کراچی : شہر قائد میں 2سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد رواں سال رپورٹ کیسزکی تعداد 4 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا ، جس کے بعد رواں سال رپورٹ کیسزکی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پولیو کا شکار بچہ کراچی ایسٹ گڈاپ کی یو سی گجرو کا رہائشی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کا شکار 2 سالہ بچہ افغانی نژاد ہے، بچہ 3 اکتوبر کو پولیو وائرس سے معذور ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایسٹ کے سیوریج میں رواں ہفتے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ، گڈاپ ٹاون کے سیوریج سے سیمپلز 26 ستمبر کو لئے گئے تھے، گڈاپ ٹاون کے سیوریج میں موجود پولیو وائرس جنیاتی طور پر لوکل ہے، رواں سال کراچی ایسٹ کے سیوریج میں چوتھی بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
رواں سال ملک بھر سے 48 پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال 3 پولیو کیس ضلع بنوں خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔