Tag: کراچی ٹرانسفارمیشن پلان

  • کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، افواج پاکستان کا شہر قائد کے لیے ایک اور کامیاب سنگ میل

    کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، افواج پاکستان کا شہر قائد کے لیے ایک اور کامیاب سنگ میل

    کراچی: کراچی ٹرانسفارمیشن پلان افواج پاکستان کی جانب سے شہر قائد کے لیے ایک اور کامیاب سنگ میل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان وفاقی و صوبائی حکومتوں، سول اور ملٹری ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، جس کی تکمیل 30 جون 2025 تک ہونے کا امکان ہے۔

    کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں آبی ریلوں کی نکاسی، ویسٹ مینجمنٹ، سٹی ٹرانسپورٹ پلان، گرین لائن، اورنج لائن، ایئر لائن اور یلو لائن شامل ہیں۔

    ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے کراچی کے شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات میسر ہوں گی، نہ سیلابی ریلوں کا خدشہ ہوگا اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کے مضر اثرات عام آدمی تک پہنچیں گی۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے اشتراک سے کراچی کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا تھا، اور کراچی کے لیے میگا منصوبوں میں سے ایک منصوبہ این ڈی ایم اے کے لیے مختص کیا گیا تھا۔

    این ڈی ایم اے کو محمود آباد، گجر، اورنگی نالوں کی صفائی اور متاثرین کے لیے 2 سال تک 15 ہزار کی مالی امداد سونپی گئی تھی۔

    نالوں کے دو اطراف آر سی سی دیواروں کی تعمیر، سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر، نئے پلوں کی تعمیر اور علیحدہ سیوریج لائنز کی تنصیب کی ذمہ داریاں بھی حوالے کی گئی تھیں۔

  • وزیراعظم  کی کراچی  ٹرانسفارمیشن پلان پر جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پرجمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی، امین الحق نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پرسست روی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پرغورمتعدد کی منظوری دے دی گئی ، اجلاس میں امین الحق نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سست روی کا معاملہ اٹھایا۔

    وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ، وزیراعظم صاحب آپ خود معاملات کو دیکھیں، کراچی پیکج کی رفتار کو تیز کیا جائے ، کراچی پیکج سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

    جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ امین ! میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں اور وزیراعظم نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔

    وفاقی وزیر فیصل واوڈا نےبیوروکریسی کی جانب سے مداخلت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا بیورو کریسی حکومتی معاملات میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، حکومتی احکامات میں رکاوٹ بننے والے بیوروکریٹس کے خلاف ایکشن لینا ہوگا۔

  • وزیر اعظم کو پیکج پر دوبارہ غور کرنا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

    وزیر اعظم کو پیکج پر دوبارہ غور کرنا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کم از کم سندھ حکومت کے 800 ارب کے برابر گرانٹ کا اعلان کرتے، وزیر اعظم کو فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور کو فون کیا، انھوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے عہدے دار اور کارکن سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے، 2010 اور 2011 کے سیلاب زدگان کی وطن کارڈ سے مدد کی گئی تھی، وفاق بھی اسی طرز پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کراچی کے عوام توقع کر رہے تھے کہ وزیر اعظم بڑے پیکج کا اعلان کریں گے، وفاق سندھ حکومت کے برابر گرانٹ دے تاکہ کراچی کے مسائل کا خاتمہ ہو۔

    خیال رہے کہ آج چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ضلع وسطی و غربی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب میں انھوں نے کہا عوام ساتھ دیں تو وفاق سے این ایف سی چھین کر رہیں گے، سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ حکومت کو دیا جائے۔ بلاول نے سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ سے سندھ کے عوام کا پیسہ صوبائی حکومت کو دینے کی درخواست کریں گے۔

    کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی دورے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا تھا، جس میں شہر میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سیوریج ٹریٹمنٹ کے لیے 141 ارب روپے، سولِڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسئ آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    کراچی پیکج میں سڑکوں کی بحالی اور نئی سڑکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟

    کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟

    کراچی: وزیر اعظم آفس نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے اعلان کردہ 1113 ارب روپے پیکج کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے پیکج میں کراچی میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق کراچی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پر 141 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، سولِڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسئ آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    سڑکوں کی بحالی اور نئی سڑکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا بڑے شہر کے لیے بڑے پیکج کا اعلان

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا تھا، نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ کراچی کے لیے اس تاریخی پیکج میں 8 سو ارب وفاق اور 3 سو ارب روپے سندھ ادا کرے گا۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج سسٹم، ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ اور پانی کے مسائل ہیں، ہماری کوشش ہے سارے مسائل کو ایک ساتھ حل کریں، نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو سونپا گیا ہے، نالے وفاق صاف کرے گا، بے گھر ہونے والوں کی آباد کاری صوبہ کرے گا، سب کاموں کی مانیٹرنگ پی سی آئی سی کرے گی، جس میں وفاق، صوبائی حکومت اور فوج شریک ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کراچی میں مختلف اداروں کی حدود ہیں، اس لیے یہاں فیصلوں کا نفاذ مشکل ہوتا تھا، کراچی کے مسائل کی ایک بڑی وجہ اختیارات کا تقسیم ہونا ہے، لیکن اب کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک سال اور 3 سال کی پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آفت زدہ شہر کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نیوز کانفرنس میں شہر قائد کے لیے گیارہ سو ارب روپے کے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

    عمران خان نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ کراچی کے لیے گیارہ سو ارب کا تاریخی پیکج لائے ہیں، جس میں 8 سو ارب وفاق اور 3 سو ارب روپے سندھ کا حصہ ہوگا، پانی کا مسئلہ پرانا ہے، کوشش ہے جلد سے جلد حل ہو۔

    انھوں نے کہا سیوریج سسٹم کا 1100 ارب کے پیکج میں حصہ ہوگا، ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ، پانی اور سیوریج سسٹم کے مسائل حل کیے جائیں گے، کراچی کے سرکلر ریلوے کو اس پیکج سے مکمل کریں گے، ہماری کوشش ہے کراچی کے مسائل کو ایک ساتھ حل کریں۔

    وزیر اعظم نے کہا کراچی میں پانی کا مسئلہ پرانا ہے، کوشش ہے کہ یہ مسئلہ جلد سے جلد حل ہو، این ڈی ایم اے نالے صاف کر رہی ہے اور کرے گی، اس قسم کی آفات میں پاک فوج ہمیشہ آگے آتی ہے، پی سی آئی سی کراچی سے متعلق فیصلوں پر عمل کرائے گی، کراچی کی ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کا مسئلہ بھی اس پیکج کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کراچی کے لوگوں کو بہت مشکل حالات سے گزرنا پڑا، اب سب نے مشاورت کے بعد کراچی کے حل کے لیے فیصلہ کیا، پی سی آئی سی کے ذریعے کراچی کے مسائل حل کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کراچی میں مختلف اداروں کی حدود ہیں، اس لیے یہاں فیصلوں کا نفاذ مشکل ہوتا تھا، کراچی کے مسائل کی ایک بڑی وجہ اختیارات کا تقسیم ہونا ہے، لیکن اب کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک سال اور 3 سال کی پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں، نالے وفاق صاف کرے گا، بے گھر ہونے والوں کی آباد کاری صوبہ کرے گا، سب کاموں کی مانیٹرنگ پی سی آئی سی کرے گی، جس میں وفاق، صوبائی حکومت اور فوج شریک ہوگی۔

    انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ نے مجھے اندرون سندھ کی صورت حال سے آگاہ کیا، ہم دیکھ رہے ہیں کہ اندرون سندھ کے لوگوں کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں، بلوچستان اور سوات کے علاقے اور چترال بھی بارش سے متاثر ہوا ہے، جتنی بارشیں ابھی ہوئیں پہلے نہیں ہوئیں، اللہ نے ہمیں بارشوں کے امتحان میں ڈالا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی کوآرڈینیشن عمل درآمد کمیٹی (پی سی آئی سی) بنائی گئی ہے، اب تمام فیصلے اس کمیٹی کے فورم پر ہوں گے، کرونا کے خلاف کامیابی کی بڑی وجہ مشترکہ لائحہ عمل تھا، سیلاب کا بھی مشترکہ حکمت عملی سے مقابلہ کریں گے، فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے۔

  • کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں، وزیراعظم

    کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں، وزیراعظم

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں نےانتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے، کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،چیئرمین این ڈی ایم اے ،وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل اور "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کاجائزہ لیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو بے شمار مسائل درپیش ہیں، بدقسمتی سےماضی میں مسائل کے مستقل حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں نےانتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے ، انتظامی ڈھانچے نے کراچی کےعوام کو بےتحاشامسائل سے دوچار کیاہے، کراچی کےعوام کے مسائل کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بااختیار اور موثر نظام کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے ضروری ہے، کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم ہونا رہا ہے، اس امر کی بارہا وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے نشاندہی کی جاتی رہی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں، سیوریج ،سالڈویسٹ ،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اختیارات ایڈمنسٹریٹرکے پاس ہونے چاہئیں۔

    خیال رہےو زیراعظم عمران خان جمعے کے بجائے ہفتے کو کراچی کادورہ کریں گے، دورہ کےدوران عمران خان مسائل کے مستقل حل کااعلان کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی تھی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔

    وزیرِ اعظم نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے وفاق بھرپور کردار ادا کرے گا۔