Tag: کراچی شدید گرمی

  • کراچی میں شدید گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

    کراچی میں شدید گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

    کراچی : شہر قائد میں تین روز کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 ہوگئی، جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سخت گرمی قہر ڈھانے لگی اور مختلف علاقوں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین روز کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    حکام نے بتایا کہ 24 لاوارث لاشیں سرد خانے میں موجود ہے اور شناخت کا عمل جاری ہے، ملنے والی لاشیں زیادہ تر نشے کے عادی افراد کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : شدید گرمی، کراچی میں تیسرے روز بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

    ریسکیو نے بتایا کہ یہ لاشیں منگھو پیر، اورنگی ٹاؤن، گلشن معمار اور سولجربازار سے ملیں، اورنگی ٹاؤن کے علاقے 12 نمبر چڑھائی سے 50 سالہ منور اور گلشن معمار میں 50 سالہ شخص کی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

    اس کے علاوہ منگھو پیر نہر کے قریب 35 سالہ متوفی کی شناخت اور موت کی وجہ بھی معلوم نہ ہوئی۔

    خیال رہے شہر قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    گزشتہ شام سے جزوی طور پر بحال ہونے والی سمندری ہواؤں نے گرمی کی شدت میں تھوڑی بہت کمی کردی ہے۔

  • کراچی: شدید گرمی میں  19 ہلاکتیں  ،  قاتل مونس علوی کو قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی: شدید گرمی میں 19 ہلاکتیں ، قاتل مونس علوی کو قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی : ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی ارشد وہرہ نے شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا قاتل مونس علوی کو قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی اور بجلی کی عدم موجودگی سے شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی ارشد وہرہ نے ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرا دیا۔

    ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ مونس علوی کے الیکٹرک کا بے تاج بادشاہ ہے ، کراچی میں دو دن کے دوران 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کر کے 19 لاشیں دی گئیں ہیں ، سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔

    رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہلاکتوں کا قاتل مونس علوی کو قرار دینا چاہئے، سی ای او کے الیکٹرک کراچی دشمن ہے یہ اپنے آپ کو خدا سمجھتا ہے ، وہ نے اپنے منہ سے یہ خود مانا ہے کہ میرے لئے عوام کچھ نہیں ہے۔

    خیال رہے کراچی میں قیامت خیزگرمی کے دوران دو روز میں سڑکوں سے انیس لاشیں ملیں جبکہ شہر کے مردہ خانوں میں لائی گئی لاشوں کی تعداد معمول سےتین گنا اضافہ ہوا۔

    فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ عام دنوں میں تیس سے چالیس میتیں لائی جاتی ہیں گزشتہ روز ایدھی سردخانوں میں ایک سوچالیس میتیں منتقل کی گئیں۔

    گزشتہ روز سپرہائی وے، گلستان جوہر، لانڈھی، کریم آباد، گولیمار،لکی اسٹار اورجامع کلاتھ سے لاشیں ملیں، ہلاک افراد میں زیادہ تر نشے کے عادی تھے۔

  • کراچی میں شدید گرمی کی لہر،  آج بھی پارہ 40 ڈگری سے اوپر جانے کا امکان

    کراچی میں شدید گرمی کی لہر، آج بھی پارہ 40 ڈگری سے اوپر جانے کا امکان

    کراچی : شہر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، آج بھی پارہ چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کا امکان ہے تاہم موجودہ لہرمنگل تک برقرار رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف تو پورے ملک میں سردی آچکی ہے لیکن کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے اور بلوچستان کی گرم ریگستانی شمال مشرقی ہوائیں چلنے کے بعد دن میں زیادہ گرمی رہی گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی درجہ حرارت چالیس ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے تاہم شہرمیں گرمی کی موجودہ لہرمنگل تک برقراررہنے کا امکان ہے جب کہ سندھ کے دوسرے شہروں حیدرآباد ، بدین اور ٹھٹھہ سمیت دیگراضلاع میں درجہ حرارت انتالیس سے چالیس ڈگری کے درمیان ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا موسم انتہائی گرم اورخشک رہےگا، کم سےکم درجہ حرارت23.5ڈگری ریکارڈ کیاگیا اور زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت38سے40ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کےمطابق آج درجہ حرارت اکتالیس ڈگری تک پہنچ سکتا ہے تاہم گرمی کی شدت میں دو روز بعد کمی کا امکان ہے، جون اور جولائی کے بعد کراچی کیلئے اکتوبر تیسرا گرم مہینہ ہے۔