Tag: کراچی بک فیئر

  • عالمی کتب میلہ کامیابی کے نئے سنگِ میل پر، آئندہ حکومتی اشتراک سے انعقاد کا منصوبہ

    عالمی کتب میلہ کامیابی کے نئے سنگِ میل پر، آئندہ حکومتی اشتراک سے انعقاد کا منصوبہ

    کراچی: ایکسپو سینٹر کراچی میں عالمی کتب میلے کا آج تیسرا دن ہے، اس میلے میں اب تک 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے شرکت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری پانچ روزہ عالمی کتب میلے میں گزشتہ روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کتب میلے میں شرکت کی۔ صبح سے ہی بڑی تعداد میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹی، مدارس کے طلبہ سمیت سماجی، ادبی اور سرکاری شخصیات نے کتب میلے کا دورہ کیا۔

    پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے تیسرے دن بھی ہزاروں کی تعداد میں کراچی کے مختلف نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور ماہرین تعلیم شرکت کر رہے ہیں، کتب میلہ کے کنوینر وقار متین کے مطابق اب تک لاکھوں کتابیں فروخت ہو چکی ہیں۔

    کراچی انٹرنیشنل بک فیئر

    وقار متین کے مطابق آج بھی ریکارڈ تعداد میں شہریوں کی شرکت متوقع ہے، ایکسپو میں گنجایش نہ ہونے کے سبب متعدد پبلشرز کو جگہ بھی فراہم نہیں کی جا سکی ہے، اس لیے آئندہ سال ہم تمام ہال بک کرنے کی کوشش کریں گے۔

    وقار متین نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ آئندہ سال سندھ حکومت کے اشتراک سے کتب میلے کا انعقاد کریں، کیوں کہ کتب ملیہ کلچر کو سندھ کے دیگر اضلاع میں شروع کرنے کی تجاویز بھی آئی ہیں۔

    کتب میلے میں ترکی کی جانب سے لگایا گیا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، مفت کتب تقسیم کی گئیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن انسٹیٹیوشن رافعہ جاوید نے دورے کے موقع پر کہا عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے کہا ہمارے علاقے کے تمام اسکولز اس کتب میلے میں شرکت کریں گے اور اس کے لیے فنڈز بھی مختص کریں گے۔

    ترکی اسٹال کے نمائندہ محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا بردار ملک ہے یہاں کے لوگ انتہائی پُر خلوص ہیں مجھے پاکستان بہت پسند آیا اگلے سال پھر آنے کا ارادہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں کتب کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے یہ کتب میلہ ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا نواجوان اس وقت بھی کتب میں دل چسپی رکھتا ہے۔

  • 18 ویں عالمی کتب میلے میں شہریوں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

    18 ویں عالمی کتب میلے میں شہریوں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

    کراچی: 18 ویں عالمی کتب میلے میں شہریوں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری کے آئی بی ایف میں اتوار کے روز ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی، آج بروز پیر کتب میلے کا آخری دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی پبلشرز نے شائقین کتب کے لیے آج پیر کو کتابیں مزید سستی فروخت کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ کتب میلہ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت ہر سال کراچی ایکسپو سینٹر میں پانچ دنوں کے لیے منعقد ہوتا ہے۔

    اٹھارویں عالمی کتب میلے میں اتوار کے روز طلبہ و طالبات اور شہریوں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، نمائش میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی تھی، ایک اندازے کے مطابق اتوار کے روز ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے عالمی کتب میلے میں شرکت کی۔

    عالمی کتب میلے میں الخدمت کی جانب سے طلبہ و طالبات اور شہریوں کے لیے منرل واٹر کی موبائل سروس بھی موجود تھی، کتب میلے میں سیاسی، مذہبی، علمی، ادبی، وکلا، ججز سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔

    ’’یہ کتابوں کی خوشبو کی آخری صدی ہے‘‘، ’’عالمی کتب میلے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا‘‘

    پبلشرز اور بک سیلرز کی جانب سے اتوار کے روز شہریوں کے لیے کتب پر خصوصی رعایت بھی دی گئی، اس کتب میلے میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد کتب موجود ہیں۔ مصنفین کی جانب سے بھی ادبی کتب کی رونمائی کی گئی جب کہ مختلف پبلشرز کی جانب سے علمی و ادبی شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے سمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا، اور کئی اسٹالز پر مصنفین نے شائقین کو خریدی ہوئی کتابوں پر آٹو گراف بھی دیے۔

    عالمی کتب میلے میں آنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ اس میلے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ سستی اور تمام شعبہ جات پر مبنی کتب مہیا ہو جاتی ہیں اور بچوں کی کتب بھی مل جاتی ہیں۔ شائقین کا کہنا تھا کہ وہ اس کتب نمائش کا پورے سال انتظار کرتے ہیں۔ میلے میں طلبہ کے لیے مختلف سرگرمیوں میں کوئز، ٹیبلوز اور دیگر مقابلے بھی جاری رہے۔ عالمی کتب میلے کی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد کو کتب میلے کے داخلے کے دوران وھیل چیئر کا بھی انتظام دیکھنے کو ملا۔

    فلسطین سے آگاہی کے لیے فلسطین بورڈ گیم متعارف

    دنیا کی تاریخ میں پہلی بار بچوں میں فلسطین سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے فلسطین بورڈ گیم متعارف کروا دیا گیا۔ ایکسپو سینٹر میں جاری 18 ویں کراچی انٹرنیشنل کتب میلے میں انبیا کی سرزمین فلسطین میں شہروں کے نام اور فلسطین میں مختلف عہد میں ہونے والی جنگوں کے مقام کے بارے میں فلسطین بورڈ گیم متعارف کروایا گیا، جس میں شہریوں اور طلبہ نے خصوصی دل چسپی کا اظہار کیا۔

    اس بورڈ گیم میں فلسطین کی سرزمین میں مدفون 13 انبیائے کرام کی جائے مدفن میں سے کوئی شخص 4 کو پار کر لے تو بیت المقدس میں داخل ہو جاتا ہے، یہ دل چسپ گیم شہریوں کی دل چسپی کا مرکز رہا۔

    آئی ایس پی آر کا اسٹال

    کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں آئی ایس پی آر کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے، جس پر بچوں، بڑوں اور خواتین کا رش رہا۔ آئی ایس پی آر کے اسٹال پر شہید جوانوں کی سوانح اور ان کے کارناموں اور شجاعت پر مبنی کتب میں نوجوانوں، بچوں نے دل چسپی لی اور دیگر کتب کی خریداری کی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے ماہانہ بنیادوں پر چھپنے والا میگزین ہلال بھی لوگوں نے خریدا اور سالانہ ممبر شپ فارم بھی حاصل کر کے پُر کیا۔