Tag: کراچی میں لوڈشیڈنگ

  • کراچی میں لوڈشیڈنگ، وزیراعظم  کا ایکشن ، کے الیکٹرک حکام جمعے کو طلب

    کراچی میں لوڈشیڈنگ، وزیراعظم کا ایکشن ، کے الیکٹرک حکام جمعے کو طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر جمعے کو کے الیکٹرک حکام کو طلب کرلیا، کابینہ اجلاس میں بھی کے الیکٹرک کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لوڈشیڈنگ پر وزیراعظم نے ایکشن لیتے ہوئے جمعے کو کے الیکٹرک حکام کو طلب کرلیا جبکہ وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس بھی ہوگا، جس میں  عمران خان کو کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات پر بریف کیاجائے گا۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں بھی کے الیکٹرک کا معاملہ زیر بحث آیا تھا جبکہ کابینہ اجلاس میں ابراج گروپ اوربلاول کےالزامات کا بھی ذکر ہوا۔

    وفاقی وزیرفیصل واوڈانے معاملہ وزیراعظم اورکابینہ ارکان کےسامنےاٹھایا اور کہا تھا بلاول بھٹوکی رپورٹ خودپیپلزپارٹی کیخلاف چارج شیٹ ہے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کا اجلاس، کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی  کے سپرد

    کابینہ اجلاس میں کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی کےسپرد کردیا گیا جبکہ کےالیکٹرک اورگیس کی قیمتوں سےمتعلق فیصلہ ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے گورنرہاؤس میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اہم اجلاس ہواتھا، جس کے بعد گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروفاقی وزیراسد عمر نے کل سے کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہونےکااعلان کیا تھا، اسد عمر نے کہا تھا اگر رویہ درست نہیں ہوا تو وفاق کےالیکٹرک کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔

  • بجلی بحران ، 14جولائی کو 120000 ٹن فرنس آئل کراچی پہنچ جائے گا

    بجلی بحران ، 14جولائی کو 120000 ٹن فرنس آئل کراچی پہنچ جائے گا

    کراچی : وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک آئندہ 18ماہ میں1000 میگا واٹ بجلی درآمد کرنےکےقابل ہوگا جبکہ ندیم بابر کا کہنا تھا کہ 14جولائی کو 120000 ٹن فرنس آئل کراچی پہنچ جائے گا، کے الیکٹرک کو معاہدہ سے زیادہ گیس فراہم کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی زیر صدارت سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی اسد عمر کی شرکت
    وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پی سی سی آئی اورکراچی کی صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنزکےنمائندوں نے بھی شرکت کی، دوران اجلاس صنعتی یونٹس کو گیس کی فراہمی اور دباؤ معمول کےمطابق کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا، ایم ڈی ایس ایس جی سی نے کہا صنعتی علاقوں میں گیس کی فراہمی پیر سےبہتر ہوجائے گی۔

    اجلاس میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں صنعتوں کی بندش اور دیگر مسائل پر اظہار خیال کیا گیا، صنعت کار نے کہا صنعتوں کی بندش سے غربت اور بے روزگاری بڑھے گی ، اسٹیٹ بینک کےرعایتی شرح پر قرض فراہمی کاخیر مقدم کرتے ہیں۔

    ایسوسی ایشنز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی طرف سےانفرااسٹرکچر ترقی کےاقدام نہیں کیےگئے ، وفاقی حکومت صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر بہتر بنانے پرسرمایہ کاری کرے جبکہ صدر کاٹی نے کہا سوئی سدرن گیس کمپنی کے لائن لاسز 15 فیصد ہیں ،یہ بڑا مسئلہ ہے۔

    اجلاس میں گورنر سندھ نے کہا حقائق یہی ہیں کہ طلب اوررسد میں فرق کی وجہ سے گیس کی کمی ہے، صنعتوں کو چلانے کے لیےہر ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے، متعلقہ وفاقی وزرا سے درخواست ہے باقاعدگی سے کراچی کادورہ کریں اور سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے اراکین سےملاقات بھی کریں۔

    وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک آئندہ 18ماہ میں1000 میگا واٹ بجلی درآمد کرنےکےقابل ہوگا اور کے الیکٹرک کی صلاحیت کو بتدریج بڑھاتے چلے جائیں گے، صنعتوں کو ایل این جی لگانے پر غور کرنا چاہیے۔

    معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا گیس دباؤمیں کمی کے مسئلہ پر قابو پانے کے اقدامات کر رہے ہیں، ڈسٹری بیوشن لائنز 50 سال پرانی ہیں ،تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ندیم بابر کا کہنا تھا کہ 14جولائی کو120000ٹن فرنس آئل کراچی پہنچ جائے گا، کے الیکٹرک کو معاہدہ سے زیادہ گیس فراہم کررہے ہیں اور فراہم فرنس آئل میں بھی کوئی کمی نہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ کراچی میں بجلی کامسئلہ فوری حل کیا جائے۔

    عمران خان نے کے الیکٹرک سے متعلقہ معاملات کے حل کے لیے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد قاسم اور گورنرسندھ کوالیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

    خیال رہے کراچی کےمختلف علاقوں میں اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے، بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کوسخت اذیت میں مبتلاکردیا ہے اور طلب اوررسد میں فرق کےباعث اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ چھ سے دس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

  • بجلی بحران پر وزیر اعلیٰ سندھ کی بے بسی، وزیر اعظم کو تیسرا خط لکھ دیا

    بجلی بحران پر وزیر اعلیٰ سندھ کی بے بسی، وزیر اعظم کو تیسرا خط لکھ دیا

    کراچی: سندھ میں بجلی کے شدید ترین بحران اور لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو ختم کرنے کے سلسلے میں اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو تیسرا خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بجلی کے بحران پر وزیر اعظم پاکستان کو دو خطوط پہلے بھی لکھے ہیں جن پر کوئی عمل در آمد نہیں ہوا۔ انھوں نے تیسرے خط میں ایک بار پھر کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی طرف توجہ دلائی۔

    وزیر اعلیٰ نے خط میں لکھا ہے کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی باہمی لڑائی سے کراچی شہر متاثر ہورہا ہے، اس لڑائی سے پیدا ہونے والے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو ختم کرنے کی ذمہ داری حکومت پاکستان پر ہے۔ خیال رہے آج پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے اس کی ذمہ داری حکومت سندھ پر ہے۔

    انھوں نے خط میں یاد دلایا کہ گیس کمپنی کے ستّر فیصد اور کے الیکٹرک کے پچیس فیصد شئیرز وفاق کے پاس ہیں، اسی طرح نیپرا اور اوگرا بھی وفاق کے ماتحت ادارے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر وفاق نے کچھ نہ کیا توسی سی آئی، این ایف سی اجلاس میں یہ معاملہ اٹھاؤں گا۔

    مراد علی شاہ نے خط میں مذکور کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ صرف کراچی ہی میں نہیں بلکہ پورے سندھ میں ہورہی ہے، سندھ حکومت کی کوششوں سے کراچی کا امن بحال ہوا ہے، یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو امن و امان خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا اگلے ہفتے لوڈ شیڈنگ کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان

    انھوں نے لکھا کہ سندھ کے لوگ بھی پاکستان کے شہری ہیں، آئین کے تحت سندھ کوبھی مساوی حقوق حاصل ہیں، حیسکو اور سیپکو کی خراب کارکردگی سے 16 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، یہاں لوڈشیڈنگ کےمسئلے کو ترجیحی اور ہنگامی بنیادوں پرحل کرنے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کراچی میں گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہیں کے الیکٹرک کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کا جو عذاب نازل ہوا ہے، اس سے شہری بلبلا اٹھے ہیں اور شہر میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی نے متحرک کردار ادا کیا اور آج پی ایس پی اور  ایم کیو ایم پاکستان نے بھی گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔