Tag: کراچی کی خبریں

  • خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے شہری کو ہراساں کیا جانے لگا

    خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے شہری کو ہراساں کیا جانے لگا

    کراچی: خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے شہری کو ہراساں کیا جانے لگا ہے، شہری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز عدالتی کارروائی کے بعد خواجہ سرا میرے فلیٹ کے باہر جمع ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں نے قیصر مسعود ملک کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا، قیصر کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے گھر کے باہر جمع ہو کر مجھے اور میرے گھر والوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

    شہری نے کہا خواجہ سرا 26 اسٹریٹ کے اطراف منشیات فروشی اور فحاشی پھیلا رہے تھے، ان کے خلاف منشیات فروشی اور فحاشی پھیلانے پر مقدمہ درج کرایا تھا۔

    شہری کا یہ بھی کہنا ہے کہ چند دن قبل بھی خواجہ سراؤں کی ٹولی نے گھر پر حملہ کیا تھا اور توڑ پھوڑکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سراؤں کی گرفتاری، ساتھیوں کا تھانے پرحملہ

    واضح رہے کہ دو دن قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس اور بدر کمرشل میں درخشاں پولیس نے شہریوں کی شکایت پر خواجہ سراؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 کو گرفتار کر کے تھانہ منتقل کیا تھا، جس پر ان کے ساتھی خواجہ سراؤں نے درخشاں تھانے پرحملہ بھی کیا۔

    مقامی عدالت نے گزشتہ روز سماعت کے دوران خواجہ سراؤں کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

    سٹی کورٹ میں خواجہ سراؤں کی گرفتاری سے متعلق کیس کی پیشی پر درخشاں پولیس خواجہ سراؤں کو عدالت میں پیش نہ کر سکی تھی، جب کہ خواجہ سراؤں کے ساتھی بڑی تعداد میں عدالت پہنچ گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھیوں کو کیوں پیش نہیں کیا جا رہا، جب ہم معلومات لینے تھانے جاتے ہیں تو کہا جاتا ہے انتظار کریں، ہم منشیات فروش نہیں، انصاف فراہم کیا جائے۔

  • کراچی حیدری میں 2 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا

    کراچی حیدری میں 2 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا

    کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل حیدری میں ڈکیتی کا ڈرامائی طور پر ڈراپ سین ہوا ہے، 2 لاکھ کی ڈکیتی میں پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل کراچی کے علاقے حیدری میں دو لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، معلوم ہوا تھا کہ نجی گارڈ سے ڈاکوؤں نے دو لاکھ روپے لوٹ کر اس کی ٹانگ پر گولی مار دی تھی۔

    پولیس کی تفتیش کے بعد آج ایس ایس پی سینٹرل نے میڈیا کو بتایا کہ 2 روز پہلے مبینہ ڈکیتی کی واردات میں نجی سیکورٹی گارڈ شیر محمد خود ہی ماسٹر مائنڈ نکلا ہے۔

    پولیس افسر عارف اسلم راؤ کے مطابق مبینہ ڈکیتی میں سیکورٹی گارڈ کی ٹانگ میں گولی لگی تھی، واردات میں 2 لاکھ روپے اور گارڈ کا اسلحہ بھی چھیننے کا بتایا گیا تھا۔

    ملزم کو دکان مالک نے 2 لاکھ روپے بینک میں جمع کرانے کے لیے دیے، تاہم پیسے دیکھ کر ملزم نے مجرمانہ پلاننگ کی، خالی جگہ دیکھ کر خود پر گولی چلائی اور پستول بھی غائب کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد اصل ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 لاکھ 45 ہزار روپے بر آمد کر لیے گئے ہیں۔

    واضح رہے آج کراچی سچل پولیس کی مختلف کارروائیوں میں 17 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں، ملزمان سے اسلحہ، گٹکا، فلیورڈ تمباکو، اور شیشہ بار کا دیگر سامان ضبط کر لیا گیا، پولیس کے مطابق ملزمان علاقے میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔

    ادھر عید گاہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک شہری کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار شہری کاٹھ کباڑ سڑک پر پھینک رہا تھا، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر نے بتایا کہ کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عاید ہے، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ایک جعلی صحافی اور سرکاری املاک چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں ایک کارروائی کے دوران جعلی صحافی کو گرفتار کر لیا، ملزم عمر فاروق عرف بابو جعلی صحافی بن کر 5 لاکھ کا بھتا طلب کر رہا تھا۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کے گروہ میں اور بھی جعلی صحافی موجود ہیں، جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ایک اور کارروائی میں کراچی کے علاقے فیروز آباد میں سرکاری املاک کی چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان زیر زمین بچھائے گئے پی ٹی سی ایل کے کیبل چوری کرتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کیبل میں موجود تانبا، سلور اور دیگر مٹیریل فروخت کرتے تھے، ملزمان کے قبضے سے کئی فٹ کے 29 کیبل برآمد کیے گئے، جب کہ ایک گاڑی بھی تحویل میں لی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے بہادر آباد، فیروز آباد، نیو ٹاؤن، شرف آباد اور دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    دوسری طرف آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کوئٹہ چمن تاج روڈ بلاسٹ کے تناظر میں سندھ پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں کہ سیکورٹی اقدامات سخت کیے جائیں اور انتہائی چوکنا اور مستعد رہا جائے۔

    آئی جی سندھ نے ممکنہ حساس علاقوں میں انٹیلی جینس بڑھانے، تھانوں کی سطح پر روابط مربوط کرنے، پیٹرولنگ، پکٹنگ، ناکہ بندی سخت بنانے، رینڈم اسنیپ چیکنگ کے حوالے سے مخصوص پوائنٹس بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • کراچی میں بارشیں، پی ڈی ایم اے نے ہلاکتیں نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا

    کراچی میں بارشیں، پی ڈی ایم اے نے ہلاکتیں نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا

    کراچی: سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 3 روز کے دوران طوفانی بارشوں میں کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے کراچی میں بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کے نقصان کے نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    پی ڈی ایم اے کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حالیہ بارشوں میں کسی بھی املاک کو نقصان نہیں پہنچا، بارشوں میں شارٹ سرکٹ سے صرف ایک خاتون زخمی ہوئی۔

    دوسری طرف حالیہ بارشوں میں کراچی میں کرنٹ لگنے سے اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    گزشتہ روز ریسکیو ذرایع نے کہا تھا کہ ہجرت کالونی میں کرنٹ لگنے سے 8 سالہ ارمان جاں بحق ہو گیا، جب کہ ناظم آباد موسیٰ کالونی کے قریب کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق سائٹ ایریا میں ہوٹل میں بیٹھے 2 افراد پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گر گئے تھے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔

    کراچی میں بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کی ناقص حکمت عملی کے باعث ایک بار پھر شہر میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے لیکن پی ڈی ایم اے نے عجیب دعویٰ کر دیا ہے کہ بارشوں میں ہلاکتوں سمیت کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے کراچی میں جولائی سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زاید افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھا لیا، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں: وزیر بلدیات سندھ

    ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھا لیا، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں: وزیر بلدیات سندھ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں پرانا جمع ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جا چکا ہے، جب کہ 15 لاکھ ٹن سے زیادہ کچرا کراچی کی شاہراہوں پر موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں جاری صفائی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، بریفنگ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں جاری صفائی مہم کے اچھے نتایج نکلے ہیں، روزانہ کی بنیادوں پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ الگ کچرا اٹھا رہا ہے۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ شہر کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کراچی میں نیا مسئلہ سامنے آیا ہے، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی وجہ سے بہتری آ گئی ہے، 12 ہزار ٹن یومیہ کچرا اٹھانے کی استعداد ہو چکی ہے، ہم صفائی مہم میں ڈی ایم سیز کی عملی شراکت چاہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کی کراچی میں ‌ خصوصی صفائی مہم کا آج سے آغاز

    واضح رہے سندھ حکومت کراچی میں صفائی مہم کے لیے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز اور مشینری فراہم کر چکی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کراچی میں سڑکوں کی صورت حال بہت خراب ہے، بڑے صنعت کاروں نے گھروں سے فیکٹریاں چلانا شروع کر دیا ہے اور سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔

    انھوں نے کہا ایف ڈبلیو او کے تعاون سے نالوں کی صفائی کا کام سنبھالا، اگلے دن ڈی ایم سی کھڑی ہو جاتی کہ ہم کچرا اٹھائیں گے، کچرا کنڈیوں کو ٹھیکے پر فروخت کیا جاتا ہے، اس کچرے میں لوہے کا سامان، تاریں وغیرہ ہوتی ہیں۔

  • ہیکا طوفان کراچی کے ساحل سے 800 کلو میٹر کی دوری پر پہنچ گیا

    ہیکا طوفان کراچی کے ساحل سے 800 کلو میٹر کی دوری پر پہنچ گیا

    کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہیکا طوفان کراچی کے ساحل سے 800 کلو میٹر سے زاید فاصلے پر موجود ہے، طوفان نے کل سے شدت اختیار کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیکا طوفان شہر کراچی کے ساحل سے آٹھ سو کلو میٹر کی دوری پر آ گیا ہے، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ طوفان کا سفر مغرب کی جانب ہے۔

    سردار سرفراز نے کہا کل سے طوفان نے شدت اختیار کر لی ہے، اس طوفان کا رخ عمان کی جانب ہے اور یہ آج رات یا کل صبح تک عمان کے ساحل کو کراس کر لے گا۔

    چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ہیکا طوفان کا اب ہمارے ایریا میں کوئی اثر نہیں ہے، ایک اور لو پریشر ایریا بھارتی گجرات کی جانب بن رہا ہے تاہم کل شام سے اس کا اثر نظر آنا شروع ہو جائے گا۔

    تازہ ترین:  ملک کے مختلف شہروں میں شدید زلزلہ، 19 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی

    ادھر محکمہ موسمیات نے پورے ملک میں بارش کی پیش گوئی بھی کر دی ہے، سردار سرفراز نے بتایا کہ کل سے 30 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش متوقع ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون کے مزید سسٹم داخل ہو رہے ہیں، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں نیا سسٹم داخل ہو سکتا ہے، جمعرات سے سسٹم کے مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

    موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعے سے ملک کے بالائی علاقوں میں بھی لہر کے داخل ہونے کا امکان ہے، جب کہ جمعے سے پیر کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

  • شارع فیصل، فاطمہ جناح روڈ پر گٹر کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف

    شارع فیصل، فاطمہ جناح روڈ پر گٹر کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے مشہور شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رپورٹ دی گئی ہے کہ شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے پتھروں کے باعث گٹر ابل پڑے ہیں، یہ کسی گروہ کا کام ہے جو شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔

    رپورٹ ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گروہ کو پکڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر ایک شخص پکڑا گیا تو پورا گروپ سامنے آ جائے گا، گروہ کے خلاف کرمنل مقدمات درج کیے جائیں، کراچی کے نام نہاد مالک اور دوست شہریوں سے دشمنی میں پیش پیش ہیں۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے شہریوں کو بھی گٹر چوک کرنے والے گروہ کی نشان دہی کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ شہر میں بڑی شاہ راہوں پر جگہ جگہ گٹر ابلنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بالخصوص گزشتہ بارشوں کے بعد شہر کی اکثر سڑکوں کے گٹر ابل پڑے تھے، جن کے بارے میں اب معلوم ہوا ہے کہ ان میں بڑے پتھر ڈال کر جان بوجھ کر چوک کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی کراچی کی مشہور سڑکوں ایم اے جناح روڈ، سولجر بازار، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اورنگی ٹاؤن میں بھی گٹر لائنوں کو قصداً چوک کرایا جا چکا ہے، تاہم ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

  • کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند

    کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند

    کراچی: وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند کرائے گئے ہیں، گلی محلوں میں سفید کوٹ کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق وقفہ سوالات میں وزیر صحت نے بتایا کہ شہر قائد میں اتائی ڈاکٹرز کے خلف بھرپور مہم چلائی گئی۔

    وزیر صحت سیما ضیا نے کہا کہ شہر میں 196 کلینکس بند کرائے گئے، 2 ڈاکٹرز کے نام پر جعلی کلینک چل رہے تھے، ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر گائنا کالوجسٹ کے آپریشن کر رہی تھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 4 ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن نے کارروائی کی، اتائی ڈاکٹرز کے خلاف 5 لاکھ روپے جرمانہ کم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ بھر میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، آئی جی سندھ

    ایم پی اے سیما ضیا نے کہا کہ بیوٹی پارلرز میں لیزر تھراپی کی جاتی ہے، پارلرز والے ریڈیو فریکوئنسی استعمال کرتے ہیں، جب کہ یہ بیوٹی پارلرز بغیر ڈاکٹرز کے چل رہے ہیں، کلفٹن میں ایک سینٹر کو بند کرایا ہے جہاں اسپیشلسٹ نہیں تھا۔

    یاد رہے کہ اس سلسلے میں اپریل میں ہیلتھ کیئر کمیشن اور سندھ پولیس کے درمیان مربوط روابط سے متعلق ایک اہم اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں اتائی ڈاکٹرز، نرسز کے خلاف مؤثر کارروائی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تھانوں کی حدود میں اتائی ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا تھا کہ یہ انسانی زندگی اور صحت کا معاملہ ہے، اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن یقینی بنایا جائے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج نیب میں کیوں پیش نہیں ہوئے؟

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج نیب میں کیوں پیش نہیں ہوئے؟

    کراچی: مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کیا گیا تھا، لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، اے آر وائی نیوز نے معلوم کر لیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کیوں پیش نہیں ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو آج نیب کراچی نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا تاہم ان کی جگہ ان کا پرنسپل سیکریٹری نیب میں پیش ہوا۔

    نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کو سوال نامہ دیا، 8 سوالات پر مشتمل سوال نامہ پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے مراد علی شاہ کو پہنچایا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے 7 روز کا وقت دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ 7 روز میں جواب مکمل کر کے جمع کروائیں گے، 7 روز کے اندر مراد علی شاہ کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا بھی حکم جاری کیا گیا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  وزیراعلیٰ سندھ کا 21 ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو آج صبح گیارہ بجے طلب کیا تھا، نیب کی تحقیقاتی ٹیم ان کی کراچی نیب دفتر میں راہ تکتی رہی جب کہ وہ تقاریب نمٹاتے رہے۔

    جس پر نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ کو آیندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا، وہ اب نیب اسلام آباد میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

    نیب نے وزیر اعلیٰ کو پاور پلانٹ تعمیرات میں سبسڈی کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا اور غیر قانونی ٹھیکے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق بھی پوچھ گچھ ہونا تھی، وزیر اعلیٰ پر سکرنڈ، کھوسکی، دادو، ٹھٹھہ شوگر ملز کو غیر قانونی سبسڈی دینے کا الزام ہے۔

  • کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 رکنی تالہ توڑ گروپ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مومن آباد پولیس نے تالہ توڑ گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق تالہ توڑ افغانی گروپ سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پانچ 30 بور پستول، ایک 9 ایم ایم پستول، ایک لاک کٹر، 14 موبائل فون اور رکشا بر آمد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 5 افغان شہری شامل ہیں، اس گروہ نے درجنوں موبائل فون شاپس سمیت دیگر دکانوں کے تالے کاٹے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، ماہ اگست میں 36 افراد کو قتل کیا گیا، سی پی ایل سی

    ملزمان دن میں کچرا کنڈی میں سوتے اور رات کو وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے چند ماہ پہلے ایک فیکٹری کا بھی صفایا کیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر 3 ساتھی افغانستان فرار ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف رینجرز نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمد کی گئی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں گلبہار، بلوچ کالونی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کی گئیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔