Tag: کراچی کمیٹی

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 802 ارب روپے کا خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی، امین الحق، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے سمیت وفاق اور صوبے میں باہمی تعاون،ورکنگ ریلیشن شپ پرگفتگو کی گئی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم پاکستان کو کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو کراچی کے علاقوں کی تباہ حالی سے متعلق بتایا گیا۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    قبل ازیں کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فرار اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ کراچی آئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کراچی پہنچنے کے فوراََ بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

    وزیراعظم آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 802 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کا وفد اور جی ڈی اے کے رہنما سید صدر الدین شاہ بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان دورہ کراچی کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی جائیں گے جس کے بعد وہ آج شام کراچی سے واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

  • سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت روز ایک کراچی کمیٹی بنادیتی ہے، پیپلزپارٹی جب تک ہے سندھودیش والوں سے لڑتے رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت روز ایک کراچی کمیٹی بنا دیتی ہے، کراچی کمیٹی بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے، میرے شہر کا ایڈمنسٹریٹر اختیار کیسے لیا جاسکتا ہے؟

    سندھ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا وفاق کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، سندھ کو نقصان پہنچاؤ گے تو وفاق بھی نہیں بچے گا۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کی ماں ہے، اسمبلی صوبہ سندھ کے لوگوں کی پاسداری کرے گی؟ سندھ اسمبلی نے قرارداد پاکستان منظور کی تھی، پیپلزپارٹی جب تک ہے سندھو دیش والوں سے لڑتے رہیں گے۔

    پیپلز پارٹی آئین پر چلتی ہے، اپوزیشن ارکان بھی اپنی قیادت کو آئین پر چلنے کیلئے کہیں، دس مہینے سے قومی اقتصادی کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس نہیں ہوا، آئین میں لکھاہے کہ سال میں کم ازکم ایک بار سی سی آئی میٹنگ ضرور ہونی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام آپ کو آپ کی مرضی نہیں چلانے دیں گے، جی ڈی پی گروتھ تین فیصد سے بھی کم ہوکر رہ گئی ہے، کالا باغ ڈیم کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بجٹ میں ایک پیسہ نہیں رکھا تھا۔