Tag: کراچی میں ہیٹ ویو

  • محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل 17 مئی کے بعد درمیانے درجے کی ہیٹ ویو کراچی کا رخ کرے گی، 17 سے 21 مئی تک درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جا سکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔

    موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

    دوسری طرف آج ملک بھر میں موسم گرم رہنے اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، یہ وہ علاقے ہیں جن پر بھارت برسوں سے قابض ہے اور مظلوم کشمیری عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خشک اور گرم رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، مری میں مطلع ابر آلود جب کہ لاہور میں صاف رہے گا، لاہور میں پارہ 35 سے 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    پشاور سمیت بالائی خیبر پختون خوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، پشاور میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں مطلع ابر آلود اور درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیش تر شہروں میں سخت گرمی کا راج ہے البتہ سکھر اور لاڑکانہ کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتوار سے جمعہ تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے، گلگت میں آج درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہنے کی توقع ہے، آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، مظفرآباد میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہے گا۔

    بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بارشیں جاری ہیں، سری نگر میں درجہ حرارت 22 سے 24، جموں میں 33 سے 35 اور لداخ میں 10 سے 12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں شدید گرمی/ سمندری طوفان کا اندیشہ

    کراچی میں شدید گرمی/ سمندری طوفان کا اندیشہ

    کراچی: محکمہ موسمیات نے آج شہرِ قائد میں شدید گرمی پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے جبکہ شہر کے ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو آئندہ ہفتے سمندر طوفان کا بھی خدشہ درپیش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر شاہد عباس کا کہنا ہے کہ آج سمندری ہوائیں رخ تبدیل کرلیں گی، شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم کرنے کا سبب بنیں گی جب کہ ان دنوں ہوا میں نمی کا تناسب بھی زیادہ ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے ، جب کہ ہوا کہ کم دباؤ کے باعث آئندہ ہفتے سمندری طوفان کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔

    شدید گرمی کے موسم میں احتیاطی تدابیر

    شاہد عباس کے مطابق آج سمندری ہوائیں رخ تبدیل کرلیں گی، شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم کرنے کا سبب بنیں گی جب کہ ان دنوں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہے۔ دوسری جانب خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، آئندہ ہفتے تک ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ سمندری طوفان کی شدت کا اندازہ 8 اکتوبر سے پہلے لگاناممکن نہیں، طوفان کا رخ کراچی کی جانب ہوا بھی توپہنچنے میں ہفتہ لگ جائےگا، محکمہ موسمیات سمندری طوفان کو قریب سے مانیٹر کررہا ہے۔

  • شہرقائد سے ہیٹ ویوکا خطرہ ٹل گیا

    شہرقائد سے ہیٹ ویوکا خطرہ ٹل گیا

    کراچی: شہر قائد کے شہریوں کے سر پر منڈلاتا ہیٹ ویو کا خطر ہ ٹل گیا ہے تاہم خلیج ِ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب آئندہ چار دن تک شہر کا موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 22 سے 26 ستمبر تک کراچی کا درجہ حرارت بڑھنےکا امکان ہے، شہر میں آج بھی سمندری ہوائیں بند رہیں گی جس کے سبب درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے چار دن تک خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث شدید گرمی کی لہر شہر قائد کو لپیٹ میں لے لے گی۔ان کا کہنا تھا کہ گرمی بڑھنےکی وجہ خلیج بنگال میں ہوا کاکم دباؤ ہے، درجہ حرارت میں اضافہ ہواؤں کی سمت تبدیل ہونےکی وجہ سے ہوگا، تاہم تازہ اطلاع کے مطابق آج شام تک شہر میں سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوجائیں گی جس کے سبب ہیٹ ویو کا خطرہ پیدا نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہفتے اور اتوار کو پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے البتہ 26 ستمبر کے بعد گرمی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی خلیج بنگال میں بننےوالاہواکاکم دباؤ مدھیہ پردیش اورمغربی راجھستان میں ہے، شہر میں بارشوں کا کوئی نیا سسٹم داخل نہیں ہورہا ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں ممکنہ شدید گرمی کے اندیشے کے سبب ’کے الیکٹرک‘ کو بھی ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی میں شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، انھوں نے واٹر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کا نظام مزید بہتر کرے۔