنس، گلستان جوہر اور خاموش کالونی میں 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے، محمود آباد اور پاپوش نگر میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ملیر میں بھی کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    بلدیاتی اداروں اور سندھ حکومت کی قلعی کھل گئی

    چند گھنٹوں کی بارش نے بلدیاتی نمائندوں اور سندھ حکومت کی قلعی کھول دی، بارش سے تمام شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، نالے ابل پڑے، 500 سے زائد بلدیاتی نمائندوں کے باوجود کارکردگی صفر رہی۔

    بسیں گڑھے میں پھنس گئیں، انتظامیہ غائب

    ادھر ناظم آباد نمبر 7 کے قریب 2 بسیں گڑھے میں پھنس گئیں، بسوں کو نکالنے کے لیے شہری انتظامیہ غائب، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    رین ایمرجنسی میں غیرحاضر 6 افسران معطل

    ملیر میں رین ایمرجنسی میں غفلت برتنے پر 6 افسران کو معطل کردیا گیا، معطل افسران میں اے ای ای ظہیر الدین، جمال عباسی، انجینئر فیاض علی ڈومکی، رسول بخش، اسرار احمد اورمحمد عالم شامل ہیں، افسران کو رین ایمرجنسی کے دوران غیرحاضری کومعطل کیا گیا۔

    صدر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ

    کراچی میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سرجانی میں 50، شاہ فیصل 45 ملی میٹر، نارتھ کراچی 42 ملی میٹر، ناظم آباد میں 39، جناح ٓٹرمینل 35، یونیورسٹی روڈ پر 34.3، گلشن حدید میں 21، لانڈھی میں 11 اور کیماڑٰ میں 4.5 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔

    وزیر بلدیات سندھ کا لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ

    وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاری کے مختلف سڑکوں کا دورہ کیا، سعید غنی نے کہا کہ کئی سڑکوں سے پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی، ٹریفک کی روانی جاری ہے۔

    گورنر سندھ اور میئر کراچی کا گجرنالے کا معائنہ

    گورنر سندھ عمران اسماعیل اورمیئر کراچی وسیم اختر نے گجرنالے کا معائنہ کیا، عمران اسماعیل نے کہا کہ گجرنالے کی صفائی انتہائی ضروری ہے، ہماری حکومت بااختیار بلدیاتی نظام چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بااختیاربلدیاتی نظام ہوگا تو مسائل کم ہوں گے، وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ کراچی کو فنڈز دئیے جائیں، محدود وسائل کے بعد کے ایم سی نے اچھے انتظامات کیے ہیں۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اپنے وسائل کے مطابق مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے پاس فنڈز کی کمی ہے، وفاقی، صوبائی حکومت کراچی پر توجہ دیں۔

    آخر میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وسیم اخترنے واٹر پمپ کے اطراف کیفے پیالہ پر صحافیوں کو چائے بھی پلائی۔

  • کراچی میں 2 ملی میٹر بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم

    کراچی میں 2 ملی میٹر بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم

    کراچی: شہرقائد میں دو ملی میٹر بارش سے بجلی کا نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی پیپری ون بلوچ سرکٹ ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی، کےالیکٹرک کے 365فیڈرٹرپ کرنے سے شہرکا ستر فیصد علاقے میں اندھیرا چھا گیا۔

    کراچی کے علاقے بلوچ کالونی، جیکب لائن، کوئنزروڈ، ڈیفنس، ایلنڈرروڈ گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئی، گزری، گارڈن، کورنگی ساؤتھ سمیت 17گرڈاسٹیشن شامل ہیں۔

    ہائی ٹینشن ٹرپ کرجانے سے کلفٹن، ڈیفنس، سول لائنز، سلطان آباد، گلستان جوہر، ایف بی ایریا، طارق روڈ، ملیر، شاہ فیصل اور نارتھ ناظم آباد میں بجلی بند تاحال بند ہے۔

    گلشن حدید، لانڈھی، قائدآباد، کورنگی کراسنگ، بھٹائی آباد، کرسچن کالونی، ناصرکالونی، کورنگی نمبر ایک سے پانچ تک بجلی کی فراہمی بند ہے۔

    لیاقت آباد، سرجانی، اورنگی ٹاؤن، اتحادٹاؤن، قائم خانی کالونی میں بجلی معطل ہے، بجلی کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ شہرقائد میں گذشتہ شام سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

  • وزیربلدیات سعیدغنی کی2گھنٹے میں سڑکوں اورگلیوں سے نکاسی آب کی ہدایت

    وزیربلدیات سعیدغنی کی2گھنٹے میں سڑکوں اورگلیوں سے نکاسی آب کی ہدایت

    کراچی : وزیربلدیات سعیدغنی نے متعلقہ اداروں کو 2گھنٹے میں سڑکوں اورگلیوں سے نکاسی آب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کوتاہی پرافسران وملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیےجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نے ڈی ایم سیز، سالڈویسٹ اور واٹربورڈافسران سے رابطہ کیا اور 2گھنٹےمیں سڑکوں اورگلیوں سےنکاسی آب کی ہدایت کردی۔

    سعیدغنی نے کہا کوتاہی پرافسران وملازمین کوشوکازنوٹس جاری کیےجائیں گے۔

    دوسری جانب ‌وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں رہیں اور اپنے ضلع میں عوام کی سہولت کے لیےکام کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں، ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک پولیس عوام کا خیال رکھے جبکہ وزیر  بلدیات سعید غنی کو  سڑکوں کی صفائی کا کام شروع کرانے کی ہدایت بھی کی۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، موسم سرد

    یاد رہے کراچی میں رات گئے ہونے والی مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے شہرکاحلیہ بدل ڈالا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ ا۔

    لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی، جس سے متعد د موٹر سائیکل سوار زخمی ہوئے جبکہ جوبلی کےعلاقے میں ایک شخص کرنٹ لگ کرجاں بحق ہو گیا۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، موسم سرد، بجلی غائب

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، موسم سرد، بجلی غائب

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے سبب موسم سرد ہوگیا اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے، گلشن اقبال، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایف بی ایریا، سائٹ ایریا، ناظم میں بھی بارش ہوئی ہے، لانڈھی کورنگی سمیت اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اندرون سندھ کے مختلف علاقوں خیرپور، سکھر اور گردونواح میں بارش سے شردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور شہری اذیت میں مبتلا ہوگئے۔

    کراچی میں بارش کے نتیجے میں متعدد موٹر سائیکلیں سلپ ہوگئی جس کے نتیجے میں متعدد موٹر سائیکل زخمی ہوگئے انہیں طبی امدادد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: بارش کا نیا سسٹم داخل، کراچی اور بلوچستان میں‌ ایمرجنسی نافذ

    مختلف علاقے بجلی سے محروم

    بارش ہوتے ہی مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، سرجانی ٹاؤن، بلدیہ، ملیر، لانڈھی ابو الحسن اصفہانی روڈ، اعظم بستی، اختر کالونی، شاہ فیصل میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے

    احتیاطی تدابیر

    کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں اور بچوں کو بجلی کے تاروں سے دور رکھیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ بارش کے نئے سسٹم کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد سندھ، بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

    اب سے کچھ دیر قبل سندھ کے شہر لاڑکانہ اور گورک ہل میں موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے بعد گورک ہل میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔

  • کراچی بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ

    کراچی بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ

    کراچی : بلدیاتی اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث بارش کو دو دن گزرنے کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا کام نہیں کیا جاسکا، قیوم آباد سمیت دیگرعلاقے جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق باران رحمت شہری انتظامیہ کی نااہلی اورغفلت کے باعث باران زحمت اوراذیت بن گئی، شہر کے بیشتر مقامات میں سیوریج کی لائنیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔ بارش کے پہلے قطرے کے ساتھ ہی گٹر اور نالے ابل پڑے۔

    موسلا دھار بارش کے باعث گھروں میں گندہ پانی داخل ہوگیا، ندی نادلوں میں طغیانی کے باعث کراچی کے علاقے ایف بی ایریا رحمان آباد میں سیوریج کا پانی گھروں اور مسجد میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا رہا۔

    ڈپٹی کمشنرکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنرضلع وسطی مسجد پہنچ گئیں مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی شروع کردی، مکینوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا۔

    دوسری جانب شہر کی مختلف شاہراہوں پرکھلے مین ہولز اور سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے شہریوں کیلئے خوف کی علامت بن گئے، گرومندر سے نمائش جانیوالی روڈ پر مین ہولز اورگڑھوں سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے۔

  • کراچی بارش اور کے الیکٹرک کی کارکردگی، 41 فیڈرز ٹرپ

    کراچی بارش اور کے الیکٹرک کی کارکردگی، 41 فیڈرز ٹرپ

    کراچی : بارش کے بعد فیڈر ٹرپ ہونے سے شہریوں کوطویل لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑ رہا ہے ۔

    گھنٹہ بھر بارش کیا ہوئی کے الیکٹرک کے بلند و بانگ دعوں کی فلعی بھی کھل گئی، شہر کے اکتالیس فیڈرز ٹرپ ہوئے، شہریوں کو طویل لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑا۔

    کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث خراب ہوئی تمام ٹرانمیشن لائنز اور گرڈ کو بحال کر دیا گیا ہے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث بارہ زیر زمین کیبل فالٹ آئے ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی کے بعد کیبل فالٹ کی درستگی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

    ریپڈ رسپانس ٹیم ٹوٹے ہوئے تاروں کی مرمت میں مصروف ہیں، کے الیکٹرک نے عوام کو بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں اور کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے لیکن کے الیکٹرک جو شہریوں کو ہدایت کر دیتی لیکن اسے ہدایت کون کرے۔