Tag: کراچی ٹریفک پولیس

  • پی ایس ایل کرکٹ میچز کا دوسرا مرحلہ، ٹریفک روٹ پلان جاری

    پی ایس ایل کرکٹ میچز کا دوسرا مرحلہ، ٹریفک روٹ پلان جاری

    کراچی : ٹریفک پولیس نے پی ایس ایل کرکٹ میچز کے دوسرے مرحلے کے لیے نیا روٹ پلان مرتب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کرکٹ میچز کے دوسرے مرحلے کا کراچی میں آغاز ہورہا ہے، کراچی ٹریفک پولیس نے نیا روٹ پلان مرتب کرلیا اور کہا سڑکیں کھلی رہیں گی۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹرکو بھی پارکنگ کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، شہری ایکسپو سینٹرسے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم جاسکیں گے۔

    نیپا، لیاقت آباد اور پی پی چورنگی سے ہیوی ٹریفک کا داخلہ حسن اسکوائر سے بند ہوگا جبکہ کارساز روڈ سے اسٹیڈیم اور ملینیم مال سے اسٹیڈیم ہیوی ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کراچی میں 9 مارچ سے18مارچ تک پی ایس ایل سیزن 9 کے میچز کھیلے جائیں گے۔

    خیال رہے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن نائن کا سب سے بڑا اور اہم مقابلہ آج ہوگا، جس میں روایتی حریف کراچی کنگزاور لاہور قلندرز نیشنل اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے، میگاایونٹ میں رہنے کیلئے کنگز کوہرصورت جیتنا ہوگا۔

  • کراچی  ٹریفک پولیس کا  کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف ایکشن، 15روز میں ایک کروڑ 18 لاکھ روپے  کے چالان

    کراچی ٹریفک پولیس کا کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف ایکشن، 15روز میں ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کے چالان

    کراچی : ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیوروں، گاڑی مالک اور والدین کیخلاف کارروائیاں میں 15روز کے دوران ایک کروڑ 18 لاکھ کے چالان کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کی کم عمرڈرائیوروں،گاڑی مالک اور والدین کیخلاف کارروائیاں جاری ہے، خصوصی مہم میں جرمانے اورچالان کئے جارہے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کم عمربچوں کو گاڑی دینے والے والدین اور مالکان پر ایک ہزارروپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ، 15 روزمیں والدین اورگاڑی مالکان پر5ہزار8سوسے زائد چالان کئے گئے، چالان کی مالیت 58 لاکھ سے زائد ہے۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ 18سال سےکم عمربچوں کیخلاف 12 ہزار سے زائد چالان کیے گئے ، ہر بچےکافی چالان 500روپےجرمانہ عائدکیاجارہا ہے، بچوں پرچالان کی مدمیں حاصل ہونیوالی رقم 60لاکھ سےزائد ہے۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق اب تک کل ایک کروڑ18لاکھ سےزائدجرمانے کیے جا چکے ہیں اور تمام کارروائیاں عدالتی احکامات پرکی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس حکام کو کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لینے اور چالان و جرمانے کرنے کی سخت ہدایت کی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز کے والدین کے خلاف بھی اقدامات کیے جائیں۔

  • کراچی میں ملین مارچ ، آج کون کون سے راستے بند ہوں گے؟ پلان جاری

    کراچی میں ملین مارچ ، آج کون کون سے راستے بند ہوں گے؟ پلان جاری

    کراچی: ٹریفک پولیس نے شہر قائد میں ملین مارچ کے پیش نظر میں متبادل روٹ پلان جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ شہر کی اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملین مارچ کے سلسلے میں ٹريفک پوليس نے متبادل روٹ پلان جاری کرديا، جس میں بتایا گیا ہے ہے کہ شہر کی اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوں گی۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ملین مارچ کی وجہ سےنیو پریڈی اسٹریٹ اورکارساز روڈبندہوگا، اسٹیڈیم کے اطراف فلائی اوور بھی بندہوں گےجبکہ دوپہر 2 بجے پارکنگ پلازہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرديا جائےگا۔

    حکام کے مطابق صدر دواخانہ سے ٹریفک کوڈائی ورژن دی جائے گئی اور ٹاور سے آنے والاٹریفک پریڈی چوک اور ایم اے جناح روڈ بھیجا جائے گاجبکہ ہیوی ٹریفک، بس اور کوچز کو پریڈی چوک کی طرف موڑدیاجائےگا۔

    ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کو پریڈی چوک سے ایم اے جناح روڈ کی طرف اور جیل چورنگی سےآنے والاٹریفک کشمیر روڈ شارع قائدین موڑ دیا جائے گا اور یونیورسٹی روڈ سےآنےوالا ٹریفک گرومندر ایم اے جناح روڈ پر بھیجا جائے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دوپہر 2 بجے پیپلز چورنگی کٹ بند کیاجائے گا جبکہ کارساز روڈ، ملینیم روڈ اور نیو ٹاون روڈ کو بھی بند کردیاجائے گا جبکہ یونیورسٹی روڈ کو بند نہیں کیا جائے گا اور اسٹیڈیم روڈپرواقع اسپتال جانے کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے جمیعت علمائے اسلام (ف) آج کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ نکالے گی، مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے، ملین مارچ کا قافلہ سہراب گوٹھ سے چلے گا اور نمائش پہنچے گا۔

  • سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    کراچی: ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال 77 کروڑ 33 لاکھ سے زائد کے بھاری چالان کیے گئے لیکن کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکی۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ قانون کی خلاف ورزی پر کیے گئے، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق سال 2019 میں ٹریفک پولیس کی تمام تر توجہ غریب عوام کے چالان کاٹنے پر مرکوز رہی، ٹریفک پولیس اگر اتنی ہی کوشش ٹریفک قوانین کے عمل درآمد پر کرتی تو آج ٹریفک کی صورت حال مختلف ہوتی۔

    ایک طرف ٹریفک پولیس کی ساری توجہ سرکاری خزانے کو بھرنے پر مرکوز رہی، دوسری طرف رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا کہنا ہے کہ رواں سال 31 لاکھ کے چالان ہوئے، ٹریفک فائن کی مد میں پورے سال 75 کروڑ سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے احمد ایدھی کے مطابق رواں سال ہر ماہ تقریباً 12 سو افراد زخمی ہوئے، جس کا مطلب ہے کہ پورے سال میں تقریبآ پندرہ ہزار لوگ زخمی ہوئے۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف قسم کے چالان اور غریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس نہیں روکتی، یہ ہم برسوں سے اس شہر میں دیکھتے آ رہے ہیں، جب کہ غریبوں کو روکا جاتا ہے، ٹریفک اہل کار چابیاں نکال لیتے ہیں اور بد تمیزی کی جاتی ہے۔

  • کراچی کے 50 فی صد ٹریفک سگنلز خراب، چالان کے 80 کروڑ کہاں گئے؟

    کراچی کے 50 فی صد ٹریفک سگنلز خراب، چالان کے 80 کروڑ کہاں گئے؟

    کراچی: 80 کروڑ کا چالان کرنے والی ٹریفک پولیس کی سگنل بحالی میں عدم دل چسپی سامنے آ گئی ہے، شہر کی اہم شاہراہوں پر لگے 50 فی صد سے زائد ٹریفک سگنلز خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی اہم شاہراہوں پر پچاس فی صد سے زیادہ ٹریفک سگنلز خراب ہیں، جس پر ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے تحریری لیٹر لکھ کر جان چھڑا لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس نے چالان کے نام پر شہریوں کی جیب سے 80 کروڑ روپے نکالے، سوال یہ ہے کہ وہ کہاں گئے؟ ٹریفک پولیس حکام نے اس سلسلے میں خاموشی اختیار کر لی ہے۔

    ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے مطابق شہر میں لگے تقریباً 100 سگنلز میں سے 52 سگنلز کی مرمت درکار ہے، جب کہ سب سے زیادہ سگنلز ڈسٹرکٹ سٹی اور ساؤتھ میں خراب ہوئے ہیں، سٹی میں 19، ساؤتھ میں 17، ایسٹ میں 8 سگنل خراب ہیں، جب کہ سینٹرل میں 4، ملیر میں 3 اور ویسٹ میں ایک سگنل خراب پڑا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سگنلز خرابی کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، پریڈی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی میں خلل معمول بن گیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام کی صورت حال بھی اس غفلت کا ثبوت ہے، دوسری طرف بند سگنل توڑنے پر شہریوں سے ہاتھوں ہاتھ جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے، اہل کار جرمانہ نہ دینے والے سے نظرانہ وصول کرتے بھی نظر آتے ہیں۔

  • کراچی، گاڑیوں کے کالے شیشے پر گرینڈ آپریشن کل سے ہوگا

    کراچی، گاڑیوں کے کالے شیشے پر گرینڈ آپریشن کل سے ہوگا

    کراچی: کراچی کے شہری ہوجائیں ہوشیار کیونکہ گاڑیوں کے کالے شیشے پر گرینڈ آپریشن کا آغاز کل سے کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہیلمٹ کی پابندی کی 20 روز سے جاری رہنے والی مہم کی کامیابی کے بعد اب ٹریفک پولیس کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی گاڑیوں سے کالے شیشے ہٹانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    ایس ایس پی ٹریفک کا کہنا ہے کہ پولیس افسر کی کالے شیشے ولای گاڑی کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، گاڑیوں پر کالے شیشے کی خصوصی اجازت لینے والے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: ہیلمٹ کے بعد کراچی میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم

    ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کہا تھا کہ ہیلمٹ کی پابندی کی مہم کے بعد اب ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کرنے جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر قائد میں ہیلمٹ پابندی کی مہم کامیابی سے ہم کنار ہوئی، ایک جولائی سے لے کر بیس چلائی تک 300154 چالان کئے گئے جبکہ شہریوں کو اس موقع پر ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ بھی کیا گیا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

  • کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دےدی

    کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دےدی

    کراچی: پولیس چیف نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا پہلے رونگ وے مہم شروع کی اب ہیلمٹ اور لائسنس کی بھرپور مہم کا آغاز کریں گے، ہیلمٹ کی خریداری کے لیےایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی کراچی ٹریفک قوانین بحال کرانے کے لیے ڈٹ گئے، ڈاکٹرامیرشیخ نے کہا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنےوالے جیل جائیں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ وزیربلدیات سعیدغنی اورمیئرکراچی سےبھی تعاون مانگاہے، ٹریفک روانی کیلئے تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہوگا، آپریشن کیلئے میئر اور وزیربلدیات کو نفری ہم دیں گے، تجاوزات کے خاتمے کیلئےمقدمہ درج کرکے گرفتاریوں پر تیار ہیں۔

    پولیس چیف نے کہا کہ ابتدامیں اہم شاہراہوں پرموٹرسائیکلوں کیلئےالگ لین کاارادہ ہے، پہلے رونگ وے مہم شروع کی اب ہیلمٹ اور لائسنس کی بھرپور مہم کا آغاز کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاری ہوگی، بغیرلائسنس گاڑی چلانے پرگاڑی ضبط ہوگی، کم عمرڈرائیوزکوگرفتاربلکہ کولڈڈرنک پلائیں گے اور گاڑی ضبط ہوگی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں رانگ وے پر جانے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا

    ڈاکٹرامیرشیخ نے کہا شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کا وقت اور لائسنس بنوانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیتےہیں۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ میری ہیلمٹ کی دکانیں نہیں نہ کسی کا کنٹینردرآمد کرایا ہے، ہیلمٹ کی پابندی حفاظت کیلئےہےمنطق کےبجائےعمل کیا جائے۔

    یاد رہے دو روز قبل کراچی ٹریفک پولیس نے رانگ وے سے آنے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرفتاری زیر دفعہ دوسواناسی کے تحت ہوگی اور گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کےاحکامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے رانگ وے پر آنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے دو پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا تھا۔

    شہر بھر میں ٹریفک قوانین خصوصا رانگ وے پر آنے والی درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں گئی تھیں۔

  • کراچی میں رانگ وے پر جانے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا

    کراچی میں رانگ وے پر جانے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا

    کراچی : شہر قائد والے ہوشیار جائیں ، رانگ وے پر جانے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا، کراچی ٹریفک پولیس نے رانگ وے پر آنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس نے رانگ وے سے آنے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا، گرفتاری زیر دفعہ دوسواناسی کے تحت ہوگی، رانگ وے آنیوالے کو گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کےاحکامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے رانگ وے پر آنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا اور دو پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔

    شہر بھر میں ٹریفک قوانین خصوصا رانگ وے پر آنے والی درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ شہر میں جگہ جگہ سڑکیں یا تو کھدی ہوئی ہیں یا جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے بھی ٹریفک کے مسائل سنگین تر ہوتے جارہے ہیں۔