Tag: کراچی کی خبریں

  • عید سے قبل ہی کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں کی بکنگ فل

    عید سے قبل ہی کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں کی بکنگ فل

    کراچی: عید الفطر سے قبل ہی کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں کی بکنگ فل ہو گئی، مسافروں نے پہلے ہی ایڈوانس بکنگ کرالی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی او ریلوے کا کہنا ہے کہ کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں بکنگ فل ہو گئی ہے، مسافروں نے پہلے ہی ایڈوانس بکنگ کرالی۔

    ڈی سی او کا خصوصی ٹرینوں سے متعلق کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کے اعلان کے بعد خصوصی ٹرینوں کی بکنگ ہوگی۔

    واضح رہے کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر قائم سرکاری پناہ گاہ میں مسافروں کو گھر جیسا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، صاف ستھرے ماحول میں مفت قیام و طعام کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان

    ریلوے اسٹیشن پر بنائے گئے پناہ گاہ میں 2 بلاکس اور 60 رہائشی یونٹس میں 164 مرد و خواتین کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا ہے، جب کہ پردیسیوں، پارکوں اور سٹرکوں پر رات گزارنے والوں کو لانے کے لیے شٹل سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوش خبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

  • کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ پولیس نے کراچی میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس مقابلوں کی تفتیش سی آئی اے سے کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز نے نوٹیفکیشن کی کاپی حاصل کر لی، نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس مقابلوں کی تفتیش ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں ہوگی، پولیس مقابلوں کے مقدمے از خود سی آئی اے منتقل ہو جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے ماتحت 3 یونٹ تمام مقابلوں کی تفتیش کریں گے، ایسٹ زون میں تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کرے گا، ویسٹ زون کے مقابلوں کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کرے گا، جب کہ ساؤتھ زون میں پولیس مقابلوں کی تفتیش اینٹی کار لفٹنگ سیل کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس مقابلہ، مقتول طالبہ نمرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں یونٹس کے ایس ایس پیز تفتیش کے لیے ٹیمیں مقرر کریں گے، گرفتار ملزمان سے تفتیش اور شواہد اکٹھے کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں پیش رفت رپورٹ محکمے کو ہفتہ وار بنیاد پر ارسال کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ابھی حال ہی میں شہر قائد کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آ کر ایک طالبہ نمرہ جاں بحق ہو گئی تھی۔

  • پولیس نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر سوا ماہ تک تشدد کیا، نوجوان کا الزام

    پولیس نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر سوا ماہ تک تشدد کیا، نوجوان کا الزام

    کراچی: شہر قائد میں پولیس گردی کا ایک اور مبینہ واقعہ سامنے آ گیا ہے، کورنگی بلال کالونی کے 22 سالہ نوجوان شہباز پر پولیس نے بہیمانہ تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی کراچی کے نوجوان شہباز نے الزام لگایا ہے کہ اسے پولیس نے چوری کا الزم لگا کر اغوا کیا، اور نا معلوم مقام پر لے جا کر ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کیا گیا۔

    نوجوان شہباز نے بتایا کہ پولیس نے اس پر سوا ماہ تک تشدد کیا، ایک وقت کا کھانا دیتے تھے اور تشدد کرتے رہتے تھے۔

    نوجوان نے الزام لگایا کہ اغوا کروانے میں خالہ اور خالو ملوث ہیں، خالہ سی ٹی ڈی میں ہیڈ کانسٹیبل جب کہ خالو اے سی ایل سی میں تعینات ہیں۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ سوا ماہ بعد ملیر سٹی تھانے کے قریب چھوڑ کر اہل کار فرار ہوئے، اب والدین اور مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں پولیس اہلکار کی غفلت سے دستی بم مزدور کے ہاتھ میں پھٹ گیا

    شہباز نے کہا کہ اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، تحفظ فراہم کیا جائے۔ خیال رہے کہ نوجوان شہباز کے اغوا کا مقدمہ کورنگی انڈسڑیل ایریا تھانے میں درج ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونی ورسٹی روڈ پر پولیس اہل کار کی فائرنگ سے رکشے میں سوار ڈیڑھ سالہ بچہ احسن جاں بحق ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ آئے روز ملک کے مختلف شہروں میں پولیس گردی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، پولیس کی جانب سے بے گناہوں پر تشدد اور انھیں جان سے مارنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے تا حال سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

  • عدالتی حکم کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    عدالتی حکم کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جس طرح عدالت نے حکم دیا ہے اس کے مطابق کے سی آر (کراچی سرکلر ریلوے) منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں انھوں نے کہا کہ عدالتی ہدایت پر ہم کے سی آر شروع کرنے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری کو کہا ہے وفاقی حکومت کو خط لکھیں کہ سی پیک کا جو پیکج لاہور کو دیا گیا ہے وہ ہمیں بھی دیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی ہدایت کر دی ہے کہ وہ وزارت ریلوے کو خط لکھ کر کہیں کہ رائٹ آف وے سے تجاوزات ہٹائے۔ رائٹ آف وے ٹرانسفر ہوتے ہی عالمی ٹینڈر کرائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے ایک ماہ میں چلانے کا حکم

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے سی آر کے لیے وفاق کو پھر ساوورین گارنٹی کے لیے کہیں گے، وفاق سے منصوبے کی منظوری بھی کرائیں گے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے ایک ماہ میں چلانے اور ملٹری لینڈ اور کنٹونمنٹس سے تجارتی سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • عدالتی نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانے والا نوجوان پولیس سے نہیں بچ سکا

    عدالتی نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانے والا نوجوان پولیس سے نہیں بچ سکا

    کراچی: اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر کلفٹن میں گاڑی چلانے والا نوجوان دھر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے اسے گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگانے پر پکڑ لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر جعلی نیم پلیٹ اور جھنڈے چند روپوں میں بکنے لگے ہیں۔

    پولیس نے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب کالے شیشوں والی کار کو روکنے کا اشارہ کیا تو کار چلانے والے نوجوان نے شیشہ اتار کر پولیس کو غصہ دکھایا اور گاڑی دوڑا دی۔

    تاہم بن قاسم پارک کے قریب پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا بھی لگا ہوا تھا۔

    نوجوان نے پکڑے جانے پر کہا کہ نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، جعلی نیم پلیٹ اس لیے لگائی کہ اس نیم پلیٹ کو دیکھ کر پولیس نہیں روکتی۔

    یہ بھی پڑھیں:  فینسی نمبر پلیٹ : رکن اسمبلی اور سابق آئی جی سندھ کی گاڑیاں روک لی گئیں

    نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے پلازہ سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی۔ بعد ازاں پولیس نے نوجوان کی گاڑی کی نیم پلیٹ، کالے شیشے اور جھنڈا اتار لیا۔

    یاد رہے کہ فروری میں کلفٹن کے علاقے سے منسٹر کے نام والی ایک لینڈ کروزر پکڑی گئی تھی، جب کہ ایک رکن سندھ اسمبلی کو بھی گاڑی پر ہاتھ سے لکھی سرکاری نمبر پلیٹ، اور سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو فینسی نمبر پلیٹ پر روکا گیا تھا۔

  • سانحہ 12 مئی کو 12 سال بیت گئے، ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کرنے کی تیاری

    سانحہ 12 مئی کو 12 سال بیت گئے، ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کرنے کی تیاری

    کراچی: میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں؟ سانحہ 12 مئی کو 12 سال بیت گئے، متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

    دوسری طرف پولیس نے سانحہ 12 مئی کے سلسلے میں جے آئی ٹی کی 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ تیار کر لی، پولیس کا کہنا ہے کہ سانحے میں ملوث مزید ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں اور 9 کیس چالان کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے سانحہ 12 مئی میں ملوث مزید ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، ایڈیشنل آئی جی امیرشیخ کی قیادت میں سانحے پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے چھ ماہ کارکردگی کی رپورٹ تیار کر لی۔

    امیر شیخ کا کہنا تھا کہ میڈیا اور دیگر اداروں کو ثبوتوں اور فوٹیج کے لیے خط لکھے گئے ہیں، کوشش کریں گے ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کر دیں۔

    ڈاکٹر امیر شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ایسٹ زون پولیس کی جانب سے 9 مقدمات کا چالان کیا گیا ہے، 3 ماہ میں ایسے ملزمان پکڑے جن کا تعلق 12 مئی سے تھا، گرفتار ہونے والے زیادہ تر ملزمان کا تعلق ضلع شرقی سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار

    کراچی پولیس چیف نے کہا کہ مجموعی طور پر 45 مقدمات کا چالان کر دیا گیا ہے، 7 مزید نئے مقدمات کے ساتھ 31 مقدمات زیر سماعت ہیں، اب تک درج مقدمات کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 12 مئی کیس میں 3 ملزمان کو سزا دی جا چکی ہے، اب تک 19 ایسے مقدمات ہیں جو حل نہیں ہو سکے، جے آئی ٹی اب تک اپنے 2 سیشن مکمل کر چکی ہے، تیسرا سیشن 15 رمضان، چوتھا عید کے بعد شروع کیا جائے گا۔

  • کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کوریا کمپنی کے ساتھ معاہدہ، کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی ہے، حکومت سندھ اور کوریا کی کمپنی میں ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اور کوریا کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کراچی میں ایک ہزار بسیں چلائیں جائیں گی۔

    اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت کراچی کے مختلف روٹس پر ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ معاہدے کے 60 دن بعد 200 بسیں سڑکوں پر ہوں گی، کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا، کہا جاتا تھا پیپلز پارٹی کراچی سے نہیں جیتتی اس لیے سزا دی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے عوام سے اضافی کرایہ لینے سے روک دیا

    اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک شیخ رشید ریلوے میں موجود ہیں ریلوے نہیں چل سکتی، ریلوے کا وزیر 24 گھنٹے میں 4 بیان بدلتا ہے۔

    انھوں نے گرین لائن بس سروس سے متعلق کہا کہ یہ سروس 2020 تک بھی مکمل ہوتی نہیں دیکھ رہا، ہم گرین لائن بس کے لیے دوسری بس سروسز بند نہیں کریں گے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ اورنج لائن میں تاخیر ہوئی ہے، ابھی کچھ رکاوٹیں ہیں۔

  • کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار

    کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی وارداتوں سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس نے حکمتِ عملی تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار کر لی۔

    کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ چوری کی گئیں موٹر سائیکلیں کھول کر ان کے اسپیئر پارٹس فروخت کر دیے جاتے ہیں، چوری کے اسپیئر پارٹس خریدنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آئی جی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ بیش تر موٹرسائیکلیں شہر کے اندر ہی فروخت کر دی جاتی ہیں، تاہم چوری اور چھینی گئیں موٹر سائیکلیں دوسرے شہر بھی بھیجی جاتی ہیں۔

    خیال ہے کہ دو دن قبل سی پی ایل سی کی جاری کردہ ماہانہ کرائم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اپریل کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 2446 موٹر سائکلیں چوری اور چھینی گئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپریل کا مہینا شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، 40 افراد قتل، ہزاروں موٹر سائیکلیں چوری

    دریں اثنا، ملیر سکھن سے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی کرنے والے خاتون منشیات فروش سمیت 2 ملزمان کو قاسمانی محلے سے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

    کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پر چھاپا خفیہ اطلاع پر مارا گیا، ملزمان میں زرغونہ اور دولت شاہ شامل ہیں، ملزمان سے آدھا کلو اعلیٰ کوالٹی ہیروئن اور چرس برآمد کیا گیا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم سکھن سے رکشے کے ذریعے منشیات اسمگل کرتے تھے، منشیات شاہ فیصل، محمود آباد سمیت کئی علاقوں میں سپلائی ہوتی تھی، سپلائی میں استعمال ہونے والا رکشا بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

  • اپریل کا مہینا شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، 40 افراد قتل، ہزاروں موٹر سائیکلیں چوری

    اپریل کا مہینا شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، 40 افراد قتل، ہزاروں موٹر سائیکلیں چوری

    کراچی: ماہ اپریل شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، مختلف واقعات میں 40 افراد کو قتل کر دیا گیا جب کہ ہزاروں موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپریل میں شہر قائد کے باسی جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں کیسے لٹے، سی پی ایل سی نے ماہانہ کرائم ڈیٹا رپورٹ جاری کر دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران بھتہ خوری کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے، اور مختلف واقعات میں 40 افراد قتل کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 132 گاڑیاں چوری اور چھینی گئیں، جب کہ 2446 موٹر سائکلیں بھی چوری اور چھینی گئیں۔

    کراچی کے شہری راہ چلتے موبائل فونز سے محرومی کا سلسلہ بھی عروج پر رہا، اسٹریٹ کرائمز میں کمی کے دعوے ہوا ہو گئے، رپورٹ کے مطابق 30 دن میں 3599 شہری موبائل فونز سے محروم کیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: جرائم کی وارداتوں میں اضافہ، تین ماہ میں 95 افراد قتل

    خیال رہے کہ تواتر سے یہ کہا جا رہا ہے کہ کراچی میں جرائم کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اپریل ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ پر کہا تھا کہ کراچی میں صورت حال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔

    14 اپریل کو سی پی ایل سی کی رپورٹ تھی کہ تین ماہ میں کراچی میں 95 افراد قتل کیے گئے اور جرائم کی وارداتوں کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    گزشتہ ماہ ہزاروں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرنے والے مختلف گروہوں کو بھی گرفتار کیا گیا لیکن وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔

    12 اپریل کو آئی جی سندھ نے خبردار کیا کہ شہر کے 77 مقامات کے لیے دہشت گردی کے تھریٹ الرٹس موجود ہیں۔

  • کراچی: کتے کے کاٹے کی ویکسین کی قلت، 11 سال کا لڑکا جاں بحق

    کراچی: کتے کے کاٹے کی ویکسین کی قلت، 11 سال کا لڑکا جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر کتے کے کاٹے کی ویکسین کی قلت کی وجہ سے 11 سال کا لڑکا جاں بحق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی قلت کے باعث گیارہ سال کا لڑکا لال بخش جاں بحق ہو گیا۔

    لال بخش کو تین ماہ قبل سانگھڑ میں کتے نے ہاتھ پر کاٹا تھا، جسے گزشتہ رات سانگھڑ سے جناح اسپتال لایا گیا تھا۔

    جناح اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ریبیز سے موت کا یہ چھٹا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی لاحق ہے، دوسری طرف انتظامیہ آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار نہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی میں صرف جناح اور سول وہ سرکاری اسپتال ہیں جہاں کتے کے کاٹنے کی ویکسین موجود ہوتی ہے ، اس کے علاوہ کسی سرکاری اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں ہے ۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں 62 افراد سگ گزیدگی کا شکار بن گئے

    چند نجی اسپتال بھی سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم کرتے ہیں تاہم نجی اسپتالوں میں ویکسین اور ابتدائی ٹریٹمنٹ کی قیمت ہزاروں میں وصول کی جاتی ہے جب کہ سول اور جناح میں یہ سہولت بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔

    گزشتہ برس 13 ستمبر کو ایک ہی دن میں کراچی کے مختلف علاقوں میں سگ گزیدگی کے واقعات میں ایک دم اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور جناح اسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے 62 واقعات رپورٹ ہوئے۔