Tag: کراچی میں ڈکیتیاں

  • کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ ڈکیتیاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر کے دو علاقوں میں بڑی ڈکیتیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کا علاقہ سرجانی جرائم میں سب سے آگے نکل گیا ہے، علاقے میں تواتر کے ساتھ پیٹرول پمپس لوٹے جانے کے بعد اب تیسر ٹاؤن خدا کی بستی سیکٹر 36 جی میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات بھی ہو گئی ہے۔

    اس واردات میں 14 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے گھر سے 8 لاکھ کیش اور 6 تولے سونا لوٹا۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران گھر کے افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا تھا اور پھر بیڈروم میں موجود نقد رقم اور سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    سرجانی کے علاقے میں کی جانے والی ڈکیتی کی واردات

    ڈکیتی کی دوسری واردات کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 14 میں ایک گھر میں کی گئی، جس میں ڈکیت سونا اور نقدی سمیت 10 لاکھ سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    یہ واردات 5 مسلح ملزمان نے کی، واردات کے دوران ملزمان نے 5 لاکھ روپے کیش اور 5 لاکھ مالیت کا سونا لوٹا۔

    گلستان جوہر میں ایک گھر میں کی جانے والی ڈکیتی

    ڈکیتوں نے گھر کی تلاشی کے دوران سارا سامان بھی باہر نکال پھینکا، واردات کے بعد اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی۔

    یاد رہے کہ سرجانی کے پیٹرول پمپس کو گزشتہ ماہ کے دوران مسلسل نشانہ بنایا گیا تھا، ڈاکوؤں نے ایک ماہ کے دوران تین پیٹرول پمپس کو لوٹا، ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی۔

    نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب پکڑا گیا ڈاکو، اسلحہ بھی برآمد

    ادھر نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا، جسے مشتعل عوام نے تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جب کہ شہریوں نے فوری مدد کے لیے مددگار ون فائیو کو بلا لیا اور لوٹ مار کرنے والا ڈاکو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    مسلح ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا، ون فائیو پولیس نے بعد ازاں گرفتار ڈاکو کو متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا۔

  • موبائل کی دکان پر 12 لاکھ کی ڈکیتی، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری (ویڈیو)

    موبائل کی دکان پر 12 لاکھ کی ڈکیتی، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم کے قریبی موبائل شاپ پر گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلشن اقبال، بیت المکرم مسجد کے قریب موبائل فونز کی ایک دکان پر 4 ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر دکان لوٹ لی تھی، واردات کے بعد ڈاکو بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز نے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 4 ملزمان نے دکان پر ڈکیتی کی وردات کی، ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد مزاحمت پر فائرنگ بھی کی لیکن واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے دکان سے 12 لاکھ نقدی اور3 لاکھ کا سامان لوٹا تھا، یہ واقعہ گزشتہ روز سوا آٹھ بجے کے قریب رات کو پیش آیا، دکان کے مالک کی جانب سے واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    دکان مالک کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان تھی، ان کا رنگ سانولا تھا، وہ موٹر سائیکل پر آئے اور اسلحے کے زور پر مجھ سے رقم چھینی اور فرار ہو گئے۔ مالک دکان محمد شکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ملزمان دوبارہ سامنے آئیں تو وہ انھیں پہچان لیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے سر سید میں مٹھائی کی ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی تھی، 3 ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر لوٹ مار کرنی چاہی لیکن سیکورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ان کی یہ کوشش ناکام ہو گئی، اور ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جو بعد ازاں عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔

  • بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سر سید میں مٹھائی کی ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران خاتون اور بچے سمیت کسٹمر کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں، گولیوں سے بچنے کے لیے کسٹمر زمین پر لیٹ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں سرسید کے علاقے میں مٹھائی کی دکان پر 3 ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

    ڈکیتی کے واقعے کے دوران گولیاں چلنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    اے آر وائی نیوز پر چلنے والی فوٹیجز کے مطابق 3 ڈکیت مٹھائی کی دکان میں داخل ہوئے، انھیں سیکورٹی گارڈز کی تعداد کے حوالے سے غلط فہمی ہوئی، ڈکیت سمجھے کہ دکان میں ایک ہی سیکورٹی گارڈ ہے، جس کی وجہ سے ان کا ڈکیتی کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    ایک ڈاکو اپنے ساتھی کو آواز دے کر سیکورٹی گارڈ کی موجودگی سے خبردار کر رہا ہے

    دکان میں داخل ہونے کے بعد ایک ڈاکو نے سیکورٹی گارڈ کو پکڑ کر اس سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اس دوران دوسرے ڈاکو نے چلا کر اسے خبردار کرنے کی کوشش کی کہ ایک سیکورٹی گارڈ ادھر بھی ہے، لیکن دیر ہو چکی تھی، پہلے سیکورٹی گارڈ نے موقع دیکھ کر ڈاکو پر فائر کر دیا۔

    سیکورٹی گارڈ پستول نکال کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کر رہا ہے جب کہ خاتون اپنے بچے کو کھینچ کر بچانے کی کوشش کر رہی ہے

    فوٹیجز کے مطابق دوسری جانب سے دوسرے سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ سے ڈاکو بھاگا تو دکان کے باہر زخمی حالت میں گر پڑا، جسے بعد ازاں پولیس نے حراست میں لیا، لیکن وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔

    واقعے کی 4 عدد فوٹیجز میں فائرنگ کے وقت دکان کے اندر اور باہر کے شیشوں پر گولیاں لگتے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں کاؤنٹرز کے درمیان خاتون اور بچے سمیت کئی کسٹمرز زمین پر جان بچانے کے لیے لیٹ گئے، گولی چلتے ہی خاتون نے جان بچاتے وقت اپنے بچے کو بھی کھینچ کر نیچے بٹھایا۔

    مٹھائی کی دکان سے باہر کا فوٹیج، جس میں ایک ڈاکو گولی لگنے کے بعد زمین پر گر رہا ہے

    دکان سے باہر والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اسٹول پر بیٹھا ہوا ملازم گولی کی آواز سنتے ہی چونک اٹھا، وہ گھبرا کر اندر جانے لگا تو اسی وقت ڈاکو فائر کرتے ہوئے باہر نکلے، اور ان میں سے زخمی ڈاکو گر پڑا، جسے دیکھ کر ملازم اور بھی گھبرا گیا اور اندر چلا گیا۔

    بعد ازاں، پولیس کو طلب کیا گیا، اہل کاروں نے آکر زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔

  • گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد ملزمان کا پولیس کے ساتھ 15 منٹ مقابلہ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس میں مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح 5 بجے گلستان جوہر بلاک 15 میں ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، پولیس اور ملزمان میں 15 منٹ تک مقابلہ ہوا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گلستان جوہر پولیس ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے، دو موٹرسائیکلز پر چار اہل کاروں نے پیچھا کیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سامان سے بھرا رکشہ چھوڑ کر فرار ہوئے، اے آر وائی نیوز نے مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، جس میں ملزمان کے پیچھے موٹر سائیکل سوار اہل کاروں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ملزمان کے رکشے سے ملنے والی کھلونا پولیس کار اور ٹینک

    پولیس نے بتایا کہ آج صبح 4 ملزمان ایک بنگلے سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، ملزمان ایک رکشے اور ایک کار میں آئے تھے، اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان 15 منٹ تک مقابلہ چلا، شبہ ہے کہ فائرنگ سے رکشے میں سوار ملزمان زخمی ہوئے ہیں۔

    ملزمان کا رکشہ جسے وہ فرار ہوتے وقت چھوڑ گئے

    پولیس کے مطابق ملزم رکشہ چھوڑ کر کار میں فرار ہوئے، رکشے میں موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔

  • شہر میں ٹائم ٹیبل پر چلنے والا ڈکیت گروہ پکڑ میں آگیا، سنسنی خیز انکشافات

    شہر میں ٹائم ٹیبل پر چلنے والا ڈکیت گروہ پکڑ میں آگیا، سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: شہر قائد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان وارداتیں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے پکڑ لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے گرفتار کر لیے، جن میں گروہ کا سرغنہ علیم لمبا اور شوکت سرائیکی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 5 رکنی ٹائم ٹیبل گروپ کراچی پولیس کو ایک عرصے سے انتہائی مطلوب تھا، ملزمان صرف صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک واردات کرتے تھے، شاطر ملزمان شہریوں کے دفتری اوقات جانے کی ریکی بھی کیا کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان چوں کہ مخصوص اوقات میں وارداتیں کیا کرتے تھے اس لیے پولیس نے ان کا نام ٹائم ٹیبل گروپ رکھا تھا۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ گروپ کے کارندے گھروں کی ریکی کرتے وقت کار اور موٹر سائیکل کا استعمال کیا کرتے تھے، ملزمان خواتین اور اسکول کے بچوں کی ٹائمنگ اور مصروفیات کا دھیان بھی رکھتے تھے، سی سی ٹی وی اور مضبوط گرل والے گھروں میں ڈکیتی نہیں کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، گروپ نے کراچی کے علاقوں تیموریہ اور سرسید کے بنگلوں میں ڈکیتیاں کی تھیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 25 سے زائد بنگلوں میں ڈکیتی کا اعتراف کر لیا ہے۔

    عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ کراچی کے کئی اضلاع میں یہ گروپ وارداتیں کر چکا ہے، گلبہار، اورنگی ٹاؤن، جمشید کوارٹر، پریڈی، اور فیروز آباد کے کئی گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کی جا چکی ہیں، گروہ کا مرکزی ملزم علیم عرف لمبا 12 عدد کیسوں میں عدالت سے مفرور ہے، جب کہ شوکت عرف سرائیکی 2 تھانوں اور عدالتوں سے مفرور ہے۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش بھی کر رہی ہے۔