Tag: کراچی میں پانی کی قلت

  • کراچی میں پانی کی قلت : وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی منظوری دے دی

    کراچی میں پانی کی قلت : وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اندرون سندھ اور کراچی میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے کا باضابطہ اعلان وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے جلد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آبی ذخائر اور پانی کی قلت سے متعلق مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، سیکریٹری آبی وسائل محمد اشرف، چیئرمین واپڈا مزمل حسین سمیت دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

    اس موقع پر فیصل واوڈا کی جانب سے وزیراعظم کو آبی ذخائر اور سندھ و کراچی میں پانی کے مسائل پر بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ چیئرمین واپڈا نے سندھ میں مجوزہ منصوبے کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور چیئرمین واپڈا کی پانی کی کمی کو دور کرنے سے متعلق کاوشوں کو سراہا۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اندرون سندھ اور کراچی میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے منصوبے کی منظوری دی۔

    وزیر آبی وسائل نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ مذکورہ منصوبہ پاکستان خصوصاً سندھ کےعوام کی تقدیر بدل دے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کا باضابطہ اعلان وزیر آبی وسائل کی جانب سےجلد کیا جائے گا۔

  • سندھ میں صرف 35 فی صد پانی دستیاب ہے، سیکریٹری آب پاشی

    سندھ میں صرف 35 فی صد پانی دستیاب ہے، سیکریٹری آب پاشی

    کراچی: نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت آب پاشی کے مسائل پر اجلاس میں سیکریٹری آب پاشی نے کہا ہے کہ سندھ میں صرف 35 فی صد پانی دستیاب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آب پاشی کے مسائل پر منعقدہ اجلاس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری آب پاشی، سیکریٹری چیف منسٹر اوردیگر نے شرکت کی، اجلاس میں سندھ میں پانی کی قلت کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کیا جائے اور بدین اور ٹیل کےعلاقوں میں پانی پہنچانے کی کوشش کی جائے۔

    سیکریٹری آب پاشی نے اجلاس میں بتایا کہ سندھ میں صرف 35 فی صد پانی دستیاب ہے، سندھ کو 36 ہزار 450 کیوسک پانی مل رہا ہے، تاہم 15 جون تک پانی کی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔

    چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کو میں خود مانیٹر کر رہا ہوں، جہاں پانی کی قلت ہے وہاں ٹینکرز سے پانی پہنچایا جا رہا ہے۔

    کراچی میں پانی کی بلیک میں فروخت جاری


    واضح رہے کہ کراچی میں گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی بجلی بحران کے ساتھ ساتھ پانی کا بھی شدید بحران شروع ہوگیا ہے، پانی کی قلت کے دعوے کیے جارہے ہیں لیکن شہر میں ٹینکر مافیا بھی عروج پر ہے اور واٹر بورڈ کا عملہ بھی پانی بلیک میں فروخت کر رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں،مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔