Tag: کراچی مویشی منڈی

  • کراچی مویشی منڈی میں خریداروں کے لیے  منفرد ٹوکن سسٹم متعارف

    کراچی مویشی منڈی میں خریداروں کے لیے منفرد ٹوکن سسٹم متعارف

    کراچی : نادرن بائی پاس کی مویشی منڈی میں بیوپاری کی سہولت کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ٹوکن سسٹم متعارف کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نادرن بائی پاس کی مویشی منڈی میں منڈی انتظامیہ نے اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ٹوکن سسٹم متعارف کرادیا ہے۔

    اس نئے نظام کے تحت مویشی منڈی میں آنے والے ہر بیوپاری اور اسکے مویشی کی تصویروں پر مشتمل ڈیٹا تیار کیا جا ئے گا اور ہر جانور کے بدلے بیوپاری کو ٹوکن فراہم دیا جائے گا۔

    بیوپاری مویشی کی فروخت کے وقت وہ ٹوکن خریدار کو دے گا ، جسے دکھانے کے بعد ہی کسی بھی جانور کو منڈی سے باہر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    کسی تنازعے کی صورت میں بھی اس ٹوکن کی بنیاد پر انتظامیہ خریدار کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

    یاد رہے کراچی کے مضافات میں لگنے والی مویشی دوست منڈی ناردرن بائی پاس کا افتتاح کل ہوگا، منڈی آنے والے خریداروں کیلئے پارکنگ فیس میں50 فیصد تک رعایت کی گئی ہے جبکہ بیوپاری اور خریدار کی آسانی کیلئے منڈی میں اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    یاد رہے پچھلے سال بھی مویشی منڈی میں لین دین کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت میں اضافہ کیا تھا۔

  • کراچی  مویشی منڈی کے راستے محفوظ بنانے کے لئے پولیس کی اضافی نفری طلب

    کراچی مویشی منڈی کے راستے محفوظ بنانے کے لئے پولیس کی اضافی نفری طلب

    کراچی : ایسٹ پولیس نے مویشی منڈی جانے والے راستے محفوظ بنانے کے لئے 10 مقامات پر ایس ایس یو اہلکاروں کو تعینات کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ناردرن بائے پاس پر مویشی منڈی کے قیام اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایسٹ پولیس نے اضافی نفری طلب کرلی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو خط لکھا، جس میں کہا ہے کہ مویشی منڈی کا سیزن چل رہا ہے، لوگ بڑی تعداد میں مویشی منڈی کا رخ کرتے ہیں۔

    خط میں کہا گیا کہ مویشی منڈی تک جانے والی سڑکیں ایسٹ کی حدود میں آتی ہیں،امن و امان بحال رکھنے کے لیے اضافی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ایس ایس یو سیکیورٹی عملے کے ساتھ 10 پولیس موبائلیں دی جائیں، تربیت یافتہ عملے کو دس مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

    بھیجے گئے خط میں دس مقامات کا ذکر بھی کیا گیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر جلد سیکیورٹی فراہم کردی جائے گی۔

  • 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے 28 ہزار جانور لائے جاچکے ہیں، مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں سے جانوروں کی بڑی کھیپ کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور مویشی منڈی لائے جا چکے ہیں، مشکوک افراد کو روک کر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے جبکہ مختلف تھانوں سے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ اس بار کراچی کی مرکزی مویشی منڈی نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملک بھر سے آنے والے مویشی مالکان اور کراچی کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

  • بچوں نے مزدوری کے لیے مویشی منڈی کا رخ کر لیا، ننھے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا

    بچوں نے مزدوری کے لیے مویشی منڈی کا رخ کر لیا، ننھے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا

    کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں بچوں نے بھی مزدوری کے لیے جگہ بنا لی، کوئی پھیری لگا کر سموسے بیچ رہا ہے، کسی نے لیموں پانی کا ٹھیلا لگا رکھا ہے، تو کوئی ننھا بیوپاری اپنے چھوٹے جانوروں کے ساتھ انھیں اچھے مول پر فروخت کے لیے سپر ہائی وے مویشی منڈی آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق کراچی سپر ہائی وے سہراب گوٹھ کے قریب ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہے، جس میں سب کے لیے روزگار کے دروازے کھلے ہیں۔

    مویشی منڈی میں ساتویں کلاس کے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا ہے، 7 ویں کلاس کے طالب علم زبیر کا کہنا ہے کہ وہ یہاں روز 500 روپے کی دہاڑی لگا رہا ہے، زبیر نے بتایا کہ میں اسکول سے چھٹی کے بعد یہاں آ جاتا ہوں، اور دیہاڑی لگا کر اپنی کورس کی کتابیں، ٹیوشن کی فیس اور امتحانی فارم کے لیے پیسے جمع کر رہا ہوں۔

    ننھا ارباز سموسے اور پیٹس لے کر روزگار کے لیے مویشی منڈی آ گیا ہے، پھیری لگا کر سموسے اور پیٹس بیچ کر روزی کمانے والے ارباز نامی ننھے بچے کا کہنا ہے کہ جب سے سپر ہائی وے سہراب گوٹھ پر مویشی منڈی لگی ہے، مجھے بھی یہاں روزگار مل گیا ہے، سموسے، پیٹس بیچ کر جو بھی پیسے ملتے ہیں ان سے گھر والوں کے لیے دو وقت کی روٹی مل جاتی ہے اور کچھ پیسے بچا کر دوبارہ پیٹس اور سموسے بنا کر یہاں فروخت کرنے کے لیے آ جاتا ہوں۔

    پنجاب کے شہر بہاولپور کا ننھا زبیر بھی آیا ہے لیکن خوب صورت جانور لے کر، اسی طرح رحیم یار خان کے ننھے بیوپاری نے بڑے جانور کے ساتھ چھوٹا جانور فری دینے پیش کش کی ہوئی ہے۔

    رحیم یار خان کا ننھا بیوپاری عمران اپنے ساتھ چھوٹا سا ایک خوب صورت بچھڑا ساتھ لایا ہے، دن رات اس کی خدمت کرتا ہے، اسے چارہ کھلاتا ہے، پانی پلاتا ہے، اس چھوٹے سے بیوپاری کی آنکھوں میں بھی چھوٹے چھوٹے سے سپنوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ عمران نے بتایا کہ اگر کسی شخص نے اس سے 2 لاکھ روپے میں قربانی کا جانور خریدا تو یہ بچھڑا اسے گفٹ کردوں گا، میں نے اسے بڑے ناز نخروں سے پالا ہے۔

    اس مویشی منڈی میں گھوم پھر کر کچرا اٹھانے والے چھوٹے چھوٹے بچوں کا روزگار بھی لگا ہے، وہ ٹرکوں، ٹرالرز، ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیا کے اسٹالز کے پاس بکھرا ہوا گھاس پھوس اور پلاسٹک اٹھا کر انھیں فروخت کر کے اپنے جیب کا خرچا چلا رہے ہیں۔

    مویشی منڈی کے ترجمان یاور رضا چاؤلہ کا کہنا ہے کہ بیوپاری ہو یا تاجر، پھیری لگا کر اشیا فروخت کرنے والا ہو یا شربت فروش، کوئی طالب عم ہو یا بیروزگار نوجوان یہ سب لوگ اپنے اچھے مستقبل کے خواب لے کر ہر سال سپر ہائی وے مویشی منڈی کا رخ کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی سے لاکھوں، کروڑوں لوگوں کا کاروبار جڑا ہے۔

  • کراچی  کی مویشی منڈی میں گلابی، ٹابری اور سندھی نسل کے خوبصورت  بکروں کی دھوم

    کراچی کی مویشی منڈی میں گلابی، ٹابری اور سندھی نسل کے خوبصورت بکروں کی دھوم

     کراچی: سپرہائی وے سہراب گوٹھ پر ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں نوشہروفیروزسےگلابی،ٹابری اورسندھی نسل کےخوبصورت بکرے اور ورے والاسے برہمن نسل کے بیل  آگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپرہائی وے سہراب گوٹھ کے قریب 900 ایکٹر رقبے پر ایشیاء کی سب سے بڑی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں ملک سے آنےوالے جانوروں کی تعداد 15 ہزار ہوگئی۔

    مویشی منڈی میں نوشہروفیروز سے گلابی،ٹابری، سندھی نسل کے خوبصورت نخروں والےبکرے اور بورے والا سے برہمن نسل کے بڑے بڑے بیل اور ساہیوال سے آنےوالےدیسی اور چولستانی مویشیوں نے بھی دھوم مچادی ہے۔

    دور دراز علاقوں سے آنے والے بیوپاری ہیوی ٹرالرز میں جانوروں کے ساتھ ان کا چارہ اور پانی ذخیرہ کیلئےٹینک بھی ساتھ لائے ہیں جبکہ پنجاب کے بڑے بڑے فارم ہاوسز مالکان نےبھی مویشی منڈی کا رخ کرلیاہے۔

    مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں کو روزانہ کی بنیاد پر فی جانوراور بکروں کیلئے ایک سے16 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جارہاہے۔

    ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاولہ کا کہنا ہے کہ پنجاب، بلوچستان،کے پی کے اور سندھ سے آنےوالے بیوپاریوں اور جانوروں کو تمام سہولیات کی فراہم کی جارہی ہے ، اس سلسلے میں ہماری مختلف ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ ہے۔

    یاور رضا چاولہ کا کہنا تھا کہ جانوروں کی صحت اور انہیں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فیومی گیشن اور اسپرے بھی کیا جائے گا جبکہ بیوپاریوں کو لائیو اسٹاک اور وٹنری ڈاکٹرز کی سہولیات دی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بیوپاریوں اور مویشی منڈی سے متصل رہائشی کالونیوں کو مکمل سیکورٹی دے رہے ہیں ، کوآپریٹو سوسائٹی کے رہائشی کسی بھی شکایت کیلئے مویشی منڈی کے وسط میں موجود میڈیا سیل سے رابطہ کرسکتے ہیں، کو آپریٹو سوسائٹیز کے تمام رہائشی افراد اور ان کے اہلخانہ کو مویشی منڈی داخلے کیلئے انٹری پاسز بناکر دیئے جارہے ہیں۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے پر قائم بڑی مویشی منڈی میں رواں سال کا سب سے بڑا اور سب سے مہنگا جانور آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں ایک بیل کی قیمت سوا کروڑ روپے لگا دی گئی ہے، پہلی بار منڈی میں اتنا مہنگا جانور فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، مالک نے جانور کا نام بادل رکھ دیا ہے۔

    قربانی کی غرض سے منڈی میں لائے گئے بیل کی قیمت 1 کروڑ روپے سے بھی زائد دیکھ کر منڈی جانے والے حیران رہ گئے ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں نے بادل نامی اس بیل کو دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کیا۔

    دوسری حیران کن بات یہ ہے کہ ایک شوقین خریدار نے بادل نامی جانور کی 85 لاکھ روپے کی آفر کر دی ہے، تاہم بادل کا مالک کم قیمت پر اسے فروخت کے لیے تیار نہیں۔

    کراچی مویشی منڈی کی جان سمجھے جانے والے بادل کا وزن ایک ٹن سے زائد ہے، مالک کا کہنا ہے کہ یہ دودھ، مکھن اور اصلی گھی بھی کھاتا ہے۔

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈی کے اوقات کار مختص کر دیے گئے ہیں، آج سے منڈی شام 7 بجے بند کر دی جائے گی، منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گزشتہ رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔