کراچی : فائر بریگیڈ حکام نے سائٹ سپر ہائی وے پر فیکٹری میں لگنی والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا ، جس کے بعد کراچی کے تمام واٹر ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پر فیکٹری میں لگنے والی آگ تاحال بے قابو ہے، فائر بریگیڈ حکام نے فیکٹری کی آگ تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے۔
کراچی کے تمام واٹر ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، فائر بریگیڈحکام نے بتایا کہ شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا گیا، گراؤنڈ فلور اور میز نائن فلور کو آگ نے لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے لئے فوم کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، متاثرہ فیکٹری کی عمارت 1500 سے 2000 گز کے رقبے پر محیط ہے جبکہ عینی شاہد نے بتایا کہ فیکٹری کے اندر سے دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔
سائٹ سپرہائی وے پرآگ لگنے والی فیکٹری کے مالک کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں موٹرسائیکل پارٹس بنائے جاتے تھے، آگ صبح ساڑھے دس بجے لگی، جسے بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کا عملہ بروقت پہنچ گیا تھا۔