Tag: کراچی طیارہ حادثہ

  • کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے گزشتہ برس ہونے والے کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ سوات کا فضائی آپریشن بند کر دیا کیونکہ ایک پرواز میں صرف 6 مسافروں نے سفر کیا۔

    سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت کیوں فراہم نہیں کر رہے جس پرڈی جی نے بتایا کہ سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا پراسس پائپ لائن میں ہے۔

    سینیٹر افنان اللہ نے دریافت کیا کہ پائلٹس کی جعلی لائسنسنگ کے معاملے پر کیا ہوا؟ جس پر ڈی جی نے بتایا کہ 262 میں سے صرف 82 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔ سینیٹر عون عباس نے کہا کہ لائسنس جعلی تھے تو ملوث افراد پر 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیئے، کیا موجودہ وزیر سے قبل کسی کو جعلی لائسنسز کا پتہ نہیں تھا؟

    اجلاس میں کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔

    سیکریٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے پر 455 ارب کے قرضے واجب الادا ہیں، کوشش ہے پی آئی اے کو 2 حصوں میں تقسیم کر لیا جائے۔ کابینہ کو ری اسٹرکچرنگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

  • کراچی طیارہ حادثہ: معجزانہ بچ جانے والے مسافر کا پھر پی آئی اے سے سفر

    کراچی طیارہ حادثہ: معجزانہ بچ جانے والے مسافر کا پھر پی آئی اے سے سفر

    کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے مسافر نے قومی ایئر لائن پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 22 مئی 2020 کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 97 مسافر جاں بحق ہو گئے اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے، ان میں سے ایک مسافر پنجاب بینک کے صدر ظفر مسعود بھی تھے جو آج پی آئی اے ہی کی پرواز پی کے 304 کے ذریعے لاہور روانہ ہو گئے۔

    طیارہ حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے ظفر مسعود کراچی میں زیر علاج تھے، اور اب صحت یاب ہو کر لاہور روانہ ہوئے، طیارہ حادثے کے بعد یہ ان کا پہلا فضائی سفر ہے۔

    کراچی طیارہ حادثہ

    ظفر مسعود نے اپنا علاج مکمل کرنے کے 4 ماہ بعد ایک بار پھر فضائی سفر کے لیے قومی پرچم بردار ایئر لائن کو ترجیح دے دی، کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر احمد عالم اور عملے نے انھیں خوش آمدید کہا۔

    ظفر مسعود جیسے ہی طیارے پر پہنچے تو فضائی میزبانوں نے ان کا زبردست استقبال کیا، لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک ظفر مسعود کا استقبال کریں گے۔

    یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئر پورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جب کہ 5 گھر مکمل تباہ ہوئے۔