Tag: کراچی میں کرونا وائرس

  • کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کے سلسلے میں جاری ہدایات کی خلاف ورزی پر پچاس سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے سلسلے میں اسکول بند رکھنے کی ہدایات کے باوجود کراچی کے متعدد علاقوں میں آج اسکول کھولنے پر 50 سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    اس سلسلے میں آج ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی ٹیموں نے مختلف اسکولوں کے دورے کیے، ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹوشنز کی ہدایت پر مختلف نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی، رجسٹرار پرائیویٹ اسکول رفیعہ جاوید بھی ہمراہ تھیں، چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی نجی اسکولوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

    کارروائی کے دوران لانڈھی، لیاری، کورنگی، گلشن حدید سمیت مختلف علاقوں کے اسکولوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے، ناظم آباد میں جے بی میموریل اسکول، پاک ماڈل، آکسفورڈ، پرسٹن گرامر، لانڈھی میں اقبال پبلک، توحید پبلک اور ایمیز پبلک اسکول، الہادی انٹرنیشنل، ڈی ایچ نیوجنریشن سرجانی کی رجسٹریشن کینسل کر دی گئی۔ گلشن حدید میں الشمس، ابدالی اکیڈمی، کورنگی میں اسٹار کڈز، اے بی سی اسکول، اقرا اطفال، لانڈھی میں سٹی اسکول، کورنگی میں ڈی ایس اے اسکولنگ سسٹم کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی۔

    کارروائی کے دوران کے ایم اے اسکول کھارادر، ماما بے بی کیئر اسکول نیو ٹاؤن،انٹر نیشنل گرامر اسکول گلستان جوہر، المخدوم اسکول لیاری کے علاوہ پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول بھی دورے کے موقع پر کھلے پائے گئے جن کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے اعلان کے بعد پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے تمام نجی اسکولوں کو پابند کر دیا تھا، ہدایت کی گئی تھی کہ وی آئی پی اور نامور بڑے نجی تعلیمی ادارے بھی 13 مارچ تک اسکول بند رکھنے کے احکامات کی پابندی کریں ورنہ کارروائی کی جائے گی، ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ڈاکٹر منسوب صدیقی کا کہنا تھا کہ سی ایم سندھ کا فیصلہ صوبے کے سب اسکولوں پر لاگو ہوگا، کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اپنے اساتذہ کو بھی نہیں بلائے گا، بیکن ہاؤس، دی ایجوکیٹر، سٹی، سمیت ڈی ایچ اے کے تمام اسکول بھی احکامات کے پابند ہیں۔

    نجی اسکول کھولنے والے تمام مالکان کو ڈائریکٹرآفس طلب کر لیا گیا ہے، اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چئیرمین بورڈ آف سیکنڈری کو بھی سفارش کر دی گئی ہے۔

  • ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت

    ایران میں موجود پاکستانیوں کو وہیں روکا جائے گا: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو پاکستانی ابھی ایران میں موجود ہیں انھیں وہیں روکا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلقہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کوئی ایران جائے گا نہ ہی واپس آئے گا، جو لوگ ایران گئے ہیں اور ابھی واپس نہیں آئے انھیں وہیں روکا جائے گا۔

    اجلاس میں ایران سے آنے والے 1500 افراد کی فہرست بھی ڈپٹی کمشنر کو دی گئی، بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کا دیا گیا انفیکشن پری وینشن میٹریل اسپتالوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، 52000 ماسک اور 15000 دستانے سندھ کےاسپتالوں میں موجود ہیں۔

    اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس کو ایران سے واپس آنے والوں کی فہرست مہیا کی گئی ہے، یہ فہرست ایڈوائزری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہے۔ اجلاس میں تمام پبلک اینڈ پرائیویٹ مقامات پر سینیٹائزر لگانے کی تجویز بھی دی گئی۔

    کرونا وائرس کا خطرہ، پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر پابندی عائد

    اجلاس میں ڈاکٹر فیصل نے اہم نکتے کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ ماسک پہننا ضروری نہیں ہے، وہ لوگ ماسک استعمال کریں جو متاثر ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان اور ایران میں براہ راست پروازوں پر تا حکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے، لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں سے ایران جانے والی تمام پروازیں بند رہیں گی۔ ایران سے آئے 2 پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، مریضوں کے اہل خانہ کی بھی اسکریننگ کی گئی تاہم کسی میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔