کراچی: شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پانی سپلائی کرنے والے ایک تیز رفتار ٹینکر نے شہری کی جان لے لی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پانی سپلائی کے لیے جانے والے ایک ٹینکر کی تیز رفتاری کے باعث ایک شہری کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔
[bs-quote quote=”حادثے میں خاتون راہ گیر اور ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
پانی کا تیز رفتار ٹینکر اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دکانوں میں گھس گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹینکر حادثے میں دکان میں موجود ایک شخص جاں بحق جب کہ خاتون راہ گیر اور ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
نمائندے کے مطابق حادثے میں ایک دکان مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ اس کے برابر والی دکان کو جزوی نقصان پہنچا۔
حادثے میں واٹر ٹینکر کا بھی اگلا حصہ تباہ ہو گیا، موقع پر موجود لوگوں نے ڈرائیور کو دروازہ توڑ کر باہر نکالا۔
یہ بھی پڑھیں: سال 2018: کراچی میں 797 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے
واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کا کہنا تھا کہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ رو نما ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری یا بریک فیل ہونے کی وجہ سے ہو سکتا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کے اہل کار موجود رہے۔