Tag: کراچی فائرنگ

  • کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، صحافی شعیب برنی زخمی

    کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، صحافی شعیب برنی زخمی

    کراچی : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی شعیب برنی زخمی ہو گئے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ سے صحافی شعیب برنی زخمی ہو گئے۔

    پولیس نے بتایا کہ جب شعیب برنی شادی کی تقریب میں ہال جانے کے لیے گاڑی سے اتر رہے تھے، اس ہی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے شعیب کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

    شعیب برنی کو فوری طور پر گلشن اقبال میں واقع نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ، ڈاکٹرز کے مطابق شعیب برنی کے ہاتھ پر گولی لگی ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئی چیز چھینی نہیں گئی،واقعہ بظاہرٹارگٹ کلنگ لگتاہے ،تاہم فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ائی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • کراچی میں  دوست کی فائرنگ سے دوست جاں بحق

    کراچی میں دوست کی فائرنگ سے دوست جاں بحق

    کراچی : گلشن اقبال عابد ٹاون میں دوست کی فائرنگ سے دوست جاں بحق ہوگیا، ملزم نے بیان میں کہا پستول چیک کر رہے تھے کہ اتفاقیہ گولی چل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال عابد ٹاؤن میں فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہوگیا، پولیس نے علی نامی ایک شخص کو حراست میں لے لیا، مقتول ذوہیب اورملزم علی دوست ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول ذوہیب اپنے دوست علی کی گاڑی کا کام کرا کر گاڑی واپس دینے گھر گیا تھا،دونوں افراد پستول چیک کر رہے تھے کہ اتفاقیہ گولی چل گئی۔

    تاہم مقتول ذوہیب کے لواحقین نے اتفاقیہ گولی چلنے کے واقعے کو مسترد کر دیا، مقتول کے چچا شہباز نے میڈیا کو بتایا کہ گاڑیاں بنانے کے بہت زیادہ پیسے ملزم کے اوپر ہوگئے تھے، ذوہیب گاڑی بناکر جاتا تھا تو وہ کہتے تھے بعد میں پیسے لے لینا۔

    چچا شہباز کا کہنا تھا کہ مجھےسعدنامی شخص کافون آیا، سعد نے کہاکہ ذوہیب کوڈاکوؤں نےگولی ماردی ہے،پولیس کا اتفاقیہ گولی چلنےسےذوہیب کی موت ہونےکے بیان پریقین نہیں ہے، جس نےگولی ماری ہےوہ وکیل کابیٹا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

  • کراچی :  معروف کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا

    کراچی : معروف کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا

    کراچی: لیاقت آباد انڈر پاس میں معروف کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، شکیل اپنے گھر ناظم آباد سے فیکٹری جارہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد انڈرپاس میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا جاں بحق شخص کی شناخت شکیل شیخ کے نام سے ہوئی ، مقتول معروف کمپنی کا اکاؤنٹنٹ تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے انڈرپاس میں گاڑی روک کرفائرنگ کی تاہم پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    لیاقت آباد انڈر پاس میں فنانس منیجر کے قتل کے واقعے پر مقتول کےساتھی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شکیل اپنےگھرناظم آبادسے فیکٹری جارہےتھے، ابتدائی طورپر 2ملزمان کی جانب سے فائرنگ کا پتا چلا ،ملزمان پیچھے سے آئے اور فائرنگ کرکے چلے گئے۔

    پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولیوں کے2 خول ملے ہیں۔

  • نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، آن لائن ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، آن لائن ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی کار سوار افراد پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں چلتی کار پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی، موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے کار کا تعاقب کیا اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

     ریسکیو ذرائع کے مطابق کار پر فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ اس دوران دو زخمی چل بسے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں طارق اور آن لائن کار ڈرائیور شامل ہیں جبکہ زخمی خاتون کی شناخت طارق کی اہلیہ بینش کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  طارق اور اس کی اہلیہ نارتھ ناظم آباد میں شادی سے واپس آرہے تھے،  جاں بحق آن لائن کار ڈرائیور کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ کار ڈرائیور کا موبائل فون موقع بھی سے نہیں ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طارق پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدار کا رشتہ دار ہے، طارق کو 9  اور کار ڈرائیور کو 4 گولیاں ماری گئیں ہے جبکہ مقتول کی بیوی کو ایک گولی لگی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طارق کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی، طارق کی میت لائنز ایریا میں تھانوی مسجد کے سرد خانے منتقل کردی گئی جبکہ جاں بحق  آن لائن کار ڈرائیور کی میت ریسکیو کے سرد خانے منتقل  کی جارہی  ہے۔

      عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہم دوست بیٹھے ہوئے تھے کہ فائرنگ کی آواز سنی،  فائرنگ کی آواز سن کر دیکھا تو موٹر سائیکل سوار ملزمان کار پر مسلسل فائرنگ کررہے تھے۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد کار بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی، ہم نے نہیں دیکھا کہ موٹرسائیکل سوار کون تھے، 2 موٹر سائیکلوں پر 3 سے 4 ملزمان سوار تھے،

    عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دیکھنے میں ڈکیتی مزاحمت کا نہیں لگ رہا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار میں کوئی لوٹ مار نہیں کی۔

  • کراچی : برقعہ پوش افراد نے  سابق اے ایس آئی کو موت کے گھاٹ اتاردیا

    کراچی : برقعہ پوش افراد نے سابق اے ایس آئی کو موت کے گھاٹ اتاردیا

    کراچی : برقعہ پوش افراد نے فائرنگ کرکے سابق پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کو گھر سے باہر بلاکر گولیاں ماری گئیں۔

    تفصیلات ک مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی اینٹی نائن محمد نگر کے قریب نامعلوم برقعہ پوش افراد نے گھر کے باہر بلا کر فائرنگ کرکے سابق اے ایس آئی آصف کو قتل کر دیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے، مقتول پولیس کا سابق ملازم اور برطرف اہلکار تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ آصف کی بیٹی نے کورٹ میرج کی تھی جس بنا پر تنازع چل رہا تھا جبکہ مقتول آصف تھانہ شرافی گوٹھ میں قتل کرانے کے مقدمےمیں نامزد تھا۔

    پولیس نے کہا کہ واقعہ ابتدائی طور پر خاندانی جھگڑے کا معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ مقتول کو گھر سے باہر بلایا، مقتول اہلکار گھر سے باہر آیا تو برقعہ پوش افراد نے اسلحہ نکال کر ایک شخص کو دیا، جس نے گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ وقوعہ سے سات خول ملے ہیں، مقتول کو ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

  • کراچی   میں فائرنگ  سے  نعت خواں  جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ سے نعت خواں جاں بحق

    کراچی : اورنگی ٹاون میں فائرنگ سے نعت خواں مولانا رحیم اللہ جاں بحق ہوگئے، مقتول کو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول کو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا، مقتول رحیم اللہ علاقےکی مسجدکےموذن تھے۔

    ایس ایس پی ویسٹ مہزور علی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت مولانا رحیم اللہ کے نام سے ہوئی، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے، مقتول کو تین گولیاں ماری گئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مقتول کےپاس موبائل فون اوردیگر سامان موجود ہے ،جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولی کا ایک خول ملا ہے تاہم لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    جاں بحق رحیم اللہ کےاہلخانہ نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت رحیم اللہ نعت خوانی کی تقریب میں جا رہے تھے ، مقتول کا چھ مہینے کا بیٹا ہے اور ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔

  • کراچی:    گاڑی پر فائرنگ ،  فارماسوٹیکل کمپنی کا افسر زخمی

    کراچی: گاڑی پر فائرنگ ، فارماسوٹیکل کمپنی کا افسر زخمی

    کراچی : نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے فارماسوٹیکل کمپنی کے افسر کو زخمی کردیا، زخمی شہری نے بتایا کمپنی کے کچھ ملازمین کی نوکری سے برطرفی کے بعد تنازعے چل رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پرفائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں فارماسوٹیکل کمپنی کا افسر زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کی شناخت ناصر کے نام سے ہوئی ہے , زخمی شہری نے پولیس کو بتایا کہ ایک شخص پیدل چلتا ہوا ایا اور گاڑی پر فائرنگ کرکےچلاگیا۔

    ناصر نے مزید بتایا کہ اس سے چھینا چھپٹی کی کوشش نہیں کی گئی، میں نے کمپنی کے کچھ ملازمین کو نوکری سے برطرف کیا تھا جس کے بعد کئی ملازمین سے تنازع چل رہے تھے،

    پولیس نے زخمی شہری کا بیان ریکارڈ کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • کراچی کا ایک اور نوجوان سرراہ قتل ، پولیس  گتھی سلجھانے میں ناکام

    کراچی کا ایک اور نوجوان سرراہ قتل ، پولیس گتھی سلجھانے میں ناکام

    کراچی : شہید ملت روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان دانش احمد جاں بحق ہوگیا، مقتول نجی کمپنی میں نائٹ ڈیوٹی کرکے گھر واپس جارہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا ایک اور نوجوان سرراہ قتل کردیا گیا، شہید ملت روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان جان سے گیا۔

    جان بحق ہونے والے 20 سالہ دانش کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی، مقتول نجی کمپنی میں نائٹ ڈیوٹی کرکے گھر واپس جارہا تھا۔

    مقتول پی آئی بی کالونی کا رہائشی اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، دانش کے ورثاء کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں پولیس واقعے کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے رہی ہے حالانکہ ملزمان نے دانش سے کوئی بھی چیز نہیں چھینی۔

    پولیس تاحال دانش کے قتل کی گتھی سلجھانے میں ناکام ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دانش کو کام سے گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا قتل کی تمام پہلووٴں سے تحقیقات کررہے ہیں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہوئے اور کئی مبینہ پولیس مقابلے بھی ہوئے، جس کے باعث شہر گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے جب کہ کئی زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا، جیل چورنگی پل کے نیچے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور ایک ڈاکو زخمی ہوا، ہلاک ملزمان کی لاش اور زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے 2 ملزمان کو ہلاک کیا اور ایک کو زخمی کیا۔

    پولیس کے مطابق عزیز بھٹی پولیس نے بلاک 10 گلشن اقبال میں مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کر لیے، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو علی رضا اسپتال منتقل کیا گیا، دوسرا ڈاکو شاہ ویز علی تھانے منتقل کیا گیا، گرفتار ڈاکوؤں سے 2 پستول، چھینا گیا موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوگئی۔

    سہراب گوٹھ پولیس نے سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، لانڈھی شیر پاؤ کالونی اسٹار گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 زخمی ملزمان سمیت 3 گرفتار ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق بفرزون سیکٹر 15 بی میں شہری کی فائرنگ سے 3 ڈاکو زخمی ہوئے، 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی تھی، اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 الفتح قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، عائشہ منزل میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

  • کراچی میں  بھانجے کی فائرنگ سے خالہ کا قتل ، معاملہ مشکوک ہوگیا

    کراچی میں بھانجے کی فائرنگ سے خالہ کا قتل ، معاملہ مشکوک ہوگیا

    کراچی : بلدیہ قائم خانی کالونی میں بھانجے کے ہاتھوں خالہ کے قتل کا معاملہ مشکوک ہوگیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پستول کی صفائی کرتے ہوئے گولی اتفاقیہ چلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ قائم خانی کالونی میں بھانجے نے فائرنگ کر کے اپنی خالہ کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتولہ خاتون کی شناخت ریناس کے نام سے ہوئی ہے اور شاہزیب کی عمر اٹھارہ برس کے قریب ہے، جو فائرنگ کے واقعے کے بعد اسلحہ سمیت گھر سے فرار ہے۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ شازیب سے اسلحہ صاف کرتے ہوئے اتفاقاً گولی چلی جو خاتون کو لگی، پولیس کا کہنا تھا کہ وقوعہ سے گولی کا ایک خول ملا ہے۔

    مقتولہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ابتدائی طور پر واقعہ مشکوک معلوم ہوتا ہے۔