Tag: کراچی ٹرانسپورٹ

  • اے آر وائی نیوز کی خبر پر فوری نوٹس، پیپلز بس سروس جزوی بحال

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر فوری نوٹس، پیپلز بس سروس جزوی بحال

    کراچی: اے آر وائی نیوز کی خبر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے پیپلز بس سروس جزوی طور پر بحال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز بس سروس انتظامیہ نے آج صبح 9 بج کر 22 منٹ پر محدود بسوں کے ساتھ سروس بحال کر دی۔

    انتظامیہ پیپلز بس سروس کے مطابق ماڈل کالونی کی مرکزی سڑک پر برساتی اور سیوریج کا پانی تاحال جمع ہے جب کہ ٹریک کے پاس سے پانی کی نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔

    پیپلز بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جاتی ہے، سڑک پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے پانی دروازے سے بس کے اندر داخل ہو سکتا ہے۔

    آخری بس کل شام 6 بجے ماڈل کالونی سے ٹاور کے لیے روانہ کی گئی تھی، جب کہ کل شام ساڑھے 6 بجے آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    انتظامیہ پیپلز بس سروس کا کہنا ہے کہ ماڈل موڑ سے ماڈل کالونی ریلوے پھاٹک تک دونوں ٹریک زیر آب آ چکے ہیں ، ماڈل کالونی کے مین ٹریک کے دونوں اطرف تجاوزات اور سیوریج سسٹم بھی اوور فلو کا شکار ہے۔

    انتظامیہ نے کہا تھا کہ نکاسی آب کی صورت حال دیکھ کر آپریشن بحال کریں گے، سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی ہے، حکومت سندھ اور کوریا کی کمپنی میں ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اور کوریا کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائیں جائیں گی۔

    اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت کراچی کے مختلف روٹس پر ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ معاہدے کے 60 دن بعد 200 بسیں سڑکوں پر ہوں گی، کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا، کہا جاتا تھا پیپلز پارٹی کراچی سے نہیں جیتتی اس لیے سزا دی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے عوام سے اضافی کرایہ لینے سے روک دیا

    اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک شیخ رشید ریلوے میں موجود ہیں ریلوے نہیں چل سکتی، ریلوے کا وزیر 24 گھنٹے میں 4 بیان بدلتا ہے۔

    انھوں نے گرین لائن بس سروس سے متعلق کہا کہ یہ سروس 2020 تک بھی مکمل ہوتی نہیں دیکھ رہا، ہم گرین لائن بس کے لیے دوسری بس سروسز بند نہیں کریں گے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ اورنج لائن میں تاخیر ہوئی ہے، ابھی کچھ رکاوٹیں ہیں۔

  • سی این جی بندش پر ٹرانسپورٹر اورگیس اسٹیشنز مالکان کی ہڑتال

    سی این جی بندش پر ٹرانسپورٹر اورگیس اسٹیشنز مالکان کی ہڑتال

    سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس بندش کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور سی این جی اسٹیشنز مالکان آج سے غیر معینہ ہڑتال کررہے ہیں، سی این جی اسٹیشن کھلنے یا بند ہونے کے متعلق عوام الجھن کا شکار ہے۔

    آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا مشترکہ اعلامیہ میں کہنا ہے کہ جب تک گیس بندش کا پرانا شیڈول بحال نہیں کیا جائے گا تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔

    آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیرسلیمان جی کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے بدھ کو اڑتالیس گھنٹے کی بندش کا نیا شیڈول جاری کرکے پیر کو ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جو قابل مذمت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں تین روز متبادل دنوں میں چوبیس چوبیس گھنٹوں کے لئے سی این جی اسٹیشن بند کئے جائیں، ایس ایس جی سی کے اقدامات کے خلاف ٹرانسپورٹ تنظیمیں بھی میدان میں آگئیں ہیں اور انھوں نے بھی ہفتے سے غیرمعینہ مدت تک سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ لانے کا اعلان کیا ہے۔