Tag: کراچی شیرشاہ

  • واردات کی ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا

    واردات کی ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ضلع کیماڑی میں قبرستان میں واردات کے دوران ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی تھانہ شیرشاہ پولیس نے انتہائی مطلوب 6 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا، لٹیروں نے 4 روز قبل شیرشاہ پراچہ قبرستان میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا تھا۔

    ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، ویڈیو میں ملزمان کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاکوؤں کی شناخت سہیل عرف فقیر نثار چانڈیو، ریاض، محمد زمان، نذیر احمد، شعیب علی اور وزیر علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جنھیں ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے ٹریس کر کے ایس ایچ او تھانہ شیرشاہ، سب انسپکٹر عتیق آفریدی نے ایس آئی محبوب تنولی، ایچ سی واجد و اسٹاف کے ہمراہ مختلف مقامات سے گرفتار کیا۔

    ڈاکوؤں کو واردات کی ویڈیو وائرل کرنے کی دیدہ دلیری مہنگی پڑ گئی

    ڈاکوؤں کے قبضے سے غیر قانونی 3 پستولیں، چھینی گئیں تین موٹر سائیکلیں اور 12 موبائل فون برآمد ہوئے، ان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلیں موچکو اور بلدیہ سے چھینی گئی تھیں، مذکورہ بالا گینگ کے سرغنہ سہیل عرف نثار چانڈیو نے گزشتہ ماہ گلشن اقبال میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس کانسٹیبل کو بھی زخمی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    فدا حسین جانوری کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی اور اندرون سندھ سیکڑوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، انھیں 12 مقدمات میں مدعیوں کی شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ مزید وارداتوں کے سلسلے میں انھیں انٹروگیٹ کر کے شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی :شیرشاہ کے قریب آسمان سے بھاری چیزیں گرنے سے علاقے میں شدید خوف وہراس

    کراچی :شیرشاہ کے قریب آسمان سے بھاری چیزیں گرنے سے علاقے میں شدید خوف وہراس

    کراچی: شیرشاہ کے قریب آسمان سے کچھ بھاری چیزیں گرنے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، بھاری آہنی اشیا گرنے کے بعد زمین میں دھنس گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پراسرار واقعہ پیش آیا، جہاں آسمان سے کچھ بھاری چیزیں گریں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پاک کالونی اور سائٹ میں 3مختلف مقامات پربھاری چیزیں گریں، جس کے بعد بھاری آہنی اشیا زمین میں دھنس گئیں جبکہ واقعے میں میو شاہ قبرستان میں قبر اور تین گھروں کی چھتوں کو نقصان پہنچا۔

    ذرائع کے مطابق پاک کالونی اور سائٹ میں 3 مقامات پر فضا سے گرنے والی بھاری آہنی اشیا کو تجزیے کے لئے بھجوا دیا گیا  ، آہنی ٹکڑوں کے تجزیے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔

    پولیس نے بھاری آہنی آلات گرنے کے واقعے کے حوالے سے اطراف کے گھروں کے مکینوں کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں ، خاتون نے بیان میں کہا کہ صبح ساڑھے دس اور گیارہ کے درمیان زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد اندھیرا چھاگیا اور گھر ہل گیا تھا،کچھ ہوش نہیں رہا، واقعےکےدوران 2بچےمعمولی زخمی ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساوتھ زون کی بی ڈی ٹیم متاثرہ گھر سےشواہد اکھٹا کررہی ہے، پاک کالونی تھانے کی حدود میں چوہدری ارشد کےگودام میں دھماکےکی اطلاعات بھی ملیں جبکہ لوہے کے ٹکرے میوہ شاہ قبرستان اور گھروں پربھی گرے۔

    ایس ایچ او شیرشاہ محمد رفیق نے کہا ہے کہ 4 بندے مل کربھی گرےٹکڑےکو ہلا نہیں سکتے، مزید تحقیقات کے لیے پاک کالونی جارہے ہیں، جائزہ لینے کے بعد بتا سکیں گے کہ ٹکڑاکہاں سے آیا۔

    ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ بوائلر پھٹا ہے تاہم عقل اس بات کو تسلیم نہیں کرتی کہ یہ بوائلر کا حادثہ ہے۔

  • کراچی، تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، 3 دوست جاں بحق

    کراچی، تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، 3 دوست جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شیر شاہ چوک پر ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں چوک پر کھڑے ایک ٹریلر کے ساتھ بے قابو کار ٹکرا گئی جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، دو شدید زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں دوست تھے، تمام افراد شیر شاہ اور اردو بازار کے رہایشی تھے، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق علی، افتخار مجید اور کامران خان شامل ہیں جب کہ جمیل اور سہیل زخمی ہوئے، حادثے کے وقت افتخار گاڑی چلا رہا تھا۔

    افتخار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ افتخار کی اپنی اور شادی کی سال گرہ تھی، وہ دوستوں کو مٹھائی کھلانے لے جا رہا تھا، افتخار مجید نے 8 بکرے بھی خریدے تھے، اور 150 دوستوں کی دعوت رکھی تھی، جس کے لیے ایک فارم ہاؤس بک کرا رکھا تھا، حادثے کی شکار گاڑی میٹروول سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس اہل کار اللہ دتہ پرانا گولیمار انڈرپاس کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے جبکہ جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس آرٹس کونسل کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے۔

    دو روز قبل بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

  • کراچی: شیرشاہ میں گودام پر چھاپا، 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد سگریٹ کے ڈبے برآمد

    کراچی: شیرشاہ میں گودام پر چھاپا، 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد سگریٹ کے ڈبے برآمد

    کراچی: اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے شہرِ قائد کے علاقے شیر شاہ میں ایک گودام پر چھاپا مار کر 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد سگریٹ کے ڈبے برآمد کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ایک گودام سے چھاپے کے دوران اسمگل شدہ لاکھوں کی تعداد میں سگریٹ اور 6 ہزار سے زائد کلو چھالیہ برآمد کر لیا گیا۔

    ڈپٹی کلکٹر کسٹم نے بتایا کہ 22 لاکھ روپے مالیت کے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد سگریٹ کے ڈبے برآمد کیے گئے ہیں۔

    کسٹم آفیسر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ 11 لاکھ روپے مالیت کی 6 ہزار کلو اسمگل شدہ چھالیہ بھی برآمد کیا گیا ہے، اسمگل شدہ سامان کی مالیت 33 لاکھ روپے ہے، 2 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور: ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث جمہوریہ چیک کی ماڈل کو آٹھ سال کی سزا

    یاد رہے کہ 19 مارچ کو وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا تھا کہ کرپشن اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی نظام لایا جا رہا ہے، پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔

    20 مارچ کو لاہور کی عدالت نے ہیروئن اسمگلنگ کیس میں چیک ریپلک کی ماڈل ٹیریزا ہلسکوا کو 8 برس 8 ماہ قید اور 1 لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی، مجرمہ کو گزشتہ برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔