Tag: کراچی ملیر

  • 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز خونی پولیس مقابلے کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز پر

    4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز خونی پولیس مقابلے کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز پر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر، سعود آباد میں گزشتہ روز 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز اور خونی پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں (یہ فوٹیجز بچے اور کمزور دل افراد نہ دیکھیں)۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں چار ڈاکو مارے گئے تھے، پولیس کے مطابق مسلح افراد سعود آباد کی ایک گلی میں واردات کے لیے پہنچے ہی تھے کہ علاقے میں تعینات سادہ لباس پولیس اہلکار بھی ان کے پیچھے پہنچ گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کاروں کے پہنچنے پر کالے شلوار قمیض میں ملبوس ایک مشتبہ مسلح شخص اہل کاروں پر گولیاں چلاتا ہوا دوسری گلی میں بھاگا، جہاں اس کے دیگر ساتھی موجود تھے۔

    پہلے مسلح شخص کے پیچھے ہی جب دوسرا مشتبہ شخص موٹر سائیکل پر گلی سے فرار ہونے لگا، تو پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہو کر موٹر سائیکل سمیت گر گیا، جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا۔

    اس دوران جب اطلاع ملی تو مدد کے لیے سعود آباد تھانے سے اضافی نفری بھی مقابلے کے مقام پر پہنچ گئی، اور بھاگنے والے مسلح شخص سمیت تین افراد مقابلے کے دوران دوسری گلی ہی میں مارے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ مسلح افراد سے 32 موبائل فونز ملے تھے، جو وارداتوں میں شہریوں سے چھینے گئے تھے، اور ان میں سے 15 موبائل فونز کے مقدمات بھی درج ہیں، پولیس حکام کے مطابق مارے گئے مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جا رہی ہے۔

  • 20 سالہ دلہن زیوارت اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار، شہری تھانے پہنچ گیا

    20 سالہ دلہن زیوارت اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار، شہری تھانے پہنچ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں ایک 20 سالہ دلہن زیوارت اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئی، جس پر معمر شہری ایف آئی آر کے لیے تھانے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 52 سالہ شہری کو تیسری شادی کرنا مہنگا پڑھ گیا، بیس سالہ دلہن شادی کے ایک ماہ بعد ہی زیوارت اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئی۔

    شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کی ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

    سوشل میڈیا پر کم عمر لڑکی کے شادی کے بعد گھر سے چوری کرنے کے حوالے سے متاثرہ شہری کا بیان وائرل ہوا، خبر سامنے آنے پر پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، اور مدعی کو تلاش کر لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملیر سٹی کے رہائشی متاثرہ شخص بشیر احمد ولد عبدالشکور کو ڈھونڈ کر ان کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم دوسری طرف ویڈیو بیان میں متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد وہ ملیر سٹی تھانے جا کر ایف آئی آر کٹوانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ بیوی کے خلاف ایف آئی آر نہیں کاٹی جا سکتی۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدمہ شوہر کی مدعیت میں لڑکی عائشہ اور اس کے باپ کے خلاف کیا گیا ہے، جس میں دھوکا دہی کی دفعہ 406,420 شامل کی گئی ہیں۔

  • تین دن سے لاپتا 5 سالہ زینب کا پتا نہ چل سکا، غم سے نڈھال والدین کی اے آر وائی سے گفتگو

    تین دن سے لاپتا 5 سالہ زینب کا پتا نہ چل سکا، غم سے نڈھال والدین کی اے آر وائی سے گفتگو

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر عیدگاہ میدان سے تین دن قبل لاپتا ہونے والی پانچ سالہ بچی زینب کا کچھ پتا نہ چل سکا، والدین بچی کے غم میں نڈھال ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر عیدگاہ میدان کے قریب سے 30 ستمبر کو اغوا ہونے والی بچی کا تاحال پتا نہ چل سکا ہے، جس کی وجہ سے 5 سالہ زینب کے گھر والے شدید کرب و اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    ملیر مسلم آباد محلے میں رہائش پذیر اس چھوٹے سے خاندان کی زندگی کی خوشیاں معصوم بچی کی گم شدگی کے بعد مدھم پڑ گئی ہیں، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کی دکھی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کھیلنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، پانچ بجے شام کا وقت تھا، اس کے بعد وہ واپس نہیں آئی، نہ ہی اس کا کوئی پتا چل سکا ہے۔

    بچی کی تلاش کے لیے گھر والوں نے پمفلٹ بھی چھاپ کر جگہ جگہ تقسیم کر دیا ہے جس پر لکھا ہے کہ لاپتا ہونے کے وقت بچی نے گلابی رنگ کے کپڑے پہنے تھے۔

    والدہ کے غم میں لوگوں کی باتوں سے بھی مزید اضافہ ہو رہا ہے، انھوں نے دکھی دل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ بچی اغوا ہو گئی ہوگی، تو کوئی کہہ رہا ہے کہ نالی میں ڈوب گئی ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بچی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی تلاش کے لیے پولیس کارروائی جاری ہے لیکن بچی کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

    تین دن سے لاپتا بچی کے والدین نے حکام سے درخواست کی ہے کہ ان کی بیٹی کو محفوظ اور سلامت گھر لوٹایا جائے۔

    واضح رہے کہ ملیر عیدگاہ میدان مینگل اسکول کے قریب سے زینب کے اغوا کا قائد آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش جاری ہے۔