Tag: کراچی ٹرانسپورٹرز

  • ڈیڈ لائن ختم : گڈز ٹرانسپورٹرز کا سندھ حکومت کیخلاف بڑا فیصلہ

    ڈیڈ لائن ختم : گڈز ٹرانسپورٹرز کا سندھ حکومت کیخلاف بڑا فیصلہ

    کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز  نے آج احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ہماری گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سندھ حکومت کو دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے آج سہ پہر 3 بجے احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔

    اس سے قبل گڈز ٹرانسپورٹرز کا رات گئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں احتجاج کا متفقہ فیصلہ کیا گیا، پی جی ٹی اے کے صدر ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ احتجاجی ریلی میں پاکستان بھر سے ٹرانسپوٹرز شریک ہونگے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ہماری گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے، ان حالات میں گاڑیاں نہیں چلاسکتے، سندھ حکومت ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

    یاد رہے کہ 22 مئی کو ٹرانسپورٹرز  نے سندھ حکومت کو اپنے نقصانات کے ازالے کے لیے 48گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جو گزر گیا۔

    یاد رہے کہ ٹرانسپورٹرز  نے 22 مئی کو متاثرہ گاڑیوں، آئل ٹینکرز اور لوٹے گئے سامان کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کے لیے حکومت سندھ کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، بصورت دیگر ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کرنے کا کہا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گڈز ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا

    گڈز ٹرانسپورٹرز کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے، ان کا کہنا ہے کہ ان کا 28 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

  • کراچی ٹرانسپورٹرز نے کرائے میں کمی مسترد کر دی

    کراچی ٹرانسپورٹرز نے کرائے میں کمی مسترد کر دی

    کراچی: ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتِ سندھ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کی گئی کمی مسترد کر دی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی  کے باوجود ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، محکمۂ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی میں ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں سات سے بارہ فیصد کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    اس بات کا فیصلہ محکمۂ ٹرانسپورٹ اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جنرل سیکریٹری کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد محمودآفریدی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث ڈیزل پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سات سے بارہ فیصد کمی کردی گئی۔

    ڈیزل پر چلنے والی کوچز کے دس کلومیٹر کے فاصلے پر دو روپے اور اس سے زائد کے فاصلے پر ایک روپے کی کمی کردی گئی ،کرایوں میں کمی کا اطلاق سی این جی پر چلنے والی ٹرانسپورٹ پر نہیں ہوگا۔

    حکومت کی طرف سے رکشہ، ٹیکسی کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عالمی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گزشتہ چھ سال کی سطح پر آچکی ہیں مگر کراچی کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا۔