Tag: کراچی واردات

  • پولیس کی بروقت کارروائی، ملزمان پستول اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار

    پولیس کی بروقت کارروائی، ملزمان پستول اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار

    کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ون میں پولیس اہلکار کی بروقت کارروائی نے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز 1 میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی اس دوران پولیس اچانک پہنچ گئی جس کے بعد ملزمان واردات چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزم شہری کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گیا، پولیس اہلکار کی فائرنگ پر ملزمان اپنی پستول اور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    شہری گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھا ہی تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان پہنچ گئے، پولیس کو آتا دیکھ کر ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے، پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور ملزمان کا پیچھا کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/nankana-sahib-suspects-killed-in-alleged-police-encounter/

  • کراچی: 3 کروڑ کی واردات کرنے والے گرفتار، 46 لاکھ برآمد

    کراچی: 3 کروڑ کی واردات کرنے والے گرفتار، 46 لاکھ برآمد

    کراچی: شہر قائد میں‌ لاہور سے آئے سونے کے ایک تاجر سے 3 کروڑ لوٹنے والے ڈاکو گرفتار ہو گئے، جن سے 46 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور سے آئے ہوئے سنار کو لوٹنے والے 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ 2 فروری کو ہونے والی وارادت میں اسلحے کے زور پر تقریباً ساڑھے 3 کروڑ روپے چھینے گئے تھے، متاثرہ تاجر طلائی زیورات فروخت کرنے کے بعد رقم بیگ میں لے کر رکشے میں کینٹ ریلوے اسٹیشن کی طرف جا رہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق داؤد پوتا روڈ مہران ہوٹل کے قریب چار لٹیروں نے تاجر سے واردات کی تھی، جو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

    شرجیل کھرل کے مطابق واقعے کے بعد تفتیش کے لیے دو ٹیمیں بنائی گئی تھیں، ٹیموں نے جیو فینسنگ اور ٹیکنیکل ڈیٹا اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا ریکارڈ حاصل کیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ 21 فروری کو واردات میں ملوٹ ملزم محمد ظاہر کو گرفتار کیا گیا، جس نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کیا، گرفتار ملزم نے وارادت میں ملوث دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے، جنھیں بعد ازاں انفارمیشن اور ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    گرفتار ملزمان میں سلمان، ظفر اور محسن شامل ہیں، جن سے 46 لاکھ کی رقم برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان سے 4 عدد پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان پیشہ ور ڈکیت ہیں، اور متعد بار جیل جا چکے ہیں، کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمان مقامی ہیں، اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر کام جاری ہے۔

  • نیوی کے ریٹائرڈ کمانڈر سے 10 لاکھ چھیننے کی واردات، دل دہلا دینے والی فوٹیجز

    نیوی کے ریٹائرڈ کمانڈر سے 10 لاکھ چھیننے کی واردات، دل دہلا دینے والی فوٹیجز

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں ایک دل دہلا دینے والی واردات ہوئی ہے، لٹیروں نے نیوی کے ایک سابق اہل کار کو نشانہ بنا کر 10 لاکھ کی رقم لوٹی۔

    اے آر وائی نیوز نے علاقے کی پولیس پر بڑا سوالیہ نشان لگانے والے اس واقعے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واردات کیسے کی گئی تھی۔

    یہ واقعہ آج شام کو سائٹ سپر ہائی وے میں پیش آیا تھا، جب ڈاکوؤں نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، اور اندر بیٹھے شخص سے 10 لاکھ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سابق سیکیورٹی افسر ریٹائرڈ کمانڈر اشتیاق زخمی ہوئے تھے، فوٹیجز کے مطابق 4 ڈاکو 2 موٹر سائیکلز پر سوار تھے، اور انھوں نے اشتیاق کو گھر پہنچتے ہی گھیر لیا۔

    فوٹیجز میں لٹیروں کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جس سے علاقے میں ان کی بے خوفی کا پتا چلتا ہے، اور اسی لیے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے مقامی ایس ایچ او پر مختلف قسم کے سنگین الزامات عائد کر کے ان کے ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریٹائرڈ افسر نے جب گاڑی نہ روکی تو مسلح لٹیروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، اور کچھ دیر کی مزاحمت کے بعد آخر کار انھوں نے گاڑی روک دی۔

    معلوم ہوا کہ سابق نیوی کمانڈر اشتیاق بینک سے رقم نکلوا کر گھر پہنچے تھے، ڈاکوؤں نے ان کا وہیں سے پیچھا کیا تھا، اور ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچتے ہی واردات کی اور فرار ہو گئے۔

    واردات کے دوران گلی میں موجود بچوں اور دیگر افراد کو بھی سراسیمگی اور خوف سے ادھر ادھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ حلقہ پی ایس 99 میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، پچھلے تین چار ماہ میں ڈکیتی کی بڑی وارداتیں، ٹارگٹ کلنگ، گینگ ریپ جیسے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

    موٹر سائیکل چھیننے کی واردات، گولیوں سے 2 افراد کے زخمی ہونے کی فوٹیجز (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    واقعے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے میں کرائم بڑھ چکا ہے اور کوئی روکنے والا نہیں، ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے زمینوں پر قبضے اور بھتے لینے میں مصروف ہے، پولیس کی موبائل قبضہ کرنے اور کسی کا قبضہ چھڑوانے میں مصروف ہوتی ہے، اس کرپٹ اور بھتہ خور ایس ایچ او کو ہٹایا جائے۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا اگر جلد ملزمان گرفتار نہ ہوئے، اور امن و امان کی صورت حال بہتر نہ ہوئی تو سپر ہائی وے پر احتجاج کی قیادت میں خود کروں گا۔ انھوں نے کہا اس ایس ایچ او کے وقت میں قتل گینگ ریپ ڈکیتیوں کی بڑی وارداتیں ہو چکی ہیں، دو روز قبل ایک پولیس کا سپاہی ڈاکوؤں کے پیچھے گیا تو اسے مار دیا گیا، پولیس اہل کار کے قاتل بھی ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔

  • کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن بچے کی جان خطرے میں پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن بچے کی جان خطرے میں پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو ٹاؤن میں موٹر سائیکل لفٹرز نے ایک واردات کے دوران بے رحمی کی انتہا کر دی، معصوم بچے کی جان بھی خطرے میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سی پی برار سوسائٹی میں ایک شہری سے واردات کے دوران مسلح موٹر سائیکل لفٹرز نے بے رحمی کی بدترین مثال قائم کر دی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو سائیڈ دے کر خطرناک انداز میں روکا۔

    رپورٹ کے مطابق شہری اپنے کم سن بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، بچے کے ساتھ دیکھ کر ڈاکوؤں نے چلتے چلتے اسے گھیر لیا، ڈاکو شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے۔

    بے حسی کی ایک ایسی واردات جسے دیکھ کر دردمند دل تڑپ اٹھے (ویڈیو)

    شہری نے موٹر سائیکل پر اپنے آگے معصوم کم سن بچے کو بٹھا رکھا تھا، ڈاکوؤں نے اسے آسان شکار سمجھا اور گھیر لیا، پہلے ایک موٹر سائیکل پر سوار لٹیرے نے بڑے خطرناک انداز میں شہری کی چلتی موٹر سائیکل کو سائیڈ میں دباتے ہوئے رکوایا، اس دوران موٹر سائیکل گرنے کا اندیشہ بھی تھا جس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔

    شہری کی موٹر سائیکل رکنے کے بعد دوسری موٹر سائیکل پر دو ڈاکو سوار فوراً آ کر رکے، اور شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے، لیکن شہری نے تھوڑی سی مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا۔

    موٹر سائیکل چوری کی واردات اتنی آسان کیوں؟ فوٹیج سامنے آ گئی

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے موٹر سائیکل سوار شہری کو تھپڑ مار رہے ہیں، انھوں نے شہری کی جیب سے موبائل فون اور پرس بھی نکال لیا، جب کہ واردات کے دوران معصوم بچہ روتا رہا۔

    خود کو بے بس پا کر شہری کو بچہ گود میں لے کر اترنا پڑا اور موٹر سائیکل لٹیروں کے حوالے کر دی، جس کے بعد تینوں ایک ایک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں موٹر سائیکل چوری اور راہ چلتے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی اے آر وائی نیوز پر دکھائی جا چکی ہیں۔