Tag: کراچی میئر

  • سندھ کے میئرز کو مزید با اختیار بنانے کے لیے ترمیمی بل منظور ہو گیا

    سندھ کے میئرز کو مزید با اختیار بنانے کے لیے ترمیمی بل منظور ہو گیا

    کراچی: صوبہ سندھ میں میئرز کو مزید با اختیار بنانے کے لیے ترمیمی بل صوبائی اسمبلی سے منظور ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے میئرز کو مزید با اختیار بنانے کے لیے بلدیاتی ایکٹ 2023 میں ترمیم کا بل سندھ اسمبلی نے منظور کر لیا۔

    ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے ٹوکن واک آؤٹ کیا، محمد حسین نے نکتہ اعتراض اٹھایا کہ بل پرکوئی بحث نہیں ہوئی آج ہی پیش کیا اور آج ہی منظور کر لیا گیا، حکومتی بینچز سے مکیش چاؤلہ نے کہا کہ جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر رہے ہیں تو یہ احتجاج نہیں بنتا۔

    بل کے تحت حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور نوابشاہ میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بنایا جائے گا، سیوریج اور واٹرسپلائی کا عملہ چاروں ڈویژن کے ماتحت ہوگا، جب کہ میئر کاشف شورو حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین ہوں گے۔

  • کراچی میئر کا الیکشن : جماعت اسلامی نےانتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا

    کراچی میئر کا الیکشن : جماعت اسلامی نےانتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا

    کراچی : کراچی میئر کے الیکشن میں جماعت اسلامی نے 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے ، جماعت اسلامی نے میئر کے انتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا۔

    جماعت اسلامی نے 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کردیا ، الیکشن کمیشن نےاعتراض نوٹ کرلیا۔

    خیال رہے میئر کے لئے پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ ڈپٹی میئر کیلئے پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں ہیں۔

    دونوں جماعتیں اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے پُرامید ہیں، انتخاب شو آف ہینڈز سے ہوگا۔

    آرٹس کونسل کراچی آڈیٹوریم کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے اورسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے تین سو بتیس ارکان وقت پر پہنچ گئے جبکہ چونتیس ارکان غیرحاضرہیں۔۔ کے ایم سی کے تین سو چھیاسٹھ ارکان کو ووٹ کاسٹ کرنا تھا۔

    سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے 155 اور جماعت اسلامی کے ارکان کی تعداد133 ہے، پی ٹی آئی باسٹھ ، مسلم لیگ نون چودہ ، جے یو آئی چار اور تحریک لبیک کی ایک نشست ہے۔

    میئرکے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ نون اور جمعیت علمائے اسلام ف کی حمایت حاصل ہے جبکہ ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے فردوس شمیم نقوی سمیت پی ٹی آئی کے تین ارکان کو بکتربند میں آرٹس کونسل پہنچادیا گیا ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا، تبدیلی کا امکان

    الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا، تبدیلی کا امکان

    کراچی: الیکشن کمیشن نے میئر کراچی اور ضلع چیئرمینز کے الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن کے لیے جاری شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق کراچی میئر کے انتخاب کے لیے 9 اور 10 جون کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے، پولنگ 15 جون کو ہوگی، اسی روز ڈپٹی میئر، ٹاؤن چیئرمین، وائس چیئرمین اور ضلع چیئرمین کے الیکشن بھی ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن 16 جون کو باضابطہ الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کرے گا، میئر، ڈپٹی میئر، ٹاؤن اور ضلع چیئرمین 19 جون کو حلف اٹھائیں گے۔

  • ’کراچی، حیدرآباد، سکھر، میر پورخاص، لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے‘

    ’کراچی، حیدرآباد، سکھر، میر پورخاص، لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے‘

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدر آباد، سکھر، میر پور خاص اور لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے، کراچی کا میئر بھی پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا، جو اس شہر کی بھرپور خدمت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے آصف زرداری، بلاول بھٹو اور جیالوں کو مبارک باد دی ہے، اور کہا کہ سندھ کے تمام ضلعی کونسلوں کے چیئرمین جیالے ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، عوام کا ہم پر بھرپور اعتماد ہے، کراچی میں بغیر کسی تفریق پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، سڑکیں، انڈر پاسز، فلائی اوورز، اسپتال اور نکاسی کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا ’’مردم شماری پر پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد میں واضح مؤقف رکھا، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ کھلے دل سے لڑی ہے، امن و امان کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جس سے شہر امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کراچی کے عوام کا شکریہ جنھوں نے اعتماد کیا اور مزید خدمت کرنے کا اختیار دیا، سندھ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالوں کا صوبہ ہے۔