Tag: کراچی کی خبریں

  • کراچی: سرکاری اسپتال میں لڑکی کا قتل، 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی: سرکاری اسپتال میں لڑکی کا قتل، 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی: کورنگی کے سرکاری اسپتال میں 23 سالہ عصمت کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی کورنگی کی سربراہی میں 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سرکاری اسپتال میں نوجوان لڑکی کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کرنے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

    سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ایس ایس پی کورنگی ہوں گے، کمیٹی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی لانڈھی شامل ہیں۔

    تحقیقاتی کمیٹی میں ایس ایچ او ابراہیم حیدری اور ایس آئی یو عوامی کالونی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، سرکاری اسپتال میں زیر علاج 26 سالہ مریضہ زیادتی کے بعد قتل

    دریں اثنا، سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب متاثرہ لڑکی عصمت کے گھر گئے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے عصمت کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ مقدمہ عصمت کے اہل خانہ کی مرضی کے مطابق درج کرایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 18 اپریل کو ابتدائی طور پر لڑکی عصمت کے والدین کا خیال تھا کہ ان کی بیٹی سرکاری اسپتال کے ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کی وجہ سے موت کے منھ میں گئی، انھوں نے کہا تھا کہ وہ دانت کے درد کے لیے اسپتال گئے تھے جہاں ان کی بیٹی کو غلط انجکشن لگایا گیا۔

    تاہم 20 اپریل کو پوسٹ مارٹم کے بعد انکشاف ہوا کہ مریضہ کے ساتھ پہلے زیادتی کی گئی اور بعد میں اسے زہر کا انجکشن لگایا گیا جس کے باعث وہ انتقال کر گئی۔

  • نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    کراچی: پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوا کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ دو ہفتوں میں جاری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے نشوا کے پوسٹ مارٹم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم کی تجویز دی تھی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور سیکریٹری ہیلتھ کے کہنے پر میڈیکل بورڈ بنایا گیا۔

    پولیس سرجن نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ محفوظ کر لی گئی ہے جسے 2 ہفتوں میں جاری کیا جائے گا۔

    قرار عباسی نے بتایا کہ تمام اجزا کا کیمیکل ایگزامن ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی سے کرایا جائے گا، ضرورت ہوئی تو چائلڈ اسپیشلسٹ کو بہ طور میڈیکل بورڈ ممبر شامل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی

    پولیس سرجن نے کہا کہ بچی کے علاج پر مشتمل تمام ریکارڈ مانگا گیا ہے، تفتیشی افسر سے دارالصحت اور لیاقت نیشنل اسپتال سے علاج کے ریکارڈ کی فراہمی کے لیے کہہ دیا ہے، مکمل رپورٹ دینے سے قبل اسپتالوں کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔

    خیال رہے کہ ننھی بچی نشوا کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی، نشوا کی نماز جنازہ کا وقت پوسٹ مارٹم کی وجہ سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔

  • چیئرمین نیب نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کراچی کو معطل کر دیا

    چیئرمین نیب نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کراچی کو معطل کر دیا

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم ساجد کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فرائض سے غفلت برتنے پر نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم ساجد کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

    نیب چیئرمین جاوید اقبال نے کہا کہ نیب میرٹ، شواہد، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بد عنوانی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کوشاں ہیں، نیب افسران پیش ہونے والے افراد کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب لاہور میں پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ

    چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ نیب میں میگا کرپشن کیسز سالہا سال تک نہیں چلیں گے۔

    خیال رہے کہ نیب لاہور میں کام کا دباؤ بڑھنے کے باعث پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ماسٹر ٹرینر کی زیر نگرانی تربیت کا عمل آج سے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ شریف خاندان اور سہولت کاروں سمیت بڑی مچھلیوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے نیب لاہور میں پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • ننھی نشوا کا پوسٹ مارٹم، نماز جنازہ کا وقت تبدیل

    ننھی نشوا کا پوسٹ مارٹم، نماز جنازہ کا وقت تبدیل

    کراچی: ہنستی کھیلتی چہچہاتی نشوا والدین کو روتا چھوڑ گئی، نشوا کی میت اسپتال سے گھر منتقل کر دی گئی، تاہم پوسٹ مارٹم کے باعث نماز جنازے کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنستی کھیلتی چہچہاتی نشوا والدین کو روتا چھوڑ گئی، دو ہفتے بعد ننھی نشوا زندگی کی جنگ ہار گئی، نشوا کی میت گھر منتقل کر دی گئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے باعث نماز جنازے کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔

    نشوا کی نماز جنازہ اب بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی

    خیال رہے کہ ننھی نشوا کی حالت دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگنے سے بگڑی تھی، جس کے بعد نشوا کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کر گئی۔

    نشوا کے والد نے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نشوا ہار گئی، ظلم جیت گیا۔ نشوا کے والد نے ہنستی مسکراتی بیٹیوں کی فوٹیج بھی شئیر کر دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  میری بیٹی نے بہت ہمت کی لیکن وہ ہار گئی ، نشوہ کے والد

    دوسری طرف نشوا کیس میں ملزمہ ثوبیہ کو 4 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے، دیگر ملزمان تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں، ملزمان میں منیجر عاطف، احمد شہزاد اور آغا معیز شامل ہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور

    ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 27 اپریل کو جلسے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف مربوط حکمت عملی سامنے لانے پر غور کیا گیا۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت دائرہ اختیار سے تجاوز کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کے غیر آ ئینی اقدامات کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ حالیہ مبینہ مقابلے سندھ حکومت کی نا اہلی اور نا کامی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان نے میدان مار لیا

    یاد رہے کہ تین دن قبل کراچی کے ڈپٹی میئر کی خالی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن نے واضح اکثریت حاصل کر کے میدان مارا۔

    اس نشست کے لیے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان تھا مگر ایم کیو ایم نے بہ آسانی فتح حاصل کی، الیکشن میں تین سو چیئرمینز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جب کہ 281 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    ایم کیو ایم کے ارشد حسن 194 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جب کہ پیپلز پارٹی کے اکرم اللہ وقاصی کو 78 ووٹ ملے، گنتی کے دوران 09 ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔ خیال رہے کہ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اورعوامی نیشنل پارٹی کی جب کہ ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔

  • جناح اسپتال میں زیر علاج نگلیریا کا مریض دم توڑ گیا

    جناح اسپتال میں زیر علاج نگلیریا کا مریض دم توڑ گیا

    کراچی: جناح اسپتال کراچی میں زیر علاج نگلیریا کا مریض دم توڑ گیا، اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ نگلیریا کا مریض علاج کے دوران انتقال کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ اسپتال میں زیرِ علاج نگلیریا کا مریض انتقال کر گیا ہے۔

    ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کو تیز بخار کی حالت میں جے پی ایم سی لایا گیا تھا، 21 سالہ انیس اسلم کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے تھا، رواں سال کا یہ پہلا نگلیریا کیس ہے۔

    نگلیریا کے مریض انیس اسلم کو 18 اپریل کو جناح اسپتال لایا گیا تھا، جہاں انھیں آئی سی یو میں رکھا گیا تاہم انھیں بچایا نہیں جا سکا۔

    پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہری دوبارہ نیگلیریا کا شکار ہو سکتے ہیں، نگلیریا پانی میں موجود بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں داخلے پر افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ نگلیریا ایک ایسا امیبا ہے، جو اگر ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوجائے تو دماغ کو پوری طرح چاٹ جاتا ہے، جس سے انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے، یہ عموماً گرم پانی میں تیزی سے پرورش پاتا ہے۔

    یہ وائرس عموماً سوئمنگ پولز، تالاب سمیت ٹینکوں میں موجود ایسے پانی میں پیدا ہوتا ہے، جس میں کلورین کی مقدار کم ہوتی ہے، شدید گرمی بھی نگلیریا کی افزائش کا سبب بنتی ہے۔

  • نشوا کے والد پر زبردستی صلح کے لیے دباؤ، ڈی آئی جی ایسٹ لیاقت نیشنل پہنچ گئے

    نشوا کے والد پر زبردستی صلح کے لیے دباؤ، ڈی آئی جی ایسٹ لیاقت نیشنل پہنچ گئے

    کراچی: انجیکشن کے اوور ڈوز کے باعث موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا نشوا کے والد پر دباؤ اور زبردستی صلح نامے کے معاملے پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی لیاقت نیشنل اسپتال پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد پر دارالصحت کے مالک عامر چشتی نے ایم کیو ایم کے ایک رہنما کے ساتھ صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی، جس پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے لیاقت نیشنل اسپتال میں قیصر علی سے ملاقات کی۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن بھی عامر فاروق کے ہم راہ تھے۔

    نشوا کے والد قیصر علی سے گزشتہ روز دارالصحت اسپتال کے مالک کے دباؤ سے متعلق پوچھا گیا، قیصر نے کہا کہ جن لوگوں کے نام انھوں نے دیے تھے انھیں تا حال گرفتار نہیں کیا گیا۔

    نشوا کے والد کا مؤقف تھا کہ انھیں انصاف چاہیے، قیصر علی کا کہنا تھا کہ انھوں نے عامر چشتی اور علی فرحان سمیت 10 افراد کے نام بیان میں دیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کے مظلوم باپ پر صلح کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف

    بچی کے والد نے کہا کہ پولیس ایک ہفتے کے اندر صرف معیز کو پکڑنے اور ثوبیہ کو چھوڑنے کا کام ہی کر سکی ہے۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی عامر فاروقی نے نشوا کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ دیگر تمام نامزد افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بھی نشوا کے والد سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی آپ کو دھمکی دے تو پولیس کو بتائیں، کارروائی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں پر نشوا کے والد کو سیکورٹی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

  • کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری ہے، مجرمانہ غفلت پر غلطی کے اعتراف کے باوجود دارالصحت اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی، 9 ماہ کی نشوا بدستور لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی قائم کردہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی، رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعہ انتہائی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو حتمی کارروائی کرنی چاہیے، کمیشن کو مؤثر اور فعال کیا جائے، بچی کو اسپتال عملے کی جانب سے انجکشن کی اضافی ڈوز فراہم کی گئی۔

    ذرایع محکمہ صحت نے بتایا کہ رپورٹ براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے، رپورٹ میڈیا سے شیئر نہیں کی جا سکتی، سفارشات پر مبنی رپورٹ کی روشنی میں محکمہ صحت اقدام اٹھائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کمسن نشوا طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی، دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا، ڈاکٹرز

    دوسری طرف نشوا کے والد کی جانب سے تحریری درخواست بھی دی گئی ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے تا حال کوئی حتمی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

    ادھر نشوہ کے والد قیصر نے کہا ہے کہ نشوا کی طبیعت میں بہتری نہیں آئی، نشوہ کے دماغ، دل اور جگر متاثر ہوئے ہیں، میری بچی 11 دن سے صبح شام سوتی رہتی ہے، اسے دیکھ کر میرا کلیجہ پھٹتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    والد کے فیس بک پوسٹ نے دل دہلا دیے، کہا نشوا کو درد ہو تو آنکھ کھول کر پیغام دیتی ہے کہ تکلیف ہے، اب ڈاکٹر، دوست احباب دعاؤں میں صحت کا نہیں کہتے، بس کہتے ہیں دعا کریں نشوا کو مزید تکلیف نہ ہو، آپ سب سے بھی یہی درخواست ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ ان کی ہستی کھیلتی بچی کو اس حال تک پہنچانے والے کو ضرور سزا ملنی چاہیے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔

  • کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے تسلیم کر لیا ہے کہ شہر کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، انھوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ضلع غربی میں کچرے کے ڈھیرہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کر لیا ہے کہ کراچی کا ضلع غربی کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع غربی میں کچرا اٹھانے والی کمپنی نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہے، ضلع غربی میں کچرا اٹھانے کا کام اب ڈی ایم سی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی

    یاد رہے کہ ڈیڑھ ہفتے قبل پی پی کے رہنما سعید غنی نے کراچی کو بھارتی شہر ممبئی سے بڑا شہر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی بھی اس کے سامنے کچھ نہیں ہے۔

    صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو اون کرنا پیپلز پارٹی کی مجبوری ہے، کراچی کو چھوڑنے کی پی پی کے سامنے کوئی چوائس موجود نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    انھوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس پورے صوبے کی وزارت ہے اس لیے کراچی کو اون کرنا مجبوری ہے، اگر شہر کا ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو کراچی جیسا بڑا شہر بھی ترقی کرے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کراچی کچرے کا ڈھیر بن جانے کی وجہ سے خبروں کی زد میں آتا رہا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کر چکے ہیں۔

    پی ٹی آئی سمیت موجودہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کیے۔

  • کراچی: دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی، والد کی میڈیا سے گفتگو

    کراچی: دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی، والد کی میڈیا سے گفتگو

    کراچی: شہر قائد کے دارالصحت اسپتال میں عملے کی مجرمانہ غفلت کے معاملے میں اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی، انتظامیہ نے کہا ہے کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوا کے اہل خانہ کو تحریری طور پر یقین دہانی کرا دی گئی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہل خانہ جہاں بھی علاج کرانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

    کومے میں جانے والی بچی کے والد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی ہے، اسپتال نے لکھ کر دے دیا ہے کہ بچی عملے کی نا اہلی کے باعث موت کے منہ میں پہنچی۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  دارالصحت اسپتال میں مبینہ طورپرغلط انجکشن لگنے سے نوماہ کی بچی معذور

    ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے انھیں سمری دے دی گئی ہے اور اب وہ مقدمہ درج کرانے شارع فیصل تھانے جا رہے ہیں، مقدمے کے بعد بچی دوسرے اسپتال منتقل ہوگی، انھوں نے بتایا کہ بچی کو آغا خان اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ دارالصحت اسپتال کے پاس لائسنس موجود نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ دارالصحت اسپتال نے لائسنس کی تجدید نہیں کرائی۔

    دریں اثنا، ایس پی گلشن طاہر نورانی نے دارالصحت اسپتال جا کر بچی کو دیکھا، ان کا کہنا تھا کہ بچی ابھی کومے کی حالت میں ہے، اسپتال انتظامیہ کی غفلت نظر آ رہی ہے، کیس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    قبل ازیں محکمہ صحت سندھ نے متاثرہ بچی نشوا کے والدین سے رابطہ کر کے اسپتال کے خلاف تحریری درخواست دینے کا مشورہ دیا تھا، سیکریٹری ہیلتھ سعید اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس از خود نوٹس کا اختیار نہیں، تحریری درخواست کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ دارالصحت اسپتال میں ماضی میں بھی ایسے واقعات رو نما ہوئے ہیں، 9 ماہ قبل فاطمہ نامی بچی بھی غلط انجکشن کا شکار ہوئی تھی۔