Tag: کراچی بچہ اغوا

  • کراچی میں دن دیہاڑے 9 ماہ کے بچے کا اغوا، مقدمہ درج

    کراچی میں دن دیہاڑے 9 ماہ کے بچے کا اغوا، مقدمہ درج

    کراچی : قیوم آباد ڈی ایریا سے نو ماہ کے بچے کا اغوا کرلیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ، مغوی بچے کی والدہ شدت غم سے بے حال ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بچے کے اغواء اور سنگین واقعات ہونے کے باوجود پولیس سبق نہ سیکھ سکی، ڈیفنس تھانے کی حدود قیوم آباد ڈی ایریا سے 9 ماہ کا بچہ اغواء ہوگیا۔

    ڈیفنس تھانے میں والد کی مدعیت میں 9 ماہ کے بچےکے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمے کے متن میں کہا ہے کہ گلی میں چھ سال کی بچی نوماہ کے بچے کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ رکشہ ڈرائیور اور خاتون دونوں کو اغوا کر کے لے گئے تاہم چارگھنٹے بعد بچی کو کراسنگ کے پاس چھوڑ دیا اور نوماہ کا بچہ لے گئی۔

    تھانے کے باہر مغوی 9 ماہ کے بچے کی والدہ شدت غم سے نڈھال ہیں، والدہ کا کہنا ہے کہ میرے2 بچوں کا انتقال ہوچکا ہے یہ میرا اکلوتا بیٹا تھا۔

    والدہ نے آہ و بکا کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے میرے بیٹے کو بازیاب کروایا جائے جبکہ چچا نے بتایا کہ میں نے 2 مرتبہ 15 پر فون کیا دو مرتبہ تھانے مقدمہ کروانے آیا، اب جاکر پولیس نے مقدمہ کیا ہے۔

  • موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    کراچی: شہر قائد میں لاقانونیت کی انتہا ہو گئی، موٹر سائیکل سوار مرد عورت 12 سال کے ماموں کی گود سے 2 سال کا بھانجا چھین کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعید آباد سے 2 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا ہے، جس کا مقدمہ والد ریاض کی مدعیت میں تھانہ سعید آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ ہفتے کی شام ساڑھے 7 بجے سعید آباد پیر بازار کے علاقے میں پیش آیا، جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ بچے کے والدین سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

    بچے کے والد ریاض نے پولیس کو بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں، ’’دوپہر کو میری ساس آئی اور میرے بیٹے 2 سالہ سمیر کو اپنے گھر جی سیون اسٹاپ لے گئی، وہ اکثر پہلے بھی لے جاتی تھی۔‘‘

    بچے کے والد کے بیان کے مطابق ’’شام 8 بجے سالے نے بتایا کہ میرا چھوٹا بارہ سالہ چھوٹے کو پیدل لے کر گھر آ رہا تھا، اسی دوران موٹر سائیکل پر مرد اور خاتون آئے اور بچہ چھین کر فرار ہو گئے۔‘‘

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی عدم فراہمی کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا روٹ میپ تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔