Tag: کراچی میں بارش

  • کراچی میں بارش : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی میں بارش : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی : بارش کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن میں تبدیلی کردی گئی، پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا، بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعدد پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑدیا۔

    اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے309 کو لاہور کی جانب موڑدیا گیا۔

    اس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے311 کو آدھے راستے سے ہی واپس کوئٹہ اترنے کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے305 بھی آدھے راستے سے لاہور واپس راوانہ کردی گئی۔

    اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 تاخیر کا شکار ہے اور کراچی سے بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی میں تیزبارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کی چھتیں ٹپکنے لگیں، ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ کے دوسرےحصوں سے بھی پانی ٹپکنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، لاؤنج میں پانی روکنے کیلئے صفائی ستھرائی کا عملہ حرکت میں آگیا۔

  • کراچی میں طغیانی اور سیلابی ریلے سے ایک بچہ جاں بحق، 3 لاپتا

    کراچی میں طغیانی اور سیلابی ریلے سے ایک بچہ جاں بحق، 3 لاپتا

    کراچی: شہر قائد میں دو دن برسنے والی بارش کے بعد متعدد علاقوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے کے باعث حادثات رو نما ہو رہے ہیں، ریلے میں بہہ کر ایک بچہ جاں بحق جب کہ 3 لا پتا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی ایوب گوٹھ میں 8 سالہ بچہ ثاقب سیلابی ریلے کا شکار ہو گیا، ریلے میں بہنے والے بچے کی تلاش تا حال جاری ہے۔

    ملیر عثمان خاصخیلی گوٹھ میں بھی 2 بچے سیلابی ریلے میں ڈوبے جن میں سے ایک بچہ مل گیا ہے تاہم دوسرے بچے کی تلاش جاری ہے۔

    ادھر نیو سبزی منڈی برساتی ریلے میں ڈوب کر 3 سالہ امجد جاں بحق ہو گیا ہے، لیاری ندی تین ہٹی کے قریب بھی گزشتہ روز 3 بچے ڈوبے تھے جن میں سے 2 بچوں کو نکال لیا گیا تاہم تیسرے بچے عثمان کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  دو روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں میں کراچی کے شہری کے الیکٹرک کی شدید نا اہلی کے باعث بجلی کے ننگے تاروں سے کرنٹ کا بھی شکار ہوتے رہے۔

    اب تک بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 16 افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں، کئی مقامات پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے ہیں، جو اموات کا باعث بنے۔

    کرنٹ لگنے سے ڈیفنس، گلشن جوہر، محمود آباد، ملیر، بوٹ بوسن، نارتھ ناظم آباد اور فشری کے علاقے میں اموات ہوئیں۔

  • کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

    کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

    اسلام آباد: شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ہے، حالات کو بہتر کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق آج میئر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کو خط لکھ کر وفاق سے شہر کی حالت بہتر کرنے کے لیے مدد طلب کی تھی، جس پر وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم اے سے رابطے کیے اور کراچی کی صورت حال پر تعاون مانگا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج سمیت این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کراچی میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے، وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر علی زیدی صبح کراچی روانہ ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر کا علی زیدی کو خط، مدد کی اپیل

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال کا نوٹس لیا، وزیر اعظم نے وفاقی وزیر علی زیدی سے ملاقات کر کے کراچی کی صورت حال پر گفتگو کی۔

    وزیر اعظم نے علی زیدی کو فوری میئر کراچی سے رابطے اور ضروری تعاون کی ہدایت کی۔ انھوں ںے کہا کہ عوام کی پریشانی دور کرنے کے لیے میئر کراچی سے تعاون کیا جائے۔

    واضح رہے کہ آج میئر کراچی وسیم اختر نے وفاق سے مدد مانگ لی، کہا شہر قائد میں مزید بارش ہوئی تو ہمارے لیے سنبھالنا نا ممکن ہو جائے گا، وفاقی حکومت ہماری مدد کو آگے آئے۔

  • 2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    کراچی: موسلا دھار بارش میں شہری و صوبائی حکومت کی طرف سے انتظامی اقدامات نہ ہونے سے کراچی پانی پانی ہو چکا ہے، اس دوران دو روز میں کرنٹ لگنے سے 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، انڈر پاس ڈوب چکے ہیں، نالے بھی ابل پڑے ہیں، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔

    کئی مقامات پر کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں، جن کے باعث اب تک چودہ افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کرنٹ لگنے سے اب تک ڈیفنس، گلشن جوہر، محمود آباد، ملیر اور بوٹ بوسن میں اموات واقع ہو چکی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مزید بارش ہوئی تو سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا، میئر کراچی کی مدد کے لیے وفاق سے اپیل

    ریسکیو ذرایع کے مطابق آج نارتھ ناظم آباد میں کرنٹ لگنے سے 2 لڑکے جاں بحق ہوئے، جن کی عمر 12 سے 14 سال تھی، فشری کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔

    واضح رہے کہ کل سے کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، دادو، نواب شاہ، ٹندو جام اور تھر سمیت اندرون سندھ میں مون سون کے بادل جم کر برسے ہیں، سب سے زیادہ بارش ٹھٹھہ میں 190 ملی میٹر ہوئی، حیدر آباد کی سڑکیں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    کراچی میں انتظامات نہ ہونے کے سبب سڑکوں پر جگہ جگہ تالاب بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث بارش شہریوں کے لیے زحمت بن گئی ہے۔

    ادھر میئر کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اور وسائل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نہ فنڈز دیتی ہے نہ مشینری فراہم کر رہی ہے، دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ان کے پاس درکار مشینری دستیاب نہیں ہے۔

  • کراچی میں بارش برسانے  والا سسٹم کمزور  پڑگیا ، ڈی جی میٹ

    کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا ، ڈی جی میٹ

    کراچی : ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش بنانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے ، آج شام تک وفقے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور سسٹم آج منگل اوربدھ کی درمیانی شب ختم ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑنے لگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش بنانے والے آدھے بادل جنوب مغرب میں سمندر میں داخل ہوگئے ہیں اور بارش کاسسٹم آج اورکل کی درمیانی شب ختم ہوجائےگا۔

    ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ منگل کے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گی، کل بارش کی شدت آج کے مقابلے میں کچھ کم ہوسکتی ہے، بارش کا یہ سلسلہ بدھ کی صبح تک برقرار رہ سکتا ہے۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصدہے جبکہ ہوا 34 ناٹیکل میل کی رفتار سے چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کےدوران کراچی میں اوسطاً ستاون ملی میٹربارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 17ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، لانڈھی میں9، ناظم آبادمیں7ملی میٹر ، نارتھ کراچی میں5.8 ملی میٹربارش ہوئی، سب سےکم بارش کیماڑی میں1.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب سب سے زیادہ بارش ٹھٹھہ میں ایک سونوےاور حیدرآبادمیں ایک سواٹھاسی ملی میٹر، ٹنڈوجام میں ایک سو بتیس،نوابشاہ میں ایک سو دس، پڈ عیدین میں ستانوے، مٹھی میں باون اور میرپور خاص میں اننچاس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ایک کمزور سسٹم ہے، آئندہ ہفتے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےڈیفنس، کلفٹن، گلشنِ حدید، اسٹیل ٹاؤن، پیپری  اور ان علاقوں سے ملحقہ علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے، شہریوں کی بڑی تعداد بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئی ہے۔

    شہر کا موسم آج صبح سے ابر آلود ہے آسمان پر گہرے کالے بادل چھانے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔

    آج بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے ، جن میں کوئٹہ ، قلات اور ژوب سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی شہروں میں بارش کی پیش گوئی  ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، مری اور کشمیر میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے پاکستان میں داخل ہوگا جس کے باعث آج سے منگل تک پشاور، کوہاٹ، لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ، سرگودھا سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، ڈی جی خان اور اسلام آباد میں بھی بادل برسیں گے جبکہ بنوں، ڈی آئی خان اور ملتان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : لاہورمیں بارش‘ چھتیں گرنے، کرنٹ لگنےسے6 افراد جاں بحق، دس زخمی، بجلی غائب

    خیال رہے کہ چند ماہ قبل تین گھنٹے کی موسلا دھار  بارش سے لاہور کی سڑکیں زیرِ آب آگئی تھیں، جبکہ گلی محلے اور گھر تالاب بن گئے تھے، بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق اور  چھ زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

    کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

    کراچی : شہر قائد کے بیشترعلاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم کوخوشگوار بنادیا۔ بارش کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں باران رحمت کے باعث شہریوں کےچہرے کھل اٹھے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔

    شہر قائد  کے مختلف علاقوں میں بادل گرجے، بجلی چمکی ،برکھا برسی گلشن حدید، گڈاپ، کاٹھوڑ، رزاق آباد، گھگھرپھاٹک، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد،ایف بی ایریا، لیاقت آباد، گلشن اقبال اورسرجانی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

    بارش شروع ہوتے ہی کےالیکٹرک کی نااہلی بھی سامنے آگئی ، شہر کے ایک سونو فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لیاقت آباد، ڈیفنس، بلدیہ، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن، خدا کی بستی، دہلی کالونی اور دیگر علاقے بارش ہوتے ہی اندھیرے میں ڈوب گئے، شہر کے بیشتر سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔


    مزید پڑھیں: بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ


    یاد رہے کہ کراچی میں بلدیاتی اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کو کئی دن گزرنے کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا کام نہیں کیا جاسکا، قیوم آباد سمیت دیگر علاقے جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں: ترقیاتی کام نامکمل، بارشیں شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئیں


     شہری انتظامیہ کی نااہلی اورغفلت کے باعث باران رحمت شہریوں کیلئے اذیت بن گئی، شہر کے بیشتر مقامات پر سیوریج کی لائنیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔ بارش کے پہلے قطرے کے ساتھ ہی گٹر اور نالے ابل پڑے تھے۔

  • کراچی میں کچھ دیر کی بارش سے  4 افراد ہلاک،سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام

    کراچی میں کچھ دیر کی بارش سے 4 افراد ہلاک،سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام

    کراچی: شہر قائد میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ بارش کے باعث رونما ہونے والے حادثات نے 4 افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارشوں نے دو بچوں کی جان لے لی، کرنٹ لگنے  اور دیوار گرنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔انڈا موڑ کے قریب 2 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے، موسمیات،نیو کراچی،ناظم آباد سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، بارش سے کئی حادثات نے بھی جنم لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن چار نمبر کے علاقے میں بارش کے بعد گھر کی دیوار گرنے سے ایک چار سالہ بچی شمع جاں بحق ہوگئی۔

    بارش کے بعد سڑکوں پر موٹر سائیکلیں پھسلنے سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ نیو کراچی سیکٹر اے ون میں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک تین سالہ بچہ احمد جان کی بازی ہار گیا، دونوں بچوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بارش کا پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے نرسری پر ٹریفک کے بہاؤ میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ گلبہار،میٹرک بورڈآفس،کےڈی اے چورنگی حیدری،سخی حسن، ناگن چورنگی اور یوپی موڑ پر گرین برس پراجیکٹ کے لیے سڑک کے درمیان کھودے گئے حصوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی سست پڑ گئی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

    0-irfanali-1437674563

    دوسری جانب کراچی میں افطاری کے بعد بارش کا آغاز ہوتے ہی کراچی کے 500 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے کراچی شہر کا آدھے سے زائد حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔

    نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ایم کیوایم رہنما وسیم اختر نے سندھ حکومت کو نااہل قرار دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کراچی کے مسائل حل کرنے کی اپیل کردی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں32 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، ملیر،قائدآباداوراطراف میں28ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا جبکہ رواں ہفتے آسلام آباد اوربالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں بارشیں متوقع ہیں۔

  • کراچی میں بارش، 500 فیڈر بند، آدھا شہر بجلی سے محروم

    کراچی میں بارش، 500 فیڈر بند، آدھا شہر بجلی سے محروم

    کراچی: شہر قائد میں پہلی بارش کے پانی کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہر بھر میں بجلی فراہم کرنے والے500 سے زائد فیڈر بند ہوگئے جس کے سبب آدھاشہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں افطاری کے بعد بارش کا آغاز ہوتے ہی کراچی کے 500 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے کراچی شہر کا آدھے سے زائد حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے چاروں ریجنز میں کے الیکٹرک کا عملہ اسٹینڈ بائی رہے گا، جہاں بجلی بند ہوگی اسے بحال کرنے کی فوری کی کوشش کی جائے گی۔

    کراچی کو پانی فراہم کرنے والے مرکزی دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن بھی ہوا ہے جس سے پپری اور گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث دونوں اسٹیشنوں سے شہر کو پانی کی سپلائی بند ہوگئی ہے۔

    الینڈ روڈ، نرسری، گذری، اور لالہ زار گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بیشتر علاقے اندھیرے میہں ڈوبے رہے۔

    کراچی کے دیگر علاقوں میں کلفٹن، نرسری، کورنگی، ڈیفنس، قیوم آباد، جیکبب لائن سلطان آباد ایف بی ایریا، ڈی ایچ اے فیز فائیو طارق روڈ ، اورنگی ٹاؤن، سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، علاوہ ازیں‌ ریڈ زون کا علاقہ بھی اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔

    کے الیٹرک نے عوامی مفاد میں پیغام دیتےہوئے کہا ہےکہ شہری بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، تار کے نیچے کھڑے نہ ہوں، گیلے ہاتھ الیکٹرک کی کسی بھی شے کو ہاتھ نہ لگائیں۔

  • کراچی میں بارش،موسم خوشگوار، بیشترعلاقوں میں بجلی غائب

    کراچی میں بارش،موسم خوشگوار، بیشترعلاقوں میں بجلی غائب

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے اچانک ہونے والی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، تاہم بارش کے باعث شہر کے مختلف خصوصاً نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

    بارش کے شروع ہوتے ہی ہمیشہ کی طرح شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے،دیگر علاقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

    کراچی کے علاقے ملیر ،ابوالحسن اصفہانی روڈ ،سپر ہائی وے ،ناظم آباد ،نارتھ ناظم آباد ،گلشن اقبال ،ایئرپورٹ ،صفورا اور ایف بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کافی دیر جاری رہی۔

    تاہم محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کل صبح تک ہلکی بوندی باری جاری رہنے کا امکان ہے۔