Tag: کراچی سمن آباد

  • کراچی میں 2 کم عمر طالبعلموں کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی کس کی تھی؟ اہم انکشاف

    کراچی میں 2 کم عمر طالبعلموں کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی کس کی تھی؟ اہم انکشاف

    کراچی : سمن آباد کےعلاقے سے 2 کم عمر طالبعلموں کے اغوا میں اغوا میں استعمال گاڑی رینٹ اے کار کی نکلی اور بچوں کے فرسٹ کزن وجاہت نے اغوا کی منصوبہ بندی کی۔

    کراچی میں سمن آباد کےعلاقے سے 2 کم عمر طالبعلموں کے اغوا کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے، ایس ایس پی اے وی سی سی ظفر صدیق نے بتایا کہ اغوا میں استعمال گاڑی رینٹ اے کار کی نکلی، اسپیشل ٹیم نے ناگن چورنگی کے قریب شو روم پر چھاپہ مارکرگاڑی برآمد کرلی ہے۔

    ظفر صدیق کا کہنا تھا کہ اغوا کیلئے صائم عرف بلوچ نے گاڑی کرائے پر لی تھی، اغواسے ایک روز قبل 25مارچ کو گاڑی کرائے پر لی گئی تھی۔

    ایس ایس پی ظفرصدیق نے بتایا کہ بچوں کے فرسٹ کزن وجاہت نے اغواکی منصوبہ بندی کی تھی، اغواء میں ملوث 5ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں اور پانچوں ملزمان کا پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کرچکے ہیں جبکہ مزید2ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یاد رہے چند دن قبل شہر قائد کے علاقے ناگن چورنگی پر اغوا کاروں کو اسکول جاتے اٹھائے جانے والے دو بچوں کو چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

    پولیس نے سمن آباد کراچی سے اسکول آنے والے دو بھائیوں کو اسکول وین سے اتار کر اغوا کرنے والے 5 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا تھا۔

    اغوا کاروں نے بچوں کو اغوا کرنے کے بعد اسکول وین کے ڈرائیور سے لیے گئے فون پر ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا تقاضا بھی کیا تھا، بچوں کا کہنا تھا کہ انھیں حیدرآباد لے جایا گیا تھا، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد بچوں کو ناگن چورنگی پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اغوا کار گروہ کا ماسٹر مائنڈ مغوی بچوں کا قریبی رشتے دار وجاہت نکلا، جسے لگتا تھا کہ اس کے انکل کے پاس بہت پیسے ہیں۔

  • کراچی :  راہ چلتی خاتون  کو ہراساں کرنے کا مقدمہ  درج

    کراچی : راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج

    کراچی : سمن آباد میں راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 17 میں خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    واقعے کا مقدمہ سمن آباد تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں خاتون کی عفت میں خلل ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفتیشی حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے تاحال پولیس سےرابطہ نہیں کیا، نادرا ریکارڈ سے ملزم کی شناخت کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔

    ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے کے پولیس انفارمرز کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک خاتون نے سامنے آکر شکایت نہیں کروائی، کوئی عینی شاہد ملا اور نہ ہی ملزم کا سراغ تاہم اطراف کی سی سی ٹی وی بھی حاصل کررہے ہیں۔

    یاد رہے کراچی کے سمن آباد میں سنسان گلی میں موٹرسائیکل سوار نے پردے دار خاتون سےغیراخلاقی حرکت کی ، جس پر خاتون اچانک اس واردات پر دم بخود اُسےدیکھتی رہی اور وہ جاتےجاتےاشارہ بھی کرگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس کی حرکت اور چہرہ واضح ہے۔

    واضح رہے کچھ روزقبل گلستان جوہرمیں بھی ایک شخص نےراہ چلتی لڑکی سے بےہودگی کی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کا خاکہ بھی بنایاگیا، کچھ دن بہت شور ہوا اورپھر پولیس خاموشی سےبیٹھ گئی تھی۔

    ایسے واقعات میں متاثرہ لڑکیاں اور ان کے گھر والے سامنے آنے سے کتراتےہیں اور پولیس مقدمہ درج کرلیتی ہے، جس کے بعد انفارمرز کو فعال کردیا جاتاہے، نادراریکارڈ بھی ٹٹولا جاتا ہے لیکن ملزم ہاتھ نہیں آتا۔

  • کراچی میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمن آباد پولیس نے تین سو وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

    ملزمان نے دوران تفتیش تین سو سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان جہانزیب اور سمیر کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو دکان میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

    ادھر نیو کراچی صنعتی علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیےگئے ہیں، ملزمان سے دو پستول، گولیوں سے بھرا تیس بور کا میگزین اور موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی۔

    زخمی ڈاکوؤں کی شناخت 30 سالہ ممتاز ولد جان محمد اور 27 سالہ جمیل ولد وزیر علی عمر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ایک اور کارروائی میں گڈاپ پولیس نے کراچی میں سپر ہائی وے پر وارداتیں کرنے والے وائٹ کرولا گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ملزمان میں شاہ نواز، رفیق، کیشور اور کرم شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایک کار برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ہائی وے پر پٹرول پمپ لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔