Tag: کراچی ڈاکو

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان قتل، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان قتل، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب جوس سینٹر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری شدید جاں بحق ہو گیا، قتل کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو شہری  نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تاہم ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ جاں بحق شہری کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی ہے اور مارے گئے ملزم کی شناخت محمد عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    دکان کے مالک کا بیان

    دکان کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ جاں بحق نوجوان عابد اورنگی ٹاؤن بہار کالونی کا رہائشی ہے اور اس کا آبائی تعلق نوابشاہ سے تھا، مقتول کو15 روز قبل دکان میں کام پر رکھا تھا۔

    دکان کے مالک فردوس نے کہا کہ عابد کو زخمی حالت میں عباسی منتقل کیا گیا تھا، اسے عباسی اسپتال میں طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، وہ کافی دیر اسپتال میں پڑا رہا کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا اور وہ اسپتال میں طبی امداد نا ملنے کے باعث جاں بحق  ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے ملزم بھی اورنگی ٹاون کا رہائشی تھا جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی راہ گیر دم توڑ گیا

    کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی راہ گیر دم توڑ گیا

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی راہ گیر دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت محمد کاشف کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول محمد کاشف پیشے کے اعتبار سے ٹھیکے دار تھا، فائرنگ کا واقعہ پیرآباد میں ڈکیتی کے دوران پیش آیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے، پولیس اہلکار کے تعاقب پر ڈاکو موٹرسائیکل سےگرے، موٹرسائیکل سےگرتے ہی ایک ملزم نے فائرنگ کی جو راہ گیر کو لگی۔

    واضح رہے کہ مقتول تین بچوں کا باپ تھا دو لڑکیاں اور ایک لڑکی ، چھوٹی بیٹی کی 8 ماہ قبل پیدائش ہوئی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-traffic-accident-near-abdullah-shah-ghazi/

  • ویڈیو: سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی سین، ڈکیت تاروں پر لٹک گیا

    ویڈیو: سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی سین، ڈکیت تاروں پر لٹک گیا

    کراچی کے علاقے سخی حسن میں فلمی سین ہوگیا، رائیڈر سے موبائل فون چھیننے والا ڈاکو تاروں میں لٹک گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سخی حسن پر پولیس اور ڈاکو کے درمیان فلمی واقعہ پیش آیا جہاں بائیک رائیڈر سے موبائل فون چھیننے والا ڈاکو پل پر چڑھ گیا، ملزم نے پولیس کو پل سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی۔

     

    ملزم کو بھاگنےکا راستہ نہ ملا تو پل سے چھلانگ لگائی اور تاروں پر لٹک گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس نے صورتحال دیکھ کر بڑی چادر منگوائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کافی دیر جدوجہد کے بعد پولیس نے ڈکیت کو پکڑ لیا، پل سے چھلانگ لگانے کے بعد بھی ملزم نے رائیڈر کا موبائل فون واپس نہ کیا، پولیس ملزم کو لے کر جانے لگی تو رائیڈر بھی موبائل کے ساتھ لٹک گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-saeedabad-police-muqbala/

  • ویڈیو رپورٹ: کراچی میں ڈاکو رکشہ ڈرائیور بن کر وارداتیں کرنے لگے، جہیز کا سامان لوٹ کر فرار

    ویڈیو رپورٹ: کراچی میں ڈاکو رکشہ ڈرائیور بن کر وارداتیں کرنے لگے، جہیز کا سامان لوٹ کر فرار

    کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اب رکشہ ڈرائیور کا بھیس بدل کر بھی وارداتیں کرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچے کے علاقے ناظم آباد نمبر چار پر ایک سفید پوش فیملی سے جہیز کا سامان لوٹ لیا گیا، واردات کرنے والے رکشہ ڈرائیور کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں رکشہ ڈرائیور کو سی سی ٹی وی کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس کی بہن کی اس ماہ کے آخر میں شادی ہے جس کے لیے والدہ اور خالہ جہیز کا سامان خریدنے لیاقت آباد مارکیٹ گئی تھی۔

    اہلخانہ کا کہنا تھا کہ والدہ نے ایک لاکھ سے زائد مالیت کے برتن اور دیگر سامان خریدا جسے اورنگی ٹاون میں گھر لے جانا تھا، مارکیٹ میں موجود رکشے والے سے کرایہ طے کیا، کچھ سامان رکشے کے اندر باقی چھت پر رسی سے باندھا، رکشے پر سامان لوڈ کرکے ناظم آباد چار نمبر پر پہنچے تھے کہ اچانک رکشے والے رکشہ روک کر والدہ اور خالہ کو زبردستی اتارا اور سامان لے کر فرار ہوگیا۔

    نوجوان کے مطابق ناظم آباد تھانے گئے وہاں پر ہمیں کچی پرچی دے دی گئی، مارکیٹ سے حاصل ہونے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں رکشہ ڈرائیور کو شلوار قمیص میں دیکھا جاسکتا ہے جو کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا اور بظاہر رکشے والا منصوبہ بندی سے مارکیٹ میں موجود تھا۔

     سفید پوش فیملی نے پولیس حکام سے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے سامان برآمدگی کی اپیل کی ہے۔

  • کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    کراچی کے 3 نوجوان کچے کے ڈاکوؤں کے جھانسے میں آکر اغوا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے کراچی کے 2 کزن سمیت 3 نوجوان کو اغوا کرلیا، ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اغواء ہونے والے نوجوانوں کی زنجیروں میں بندھی ویڈیو اہلخانہ کو بھیج دی۔

    دو کزن سمیت 3 نوجوانوں کے اغواء کا مقدمہ  کراچی کے تھانہ رضویہ سوسائٹی میں درج کرلیا گیا ہے، مغوی نوجوان وحید آباد گلبہار کے رہائشی ہیں اور آن لائن صوفہ کارپٹ کلیننگ کا کام کرتے ہیں۔

    مقدمے کے متن کے مطابق مغوی نوجوانوں کے چچا نے مقدمہ درج کرایا، ان کا کہنا ہے کہ ڈاکو رہائی کے عوض 20 لاکھ روپے فی کس تاوان مانگ رہے ہیں۔

    نوجوانوں کے چچا نے پولیس کو بتایا کہ تینوں نوجوان 2 جنوری کی شب کراچی سے بذریعہ بس گھوٹکی روانہ ہوئے تھے، مبینہ طور پر ڈاکؤوں کی جانب سے بھیجی گئی ویڈیو میں مغوی نوجوانوں کی جانب سے آزاد کرانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے 3 نوجوانوں کے اغواء کا نوٹس لے لیا ہے، گورنر سندھ نے آئی جی سندھ سے رابطہ کرکے مغوی نوجوان کی بازیابی کی ہدایت کی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اطلاعات ہیں اغواء کاروں نے  مغوی نوجوانوں کی بازیابی کے لئے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا ہے، اغوا کاروں کا فوری سراغ لگا کر نوجوانوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

  • کراچی میں ڈاکو تاجر سے 35 آئی فون چھین کر فرار

    کراچی میں ڈاکو تاجر سے 35 آئی فون چھین کر فرار

    کراچی : واٹرپمپ کے قریب ڈاکوؤں نے تاجر سے 35 آئی فون چھین لیے، متاثرہ تاجر کراچی سے رحیم یار خان موبائل فون لیکر جا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے واٹرپمپ کےقریب تاجر کو لوٹ لیا گیا، صدر الیکٹرونکس مارکیٹ محمد رضوان عرفان نے بتایا کہ تاجرصدرموبائل مارکیٹ سے 35 آئی فون لیکرنکلا تھا، ملزمان 60 لاکھ سے زائد مالیت کے موبائل فون لے گئے۔

    رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ متاثرہ تاجر کراچی سےرحیم یار خان موبائل فون لیکرجارہاتھا، تاجرسےاس نوعیت کی 15سےزائدوارداتیں ہوچکی ہیں۔

    انھوں نے تصدیق کی کہ سمن آباد تھانے میں واقعہ کا مقدمہ درج کرا رہے ہیں۔

    خیال رہے تاجروں سے موبائل چھیننے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، رواں سال کے آغاز میں گلشن معمار کے علاقے Z-2 میں واقع ایک دکان سے ڈاکوؤں نے نقدی اور ڈبے سے بھرے موبائل فون لوٹ لیے تھے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی ، جس میں مسلح ڈاکو گاہکوں کے بھیس میں دکان پر آتے اور لاکھوں مالیت کی نقدی، سامان لوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • کراچی: ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں لوٹ مار کرنیوالا ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا جس کے بعد عوام نے ڈاکو کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ایم پی آر کالونی میں لوٹ مار کرنیوالا ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا، پکڑے جانے والے ڈاکو کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، ایک ڈاکو ہدایت اللہ کو عوام نے پکڑ لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی: پولیس کی وردی میں شہریوں کو لوٹنے والے 4 ڈاکو گرفتار

    کراچی: پولیس کی وردی میں شہریوں کو لوٹنے والے 4 ڈاکو گرفتار

    کراچی میں پولیس کی وردی میں لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار کارندے لیاقت آباد فلائی اوور پر مقابلہ کے بعد پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے مقابلے کے بعد پولیس کی وردی پہن کر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار کارندہ کر گرفتار کرلیا، گرفتاری کے وقت کار میں سوار دو ڈاکوپولیس یونیفارم میں ملبوس تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان سے پولیس کے دو جعلی کارڈ، کیپ، بیلٹ، ہتھیار، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کی شناخت نجم، حمزہ، سفیان اور ثاقب کے نام سے ہوئی، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب نکلا

    کراچی: پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب نکلا

    کراچی کے علاقہ کورنگی زمان ٹاؤن سے مقابلے میں زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب نکلا۔

    پولیس کے مطابق ڈاکو نے 19 جون کو مزاحمت پر ظفر نامی شہری کو قتل کیا، ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ گیس سلنڈر کی دکان پر واردت کی تھی۔

     پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی مقتول کے بیٹے کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے، ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ملزم وہاب بھی زخمی ہوا تھا، وہاب کی نشاندہی پر زخمی ڈاکوؤں کو جناح اسپتال سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی ڈاکو عرفان عرف کالا لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکو کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکو کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی میں ماہ رمضان کے دوران ڈاکو دندناتے پھررہے ہیں روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو قتل کردیا جاتا ہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    گزشتہ روز بھی کراچی کے 2 مختلف علاقوں میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، پہلا واقعہ کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں بہادر شہری نے ڈاکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈاکو کو پکڑلیا، موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے جب شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔

    اس ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو جیسے ہی رکے تو شہری نے ایک ڈاکو کو قابو میں کر لیا جبکہ ڈاکو کا دوسرا ساتھی صورتحال دیکھ کر موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب  موجود لوگ موقع پر پہنچے اور ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنایا، ڈاکو کو تشدد کے بعد شاہراہ نور جہاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    اسی طرح دوسرا واقعہ ملیر رفع عام میں پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے شہری پر تشدد کیا اور سامان چھین لیا، اس واردات میں ڈاکوؤں نے  فائرنگ بھی کی اور شہری کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔