Tag: کراچی میں ڈینگی

  • کراچی میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال ، اسپتال بھر گئے ، جگہ ختم

    کراچی میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال ، اسپتال بھر گئے ، جگہ ختم

    کراچی : شہر قائد میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہونے لگی ، شہر کے بیشتر نجی اسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈ دستیاب نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ خطرناک حد تک جاری ہے، مریضوں کیلئے پلیٹلیٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ شہرکے بیشتر نجی اسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈ دستیاب نہیں ، ڈینگی مریضوں کا ایمرجنسی میں معائنہ کرکےعلاج کیا جارہا ہے۔

    ڈینگی کی خطرناک صورتحال کے باوجود شہر کے کسی بھی علاقے میں اسپرے مہم شروع نہ کی جاسکی اور نہ ہی بروقت زیر علاج مریضوں سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی۔

    توجہ دینے کیلئے شہری اداروں کو متحرک نہ کرسکا اور نا ہی بروقت زیر علاج مریضوں سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہے

    سول اسپتال کراچی میں یکم ستمبر سے اب تک 1859مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جس میں سے 672 مریضوں میں ڈینگی پازیٹیو کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ڈینگی کیسز کے متعلق محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا میں شہر کے متعدد نجی اسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کے اعداد و شمار شامل نہیں ہیں۔

    یومیہ 60 سے 70 فیصد مریضوں کے ڈینگی کیسز شہر کی نجی لیبارٹریز میں بھی کئے جارہے ہیں۔

  • کراچی میں  ڈینگی کی خطرناک صورتحال، اسپتالوں کے آئی سی یو اور ایمرجنسی میں جگہ ختم

    کراچی میں ڈینگی کی خطرناک صورتحال، اسپتالوں کے آئی سی یو اور ایمرجنسی میں جگہ ختم

    کراچی : شہر قائد میں ڈینگی خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا ، نجی اسپتال کے آئی سی یو اور ایمرجنسی میں جگہ ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 15 اگست کے بعد سے ڈینگی کیسزمیں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ماہرخون ومتعددی امراض کا کہنا ہے کہ شہرکے نجی اسپتال کےآئی سی یو اور ایمرجنسی میں جگہ نہیں ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ حاملہ خواتین کی حالت کافی تشویشناک ہے، ان کے پلیٹ لیٹس 18ہزارسےبھی نیچے جارہے ہیں ،شہری بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیں ، ڈاکٹر ثاقب انصاری

    ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ شہری حکومت فوری شہرمیں مچھر ماراسپرے مہم کا آغاز کرے ،بخار ہونے کی صورت میں فوری ٹیسٹ کروائیں۔

    ماہرین صحت کا مزید کہنا تھا کہ مریض کو پانی اورجوسز کا استعمال زیادہ کروائیں ، پپیتے کے پتوں سے ڈینگی کا علاج ممکن نہیں ہے۔

  • کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید 2 مریض دم توڑ گئے

    کراچی: شہر قائد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 2 مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزید دو افراد ڈینگی وائرس کے سبب دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں نارتھ ناظم آباد کی رہایشی خاتون اور گلشن ملیر رفاہ عام کا رہایشی 3 ماہ کا بچہ شامل ہیں۔

    ڈینگی کے دونوں مریض نجی اسپتالوں میں زیر علاج تھے، ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 42 ہو گئی ہے، کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 101 اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ کراچی کے 14241 سمیت سندھ میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 15304 ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15058 ہوگئی

    خیال رہے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال ملک میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سب سے زیادہ ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے جب کہ وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13200 کیس سامنے آئے۔

    رواں برس ملک میں ڈینگی سے 80 سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں، جس میں 42 اموات سندھ میں ہوئیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 22 اموات ہوئیں۔

    کراچی میں ڈینگی سرویلنس سیل کی جانب سے تاحال ڈینگی لاروے کو تلف کرنے کے لیے اسپرے اور فیومیگیشن کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔ سرد موسم کے باوجود ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کراچی میں ایک ہی دن میں ڈینگی کے 144 نئے کیسز رپورٹ

    کراچی میں ایک ہی دن میں ڈینگی کے 144 نئے کیسز رپورٹ

    کراچی: شہر قائد میں ایک ہی دن میں ڈینگی کے 144 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صرف کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق ایک ہی دن میں 144 نئے کیس سامنے آئے۔

    سرویلنس سیل کے مطابق ماہ اکتوبر میں کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 140 تک پہنچ گئی، رواں سال صرف کراچی میں 5 ہزار 183 جبکہ مجموعی طور پر سندھ میں 5 ہزار 518 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔

    ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 18 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ روز وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 8 ہزار 245 کیس سامنے آئے۔ پنجاب میں 6 ہزار 629، سندھ میں 5 ہزار 109، پختنوخواہ میں 5 ہزار 229، قبائلی اضلاع میں 463، بلوچستان میں 2 ہزار 776 اور آزاد کشمیر میں 13 سو 38 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں سے 228 ڈینگی کیس سامنے آئے، رواں برس گلگت بلتستان سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہیں آیا۔ اب تک ملک میں ڈینگی سے 47 اموات ہوچکی ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے 16 اموات ہو چکی ہیں۔ اسی طرح پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے ایک ہلاکت ہوئی۔ پختونخواہ اور قبائلی اضلاع میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

  • کراچی: نجی اسپتال میں ڈینگی وائرس کی زیر علاج خاتون چل بسیں

    کراچی: نجی اسپتال میں ڈینگی وائرس کی زیر علاج خاتون چل بسیں

    کراچی: ڈینگی وائرس سے اموات کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے، کراچی میں ایک اور خاتون ڈینگی کا شکار ہو کر چل بسیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ڈینگی وائرس سے متاثرہ خاتون دم توڑ گئیں، معلوم ہوا ہے کہ ڈینگی سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد متاثر ہوئے تھے تاہم خاتون جاں بر نہ ہو سکیں۔

    محکمہ صحت کے ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ دیگر 2 افراد اب بھی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق شہر میں ڈینگی کے سبب اموات کی تعداد 17 ہو گئی ہے، رواں سال ملک بھر میں ڈینگی سے 46 اموات ہو چکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینگی وائرس: ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار سے بڑھ گئی: وزارتِ صحت

    گزشتہ روز وزارتِ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئیں، سندھ میں 16 اموات، وفاقی دارالحکومت میں 15 اموات جب کہ پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3، اور آزاد کشمیر میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔

    ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 167 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں ماہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے، رواں ماہ صرف 10 دن میں 1517 کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف مجموعی طور پر سندھ بھر میں رواں ماہ 1641 کیس سامنے آئے۔

    وفاقی انسداد ڈینگی سیل کے مطابق ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 28525 ہو گئی ہے، ڈینگی کے سب سے زیادہ 7690 کیس اسلام آباد سے سامنے آئے۔

  • ڈینگی وائرس: اسلام آباد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 3 مقدمات درج

    ڈینگی وائرس: اسلام آباد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 3 مقدمات درج

    اسلام آباد/کراچی/ سوات: ڈینگی وائرس نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے، سیکڑوں افراد متاثر جب کہ ڈینگی سے اب تک پنجاب میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، کراچی میں بھی ڈینگی نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، سیکڑوں مریض زیر علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کی وبائی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دو دن قبل دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کی خلاف ورزی پر آج تھانہ نون پولیس نے 3 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے برتن یا دیگر اشیا میں پانی بھر کر رکھنے پر پابندی عاید کر رکھی ہے، یہ پابندی شہر میں ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لیے لگائی گئی ہے، ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے ٹائر شاپس پر ٹائرز میں پانی جمع رکھنے پر بھی پابندی عاید کی گئی ہے۔

    ادھر کراچی میں ڈینگی کے مزید 20 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، ڈینگی سرویلنس سیل کا کہنا تھا کہ رواں ماہ ڈینگی سے 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    ڈینگی: ملک بھر میں مزید کیسز کی تصدیق، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

    سوات کے ضلع مردان میں بھی 21 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، جنھیں میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے، سوات کے سرکاری اسپتالوں میں بھی مزید 9 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    آج پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈینگی میں مبتلا 3 مریض داخل کیے گئے، سی ای او ہیلتھ کے مطابق تینوں مریض اسلام آباد میں رہایش رکھتے تھے، تینوں اسلام آباد ہی میں ڈینگی میں مبتلا ہوئے، تینوں مریضوں کے گھروں اور اطراف میں اسپرے کرا دیا گیا ہے۔

    دریں اثنا، پنجاب میں ڈینگی پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے، سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پھیلاؤ کی وجہ فرضی کارروائیاں اور اسپتالوں کی غلط رپورٹنگ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے اقدامات کا تھرڈ پارٹی ای ویلیوشن کا فیصلہ کیا ہے، تمام سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کا نظام بھی لایا جا رہا ہے، تھرڈ پارٹی ایویلیوشن موبائل ایپلی کیشن سے کی جائے گی، اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو فوری کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں ڈینگی نے وبائی صورت اختیار کر لی

    یاد رہے گزشتہ روز کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں ڈینگی کے مزید 2 مریض ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کیے گئے، اسپتال ذرایع نے بتایا کہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہو گئی۔

    راولپنڈی میں گزشتہ روز 24 گھنٹے میں مزید 90 شہری ڈینگی بخار کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1888 ہو گئی، پوٹھوہار ٹاؤن کے علاقوں سے 24 گھنٹے میں مزید 74 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

    لاہور شہر میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے گزشتہ روز ڈی سی نے مختلف علاقوں کے دورے کیے، حفاظتی اقدامات کے با وجود ضلعی حکومت کی نا اہلی کا پول کھل گیا، گلبرگ میں زیر تعمیر پلازے سے ڈینگی لاروا برآمد کیا گیا، احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر زیر تعمیر بلڈنگ کا کام رکوا دیا گیا، جب کہ پلازے کے مالک شہباز کے خلاف مقدمہ درج کر کے پلازہ سیل کر دیا گیا۔

    دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے فیڈرل جنرل اسپتال چک شہزاد کا دورہ کیا، ڈاکٹر ظفر مرزا نے فیڈرل جنرل اسپتال میں ڈینگی وارڈ کا افتتاح کیا، انھوں نے کہا حکومت ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، راولپنڈی میں بیڈز کی کمی کے باعث مریضوں کو اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے، ڈینگی سے متعلق صورت حال قابو میں ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پمز اسپتال اور پولی کلینک میں خصوصی ڈینگی وارڈ قایم ہیں، گزشتہ برسوں کی نسبت ڈینگی کے مریضوں کی تعداد اب کم ہے، ہر گرزتے دن ڈینگی کیسز کی تعداد میں کمی آئے گی۔