Tag: کراچی پورٹ

  • کرونا وائرس: چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر اہم شرط عائد

    کرونا وائرس: چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر اہم شرط عائد

    کراچی: پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت چین سے آنے والی امپورٹ اشیا پر فیومیگیشن کی لازمی شرط عائد کردی گئی۔ فیومیگیشن کے بعد اشیا کو کلیئرنس دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت محکمہ پورٹ ہیلتھ نے ایڈوائزری جاری کردی۔

    ایڈوائزری کے تحت چین سے آنے والے درآمدی مال کی کلئیرنس کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ چین سے درآمد اشیا کو فیومیگیشن کر کے کلیئر کیا جائے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا کہ چینی سامان کی فیومیگیشن پورٹ ہیلتھ کی نگرانی میں کروائی جائے، اس ہدایت پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

    ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس ہدایت پر عمل نہ کرنے سے پورے ملک کے لیے خطرہ ہوسکتا ہے۔ مذکورہ ہدایات کے بعد بندر گاہوں پر چین سے آنے والے 32 کنٹینرز روک لیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور ہدایت کردی ہے کہ زمینی، فضائی یا بحری راستوں سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی روک دی جائے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں اب تک 213 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے، تا حال وفاقی سطح پر کسی نے ہڑتال کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے رابطہ نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے پورٹ قاسم کے بعد کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ روک دی ہے، ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد حسین نقوی نے کہا ہے کہ آج ہڑتال کا تیسرا دن ہے لیکن وفاقی سطح پر کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گڈ ٹرانسپورٹرز نے آج سے کراچی پورٹ پر درآمدی اور برآمدی مصنوعات، کھاد، کوئلہ اور ہر قسم کی صنعتی اور تعمیراتی مشینری کی اندرون ملک ترسیل روک دی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک ملکی صنعتوں کی تیار کردہ برآمدی مصنوعات کی ترسیل بھی معطل رہے گی، جمعے تک ایکسل لوڈ لمٹ کا نفاذ، ڈرائیونگ لائسنس اور جرمانوں کے میکنزم میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ تمام مطالبات نہ مانے گئے تو پھر آئل ٹینکر ٹرانسپورٹرز بھی ہڑتال میں شریک ہو جائیں گے۔

    گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    ادھر تین دن سے گڈز ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، امداد حسین نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز یکم جنوری 2020 کو نافذ ہونے والے بھاری جرمانوں کے نوٹیفکیشن کو لوٹ مار کا نوٹیفکیشن سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں دو بین الاقوامی پورٹس ہیں مگر ٹرانسپورٹرز کو اپنے ٹرک ٹرالرز اور کار کیرئرز پارک کرنے کے لیے پارکنگ یارڈ دستیاب نہیں۔

  • کراچی پورٹ : بحری جہاز ٹکرانے کے حادثے کی انکوائری رپورٹ جاری

    کراچی پورٹ : بحری جہاز ٹکرانے کے حادثے کی انکوائری رپورٹ جاری

    کراچی : بندرگا ہ پر جہاز ٹکرانے کےحادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی، کراچی پورٹ پر واقعے کا ذمہ دار ہیپگ لائڈز کے جہاز ٹولٹن کے کپتان کو قرار دیا گیا ہے۔

    ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جہاز ٹکرانے کے حادثے کی وجہ  ہیپگ لائڈز کے جہاز ٹولٹن کے کپتان کو قرار دیا گیا ہے، کپتان کا سست رویہ حادثے کا باعث بنا، حادثے سے پہلے جہاز ریکارڈنگ میں پائلٹ نے ہدایات نہیں دیں تھیں۔

    کے پی ٹی کے زیادہ طاقتور ٹگس ہوتے تو حادثہ سے بچنےکا امکان تھا، ٹگس کی تعداد دو کے بجائے تین ہونی چاہئے تھی جہاز کے ریورس گیئر”اسٹن” نے کام نہیں کیا۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ "اسٹن” جہاز کی رفتار کم کرکے اسے بتدریج روک دیتا ہے ایسے جہاز کو ڈیڑھ سے دو منٹ میں رک جانا چاہئے تھا، حادثے کا شکارجہاز دو منٹ چالیس سیکنڈز چلتا رہا۔

    کے پی ٹی ذرائع کے مطابق جہاز کی آخری لمحات میں رفتار کم نہ ہونے سے حادثہ پیش آیا،حادثے کی تحقیقات میں جہاز کی ریکارڈنگ سے بھی مدد لی گئی۔

    مزید پڑھیں: کراچی بندرگاہ پر دو جہازوں کی ٹکر، کئی کنٹینرز سمندر میں جاگرے

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ19مارچ کو کراچی کی بندرگاہ پر دو مال بردار بحری جہاز ٹکرا گئے تھے، حادثے کے باعث جہازوں پر لدے برآمدی سامان کے کئی کنٹینرز سمندر میں جاگرے تھے جس کے بعد پورٹ پر کام بند کردیا گیا۔

    حادثہ کیماڑی میں ساؤتھ ایشین ٹرمینل پر برتھنگ کے دوران پیش آیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دونوں جہازبرآمدی سامان لے کر برتھ کی طرف آرہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

  • کراچی پورٹ: غیر ملکی جہاز کا ایندھن و کھانا ختم، فلاحی ادارہ کھانا دینے لگا

    کراچی پورٹ: غیر ملکی جہاز کا ایندھن و کھانا ختم، فلاحی ادارہ کھانا دینے لگا

    کراچی: کراچی  پورٹ پر لنگر انداز غیر ملکی جہاز کے عملے اور مالک کے درمیان تنازع ہوگیا، جہاز کے مالک نے عملے کو تنخواہ دینے سے انکار کردیا، جہاز کا ایندھن اور خوراک ختم ہوگئی، عملے کو فلاحی ادارے کھانا فراہم کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ پر لنگر انداز پاناما سے رجسٹرڈ جہاز ایم وی مسکی کارگو جہاز کے عملے نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر کام بند کردیا جس کے باعث کارگو ہینڈلنگ بند ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق پاناما سے رجسٹرڈ ایم وی مسکی کارگو بحری جہاز جبل علی سے 8 روز قبل کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو اتھا، بحری جہاز کا ایندھن اور عملے کے پاس خوراک ختم ہوگئی ہے اور تاحال فلاحی ادارے جہاز کے عملے کو کھانا فراہم کر رہے ہیں۔

    پریشان حال عملے میں بھارتی اور سوڈانی شامل

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق جہاز کے مالک نے مسکی نامی بحری جہازکو بے یار و مدد چھوڑ دیا ہے اور کوئی رابطہ نہیں ہے، بحری جہاز کو کراچی پورٹ سے کویت روانہ ہونا تھا، مسکی نامی بحری جہاز کے عملے میں بھارتی اور سوڈانی باشندے شامل ہیں۔

  • گڈزٹرانسپورٹ کی ہڑتال، کراچی پورٹ پرکنٹینرزرکھنے کی جگہ ختم

    گڈزٹرانسپورٹ کی ہڑتال، کراچی پورٹ پرکنٹینرزرکھنے کی جگہ ختم

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث کراچی پورٹ پر کنٹینر رکھنے کی جگہ ختم ہوگئی، انتظامیہ نےمزید جہاز برتھ کرنے سے منع کردیا، ہڑتال کےباعث اربوں روپے کا نقصان کا سامنا ہے، رائس ایکسپورٹرزایسوسی نے بھی ملزبند کرناشروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث کنٹینرز کی ترسیل تاحال بند ہے جس کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور مزید ہورہا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مال بردارجہازوں کو لنگر انداز ہونے اور کنٹینر اتارنے سے منع کردیا گیا۔

    آئی سی ٹی (انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل ) اور کے آئی سی ٹی (کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل) پر کنٹینرز رکھنے کی جگہ ختم ہوگئی، آئی سی ٹی نے مال بردار جہازوں کو کنٹینر اتارنے سے منع کرنے کا الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ ساؤتھ ایشیا کنٹینر ٹرمینل پر بھی جگہ مکمل ہوگئی۔


    Good Transport Strike Continue by arynews

    اطلاعات ہیں کہ پی آئی سی ٹی (پورٹ قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل) بھی 24 گھنٹے میں ایسا ہی الرٹ جاری کرسکتا ہے۔

    اس حوالے سے شپنگ ماہرین نے کہا ہے کہ تاریخ میں جنگ کے علاوہ کبھی پورٹ بند نہیں کی جاتی، پورٹ پر کنٹینر کی گنجائش ختم ہونے سے ملکی معشیت کو شدید جھٹکا لگا ہے۔

    علاوہ ازیں گڈزٹرانسپورٹرزکی ہڑتال کےباعث تاجروں کو اربوں روپے کانقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے، رائس ایکسپورٹرزایسوسی ایشن نے بھی ملز بند کرناشروع کردیں۔

    پاکستان اپیرل فورم کے چیئرمین جاویدبلوانی کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے روزانہ 6ارب روپے کی ایکسپورٹ متاثرہورہی ہے، 45ارب مالیت کے کنٹینرز کراچی بندرگاہ تک نہ پہنچ سکے۔

    جاویدبلوانی نے وزیراعظم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کافوری نوٹس لیں، ہڑتال کے باعث برآمدگی آرڈرز بھی منسوخ ہوناشروع ہوگئے ہیں۔

    رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما محمود مولوی نے کہا کہ برآمدات درآمدات رک گئی ہیں، چاول کےبرآمدی آرڈر منسوخ ہوناشروع ہوگئےہیں، چاول برآمد کنندگا ن کو4ارب کا نقصان ہوچکا ہے۔

  • کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی 100 فیصد ایگزامینیشن، سینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے

    کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی 100 فیصد ایگزامینیشن، سینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے

    کراچی: کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی سو فیصد ایگزامینیشن کے باعث پورٹ قاسم اورکراچی پورٹ پرسینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے، ملک کی دونوں بندگاہ جام ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

    کراچی چیمبرکےصدرعبد اللہ ذکی کےمطابق کسٹم حکام کی نااہلی کے باعث درآمدی مال کےسینکڑوں کنٹینرزپورٹ ٹرمینلزپر پھنس گئےہیں،انہوں نےبتایا کہ قاسم انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمنل پرپانچ سو، کراچی انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمنل پر700 اورپاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل پر800 کنٹینرزکلئیر نہ ہونے کے باعث پھنس گئے ہیں، وی بوک کے تحت درآمدی مال کی پانچ فیصد کے بجائے سو فیصد ایگزامینیشن کرنے سےکلیئرنس تاخیرکا شکارہو گئی ہے، عبداللہ ذکی نےکسٹم حکام سےدرآمدی کنٹینرزکلیئرکرنےکا مطالبہ جبکہ وزیراعظم اوروزیرخزانہ سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔