Tag: کراچی کی خبریں

  • کراچی: رمضان میں سینٹرل جیل کے قیدیوں نے انوکھا کام کر دیا

    کراچی: رمضان میں سینٹرل جیل کے قیدیوں نے انوکھا کام کر دیا

    کراچی: شہرِ قائد میں سینٹرل جیل کے قیدیوں نے انوکھا کام کر دیا، جیل میں آنے والے سندھ حکومت کے مہمان کا استقبال قومی ترانہ دُھن کے ساتھ پڑھ کر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل کے قیدیوں نے وزیرِ اعلی سندھ کے مشیر اعجاز جاکھرانی کو اس وقت حیران کر دیا جب انھوں نے قطار میں کھڑے ہو کر ان کے استقبال میں قومی ترانہ دھن کے ساتھ سنانا شروع کر دیا۔

    مشیر وزیر اعلیٰ سندھ اعجاز جھاکرانی سینٹرل جیل کے دورے پر گئے تھے، انھوں نے جیل میں قیدیوں کے لیے کیے گئے سحر و افطار کے انتظامات اور بیرکس کا جائزہ لیا۔

    اس دوران قیدیوں نے پاکستان کا قومی ترانہ دھن کے ساتھ پڑھ کر مہمان کا استقبال کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان المبارک کا احترام:جیلوں میں قیدیوں کی پھانسی پر عملدآمد روک دیا گیا

    آئی جی جیل نے اعجاز جاکھرانی کو بتایا کہ جیل میں روزہ دار قیدیوں کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ مشیر سندھ کو خصوصی اقدامات کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دریں اثنا، مشیر نے کچن کا بھی دورہ اور اطمینان کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز رمضان المبارک کے احترام میں ملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی پھانسی پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے، یکم رمضان سے عید الفطر کی چھٹیوں تک ملک کی کسی بھی جیل میں کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی جائے گی۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں لسانی فسادات کی پیش گوئی کر دی

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں لسانی فسادات کی پیش گوئی کر دی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد میں ایک بار پھر لسانی فسادات کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں اب پانی پر لسانی فسادات ہونے ہیں جسے کوئی نہیں روک سکے گا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کو پیپلز پارٹی نے خود یقینی بنا دیا ہے، 40 فی صد شہری کوٹہ مقرر کیا گیا تھا لیکن اس پر بھی عمل نہیں ہوا۔

    ایم کیو ایم کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 11 برسوں میں پیپلز پارٹی نے ایک بوند پانی نہیں دیا، سندھ میں 5 انتظامی یونٹس کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے، جنوبی سندھ صوبہ بن کر رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جلسی نے ثابت کردیا کہ عوام نے متحدہ بہادرآباد کو یکسر مسترد کردیا، فاروق ستار

    خیال رہے کہ چار دن قبل فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں پر بھی شدید تنقید کی تھی، کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے زمینی خداؤں نے پارٹی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا جلسہ جلسہ نہیں جلسی تھی۔

    فاروق ستار نے کہا ’میں نے ایم کیو ایم کو ٹوٹنے سے بچایا لیکن موجودہ عہدے داران نے اسے حقیقی پارٹ ٹو بنا دیا۔‘

  • کراچی میں بچیوں کے اغوا میں ملوث نئے گینگ کا انکشاف

    کراچی میں بچیوں کے اغوا میں ملوث نئے گینگ کا انکشاف

    کراچی: شہرِ قائد میں کم عمر بچیوں کے اغوا میں ملوث ایک نئے بین الاقوامی گینگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک ایسے گینگ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جو کم سن بچیوں کو اغوا کر کے ملک سے باہر اسمگل کرتا ہے۔

    گینگ کا پردہ اس وقت فاش ہوا جب ایف بی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ایک کارندے سے تفتیش کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امین اللہ ایف بی ایریا تھانے کی حدود سے 7 سال کی بچی اغوا کر کے لے جا رہا تھا، پولیس نے علاقہ مکین کی مدد سے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے اغوا کی افواہیں پھیلانے میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، پولیس کا انکشاف

    ملزم کے بارے میں پولیس نے مزید بتایا کہ وہ 7 سال اور اس سے کم عمر کی بچیوں کو اغوا کرتا ہے، اور پھر مغوی بچی کو اغوا کاروں کے بین الاقوامی گینگ کو فروخت کر دیتا ہے۔

    پولیس کے مطابق اغوا کاروں کا بین الاقوامی گینگ بچیوں کو افغانستان منتقل کرتا ہے، بچیوں کو افغانستان میں لے جانے کے بعد ان کے اہل خانہ سے تاوان مانگا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل کراچی میں بچوں کے اغوا کی بڑھتی وارداتوں کے سلسلے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا تھا کہ ان میں زیادہ تر محض افواہیں ہیں، جس میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، تاکہ شہر میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔

  • کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس ایکٹ 2002 کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، سندھ حکومت پولیس ایکٹ 2002 میں معمولی ترامیم بھی کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس کل شام وزیر اعلیٰ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا، جس میں سندھ پولیس ایکٹ 2002 کا جائزہ لیا جائے گا، حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ایکٹ کو بحال کیا جائے گا۔

    سندھ پولیس ایکٹ 2002 سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں نافذ کیا گیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس پولیس ایکٹ کو قانون سازی سے ختم کر دیا تھا۔

    اب فیصلہ ہوا ہے کہ سندھ پولیس ایکٹ 2002 کے تحت پولیس حکومت کے تابع ہوگی، ایکٹ کے تحت تقرریوں و تبادلوں کا اختیار سندھ حکومت کو ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعلیٰ سندھ نے ایک ماہ میں پولیس رولزاورایکٹ بنانے کی یقین دہانی کرا دی

    دریں اثنا، ضلع پبلک سیفٹی کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، پبلک سیفٹی کمیشن سیکریٹری کی تعیناتی سندھ حکومت کرے گی، پولیس مقدمہ درج کرنے کی منظوری سیفٹی کمیشن سے لینے کی پابند ہوگی۔

    سندھ حکومت پولیس ایکٹ 2002 میں معمولی ترامیم بھی کرے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد ایکٹ سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس ایکٹ عجوبہ ہے، آئی جی کا عہدہ نمائشی رہ جائے گا، افضل شگری

    یاد رہے کہ چار دن قبل سندھ ہائی کورٹ کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک ماہ میں پولیس رولز اور ایکٹ بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    دوسری طرف سابق آئی جی سندھ افضل شگری نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے پولیس ایکٹ بہت جلد بازی میں تیار کیا کیونکہ سندھ حکومت کا آئی جی سے جھگڑا چل رہا ہے، ایکٹ کے نفاذ سے پولیس کے ڈھانچے میں سنگین مسائل پیدا ہوں گے۔

  • کراچی میں پی ٹی آئی تقریب میں بد نظمی، پارٹی کے چیف آرگنائزر کا سخت نوٹس

    کراچی میں پی ٹی آئی تقریب میں بد نظمی، پارٹی کے چیف آرگنائزر کا سخت نوٹس

    کراچی: گلشن اقبال میں پی ٹی آئی تقریب میں بد نظمی ہو گئی، کارکنوں کے درمیان ایک دوسرے پر کرسیاں چل گئیں، بد نظمی پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نے سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پی ٹی آئی تقریب میں شدید بد نظمی ہو گئی، کارکن ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے رہے، اور خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ، اشرف جبار قریشی کے خلاف نعرے بازی کی۔

    کراچی میں پی ٹی آئی تقریب میں بد نظمی پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نے سخت نوٹس لے لیا، ترجمان پی ٹی آئی عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں  پرویز خٹک، جلسے میں بد نظمی، کارکنوں کا احتجاج

    ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ واقعے کے تصویری اور ویڈیو شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، بد نظمی میں ملوث افراد سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کارکنان ملوث ہوئے تو سخت انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ادھر خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں بھی پرویز خٹک کے جلسے میں بد نظمی اور دھکم پیل ہوئی، پرانے کارکنوں کو نظر انداز کرنے پر کھلاڑیوں نے احتجاج کیا، اسٹیج پر چڑھنے والوں کو نیچے دھکیل دیا گیا۔

  • پاک بحریہ کی منوڑہ کے ساحل پر صفائی و شجر کاری مہم

    پاک بحریہ کی منوڑہ کے ساحل پر صفائی و شجر کاری مہم

    کراچی: پاک بحریہ کی جانب سے تفریحی مقام منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی گئی، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی، مہم کے دوران ساحل سے کچرا اٹھایا گیا اور شجر کاری کی گئی۔

    پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ صفائی مہم میں ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی شرکت، مہم کا مقصد شجر کاری اور صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہم کے دوران ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کموڈور وقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے پوری ساحلی پٹی پر جنگلات کے احیا کا بیڑا اٹھایا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں جنگلات کا انتہائی اہم کردار ہے، آبی ماحول کے تحفظ میں بھی جنگلات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔

  • کراچی میں ہیٹ ویو کا خلیج بنگال میں طوفان سے کوئی تعلق نہیں: محکمہ موسمیات

    کراچی میں ہیٹ ویو کا خلیج بنگال میں طوفان سے کوئی تعلق نہیں: محکمہ موسمیات

    کراچی: خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بنا تو کراچی براہِ راست متاثر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا دباؤ کم ہو گیا ہے جس کے باعث سمندر میں طوفان بن گیا ہے، تاہم کراچی میں ہیٹ ویو کا اس طوفان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان بھارتی شہر چنائے کے قریب پہنچ کر شمال مشرق کی طرف جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ طوفان بھارت کی ساحلی پٹی پر تیز بارش کی صورت میں اثر انداز ہوگا، یہ طوفان پاکستان سے بہت دور ہے اور اس کے اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی والے ہوشیار! ہیٹ ویو آنے کو ہے

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بنا تو کراچی براہ راست متاثر ہوگا، جب کہ مئی اور جون میں مزید ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

    دریں اثنا، کراچی میں ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر پی ایم ڈی سی نے صوبائی محکموں کو خطوط لکھ کر کہا ہے کہ یکم سے 3 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی ہے، تمام متعلقہ محکمے گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کریں۔

    پی ایم ڈی سی کی جانب سے جن محکموں کو خطوط لکھے گئے ہیں ان میں سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات، کمشنر کراچی، اور ڈی سیز شامل ہیں۔

  • کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    کراچی: شہر قائد کے باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم پاکستان نے پاور شو کا مظاہرہ کیا، متحدہ رہنماؤں نے جلسے سے خطاب میں سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں پاکستان بنانے والوں کو نوکریوں سے نکالا گیا، پاکستان بنانے کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ دیکھ کر مخالفین کی ہمت ٹوٹ جائے گی، جلسہ دیکھ کر بتائیں کیا ایم کیو ایم تقسیم ہو گئی؟ ہم خوش نصیب تھے کہ ہمیں آزادی حاصل ہوئی، آگ اور خون کے دریا عبور کر کے پاکستان حاصل کیا، قدر اس چیز کی ہوتی ہے جس کی قربانی دی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے ملک توڑا گیا پھر اسے تباہ کرنے کی سازش کی گئی، میری پریس کانفرنس کے خلاف پی پی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد پاس کرائی، سندھ کو لسانی طور پر 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا، قرارداد مذمت لانی ہے تو کوٹہ سسٹم لانے والوں کے خلاف لاؤ، سندھ کو تقسیم کرنے والوں کے خلاف لاؤ۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے بنا تھا اسے حاصل کر کے رہیں گے، یہ مشین ہمارے ہاتھ کی بنی ہوئی ہے، اسے ہم ہی چلا سکتے ہیں۔

    رہنما عامر خان نے خطاب میں کہا کہ یہ کہتے ہیں سندھ ہمیشہ سے ایک رہا، جھوٹ بولتے ہیں، میری خود کی اپنی زمین پر سندھ کے لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ کے 24 شہر ہیں جو ہمارا حصہ ہے وہ لے کر رہیں گے۔

    انھوں نے کہا ’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا،  آدھا تمھارا  آدھا ہمارا ، جو لوگ دفن کرنے کی بات کرتے تھے آج وہ خود دفن ہو گئے۔‘

     جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھی بھائیوں کو دھوکا دیتی ہے، تمام وزارتیں ہونے کے باوجود صوبہ سندھ کی ابتر حالت سب کے سامنے ہے، یہ سندھ کے بیٹے ہوتے تو سندھ کو بھی خوش حال صوبہ بناتے۔

    کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہا کراچی پورا ملک چلاتا ہے، اس کے ساتھ صحیح سلوک نہیں ہوتا، مشکلات کے باوجود بلدیاتی نمائندے نظام میں رہ کر خدمت کر رہے ہیں، مل کر کام کرنے تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا کہ کس طرح ہم مسائل حل کر سکتے ہیں، لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، مجبوراً عدالت کو مداخلت کرنا پڑی کہ مسائل کیسے حل کیے جائیں۔

    خواجہ اظہار نے کہا کہ یہ کونسی 18 ویں ترمیم ہے جو آپ کو کراچی میں کام سے روکتی ہے، میں وفاق سے مطالبہ کروں گا کہ ہماری توقعات کو آگے لے کر چلے، جس کے پاس ٹیم ہی نہیں ہے کیا وہ کراچی کی قیادت کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ میں یہ نہیں کہتا کہ لاڑکانہ کے نوجوانوں کو نوکریاں نہ ملیں لیکن یہ کیا ظلم ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں نوکریاں نہیں ملتیں، امید ہے آنے والے وقت میں ایم کیو ایم کی حیثیت کو سمجھا جائے گا۔

  • کراچی: سڑکوں کی بغیر اجازت کھدائی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: سڑکوں کی بغیر اجازت کھدائی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بغیر اجازت شہرِ قائد کی سڑکوں کی کھدائی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی زیر صدارت سڑکوں کی کھدائی اور مرمت کے اقدامات پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں بغیر اجازت شہر کی سڑکیں کھودنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

    کمشنر کراچی نے اجلاس میں کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر یوٹیلٹی ادارے سڑک کی کھدائی نہیں کریں گے، یونین کونسل کو سڑک کی کھدائی کی اجازت دینے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا تھا کہ 6 ماہ قبل تعمیر ہونے والی یونی ورسٹی روڈ کی کھدائی افسوس نا ک ہے، واٹر بورڈ جلد کام مکمل کرے تاکہ سڑک ٹریفک کے لیے بحال ہو۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واٹر بورڈ اور دیگر ادارے کھدائی سے پہلے روڈ کٹنگ کی ادائیگی کریں گے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے یونی ورسٹی روڈ کی کھدائی کے لیے رقم جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی:‌ بجلی کے غیرقانونی کنکشنز اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن کا آغاز

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ بغیر اجازت کھدائی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کرے گی، اور کھدائی کرنے والے ٹھیکے دار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہرِ قائد میں سڑکوں کی غیر قانونی کھدائی کا مسئلہ تشویش ناک حد تک بڑھا ہوا ہے، ادھر سڑکیں تعمیر کی جاتی ہیں اور ادھر کوئی ادارہ آ کر اسے پھر کھود کر رکھ دیتا ہے۔

  • نشوہ کیس پر آواز بلند کرنے کی سزا، اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا

    نشوہ کیس پر آواز بلند کرنے کی سزا، اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا

    کراچی: انجکشن کے اوور ڈوز سے زندگی سے محروم ہونے والی بچی نشوہ کے کیس پر آواز بلند کرنے پر اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نشوہ کیس پر انصاف پر مبنی کارروائی کے لیے آواز بلند کرنے پر دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ کے ایما پر ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔

    غصے سے بھری ہوئی اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوہ کیس اٹھانے پر میڈیا نمائندگان کو زد و کوب بھی کیا گیا۔

    غیر تربیت یافتہ عملے کے باعث اسپتال کو سیل کرنے کے فیصلے پر غصے میں آنے والی اسپتال انتظامیہ نے پولیس تفتیش میں بھی مداخلت شروع کر دی ہے، پولیس کی تفتیشی ٹیم نشوہ کیس میں 3 ملازمین کو تھانے بھی لائی۔

    دوسری طرف دارالصحت اسپتال سیل کرنے کے لیے ٹیم پہنچ گئی ہے، ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر، ہیلتھ کیئر کمیشن کے نمائندے اور پولیس شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

    نشوہ دارالصحت اسپتال میں انجکشن کے اوورڈوز سے جاں بحق ہوئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

    دریں اثنا، پولیس نے نشوہ کیس کے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم کے بعد کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ آئی جی سندھ و دیگر افسران کے ساتھ آج نشوہ کے گھر پہنچے تھے، انھوں نے نشوہ کے والد کو تمام ملزمان کی گرفتاری کا یقین دلایا تھا، وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو موقع پر تمام ملزمان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ننھی نشوہ کی موت : اسپتال پر صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ، دو ملازمین ذمہ دار قرار

    آئی جی سندھ نے کہا کہ قیصر علی نے جن ملزمان کو نامزد کیا ہے انھیں جلد از جلد گرفتار کریں گے۔

    واضح رہے کہ اسپتال کے مالک عامر چشتی اور علی فرحان بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں، ان کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہزاد عالم، چیف میڈیکل آفیسر شرجیل، نرسنگ ہیڈ رضوان اعظمی اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ احمر عباس، ہیڈ آف ایچ آر عرفان اسلم، ہیڈ آفس اسٹاف، ٹرانسپورٹ ولید کے نام بھی شامل ہیں، جب کہ ثوبیہ اور معیز پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔