Tag: کراچی پہنچ گئے

  • سعودی عرب میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کو کراچی  پہنچا دیا گیا

    سعودی عرب میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کو کراچی پہنچا دیا گیا

    کراچی: سعودی عرب میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کو کراچی پہنچا دیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی مداخلت پر درجںوں مسافر وطن پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے عمرہ کےلیے جانے والے عازمین جو سعودی عرب میں رہ گئے تھے ان افراد کو کراچی پہنچا دیا گیا، نجی ایئرلائن کا طیارہ چھوٹا ہونے پر 60 سے زائد افراد کو سعودیہ میں آف لوڈ کیا گیا تھا۔

    60 سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب میں پھنس گئے

    12 اپریل کو جدہ میں آف لوڈ عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ ہوٹل منتقل کیا گیا تھا، حکومت پاکستان کی مداخلت کے بعد عمرہ زائرین کو نجی ایئرلائن سے کراچی پہنچایا گیا۔

    زیادہ تر عمرہ زائرین کا تعلق سانگھڑ کے گاؤں جعفرلغاری سے ہے، کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر عمرہ زائرین کے عزیزواقارب نے استقبال کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/umrah-pilgrims-saudi-arabia-announcement/

  • آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ کراچی پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کراچی پہنچ گئے

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ آج بدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کراچی پہنچ گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف آج بدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کریں گے ، دورے کے دوران بدین میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اس سے قبل آرمی چیف سیلاب متاثرین کے ملاقات کیلئے لسبیلہ ، راجن پور ، سوات اور ڈی آئی خان سمیت دیگر علاقوں کے بھی دورے کر چکے ہیں۔

    جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کرکے ان کی مشکلات کم کرنے کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔

    آرمی چیف کی جانب سے ان دوروں کے دوران متعلقہ فارمیشنز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیلاب متاثرین کی داد رسی کی جائے اور ان کی مشکلات میں کمی لائی جائے۔

  • ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کراچی پہنچ گئے

    ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کراچی پہنچ گئے

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کراچی پہنچ گئے، وہ والدہ کی عیادت کےلیے پاکستان آئے ہیں، ان کی والدہ عرصے سے پھیپھڑوں کےعارضےمیں مبتلا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما حیدرعباس رضوی اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے، کراچی پہنچنے پر حیدر عباس رضوی کو ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدرعباس رضوی 2 روز پہلے دبئی سے پاکستان پہنچے تھے، وہ کافی عرصےسے پہلے کینیڈااورپھر دبئی میں مقیم رہے۔

    ذرائع کے مطابق حیدرعباس رضوی والدہ کی عیادت کےلیےپاکستان آئے ہیں، ان کی والدہ عرصے سے پھیپھڑوں کےعارضے میں مبتلا ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئررہنما حیدر عباس رضوی کی پاکستان واپسی

    یاد رہے کہ 22 اگست کی متنازع تقریر کے بعد ایم کیو ایم رہنماء نے فاروق ستار کی سربراہی میں بننے والی جماعت کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تھا تاہم گزشتہ کچھ ماہ قبل ہونے والی ایم کیو ایم خلیج کے دوران فاروق ستار نے حیدر عباس رضوی کو براہ راست پریس کانفرنس کے دوران جھاڑ بھی پلائی تھی۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’حیدر بھائی میں نے آپ کے میسج خود پڑھے جس میں آپ نے بہادر آباد کی حمایت کرنے کا اعلان کیا اور کارکنان کو بھی اسی بات کی ترغیب دی‘ْ

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم رہنما کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ کینیڈا میں آن لائن ٹیکسی سروس میں بطور ڈرائیور اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے ذریعہ معاش چلا رہے ہیں البتہ اس تصویر کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔

  • وزیراعظم کی ہدایت، چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کراچی پہنچ گئے

    وزیراعظم کی ہدایت، چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کراچی پہنچ گئے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کراچی پہنچ گئے ، وہ کراچی کی صورتحال پر اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کراچی پہنچ گئے ، وہ اس دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کریں گے جبکہ انھوں نے کراچی کی صورتحال پر اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صفائی کے لیے فوج کو طلب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضال کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیراعظم نے اپنے پیغام میں چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری کراچی پہنچنےاور بارش کے بعد کراچی کی فوری صفائی کی ہدایت کی تھی۔

    واضح‌ رہے کہ کراچی میں‌ بارش کے بعد سے اب تک مختلف سڑکوں‌ پر پانی جمع ہے اور شہریوں‌ کو مشکلات کا سامنا ہے، گٹر ابل رہے ہیں‌ اور نالوں‌ کا پانی گھروں‌ میں‌ داخل ہوگیا جس کے سبب شہریوں‌ نے رات چھتوں‌ پر گزاری تھی۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وزیراعظم سندھ کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے جبکہ 15رکنی تاجروں کے وفد سے بھی ملاقات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، گورنر عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پروزیراعظم کا استقبال کیا۔

    دورے کے دوران وزیراعظم کو گورنرہاؤس میں امن و امان پر بریفنگ کےساتھ کراچی پیکج اور وفاقی منصوبوں کی تفصیل بتائی جائے گی جبکہ ان کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی طے ہے، جس میں اہم امور پر بات چیت کی جائے گی اور آئی جی سندھ کلیم امام کی علیحدہ ملاقات ہوگی، جس کے بعد آئی جی سندھ کےمستقبل کےبارے میں فیصلہ بھی متوقع ہے۔

    وزیراعظم سے جی ڈی اے سربراہ پیرپگارا کی کنگری ہاؤس میں ملاقات بھی ہوگی ، تاہم وزیراعظم کی ایم کیوایم پاکستان کےرہنماؤں سےملاقات شیڈول نہیں۔

    وزیراعظم کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کاافتتاح کریں گےاورنوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے جبکہ وزیراعظم کی کراچی کی 15رکنی تاجر برادری سے بھی اہم ملاقات ہوگی ، تاجروں کے وفد میں سراج قاسم تیلی،آغا شہاب ،عقیل کریم ڈھیڈی شامل ہوں گے۔

    ملاقات میں گیس قیمتوں میں اضافہ، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزکےمعاملات پربات چیت ہوگی جبکہ صنعتوں میں گیس کی کمی اور ٹیکسز سےمتعلق معاملات پر تاجر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں بھی شرکت کریں گے۔

  • اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ اسد عمر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے، کراچی ایئر پورٹ پر پارٹی کارکنان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ چھوڑنے پر پریشانی نہیں ہے، پرسکون ہوں، پارٹی کے لئے میری خدمات پہلے کی جاری رہیں گی۔

    یہ بات انہوں نے کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اسد عمر نے کہا کہ میں نے اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا، ضرورت پڑنے پر یہاں آتا رہوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے تو آنا پڑے گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور رہنماؤں نے کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسد عمر کو واپس وفاقی کابینہ میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے اسد عمر کے حق میں پیغامات بھیجے ہیں۔

    علی زیدی نے کہا کہ اسد عمر قابل ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،یہ ہمارے کے بہت ضروری ہے کہ اسد عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور جتنا جلدی ہوسکے کسی نہ کسی وزارت کے ساتھ کابینہ کا حصہ بن جائیں۔

    اس کے علاوہ زلفی بخاری نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور تحریک انصاف کے لیے پرخلوص امید رکھتا ہوں آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور کابینہ کا حصہ رہیں گے۔

  • درگاہ نظام الدین کے لاپتا گدی نشین کراچی پہنچ گئے

    درگاہ نظام الدین کے لاپتا گدی نشین کراچی پہنچ گئے

    کراچی : درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء(نئی دہلی) کے گدی نشین آصف نظامی اوران کے ساتھی کراچی پہنچ گئے چند روزسے گدی نشین اوران کے ساتھی کی گمشدگی کی اطلاعات تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق درگاہ نظام الدین اولیاؒ کے گدی نشین آصف نظامی اور ان کے ساتھی ناظم نظامی اندرون سندھ اپنے مریدین سے ملاقات کیلئے گئے تھے جس کے بعد اب وہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔

    ان دونوں شخصیات کی آمد کے ساتھ ہی ان تمام شکوک وشبہات کا خاتمہ ہوگیا جس پر بھارتی میڈیا نے بہت شورمچائے رکھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف نظامی اورناظم نظامی اندرون سندھ قریبی رفقاء سے ملنے گئے تھے۔

    وہ دونوں جس علاقے میں موجود تھے وہاں موبائل فون کی کوریج نہیں تھی، جس کے باعث ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور وہ کسی کو اپنے بارے میں اطلاع نہ دے سکے، تاہم اب وہ خیریت سے کراچی واپس آ گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین پاکستان میں لاپتہ

    آصف نظامی اور ناظم نظامی شیڈول کے مطابق 20مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں قائم بھارتی ہائی کمیشن نے گزشتہ روز ان دونوں شخصیات کی گمشدگی کے حوالے سے پاکستانی دفترخارجہ کو آگاہ کیا تھا اور بھارت میں ان کے اہل خانہ نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

  • سانحہ کراچی کے 6روز بعد وزیرِ داخلہ کراچی پہنچ گئے

    سانحہ کراچی کے 6روز بعد وزیرِ داخلہ کراچی پہنچ گئے

    کراچی : وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کراچی پہنچ گئے، اپنے دورے کے دوران وہ کراچی میں امن و امان کے جائزہ اجلاس میں شرکت سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں سیکیورٹی کی صورتحال، سانحہ صفورا اور رینجرز کی جانب سے جاری آپریشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق وزیرِ داخلہ کراچی میں وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیرِداخلہ رینجرز ہیڈ کوارٹر بھی جائیں گے، جہاں وہ اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس کے بعد وزیرِ داخلہ اسماعیلی برادری سے ملیں گے۔

  • بے نظیر کی برسی: زرداری کراچی پہنچ گئے، بلاول نہیں شریک ہونگے

    بے نظیر کی برسی: زرداری کراچی پہنچ گئے، بلاول نہیں شریک ہونگے

    کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے بیٹے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا والدہ کی برسی میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کراچی آمد کے بعد گڑھی خدا بخش روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ محترمہ بے نظیربھٹو کی ساتویں برسی میں شرکت اور جلسہ عام سےخطاب کریں گے۔

    لاڑکانہ میں جلسہ گاہ کے معائنے پر وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، امین فہیم پیپلزپارٹی کے صدر ہیں، میڈیا ان کی باتوں کو سنجیدگی سے نہ لے۔

    گزشتہ روز سندھ کے وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلال بھٹو کو ڈاکٹروں نے سفر سے منع کیا ہے، سکھر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگومیں قمر الزمان کائرہ کاکہنا تھا کہ دھڑے بندیاں سیاسی جماعتوں کی طاقت ہوتی ہے، بلاول بھٹو ہوسکتا ہے ،برسی میں آئیں ہو سکتا ہے نہ آئیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑٹا ۔

    سکھر ایئرپورٹ پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سانحۂ پشاورحکومت کیلئے بہت بڑا چلینج ہے۔

    گزشتہ روز اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلے اتفاق رائے سے منظور کیے گئے، تمام اقدام آئین سے بڑھ کر نہیں ہونگے۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے

    کراچی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے، آرمی چیف کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی آمد پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کواٹرز کا دورہ کریں گے، آرمی چیف کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل سجاد غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    آرمی چیف کی کراچی آمد پر شاہراہِ فیصل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھے گئے، جہاں رینجرز کے علاوہ فوج اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا جبکہ  ایئرپورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی فورسز تعینات کردی گئیں تھی اور اولڈٹرمینل اور اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر جانیوالے تمام راستوں کو عام افراد کے لیے بند کردیا گیا۔

    گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف سے آ رمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی، ملاقات میں میں معاملات کو قومی مفاد میں حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں طاقت کے استعمال سے گریز اور معاملات کو قومی مفاد کے مطابق حل کرنے پر تبادلہ تفصیلی تنابدلہ خیال کیاگیا۔

    وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال ، آپریشن ضرب عضب سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔