Tag: کراچی سپر اسٹور

  • سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایس بی سی اے نے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی

    سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایس بی سی اے نے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی

    کراچی: شہر قائد میں واقع ایک سپر اسٹور میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث متاثرہ بلڈنگ بہ ظاہر ناقابل رہائش ہو چکی ہے، تاہم ایس بی سی اے نے اس بات کے باقاعدہ تعین کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جیل چورنگی پر آگ سے متاثرہ بلڈنگ ابتدائی انسپیکشن میں ناقابل رہائش قرار دی گئی تھی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کر دی۔

    ڈی جی نے بتایا کہ یکم جون کو سمیعہ برج ویو میں آگ لگی جسے بجھانے میں تین روز لگے، بلڈنگ کے بیسمنٹ کو گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، تین دن مسلسل اگ لگی رہنے سے بلڈنگ اسٹرکچر شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    کراچی کے ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی ، بالائی منزل پر پھنسا نوجوان دم توڑ گیا

    ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق ابتدائی طور پر ٹیکنیکل کمیٹی نے بلڈنگ کو ناقابل رہائش قرار دیا تھا، تاہم این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین، انجنئیر اسٹیل ٹیسٹ، کاپو ٹیسٹ اور کور ٹیسٹ وغیرہ کر کے نقصان کا تعین کریں، جس کے بعد اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈی جی نے درخواست میں کہا کہ ماہرین کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جا سکے گا کہ بلڈنگ رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔

  • کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی: شہر قائد کے 2 علاقوں گلشن اقبال اور کلفٹن میں 2 سپر اسٹورز سیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے کرونا وائرس وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال اور کلفٹن میں قائم دو سپر اسٹورز سیل کر دیے۔

    دونوں سپر اسٹورز سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی پر سیل کیے گئے، سپر اسٹورز کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی ہدایات کو بالکل نظر انداز کیا، گلشن اقبال میں سپر اسٹور اس ماہ دوسری بار سیل کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان سپر اسٹورز پر عوام کا رش لگا رہتا تھا، تاہم ان کے علاوہ کراچی کی دیگر مارکیٹوں میں بھی سندھ حکومت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، رش کی صورت حال ہر جگہ دکھائی دیتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے جوڑیا بازار میں بھی ہر وقت لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے تاہم سندھ حکومت نے ابھی تک وہاں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کو تمام مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ آج بھی صوبہ سندھ میں کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔