Tag: کراچی کی خبریں

  • ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریاں سمٹنے لگیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے

    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں دوریاں سمٹنے لگیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان موجود دوریاں سمٹنے لگی ہیں، کئی معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی پی ٹی آئی کے ساتھ ناراضیاں بڑھنے کے بعد ایم کیو ایم اور پی پی پی کے درمیان دوریاں سمٹنے کا موقع مل گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں میں کئی معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو عمرے سے واپسی پر متحدہ قیادت سے ملاقات کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی متوقع ہے۔

    دوسری طرف وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ سندھ کی حکومت کو کسی اتحادی کی ضرورت نہیں ہے، امید ہے ایم کیو ایم اپنے بانی کے نقش قدم پر نہیں چلے گی، وزیر بلدیات ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی آفر اب بھی برقرار ہے۔ خیال رہے کہ 30 دسمبر کو بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیش کش کی تھی، جسے ایم کیو ایم نے ٹکرا دیا تھا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی

    ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے لیے نہیں بلکہ پورٹس اینڈ شپنگ کی وزارت کے لیے الگ ہوئی ہے، نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم والوں نے پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت مانگی تھی، وزارت نہ ملنے پر وفاقی حکومت سے الگ ہو گئی۔ دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے لیے فنڈز جاری ہو بھی گئے تو دوبارہ وزراتیں نہیں لیں گے۔

    ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اس صورت حال میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اکثریت صرف 4 ووٹوں کی ہے، اِن ہاؤس تبدیلی ایک جمہوری عمل ہے، حالیہ پیش رفت اگلے 6 ماہ میں پیش آنے والے واقعات کی جانب ایک قدم ہو سکتا ہے۔

  • دعا منگی کیس: تفتیشی اداروں نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا

    دعا منگی کیس: تفتیشی اداروں نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا

    کراچی: دعا منگی اغوا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، تفتیشی اداروں نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے دو مشتبہ افراد کو تفتیشی اداروں نے حراست میں لیا ہے، جنھیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اغوا کاروں کا پولیس پر حملے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ہائی ٹیک اغوا کاروں نے تین دن پہلے تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی تھی، پولیس ذرایع کا کہنا ہے کہ عزیز بھٹی واقعے اور ڈیفنس میں حارث پر حملے میں ایک ہی پستول استعمال ہوا۔

    تاوان کی وصولی کے لیے دعا منگی کو اغوا کرنے کے کیس میں یہ ایک نیا موڑ ہے، عزیز بھٹی اور ڈیفنس میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول میچ کر گئے ہیں، اور اب دو مشتبہ افراد بھی حراست میں لے لیے گئے ہیں، تاہم اغوا کے بعد دعا منگی کو کہاں رکھا گیا، تاوان کے لیے کتنی رقم ادا کی گئی، یہ سوال ابھی تک جواب طلب ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دعا منگی کی بازیابی میں پولیس کی مکمل ناکامی سامنے آ گئی

    ذرایع کے مطابق تاوان کی رقم ساؤتھ زون میں مسجد کے قریب ادا کی گئی تھی، اہل خانہ نے پولیس سمیت کسی ادارے کو اعتماد میں نہیں لیا۔

    خیال رہے کہ دعا منگی کو 30 نومبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری سے نامعلوم اغوا کاروں نے اٹھایا تھا، جب کہ اس کے ساتھ موجود دوست حارث کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

  • دعا منگی کی بازیابی میں پولیس کی مکمل ناکامی سامنے آ گئی

    دعا منگی کی بازیابی میں پولیس کی مکمل ناکامی سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس سے تاوان کے لیے اغوا ہونے والی دعا منگی کی بازیابی میں پولیس کی مکمل ناکامی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس دعا منگی کو بازیاب کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، تاوان کی ادائیگی کے بعد ہی دعا ایک ہفتے بعد گھر پہنچی، معلوم ہوا ہے کہ تاوان کی ادائیگی اور دعا کی رہائی کا طریقہ کار سوشل میڈیا پر طے ہوا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دعا منگی کے اغوا میں ہائی ٹیک گروہ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اغوا کاروں نے دعا کے اہل خانہ سے بات کے دوران ویڈیو کال پر گھر کا جائزہ بھی لیا تھا، دعا کے اغوا میں ملوث گروہ پر پہلے بھی شہر میں واردات کا شبہ ہے، مئی میں ڈیفنس ہی سے اغوا ہونے والی بسمہ کے کیس میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔

    بسمہ اور دعا کے اغوا کے کیسز میں مماثلت بتائی جا رہی ہے، بسمہ کو بھی بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد چھوڑا گیا تھا، سات مہینے گزرنے کے بعد بھی بسمہ کیس کے ملزمان گرفتار نہیں ہوئے، سندھ پولیس دعا منگی کے کیس میں بھی مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اہلخانہ نے دعا منگی کی رہائی کیلئے 20لاکھ روپے تاوان دیا

    صورت حال بتا رہی ہے کہ بسمہ کے بعد دعا منگی کے کیس میں بھی پولیس خاموشی اختیار کر کے اس کیس کو رفتہ رفتہ بھول جائے گی۔ ہائی پروفائل کیس میں پولیس سمیت دیگر تحقیقاتی ادارے بھی کام کر رہے تھے تاہم دعا کو تاوان کے ذریعے ہی رہائی ملی، جب کہ پولیس اغوا کاروں کی گاڑی سے مماثلت رکھنے والی گاڑی برآمد کرنے تک ہی محدود رہی، ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی پولیس کو ملزمان سے متعلق ایک بھی کلیو ہاتھ نہیں آیا۔

    خیال رہے کہ دعا منگی کو 30 نومبر کو کراچی کے علاقے ڈیفینس خیابان بخاری سے نامعلوم اغوا کاروں نے اٹھایا تھا، جب کہ اس کے ساتھ موجود دوست حارث کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

  • دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد 6 ماہ سے ہو رہا ہے: کمشنر کراچی کا دعویٰ

    دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد 6 ماہ سے ہو رہا ہے: کمشنر کراچی کا دعویٰ

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد پچھلے 6 ماہ سے ہو رہا ہے، دودھ فروشوں کو ایک ماہ میں 27 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی قیمتوں کے سلسلے میں کنزیومر سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دودھ کی اضافی قیمتوں پر شکایات کے لیے کمپلین نمبر دیا گیا ہے، اس پر کوئی بھی شخص شکایت درج کر سکتا ہے، ہماری ٹیم چھاپا مار کر موقع پر جرمانہ کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل وینز پر چھاپے مار کر غیر معیاری دودھ بھی پکڑا گیا تھا، دودھ میں کپڑے دھونے کا ڈیٹرجنٹ پایا گیا تھا، فوڈ اتھارٹی انسپکٹرز بھی ہمارے رابطے میں رہے ہیں، وہ دودھ کی کوالٹی کو چیک کرتے ہیں، تاہم ریسٹورنٹس، سپر مارکیٹس میں معیار چیک کرنا فوڈ اتھارٹی کا اختیار ہے۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا مقررہ داموں پر خرید و فروخت کے لیے آن لائن سسٹم شروع کیا جا رہا ہے، جس سے چند کمپنیاں منسلک ہوں گی جو جاری کردہ رقم پر چیزیں فروخت کریں گی، آن لائن سسٹم کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی چیزوں کی ڈیلیوری بھی شروع کریں گے۔

    انھوں نے قیمتوں سے متعلق شکایات کے لیے واٹس ایپ نمبر جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہری اس نمبر 03160111712 پر اپنی شکایت درج کرائیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اس وقت بھی دودھ 110 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، تاہم کمشنر کراچی کا دعویٰ ہے کہ شہر میں دودھ 94 فی کلو پر فروخت پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

  • دعا اغوا کیس میں مماثلت رکھنے والی گاڑی برآمد

    دعا اغوا کیس میں مماثلت رکھنے والی گاڑی برآمد

    کراچی: دعا اغوا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی سے مماثلت رکھنے والی گاڑی شاہراہ فیصل کے قریب سے برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق دعا اغوا کیس میں مماثلت رکھنے والی گاڑی شاہراہ فیصل کے قریب سے برآمد ہو گئی ہے، ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈھو اور دعا کیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی گاڑی کا فارنزک کروایا جائے گا، ایس ایس پی تنویر عالم اوڈھو نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی لاوارث حالت میں ملی ہے، ابتدائی طور پر ایسا لگ رہا ہے جیسے ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے ہوں۔

    واضح رہے کہ دعا منگی کو اغوا ہوئے 4 روز ہو گئے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ دعا کو آسمان نگل گیا یا زمین کھا گئی ہو، اب تک دعا بازیاب نہ ہو سکی، پولیس کی تحقیقات بیانات قلم بند کرنے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لینے سے آگے نہ بڑھ سکی، پولیس نے مزید 2 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دعا اغوا کیس: دو طلبہ گرفتار، تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل

    کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے اغوا ہونے والی دعا منگی کیس میں اب تک 22 افراد کا بیان ریکارڈ کیا جا چکا ہے، دعا کے والد کا کہنا ہے کہ 10 روز پہلے دعا کا مظفر نامی لڑکے سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد دعا کو اغوا کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ اغوا برائے تاوان نہیں بلکہ بدلہ لینے کا لگتا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس لینے کے بعد اس کیس کی تحقیقات کرنے کے لیے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

  • ایم کیو ایم کا مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں حکومت سے نکلنے کا عندیہ

    ایم کیو ایم کا مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں حکومت سے نکلنے کا عندیہ

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) اور پاکستان تحریک انصاف کے وفود کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں حکومت سے نکلنے کا عندیہ دے دیا ہے، ایم کیو ایم رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کے سامنے شکایات کے ڈھیر بھی لگا دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ایم کیوایم قیادت نے ملاقات میں کہا کہ ہم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے جا رہے ہیں، ہم عوام اور ووٹرز کے سامنے جواب دہ ہیں، ہمیں جواب دینا مشکل ہو رہا ہے، بتایا جائے کہ معاملات کو کب اور کیسے ٹھیک کیا جائے گا، اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو ہمارے پاس مختلف آپشنز ہیں، تاہم فی الحال کوئی آپشن زیر غور نہیں۔

    تازہ ترین:  ایم کیوایم نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، دونوں جماعتوں کی سوچ ملتی جلتی ہے، شاہ محمودقریشی

    ذرایع کے مطابق ایم کیو ایم نے شکوہ کیا کہ ملاقاتوں اور یقین دہانیوں کے علاوہ عملی اقدامات صفر ہیں، معاہدوں اور وعدوں پر عمل نہ ہوا تو اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔

    نمایندے کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے معاملہ افہام و تفہیم اور جلد حل کرنے کا وعدہ کیا، انھوں نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو یہ معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہ محمود نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم نے مشکل حالات میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا تھا، انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک جیسی ہے۔

    شاہ محمود نے یہ بھی کہا کہ کراچی کا ووٹر سب سے زیادہ سیاسی شعور کا حامل ہے، اس لیے وہ اس بات کو زیادہ بہتر طور پر سمجھتا ہے کہ حکومت کن مشکلات کا شکار تھی، اب بہتری آئی ہے، پانچ دسمبر کو ایم کیو ایم کے اتحادی دوستوں سے وزیر اعظم کی سربراہی میں اہم نشست ہوگی۔

  • پستول خاتون کے ہاتھ میں آ گیا، گولی چلنے سے رکشا ڈرائیور جاں بحق

    پستول خاتون کے ہاتھ میں آ گیا، گولی چلنے سے رکشا ڈرائیور جاں بحق

    کراچی: ڈیفنس راحت کمرشل میں فائرنگ سے رکشا ڈرائیور کی موت کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، خاتون سمیت 2 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے ایک رکشا ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی تھی، جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ اسے ڈاکوؤں یا رنگ ساز کی گولی لگی۔

    تاہم پولیس کی تفتیش کے دوران واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، رکشا ڈرائیور کی موت ڈاکوؤں یا رنگ ساز کی گولی سے نہیں ہوئی، بلکہ گھر میں موجود خاتون کی فائرنگ سے رکشا ڈرائیور کی جان گئی۔

    ایس ایس پی شیراز نذیر نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کے پاس اس کے کزن سجاول کا پستول تھا، سجاول گھر کے اندر اور باہر رنگ کا کام کر رہا تھا، اس دوران رکشا ڈرائیور بچوں کو لے کر گھر میں داخل ہوا، خاتون نے رکشا ڈرائیور کی جانب پستول کیا تو اچانک چل گیا، جس سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خاتون کے ہاتھ میں سونا دیکھ کر اندازہ لگا لیتا ہوں اصلی ہے یا نقلی: گرفتار رکشا ڈرائیور

    پولیس نے خاتون کے ساتھ اس کے کزن کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مقدمہ قتل خطا کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ شہر قائد میں رکشا ڈرائیوروں کا ایک گروہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے، اس سلسلے میں فرئیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار رکشا ڈرائیور نے سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

    ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والے رکشا ڈرائیور وقاص نے اعترافی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ خاتون کے ہاتھ میں سونا دیکھ کر اندازہ لگا لیتا تھا کہ اصلی ہے یا نقلی۔ دہلی کالونی میں خاتون پر تشدد کر کے چوڑیاں بھی اتروائی تھیں، سڑک پر خواتین کو دیکھ کر اندازہ لگایا کرتے تھے کس کے پاس مال زیادہ ہوگا۔

  • کراچی: پی ایس پی کارکنان کا قاتل اور موٹر سائیکل چور گرفتار

    کراچی: پی ایس پی کارکنان کا قاتل اور موٹر سائیکل چور گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں پولیس نے قلندریہ چوک سے پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کے قتل کے الزام میں ایک اہم ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا ہے، دیگر کاررائیوں میں پولیس نے چوری کی موٹر سائیکل اور رکشے خریدنے اور بیچنے والے تین ملزمان بھی گرفتار کر لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع نور جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قلندریہ چوک سے ٹارگٹ کلر اویس صادق کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے 2017 میں پی ایس پی کے 2 کارکنوں کو قتل کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پی ایس پی کارکنان کے قتل میں ملوث ملزم کے دیگر 2 ساتھی بھی گرفتار ہیں، ملزم اویس صادق نے پولیس مخبر مانی کو بھی اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں موٹرسائیکلیں کتنے سیکنڈز میں چوری ہوتی ہیں

    دیگر 2 کارروائیوں میں اے وی ایل سی پولیس نے 3 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، جو چوری کی موٹر سائیکلیں اور رکشوں کی خریداری میں ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مسروقہ موٹر سائیکلیں اور رکشے بلوچستان بھیجا کرتے تھے۔

    ایک اور کارروائی میں اے وی ایل سی نے موٹر سائیکل چھیننے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے، ملزم موٹر سائیکل مکینک ہے، پولیس کے مطابق ملزم شہریوں سے موٹر سائیکلیں چھینتا تھا، گرفتار ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور رکشے بھی برآمد کیے گئے۔

  • کراچی: بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری کا گلا کٹ گیا

    کراچی: بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری کا گلا کٹ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بنارس چوک کے پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا، جاں بحق شہری کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور شہری قاتل ڈور گلے پر پھرنے سے جاں بحق ہو گیا ہے، بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے اورنگی ٹاؤن کا رہائشی شہروز جان کی بازی ہار گیا۔

    متوفی موٹر سائیکل پر بھائی کے ساتھ جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا، متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بنارس پل پر عبداللہ کالج کے قریب اچانک ڈور گلے پر پھر گئی، بھائی نے ڈور کو کھینچا تو گردن سے خون بہنا شروع ہو گیا۔

    متوفی شہروز کے بھائی کا کہنا تھا حادثے کے بعد روڈ کے بیچ میں کھڑے رہے، بعد ازاں رکشے میں بھائی کو اسپتال منتقل کیا، لیکن راستہ خراب ہونے کی وجہ سے بروقت اسپتال نہیں پہنچ سکے، راستہ صحیح ہوتا تو بھائی کو جلدی اسپتال پہنچا دیتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے، ایک شخص جاں بحق

    انھوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پتنگ کی ڈور نظر نہیں آئی تھی، بھائی فیکٹری میں کام کرتا تھا، بنارس پل پر سے گزرتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی کراچی میں پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے تھے، جن میں سے سعدی ٹاؤن کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ جہانگیر روڈ کے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں آئے روز گلے پر ڈور پھرنے کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی بھی عاید ہے۔

  • کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ نے ایک اور بڑی واردات کر لی ہے، چوروں نے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ریگل ٹریڈ سینٹر میں 6 ملزمان گاہک بن کر مارکیٹ میں داخل ہوئے اور الیکٹرونک سامان کے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    ملزمان نے مزدوروں جیسا حلیہ بنا رکھا تھا، انھوں نے مارکیٹ میں گھوم پھر دکانوں اور گوداموں کا جائزہ لیا، اور بہت کم وقت میں واردات کی، ملزمان نے آسان ہدف بھانپ کر گودام سے لیپ ٹاپ چوری کیے اور فرار ہو گئے۔

    یاد رہے کہ ریگل ٹریڈ سینیٹر مارکیٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پانچویں واردات ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔

    تازہ ترین:  کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی کے علاقے گلبہار میں ہونے والی ایک اور واردات میں پولیس کے ہاتھوں دو ڈاکو ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو پاک کالونی میں واردات کے دوران زمین پر گرے ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز صبح پیش آئی تھی، ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکو بھائی ہیں، ملزمان کو ایک سال قبل گرفتار کیا گیا تھا، اور تینوں بھائی ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے، پولیس نے تینوں ڈکیت بھائیوں کے ساتھیوں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔