Tag: کراچی کی خبریں

  • کراچی: مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

    کراچی: مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں، جس سے ماحول میں حبس بڑھ گیا، بارش کے بھی امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں، اس سے کچھ دیر قبل محکمہ موسمیات نے پیر کو مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

    محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے سندھ کے مختلف علاقوں بشمول کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں طوفانی بارش کا امکان

    تاہم کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، حسن اسکوائر، سائٹ ایریا، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی اور ایئر پورٹ کے اطراف گرد آلود ہوائیں ابھی سے چلنے لگی ہیں۔

    شارع فیصل، ابولحسن اصفہانی روڈ، نیپا، لیاقت آباد، جیل روڈ، طارق روڈ اور گرو مندر کے اطراف بھی تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  موسم کی خرابی : پی آئی اے کا شیڈول متاثر، متعدد پروازیں منسوخ

    قبل ازیں ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا تھا اتوار کی رات بلوچستان، خیبر پختون خواہ، سندھ اور پنجاب سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

  • عمران خان کے ہوتے ہوئے سرکلر ٹرین نہ چلی تو قیامت تک نہیں چل سکے گی: شیخ رشید

    عمران خان کے ہوتے ہوئے سرکلر ٹرین نہ چلی تو قیامت تک نہیں چل سکے گی: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے ہوتے ہوئے سرکلر ٹرین نہ چلی تو قیامت تک نہیں چل سکے گی۔

    شہرِ قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کا ڈیزائن بنا ہے نہ اس کی فیزیبلٹی تیار ہوئی ہے، مرجاؤں گا لیکن جھوٹ نہیں بولوں گا، 9 سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ بہت زیادہ ہے، ریلوے کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ ہے جب کہ ڈیڑھ لاکھ افراد کو پنشن دے رہے ہیں، اسی طرح ایم ایل ون میں بھی ڈیڑھ لاکھ افراد کو نوکریاں ملیں گی۔

    انھوں نے کراچی سے پشاور 1760 کلو میٹر طویل ایم ایل ون منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 27 اپریل 2019 کو اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کریں گے جس کے نتیجے میں کراچی سے پشاور کے لیے ایک نیا ڈبل ٹریک بچھایا جائے گا جس پر ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلو میٹر ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن کے حق میں قانون بنانے والوں پر تنقید، وزیر اعظم نے لبرل فرانسیسی ماہر معاشیات کا حوالہ دے دیا

    شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سے پشاور ڈبل ٹریک کا منصوبہ اگلے 5 سالوں میں مکمل ہوگا، ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا، ہم چاہتے ہیں ایم ایل ٹو پر بھی کام شروع ہو جائے۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے منصوبے کے ڈیزائن اور فیزیبلٹی کی منظوری دینی ہے، اگر ہماری مدت اقتدار میں کے سی آر مکمل نہیں ہوتا تو پھر وہ کبھی بھی مکمل نہیں ہو پائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:کراچی سرکلر ریلوے کے لیے اورنج ٹرین طرز پر پیکج کا مطالبہ کیا تھا: وزیر اعلیٰ سندھ

    شیخ رشید نے کہا کہ جیسے ہی سندھ حکومت معاہدے پر دستخط کرے گی، پاکستان ریلویز منصوبے کے راستے میں آنے والی تجاوزات کا خاتمہ کر دے گی، کئی کمرشل تجاوزات کا پہلے ہی خاتمہ کیا جا چکا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اب پاک چین اقتصادی راہ داری (سی پیک) اور گوادر پورٹ کا بھی حصہ بن گیا ہے۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے نے کراچی سٹی اسٹیشن پر انجن میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ ڈرائیور راشد رحمان کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔

  • کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ میمن گوٹھ کے قریب پیش آیا جس میں 2 طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 طالب علم جاں بحق ہو گئے، جاں بحق طالب علم امتحان دے کر گھر واپس جا رہے تھے۔

    جاں بحق طلبہ میں 16 سال کا ہارون اور 16 سال کا کاشف شامل ہیں، جب کہ حادثے میں 2 طالب علم زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 15 سال کا نعیم بروھی اور خیر بخش شامل ہیں۔

    دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علموں کی موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث پھسل گئی تھی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں بھی رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

    بعد ازاں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کیا گیا، جہاں اس نے باقی پرچے دیے، اس سلسلے میں سرگودھا بورڈ کو اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑا تھا۔

  • کراچی: شہریوں نے ڈاکو پکڑ لیا، زندہ جلانے کی کوشش

    کراچی: شہریوں نے ڈاکو پکڑ لیا، زندہ جلانے کی کوشش

    کراچی: ایم اے جناح روڈ پر شہریوں نے ڈاکو کو دھر لیا، بد ترین تشدد کے بعد شہریوں نے ڈاکو کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مشہور سڑک ایم اے جناح روڈ پر ایک ڈاکو شہریوں کے ہاتھ لگ گیا، جس کے بعد غصے سے بھرے شہریوں نے ڈاکو پر بد ترین تشدد کیا اور اسے جلانے کی کوشش کی۔

    تاہم پولیس نے بر وقت پہنچ کر ملزم کو مشتعل ہجوم سے بچا لیا، اور زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

    قبل ازیں ایم اے جناح روڈ پر 3 ڈاکوﺅں نے شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے اسی دوران متاثرہ شہریوں نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور ایک ڈکیت کو پکڑ لیا اور بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کے لیے 77 تھریٹ الرٹس موجود ہیں: آئی جی سندھ

    ملزم کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے جب کہ پکڑے جانے والے ملزم کو پولیس نے حراست میں لے کر مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس ملزم کا کرائم ریکارڈ چیک کر رہی ہے، دوسری جانب فرار ہونے والے ملزمان کو بھی گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر لوٹ مار روز کا معمول بنی ہوئی ہے پولیس نے مکمل آنکھیں بند کی ہوئی ہیں یہی وجہ ہے عوام خود ہی سڑکوں پر عدالت لگا رہے ہیں۔

  • کراچی: نالے میں گرنے والے 3 بچے دم توڑ گئے، ایک بچے کی تلاش جاری

    کراچی: نالے میں گرنے والے 3 بچے دم توڑ گئے، ایک بچے کی تلاش جاری

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں افسوس ناک حادثہ پیش آیا، نالے میں گرنے والے تین بچے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نصرت بھٹو کالونی میں ایک نالے میں چار بچے گر گئے تھے، جن میں سے تین بچوں کو ریسکیو عملے نے نکال کر تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا تھا۔

    تاہم تینوں بچوں کو کوشش کے با وجود بچایا نہیں جا سکا اور وہ اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    دوسری طرف ریسکیو عملہ چوتھے بچے کو تلاش کر رہی ہے، تاہم عملے کے پاس ایمرجنسی لائٹس ہی موجود نہیں ہیں، روشنی نہ ہونے کی وجہ سے تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    نالے میں گرنے والے چوتھے بچے کی تلاش میڈیا کیمروں کی لائٹس کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: جلاد صفت مالکن کا کم سن ملازمہ پر وحشیانہ تشدد

    خیال رہے کہ کراچی میں سیوریج کے نالوں میں آئے دن بچے گرنے کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن کے تدارک کے لیے شہری انتظامیہ نے تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔

    ماضی میں ایسے کئی افسوس ناک واقعات رو نما ہوئے جن میں معصوم بچے نالوں میں گرنے کے بعد جاں بحق ہوئے اور اس کی خبریں میڈیا میں بریکنگ نیوز کے طور پر چلائی گئیں لیکن اس کے باوجود ان نالوں کو محفوظ نہیں بنایا گیا۔

  • کراچی: علی رضا عابدی کیس میں اہم پیش رفت، 3 مفرور ملزمان کے وارنٹ جاری

    کراچی: علی رضا عابدی کیس میں اہم پیش رفت، 3 مفرور ملزمان کے وارنٹ جاری

    کراچی: تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی میں ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کیس میں عدالت نے تین مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

    مفرور ملزمان میں حسنین، بلال اور غلام مصطفیٰ عرف کالی چرن شامل ہیں، عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کر دیا جائے، مفرور ملزمان نو عمر اور کم سن دکھائی دیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزمان ميں محمد فاروق، محمد غزالی، ابو بکر اور عبد الحسيب شامل ہیں، پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کے لیے ملزمان کو 8 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  علی رضا عابدی کو قتل کرنے کے لیے8 لاکھ روپے ملے، ملزمان کا اعتراف

    چالان میں کہا گیا ہے کہ قتل کے لیے ملزمان کو حسينی بلڈنگ کے پاس نا معلوم شخص نے رقم ادا کی تھی، علی رضا عابدی کے قتل ميں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی جلا دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں گھر کے باہر جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔

  • کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی: وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمے کے افسران کو کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ کراچی میں کچرے سے پچاس میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی فیزیبلٹی کو جلد از جلد مکمل کر کے پروجیکٹ پر کام شروع کیا جائے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی کام یابی کے بعد نئے سرمایہ کار آگے آئیں گے اور کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ لگائیں گے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے سے نہ صرف بجلی حاصل ہوگی بلکہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگا کر شہر کو صاف ستھرا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    دریں اثنا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے کچرے سے 300 سے 400 میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے، فی الحال 50 میگا واٹ بجلی بنانے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی ٹیکنو اکنامک فیزیبیلٹی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں اب کچرے سے بھی بجلی بنے گی

    پروجیکٹ کی منظوری اور کام یابی کے بعد نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کچرے سے 400 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا نجی شعبے کے تحت شروع ہو سکیں گے۔

    اجلاس میں لانڈھی بھینس کالونی میں گوبر سے بائیو گیس بنانے کے منصوبے پر کام کی ہدایات بھی دی گئیں تا کہ سمندر کو آلودہ کرنے کا باعث بننے والا گوبر ضایع نہ ہو اور اس سے بھی سستی گیس حاصل کی جا سکے۔

    وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی کے افسران کو ہدایات دیں کہ بھینس کالونی میں گوبر سے گیس بنانے کے منصوبے کو بھی جلد تیار کیا جائے۔

  • کراچی: ارشاد رانجھانی قتل کیس، حتمی چالان میں ایمبولینس ڈرائیور کا سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: ارشاد رانجھانی قتل کیس، حتمی چالان میں ایمبولینس ڈرائیور کا سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے بھینس کالونی میں سندھی قوم پرست پارٹی کے مقامی رہنما ارشاد رانجھانی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے حتمی چالان عدالت میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق 6 فروری کو بھینس کالونی کراچی میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین رحیم شاہ کے ہاتھوں قتل ارشاد رانجھانی سے متعلق حتمی چالان پولیس نے عدالت میں جمع کر دی۔

    چالان میں ایمبولینس ڈارئیور نے انکشاف کیا ہے کہ ارشاد رانجھانی کو اسپتال منتقلی کے دوران ملزم نے دوبارہ گولیاں ماریں، ارشاد رانجھانی کو زخمی حالت میں جائے وقوعہ سے تھانےمنتقل کیا تھا۔

    چالان کے متن میں ڈرائیور کا بیان ہے کہ 15،20 منٹ بعد تھانے سے انسپکٹر علی گوہر کے ہم راہ اسپتال روانہ ہوا، ملزم رحیم شاہ نے موٹر سائیکل پر ایمبولینس کے آگے آ کر رکنے کا کہا، رحیم شاہ نیچے اترا ہاتھ میں پستول تھا، سب کو آگے دیکھنے کا کہا، پھر اہل کار سے کچھ بات کی، اچانک ایمبولینس کا پچھلا دروازہ کھولنے کی آواز آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ارشاد رانجھانی قتل کیس میں پولیس بھی ملوث ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    ڈرائیور کے بیان کے مطابق دروازہ کھلنے کے بعد ایک فائر ہوا جس سے زخمی شخص کی چیخ سنائی دی، اہل کار نے مجھ کو کہا چپ رہو اور ایمبولینس اسپتال لے کر چلو، رحیم شاہ موٹر سائیکل سوار کے ساتھ بیٹھ کر روانہ ہو گیا، مقتول کو جناح اسپتال پہنچایا تو اس کا انتقال ہو چکا تھا۔

    چالان کے مطابق ڈرائیور نے کہا کہ رحیم شاہ کے خوف سے پہلے حقیقت نہیں بتائی تھی اب بتا رہا ہوں۔

    دوسری طرف محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس کی تفتیش کے پول کھول دیے، پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر نے پیٹی بھائیوں کو بچانے کی کوشش کی اور مقدمے کی تفتیش درست انداز میں نہیں کی۔

  • کراچی: قانون کی خلاف ورزی، چینی ڈرائیور نے چپ کا سہارا لے کر پولیس سے جان چھڑالی

    کراچی: قانون کی خلاف ورزی، چینی ڈرائیور نے چپ کا سہارا لے کر پولیس سے جان چھڑالی

    کراچی: شہرِ قائد میں ایک چینی باشندے نے قانون کی خلاف ورزی کے بعد کسی بھی کارروائی سے بچنے کے لیے چپ کا سہارا لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک چینی شہری کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد پولیس کے سامنے معصوم صورت بنائے ہونٹوں پر تالا لگا کر بیٹھا نظر آتا ہے۔

    ویڈیو کے مطابق ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کے بعد پولیس نے مذکورہ چینی کو روکا اور پوچھ گچھ کی تو چینی نے کوئی جواب نہیں دیا جس پر پولیس اہل کار زچ ہو گیا۔

    پولیس اہل کار کے بار بار پوچھنے پر بھی چینی شہری نے جواب نہیں دیا اور خاموش رہا، پولیس اہل کار کا کہنا تھا کہ چینی باشندے کو اردو بھی آتی ہے اور انگریزی بھی، پھر بھی بات نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چینی لڑکی کا قبولِ اسلام، پاکستانی نوجوان سے شادی کر لی

    ویڈیو میں پولیس اہل کار کہتا نظر آ رہا ہے کہ چینی باشندہ مسلسل چپ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں اور کوئی جواب نہیں دیتے، انھیں قانون کی خلاف ورزی پر روکا گیا، انھوں نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں پہنی تھی۔

    ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ گاڑی میں چینی شہری کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود ہیں، خاتون نے بھی اس دوران منہ نہیں کھولا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس اہل کار نے چینی باشندے کو بغیر چالان کے چھوڑ دیا۔

  • شیخ رشید کا ٹرین انجن آتش زدگی میں جاں بحق اسٹنٹ ڈرائیور کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان

    شیخ رشید کا ٹرین انجن آتش زدگی میں جاں بحق اسٹنٹ ڈرائیور کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی سٹی اسٹیشن پر ایک انجن میں آگ لگنے کے واقعے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے اہل خانہ کے لیے دس لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی لوکو شیڈ حادثے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ آتش زدگی کے حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور راشد کی موت پر انھیں دلی افسوس ہوا ہے۔

    وزیر ریلوے نے حادثے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کے لیے بھی 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا، انھوں نے کہا کہ زخمی ڈرائیور کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی:‌ انجن میں آتشزدگی، اسسٹنٹ ڈرائیور جھلس کر جاں بحق

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    خیال رہے کہ آج سٹی ریلوے اسٹیشن کراچی میں ٹرین کے انجن میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی، جس کے باعث ریلوے کے دو ملازمین جھلس گئے، اسسٹنٹ ڈرائیور ارشد رحمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جب کہ ڈپٹی ڈرائیور نعیم کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ریلوے حکام نے پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذرایع کے مطابق غفلت برتنے والے ملازم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔