Tag: کراچی مسکن چورنگی

  • مسکن چورنگی عمارت دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 7 ہو گئی

    مسکن چورنگی عمارت دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 7 ہو گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب ایک عمارت میں مبینہ گیس لیکج دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسکن چورنگی پر عمارت میں دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق عابد ولد احمد شاہ نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    جمعے کو بھی مسکن چورنگی دھماکے کا ایک زخمی چل بسا تھا، محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص پٹیل اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    واضح رہے کہ 21 اکتوبر کو پیش آئے اس واقعے میں ابتدائی طور پر پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے، دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا تھا، واقعے میں 23 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    گیس لیکیج سےاتنی بڑی تباہی کیسے ہوئی؟ مسکن چورنگی دھماکے پر تفتیشی اداروں کو شکوک و شبہات

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ مسکن چورنگی دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، جائے وقوعہ سے آئی ای ڈیز، و دیگر دھماکا خیز مواد کے شواہد نہیں ملے۔

    تاہم اس ہول ناک دھماکے کو گیس لیکج قرار دینے پر تفتیشی اداروں نے شکوک و شبہات ظاہر کر دیے تھے، عمارت میں دھماکے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    ادھر واقعے میں فوت ہونے والے ایک شہری خالد کے لواحقین نے واقعے کا ذمہ دار نجی بینک انتظامیہ کو قرار دے دیا تھا، متوفی کی اہلیہ نے بینک انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ بینک انتظامیہ نے متاثرہ عمارت میں فلیٹ لیا ہوا تھا، جس میں لاکر اور کچن بنایا گیا تھا جہاں سے گیس لیکج ہوئی اور یہ واقعہ پیش آیا۔

    دوسری طرف ایس بی سی اے کی جانب سے جب عمارت کے متاثرہ حصے کو گرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے تھے تو عمارت کی انتظامیہ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو خط لکھ کر اسے روکنے کی درخواست کر دی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ غیر پیشہ ورانہ طریقے سے عمارت مسمار کرنے سے دیگر حصے کو خطرہ لاحق ہے، اس لیے متاثرہ حصے کو مسمار کرنے کے لیے پیشہ ورانہ ٹیم بھیجی جائے۔

  • ایک اور واقعہ، مسکن چورنگی جائے حادثہ کے قریب ایمبولنس میں آگ لگ گئی

    ایک اور واقعہ، مسکن چورنگی جائے حادثہ کے قریب ایمبولنس میں آگ لگ گئی

    کراچی: گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب جس عمارت میں آج صبح دھماکا ہوا، اس عمارت کے بالکل سامنے ایک ایمبولنس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسکن چورنگی میں جائے حادثہ کے قریب ایک ایمبولنس میں آگ لگ گئی ہے، ایمبولنس ایک فلاحی ادارے کی تھی، وین میں لگنے والی آگ نے قریب موجود موٹر سائیکل کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

    ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ایمبولنس وین میں آگ کیوں لگی۔

    واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا ہوا، جس سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، واقعے میں 23 افراد زخمی جب کہ 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

    گلشن اقبال کراچی میں دھماکا، عمارت کا ایک حصہ منہدم، 5 جاں بحق، 23 زخمی

    دھماکے کی شدت سے بینک کی کرسیاں اور باہر کھڑی موٹر سائیکلیں بھی دوسری سڑک پر اڑ کر جا گری تھیں، دیواروں کا ملبہ بھی دور تک گرا۔ دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے کے بعد لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

    دھماکے کی نوعیت کا تعین تاحال نہیں ہو سکا ہے، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ گیس سلنڈر کا دھماکا معلوم ہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ عمارت خطرناک ہوگئی ہے، اسےگرایا جائے گا۔